Tag: Bride

  • پولیس سے شادی کی گزارش کرنے والے ڈھائی فٹ کے عظیم کو دلہن مل گئی

    پولیس سے شادی کی گزارش کرنے والے ڈھائی فٹ کے عظیم کو دلہن مل گئی

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اتر پردیش کے ڈھائی فٹ قد کے مالک عظیم منصوری کی دلہن کی تلاش ختم ہوگئی، انہیں اپنی پسند کی شریک حیات مل گئی جس کا قد بھی انہی کی طرح ڈھائی فٹ ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق عظیم منصوری نے کچھ عرصہ قبل پولیس اسٹیشن پہنچ کر پولیس سے اپنے لیے دلہن ڈھونڈنے کی گزارش کی تھی، اس وقت ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اتنی وائرل ہوئی تھی کہ ہر شخص انہیں پہچاننے لگا تھا۔

    ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وہ راتوں رات مشہور ہوگئے تھے اور ملک کے مختلف حصوں سے ان کے لیے رشتے آنے لگے۔ ان ڈھیر سارے رشتوں میں عظیم منصوری نے ہاپوڑ کی رہائشی بشریٰ کو اپنی شریک حیات بنانے کا فیصلہ کیا۔ بشریٰ کا قد بھی ڈھائی فٹ ہے۔

    دونوں کی بات طے پاچکی ہے اور جلد ہی دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے۔ 20 سالہ بشریٰ بی کام سال اول کی پڑھائی کر رہی ہے اور پڑھائی پوری ہونے کے بعد دونوں کا نکاح ہو جائے گا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بشریٰ کی بڑی بہن زویا کا کہنا ہے کہ عظیم اور بشریٰ کی شادی طے ہونے کے بعد ہم سب بہت خوش ہیں اور بشریٰ بہت خوش قسمت ہے کہ اسے عظیم جیسا ہمسفر ملا ہے۔

    بشریٰ کی والدہ نے بھی اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ زویا کے لیے بھی لڑکا دیکھ رہے ہیں اور جلد دونوں بہنوں کا ایک ساتھ نکاح کردیا جائے گا۔

  • فلمی سین حقیقت بن گیا: دلہا فرار، دلہن کی شادی مہمان سے

    فلمی سین حقیقت بن گیا: دلہا فرار، دلہن کی شادی مہمان سے

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شادی اس وقت ڈرامائی صورت اختیار کر گئی جب دولہا شادی کی تقریب میں نہیں پہنچا اور دلہن کی شادی مہمانوں میں شامل ایک شخص سے کردی گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست کرناٹک میں پیش آیا، جہاں ایک گاؤں میں ہونے والی شادی کی تقریب ڈرامائی صورت اختیار کر گئی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق دو بھائیوں اشوک اور نوین کی شادی اتوار کے دن ہونا تھی، اس سے قبل دونوں دولہوں اور خاندانوں نے شادی سے قبل کی تقریبات میں حصہ لیا۔

    ایک بھائی نوین نے بھی اپنی ہونے والی دلہن سندھو کے ساتھ شادی سے قبل کی رسومات انجام دیں۔

    تاہم عین شادی والے دن نوین غائب ہوگیا، جیسے کے بعد میں علم ہوا کہ نوین کی سابق محبوبہ نے اسے دھمکی دی کہ اگر اس نے شادی کی تو وہ تمام مہمانوں کے سامنے زہر پی کر خودکشی کرلے گی۔

    نوین اس سے ملنے چلا گیا اور شادی کی تقریب میں نہیں پہنچا۔

    دوسری جانب سندھو اور اس کے اہلخانہ جو دلہے کے انتظار میں بیٹھے تھے ان حالات سے نہایت دلبرداشتہ ہوئے، تبھی وہیں شادی کی تقریب میں ایک شخص نے دلہن کے لیے اپنا رشتہ پیش کردیا اور کہا کہ اگر دونوں خاندانوں کو اعتراض نہ ہو تو وہ دولہا بننے کے لیے تیار ہے۔

    سندھو کے اہلخانہ نے رشتہ قبول کرلیا اور سندھو دلہن بنی اس شخص کے ساتھ رخصت ہوگئی، فرار دولہے نوین کے بھائی اشوک کی شادی طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوئی یوں یہ معاملہ خوشگوار انجام پر ختم ہوا۔

