Tag: bridge

  • افتتاح میں تاخیر، ٹریفک نے نئے تعمیر شدہ پل کا بھانڈا پھوڑ دیا

    افتتاح میں تاخیر، ٹریفک نے نئے تعمیر شدہ پل کا بھانڈا پھوڑ دیا

    بہار: بھارتی ریاست بہار کے ایک علاقے میں نیا تعمیر ہونے والا ایک پل افتتاح سے قبل ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بہار میں پل گرنے کے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں، لیکن اب تازہ واقعے میں ضلع ویشالی کے علاقے حاجی پور میں ایک پل کی سڑک افتتاح سے قبل ہی ٹوٹ کر دھنس گئی۔

    راماشیش چوک پر بنے پل کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی ہیں، اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر بدعنوانی کے الزامات لگائے جا رہے ہیں، رپورٹس کے مطابق یہ پل 6 ماہ قبل بن گیا تھا اور اس پر ٹریفک بھی کھول دیا گیا، تاہم سڑک دھنسنے کے واقعے کے فوراً بعد اسے پھر بند کر دیا گیا ہے۔

    اپوزیشن کا کہنا ہے کہ اگر ناقص بنے ہوئے پل پر آمد و رفت کھول دی گئی تھی تو اس کا مطلب تھا کہ کوئی بڑا حادثہ بھی ہو سکتا ہے، صورت حال پر تنقید کرنے والوں کا کہنا ہے کہ بہار میں کرپشن عروج پر ہے۔

    کیا ٹیپو سلطان کی تصویر اسٹیٹس پر لگانا قانوناً جرم ہے؟

    آر جے ڈی رکن اسمبلی مکیش روشن نے ریاستی حکومت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا جب افسران اور لیڈر 40 فی صد کمیشن لیتے رہیں گے تو بہار بدعنوانی کی بھینٹ چڑھتا ہی رہے گا۔ انھوں نے کہا ابھی تو پُل کا افتتاح بھی نہیں ہوا، اور یہ حالت ہے۔

  • مسافروں سے بھری بس پُل سے نیچے جاگری، دلخراش ویڈیو

    مسافروں سے بھری بس پُل سے نیچے جاگری، دلخراش ویڈیو

    بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں مسافروں سے بھری بس پُل سے نیچے گرگئی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے شہر ہریدوار میں ایک تیز رفتار مسافر بس پُل سے نیچے جاگری، سوشل میڈیا پر حادثے کی ویڈیو پر صارفین گہرے رنج و غم کا اظہار کررہے ہیں۔

    اس حوالے سے مقامی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکوہ مسافر بس کے حادثے میں 24 مسافر زخمی ہوئے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اسپتال پہنچائے جانے والے زخمی مسافروں میں چار کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اتر پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس نیچے کھڑی گاڑیوں پر گری جس سے کچھ کاروں کو نقصان پہنچا۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی کارکنان جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ریسکیو کیا، حادثے کی تفصیلی وجوہات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں یاتریوں کی بس پُل سے گرگئی تھی جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کے وقت بس میں 50 سے زائد مسافر سوار تھے۔

  • بارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی، 2 مزدور جاں بحق

    بارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی، 2 مزدور جاں بحق

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بھارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی جس سے 2 مزدور جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے بارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ شٹرنگ گرنے سے 5 مزدور ملبے تلے دب گئے۔

    حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے مزدوروں کو نکالنے کا کام شروع کیا جس کے بعد ایک مزدور کی ہلاکت کا علم ہوا جبکہ بقیہ مزدور زخمی حالت میں نکال لیے گئے۔

    بعد ازاں ایک اور مزدور اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا، تینوں مزدوروں کو پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام کے دوران ٹریلر نے 2 پِلرز کی شٹرنگ کو نقصان پہنچایا، ٹریلر کی پہلی ٹکر سے ایک پلر کی شٹرنگ نیچے گری جس کے بعد کئی مزدور ملبے تلے دب گئے۔

    چیف کمشنر اسلام آباد نور الامین مینگل نے بھارہ کہو واقعے پر نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

