Tag: bribe

  • کسانوں سے رشوت لینے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی

    کسانوں سے رشوت لینے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی

    رنگپور: پنجاب میں ضلع خوشاب کے ٹاؤن رنگپور میں سپر بند کی زد میں آنے والی زمینوں کے معاوضے میں کسانوں سے رشوت لینے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انہار تریموں کی جانب سے کسانوں کا استحصال جاری ہے، دریائے چناب کے کٹاؤ کے بعد بننے والے ناقص سپر بند کی زد میں آنے والی زمینوں کے معاوضے میں کسانوں سے رشوت لینے کا انکشاف ہوا ہے۔

    کسانوں سے رشوت لینے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کی ہے، جس میں محکمہ انہار کے پٹواری کو کسان سے رشوت وصول کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دریائے چناب کے کٹاؤ کی وجہ سے موضع بہرام پور، امیر پور کی سیکڑوں ایکڑ اراضی زیر آب آ چکی ہے، 70 کروڑ کی خطیر لاگت سے سپر بندوں کی تعمیر کی گئی، لیکن محکمہ انہار تریموں کے ٹھیکے دار نے سپر بند نقشے کے مطابق نہیں بنائے۔

    سپر بند نقشے کے مطابق نہ بننے کی وجہ سے کٹاؤ ابھی تک جاری ہے، اور اب اس کی زد میں آنے والی زمینوں کے کسانوں سے چیک دیتے وقت رشوت لی جا رہی ہے۔

    کسانوں کا کہنا تھا کہ ایک تو سپر بند کو نقشے کے مطابق نہیں بنایا گیا، اوپر سے رشوت بھی لی جا رہی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب اس صورت حال کا نوٹس لیں، اور رشوت لینے والے اہل کار کے خلاف کارروائی کی جائے۔

  • نکاح رجسٹرار رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار

    نکاح رجسٹرار رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار

    جہلم: پنجاب کے شہر جہلم میں ایک نکاح رجسٹرار کو رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن حکام نے جہلم میں رشوت لیتے ہوئے نکاح رجسٹرار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار نکاح رجسٹرار سے اینٹی کرپشن عملے نے نشان زدہ نوٹ بھی برآمد کر لیے۔

    ذرائع کے مطابق ایک شہری نے اپنے بھائی کے غیر شادی شدہ ہونے کے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کرانی تھی، جب وہ رجسٹرار کے پاس گیا تو اس نے تصدیق کے لیے رشوت طلب کی۔

    شہری کے پاس موجود نوٹ پہلے سے نشان زد کر دیے گئے تھے، رشوت وصولی کے بعد نکاح رجسٹرار نے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کرا دی۔

    بعد ازاں، اینٹی کرپشن حکام نے چھاپا مار کر نکاح رجسٹرار کے قبضے سے نشان زدہ نوٹ برآمد کر لیے، اور رجسٹرار کو گرفتار کر لیا۔