  • بیروت دھماکہ: دھماکے سے خوفزدہ دلہن کی ویڈیو وائرل

    بیروت دھماکہ: دھماکے سے خوفزدہ دلہن کی ویڈیو وائرل

    بیروت: لبنانی دارالحکومت بیروت میں قیامت خیز دھماکے کے وقت ایک دلہن کی ویڈیو بے حد وائرل ہورہی ہے جو عین دھماکے کے وقت اپنے فوٹو شوٹ میں مصروف تھیں۔

    وہ دن 29 سالہ اسرا صبلانی کی شادی کا دن تھا اور وہ سفید لباس میں ملبوس تصاویر کھنچوا رہی تھیں جب ویڈیو میں قیامت خیز دھماکے کی آواز آتی ہے۔ دھماکے سے پس منظر میں ہوٹل کی شیشے کی کھڑکیاں ٹوٹتی ہوئی نظر آتی ہیں جبکہ زمین پر مختلف اشیا کا مبلہ بکھر جاتا ہے۔

    صبلانی امریکا میں بطور ڈاکٹر اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں اور واقعے کے روز وہ بیروت کے 34 سالہ بزنس مین سے شادی کرنے جارہی تھیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ 2 ہفتوں سے اپنی شادی کی تیاریاں کر رہی تھیں اور اس دن کے لیے بے حد خوش تھیں۔ دھماکے کی آواز سن کر انہیں پہلا خیال یہی آیا کہ وہ مرنے والی ہیں۔

    صبلانی اس دن دھماکے کے مقام سے قریب تھیں اور دھماکے کے بعد انہوں نے وہاں پہنچ کر کچھ زخمیوں کو چیک بھی کیا۔

    ان کے شوہر کہتے ہیں کہ وہ اس دھماکے سے اب تک صدمے کی حالت میں ہیں، وہ زندگی میں پہلے کبھی ایسی صورتحال سے نہیں گزرے۔

    صبلانی اور ان کے شوہر نے اس دن دھماکے کے بعد افسردہ دلی سے شادی کی رسومات مکمل کیں، صبلانی کا کہنا ہے کہ وہ اس دھماکے سے متاثر لوگوں کے لیے بے حد افسردہ اور پریشان ہیں۔

  • فیصل آباد : ایک دن کی دلہن سے شوہر سمیت چار افراد کی مبینہ زیادتی، مقدمہ درج

    فیصل آباد : ایک دن کی دلہن سے شوہر سمیت چار افراد کی مبینہ زیادتی، مقدمہ درج

    فیصل آباد : ایک دن کی دلہن سے شوہر سمیت چار افراد کی مبینہ زیادتی کا مقدمہ تھانہ نشاط آباد میں درج کرلیا گیا، خاتون کی میڈیکل رپورٹ میں جسم پر تشدد کے واضح نشانات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے نلکا کوہالہ میں آٹھ جون کی رات شادی کے دوسرے دن25سالہ دلہن نورین کو مبینہ طور پر اس کے شوہر شہباز اور جیٹھ عرفان سمیت چار افراد نے شراب پی کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

    تھانہ نشاط آباد پولیس نے مقدمہ درج کر کے نورین کا الائیڈ اسپتال سے میڈیکل کرایا۔ متاثرہ خاتون کے ہاتھ ، بازو ، پیشانی اور جسم پر تشدد کے نشانات اورخراشیں ہیں، نورین صدمے سے سخت ذہنی دباؤ اور سکتے کی کیفیت میں ہے۔

    مبینہ اجتماعی زیادتی کا شکار نوبیاہتا دلہن کی میڈیکل رپورٹ اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔ پولیس کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں فی الحال اجتماعی زیادتی کی تصدیق نہیں کی گئی ہے تاہم نورین کے جسم سے تین نمونے لے کر فرانزک لیب لاہور بھجوائے گئے ہیں۔

    ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ فرانزک لیب کی رپورٹ ملنے پر ہی اجتماعی زیادتی کے بارے میں کچھ کہا جاسکے گا۔ تھانہ نشاط آباد پولیس نے نورین کے بھائی امین کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے دولہا شہباز سمیت چار افراد کوحراست میں لے کر بیان ریکارڈ کرلیے ہیں۔

  • نابینا دلہن کے لیے خوبصورت تحفہ

    نابینا دلہن کے لیے خوبصورت تحفہ

    اپنی شادی کی تصاویر دیکھنا ہر شخص کے لیے ایک خوشگوار تجربہ ہوتا ہے جس میں وہ اپنی زندگی کے یادگار لمحوں کو ایک بار پھر سے یاد کرتا ہے۔ لیکن کیسا محسوس ہوگا اگر کوئی شخص ان یادگار لمحات کو نہ دیکھ سکے۔