  • کنگ فہد پل پر سفر کرنے والوں کے لیے نئی تبدیلی

    کنگ فہد پل پر سفر کرنے والوں کے لیے نئی تبدیلی

    ریاض: سعودی عرب اور بحرین کو جوڑنے والے کنگ فہد پل پر 4 کیٹگریز کے لیے دائیں جانب کے ٹریک مختص کیے گئے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق بحرین اور سعودی عرب کو سمندری راستے سے جوڑنے والے کنگ فہد پل کی انتظامیہ نے سعودی امیگریشن کاؤنٹر پہنچنے سے قبل 4 زمروں کے لیے دائیں جانب کے ٹریک مختص کیے ہیں۔

    کنگ فہد پل انتظامیہ نے منگل کو بیان میں کہا کہ جن چار زمروں کے لیے دائیں جانب کے ٹریک مختص کیے گئے ہیں ان کا تعلق بسوں، ویزوں کے اجرا، فنگر پرنٹس اور پہلی مرتبہ مملکت آنے والے خلیجی ممالک کے شہریوں سے ہے۔

    پل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چاروں زمروں کے لیے دائیں جانب کے ٹریک ٹریفک کو رواں رکھنے کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

  • بھارت: چوروں نے پورا پل چرا لیا

    بھارت: چوروں نے پورا پل چرا لیا

    نئی دہلی: بھارت کی ریاست بہار میں سرکاری ملازمین کا روپ دھارے کباڑیوں کے ایک گروہ نے 60 فٹ طویل لوہے کا پل چرا لیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس افسر سبھاش کمار نے بتایا کہ چور محکمہ آبپاشی کے ملازمین کے حلیے میں آئے تھے، چور مکمل تیاری کے ساتھ آئے تھے اور بڑی گاڑیوں کے علاوہ لوہے کو کاٹنے کے لیے بلڈوزر اور گیس کٹرز بھی لائے تھے۔

    چوروں نے تین دن لگا کر تمام کارروائی مکمل کی اور 500 ٹن لوہا لے کر فرار ہوگئے۔

    پولیس نے بتایا کہ سرکاری افسران کا روپ دھارے چوروں نے مقامی محکمے کے ملازمین سے بھی مدد لی اور دن کی روشنی میں پل کا ملبہ لے کر چلے گئے۔

    محکمہ آبپاشی کے انجینیئر ارشد کمال شمسی کا کہنا تھا کہ گاؤں والوں نے اطلاع دی تھی کہ کچھ افراد پرانے اور خستہ حال پل کو اکھاڑ رہے ہیں۔

    60 فٹ طویل اور 12 فٹ اونچا پل چور آہستہ آہستہ اکھاڑتے رہے لیکن اچانک ایک دن اس 50 سالہ پرانے پل کے غائب ہوجانے سے گاؤں والے حیران ہو کر رہ گئے۔

    لوہے کا یہ پل سنہ 1972 میں ایک نہر کے اوپر تعمیر کیا گیا تھا لیکن پانچ سال قبل اس کی جگہ ایک متبادل پل بنایا گیا جو اب عوام کے استعمال میں ہے، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

  • آسمان میں معلق رسی پر چلنے کا مظاہرہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    آسمان میں معلق رسی پر چلنے کا مظاہرہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    فرانس کے ایک اسٹنٹ مین نے پہاڑوں کے درمیان فضا میں معلق رسی پر چل کر لوگوں کی سانسیں روک دیں، مذکورہ شخص نے 500 میٹر کا فاصلہ طے کیا۔

    برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں دو پہاڑیوں کے درمیان یہ رسی موجود ہے، ناتھن پاؤلن نامی شہری نے بغیر کسی حفاظتی اقدامات کے اس رسی پر چلنے کا مظاہرہ کیا۔

    264 فٹ کی بلندی پر بندھی اس رسی پر چلتے ہوئے پاؤلن نے 500 میٹر کا فاصلہ طے کیا۔

    یہ اسٹنٹ دراصل ایک پروجیکٹ کا حصہ تھا جس کا مقصد حولیاتی مسائل اجاگر کرنا تھا، اسی طرح کے اسٹنٹس دیگر شہروں میں بھی کیے گئے جن میں شہریوں کی توجہ ماحولیاتی نقصانات کی طرف دلائی گئی۔

    مذکورہ اسٹنٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔

  • کویت : پُل موت کی علامت بن گیا، خوفناک واقعات سے لرزہ طاری

    کویت : پُل موت کی علامت بن گیا، خوفناک واقعات سے لرزہ طاری

    کویت سٹی : کویت کے معروف پُل جابر پل پر خودکشی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہونے لگا، مصری شہری کے بعد بھارتی شہری نے بھی پُل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔

    تفصیلات کے مطابق 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں دوسرے واقعے میں ایک ہندوستانی باشندے نے جابر پل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی لیکن ایک پرائیویٹ کشتی چلانے والا شخص اسے بچانے میں کامیاب رہا۔

    ایک سیکورٹی ذرائع نے روزنامہ القبس کو بتایا کہ داخلہ آپریشن روم کو جابر پل پر ایک ڈوبتے ہوئے شخص کی اطلاع ملی جبکہ ایک پرائیویٹ کروز چلانے والا شخص اسے بچانے میں کامیاب ہوا اور اسے سیکیورٹی حکام اور ایمبولینس کے حوالے کیا۔

    تفتیش میں پتہ چلا کہ خودکشی کی کوشس کرنے والا ایک بھارتی شہری ہے جس نے پل پر اپنی گاڑی کھڑی کی اور اوپر سے چھلانگ لگا دی۔

    ذرائع نے مزید کہا کہ متاثرہ بھارتی شہری کی عمر 36 سال ہے اور اس کی صحت کی حالت مستحکم ہے اور اسے اپنے خلاف قانونی اقدامات کرنے کے لیے پولیس اسٹیشن بھیجا گیا اس بات کو نوٹ کرتے ہوئے کہ پبلک سیکیورٹی سیکٹر نے وزارت داخلہ کے انڈر سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل فیصل النواف سے متعلقہ بھارتی شہری کی ملک بدری کی درخواست کی ہے۔

    دوسری جانب سکیورٹی اہلکار فائر فائٹرز اور ایمبولینسوں کی مدد سے ایک مصری تارکین وطن کو بھی بچانے میں کامیاب ہوئے جس نے گزشتہ رات جابر پل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی تھی۔

    ایک سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ مصری تارکین وطن کے ساتھ ایک ٹیکسی ڈرائیور بھی تھا، مصری شہری نے ٹیکسی ڈرائیور کو پل پر رکنے کے لیے کہا پھر گاڑی سے باہر نکلا اور پل پر سے چھلانگ لگا دی لہٰذا ٹیکسی ڈرائیور نے فوری طور پر وزارت داخلہ کو آگاہ کیا۔

    سیکیورٹی، فائر فائٹرز اور میڈیکل ایمرجنسی عملہ جائے وقوعہ پر مذکورہ شخص کو زخمی حالت میں جائے وقوعہ پر موجود پایا جسے فوری طور علاج کے لیے ہسپتال لے جایا گیا۔

    سیکورٹی ذرائع نے مقامی روزنامہ کو تفصیلات بتاتے ہوئےانکشاف کیا کہ وزارت داخلہ نے اس کے علاج کی مدت کے اختتام کے بعد ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • دنیا کا پہلا تھری ڈی پرنٹر سے چھاپا گیا پل

    دنیا کا پہلا تھری ڈی پرنٹر سے چھاپا گیا پل

    گزشتہ روز ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں ایک روبوٹ نے فیتہ کاٹ کر دنیا کے سب سے پہلے، تھری ڈی پرنٹر سے چھاپے گئے فولادی پل کا افتتاح کردیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق یہ پل پیدل چلنے والوں کےلیے بنایا گیا ہے۔ اس کی لمبائی 40 فٹ ہے جبکہ یہ چھ ٹن وزنی ہے۔

    ایمسٹرڈیم کے وسط میں ایک چھوٹی سی نہر پر بنائے گئے اس پل کی افتتاحی تقریب میں ہالینڈ کی ملکہ میکسیما کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔

    پل کا افتتاح کرنے کےلیے ملکہ میکسیما نے بٹن دباکر ایک روبوٹ بازو (روبوٹک آرم) کو متحرک کیا جس نے دو قینچیوں کی مدد سے فیتہ کاٹ کر پل کو عوام کےلیے کھول دیا۔

    یہ پل ہالینڈ کی کمپنی ایم ایکس تھری ڈی نے اپنی ورکشاپ میں تھری ڈی پرنٹنگ کی جدید ترین تکنیک استعمال کرتے ہوئے تیار کیا ہے۔

    اس نئی ٹیکنالوجی سے تھری ڈی پرنٹنگ میں فولاد جیسے سخت مادوں کے ساتھ ساتھ ویلڈنگ کرنے والے روبوٹس بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔

    پل تیار کرنے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کا مقصد صرف صنعتی معیار کی چیزیں کم خرچ بنانا ہی نہیں بلکہ ماہرینِ تعمیرات کو بھی اس قابل بنانا ہے کہ وہ اچھوتے انداز میں اپنے ہنر کا مظاہرہ کرسکیں۔

  • بھارت: موبائل فون پر بات کرتے ہوئے خاتون پل سے نیچے گر گئیں

    بھارت: موبائل فون پر بات کرتے ہوئے خاتون پل سے نیچے گر گئیں

    نئی دہلی: بھارت میں ایک خاتون موبائل فون پر بات کرتے ہوئے 30 فٹ کی اونچائی سے نیچے گر گئیں، پولیس نے لاش اسپتال منتقل کر کے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔

    یہ واقعہ بھارتی ریاست ہریانہ میں پیش آیا جہاں ایک نوجوان خاتون موبائل سے ویڈیو کال کرتے ہوئے ریلوے اسٹیشن کے سامنے جی ٹی روڈ پر پل سے نیچے گر پڑی۔ تقریباً 30 فٹ کی اونچائی سے گرنے کے بعد خاتون کی موت واقع ہوگئی۔

    خاتون کے موبائل اور بیگ سے ملے کارڈز سے ان کی شناخت انجلی رانی کے نام سے ہوئی، موبائل سے ملنے والے نمبروں کے ذریعے پولیس نے خاتون کے اہلخانہ کو بھی اطلاع دے دی۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ خاتون ریلوے اسٹیشن چوک پر جی ٹی روڈ پر پل کے اوپر کھڑی تھیں، ان کے ہاتھ میں موبائل تھا اور وہ ویڈیو بنا رہی تھیں۔ اسی وقت خاتون پل سے نیچے گریں، ان کے سر پر چوٹ لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

    بعض افراد نے ان کا موبائل بھی اٹھا لیا جو ان کے قریب ہی گرا جسے بعد میں پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ پولیس نے موبائل سے کال کیے جانے والے آخری نمبر پر بھی فون کیا اور مذکورہ شخص کو تھانے طلب کرلیا۔

    پولیس نے لاش کو اسپتال منتقل کر کے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

  • براہ راست نشریات کے دوران دل دہلانے والا واقعہ ویڈیو دیکھیں

    براہ راست نشریات کے دوران دل دہلانے والا واقعہ ویڈیو دیکھیں

    الیگزینڈر سٹی: شمالی کرولینا کی الیگزینڈر کاؤنٹی میں براہ راست ٹی وی رپورٹنگ کے دوران گرنے والے پل کی ویڈیو عملے نے ریکارڈ کرلی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق جس وقت برج گرنے کا واقعہ رونما ہوا، اس وقت فاکس 46 کے رپورٹر امبر رابرٹس ہائڈائٹ برج کے قریب سیلاب کی اطلاع دے رہے تھے، عین اسی لمحے پل کا ایک حصہ ٹوٹ کر پانی میں جا گرا، تاہم خوش قسمتی سے کوریج کرنے واالا پورا عمل محفوظ مقام پر منتقل ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    فاکس نیوز کے مطابق شمالی کیرولینا میں جمعرات سے شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے، الیگزینڈر کاؤنٹی اب تک دس انچ سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے، تیز بارشوں کے باعث اب تک الیگزینڈر کاؤنٹی کے چار پل اور پچاس سے زائد سڑکیں بہہ چکی ہیں۔

    bridge collapse live TV report alexander county flood

    شدید بارشوں اور سیلابی ریلے کے باعث علاقے سے ایک سالہ بچے سمیت دو افراد لاپتہ ہوگئے ہیں، پانی کے تیز بہاؤ نے متعدد مکانات کو تباہ کردیا ہے جبکہ  الیگزینڈر سٹی کے کیمپ سے ایک شخص کی ڈوبی ہوئی لاش ملی ہے جبکہ گوالٹنیز کے ہوپ ویل چرچ روڈ پر کار حادثے میں میں بھی ایک شخص کی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

    اس سے قبل گذشتہ روز بھی ہائڈائٹ فیملی کیمپ گراؤنڈ سے مزید دو لاشیں ملی تھیں جن کے بارے میں تاحال مکمل تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