    سڈنی کی ایک نابینا دلہن کو شاید زندگی بھر یہی افسوس رہتا تاہم اس کے فوٹوگرافر نے اسے ایک سرپرائز دے دیا۔

    جیمس ڈے نامی ایک فوٹوگرافر نے جوڑے کی شادی کو عکس بند کیا تھا لیکن اسے افسوس تھا کہ اس کی کھینچی ہوئی تصاویر دلہن اسٹیف نہیں دیکھ سکے گی کیونکہ وہ نابینا تھی۔

    اسٹیف ایک حادثے میں اپنی بینائی سے محروم ہوگئی تھی۔ اس کے بعد وہ روب سے ملی جو اس سے شادی کرنا چاہتا تھا۔ اسٹیف شادی کے لیے تیار نہیں تھی تاہم روب نے اسے قائل کرلیا۔

    مزید پڑھیں: وہیل چیئر پر سجے عروسی لباس نے سب کی توجہ کھینچ لی

    اسٹیف ہمیشہ سے پریوں کی کہانی جیسی شادی منعقد کرنا چاہتی تھی جن کی خوبصورت تصاویر زندگی بھر کے لیے یادگار رہتیں، لیکن اب وہ ایسا کر بھی لیتی تو اس سب کو دیکھ نہیں سکتی تھی۔

    فوٹوگرافر جیمس بھی چاہتا تھا کہ اس کی بنائی ہوئی تصاویر خود دلہن ضرور دیکھے اور اس کے لیے وہ کچھ منفرد انداز اپنانا چاہتا تھا۔

    بالآخر ایک سال کی محنت کے بعد اس نے ایک منفرد فوٹو البم تشکیل دیا۔ اس نے تصاویر کو بریل (ابھرے ہوئے نقطوں) اور خوبصورت دھاگوں میں تبدیل کردیا۔

    اس کے ساتھ اس نے اس البم میں خوشبوؤں، موسیقی اور اس موقع کی آوازوں کا بھی اضافہ کیا جو دیکھنے والے کو واپس ان لمحات میں لے جاتا ہے۔

    اسٹیف کو یہ خوبصورت تحفہ بے حد پسند آیا، اس کا کہنا تھا کہ وہ ان تصاویر کو دیکھ نہیں سکتی لیکن انہیں چھوتے ہی وہ پھر سے ان لمحات میں واپس پہنچ جاتی ہے۔

  • سجی سجائی دلہن کے معاشرتی تصور پر سوال اٹھاتی سادگی پسند دلہن

    سجی سجائی دلہن کے معاشرتی تصور پر سوال اٹھاتی سادگی پسند دلہن

    شادی کا دن زندگی کا یادگار دن ہوتا ہے اور دلہا و دلہن اس دن کے لیے خصوصی تیاریاں کرتے ہیں جس میں شادی کا جوڑا نہایت اہم حیثیت رکھتا ہے۔

    تاہم ایک خاتون ایسی بھی ہیں جن کی شادی عروسی لباس، زیورات یا میک اپ کے بغیر انجام پائی۔

    بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والی تسنیم نامی یہ خاتون سماجی کارکن ہیں جنہوں نے اپنی شادی کے لیے کسی خاص تیاری کا اہتمام نہیں کیا۔

    اپنی شادی کے دن انہوں نے اپنی دادی کی کاٹن کی ساڑھی زیب تن کی اور بنا میک اپ اور زیورات کے شادی کی رسومات انجام دیں۔

    ان کے اس اقدام پر ان کے دوست، احباب اور عزیزوں نے بے حد تنقید کی جس کا انہوں نے ایسا متاثر کن جواب دیا جس پر سب کی زبانیں بند ہوگئیں۔

    سوشل میڈیا پر ایک طویل پوسٹ کی صورت میں انہوں نے اپنے اس اقدام کی وجہ پیش کی۔

    اپنی پوسٹ میں ان کہنا تھا، ’میں اپنے معاشرے میں رائج دلہن کے اس تصور سے سخت الجھن کا شکار تھی جس میں دلہن کا میک اپ کی دبیز تہوں، منوں زیورات اور بھاری بھرکم لباس میں ملبوس ہونا ضروری سمجھا جاتا ہے۔ ان تمام چیزوں میں بہت رقم خرچ ہوتی ہے اور بظاہر یوں لگتا ہے کہ اسے کرنے والے خوشحال ہیں جنہوں نے باآسانی رقم کے اس اصراف کو برداشت کرلیا۔ لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے‘۔

    ان کا کہنا تھا، ’بہت سے لوگ ایسا نہیں کرنا چاہتے، یا اس کی استطاعت نہیں رکھتے لیکن معاشرے کے خوف سے ایسا کرنے پر مجبور ہیں‘۔

    تسنیم نے لکھا، ’میں نے آج تک ایسی کسی شادی میں شرکت نہیں کی جہاں لوگ یہ سرگوشیاں نہ کرتے ہوں، ’کیا دلہن خوبصورت لگ رہی ہے؟ اس کا لباس کتنی قیمت کا ہے؟ اس نے کتنا سونا پہنا ہوا ہے؟‘ اس قسم کی باتوں کو سنتے ہوئے ایک لڑکی اس دباؤ کا شکار ہوجاتی ہے کہ اپنی شادی کے دن اسے بے حد خوبصورت لگنا ہے جس کے لیے وہ بے تحاشہ رقم، وقت اور توانائی صرف کرتی ہے، اور یوں لگتا ہے کہ اس کی اپنی شخصیت کوئی حیثیت نہیں رکھتی‘۔

    وہ کہتی ہیں، ’معاشرہ ہر لڑکی کو یہ احساس دلاتا ہے کہ اس کا اصل چہرہ اور رنگت اس کے دلہن بننے کے لیے کافی نہیں اور لاکھوں کے زیورات اور لباس اس کے لیے ضروری ہیں۔ گویا ہمارے معاشرے نے یہ طے کرلیا ہے کہ اگر خواتین پر کچھ خرچ بھی کیا جائے گا، تو وہ ان کی مرضی کے بغیر ہی کیا جائے گا‘۔

    تسنیم نے کہا، ’میں نے بزرگ خواتین سے ہمیشہ سنا ہے کہ ایک دلہن زیورات کے بغیر ادھوری ہوتی ہے۔ بعض لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ دلہن کے زیورات سے اس کے خاندان کی حیثیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ آج تک کوئی لڑکی یہ سوال اٹھانے کی جرات نہیں کر سکی کہ کہ جو بیش قیمت سونا اسے پہنایا جارہا ہے، کیا وہ اسے مستقبل میں ایک پروقار زندگی بھی دے سکتا ہے یا نہیں‘؟

    انہوں نے ایک اور پہلو کی طرف اشارہ کیا کہ بھاری رقم خرچ کر کے بنایا جانے والا عروسی لباس شادی کی تقریب ختم ہونے کے بعد عموماً ساری زندگی ایسا ہی رکھا رہتا ہے اور دوبارہ استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ ’چند گھنٹوں کے لیے لاکھوں خرچ کرنا کہاں کی دانشمندی ہے‘؟

    تسنیم کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں کہ انہیں میک اپ یا زیورات پسند نہیں۔ ناپسندیدہ دراصل وہ سوچ ہے جو ایک لڑکی کو یہ سوچنے پر مجبور کرتے ہیں کہ اگر اپنی شادی کے دن اس نے ان مصنوعی اشیا کا سہارا نہ لیا تو اس کی اصل شکل و صورت اس کی شادی کے لیے کافی نہیں۔

    بقول تسنیم، اسی سوچ کو تبدیل کرنے کے لیے انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنی شادی میں نہایت سادہ روپ اختیار کریں گی۔ ’یہ بظاہر سادگی لگتی ہے۔ لیکن یہی میرے لیے سب سے خاص ہے‘۔

    تسنیم نے یہ بھی کہا کہ ان کے اس فیصلے کے بعد ان کے خاندان نے ان کی بے حد مخالفت کی۔ بعض لوگوں نے یہ تک کہا کہ وہ اتنی سادہ دلہن کے ساتھ تصویر نہیں کھنچوائیں گے، لیکن ان کے شوہر نے ان کی حوصلہ افزائی کی اور معاشرے میں رائج ان بے مقصد روایات و خیالات کے خلاف آواز اٹھانے میں ان کی بھرپور مدد کی۔

    ہمارے معاشروں میں قائم وقت اور رقم ضائع کرنے والی ان رسوم و روایات کے خلاف آواز اٹھاتی یہ سادہ سی دلہن ہمیں تو بہت پسند آئی، آپ کو کیسی لگی؟


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