Tag: Bridge Collapses

  • چین میں زیر تعمیر پل کی ایک اسٹیل کیبل اچانک ٹوٹی گئی، متعدد ہلاکتیں

    چین میں زیر تعمیر پل کی ایک اسٹیل کیبل اچانک ٹوٹی گئی، متعدد ہلاکتیں

    بیجنگ (23 اگست 2025): چین میں زیر تعمیر پل گرنے سے 12 افراد ہلاک اور 4 لاپتا ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے شمال مغربی صوبے چنگھائی میں پل کی تعمیر کے دوران کیبل ٹوٹنے کے حادثے میں 12 افراد ہلاک اور چار لاپتا ہو گئے ہیں۔

    یلو ریور پر زیر تعمیر پل کے کام کے دوران علی الصبح ایک اسٹیل کیبل اچانک ٹوٹ گئی تھی جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا، اور پل کا 108 میٹر لمبا درمیانی حصہ دریا میں جا گرا، حادثے کے وقت مقام پر 15 مزدور اور ایک پروجیکٹ منیجر موجود تھے۔

    امدادی ٹیمیں لاپتہ افراد کو تلاش کرنے کے لیے سرچ آپریشن کر رہی ہیں، جب کہ حادثے کی وجوہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

    چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد سے اب تک 806 سے زائد امدادی کارکن ریسکیو میں حصہ لے چکے ہیں، جن کے ساتھ 91 گاڑیاں، 27 کشتیاں، ایک ہیلی کاپٹر اور 5 روبوٹ تعینات کیے گئے تھے، جب کہ متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے 6 اسپتالوں نے ہنگامی سہولت فراہم کی۔

    جاپان کے آسمان پر عجیب منظر ، اچانک رات دن میں تبدیل ، شہری حیران

    پیپلز ڈیلی کے مطابق یہ دریائے زرد (یلو ریور) پر تعمیر ہونے والا چین کا پہلا فولادی محرابی ریلوے پل ہے، جو تبتی خودمختار علاقے کی سرحد پر واقع ہے، پل کے دونوں طرف کی دو کیبل ٹاورز 14 جون کو مکمل کی گئی تھیں، اور منصوبہ یہ تھا کہ اس کے مرکزی حصے کو رواں ماہ کے آخر تک جوڑ دیا جائے گا۔

    پل کے سائیڈ اسپینز پر کیبل کا زیادہ سے زیادہ دباؤ 1,161 میٹرک ٹن ہے، جو کہ تقریباً 750 چھوٹی گاڑیوں کے وزن کے برابر ہے، جب کہ ہر ٹاور کا وزن 1,800 ٹن ہے، اور سب سے بڑا حصہ 45 ٹن وزنی ہے، رپورٹ کے مطابق ان ٹاورز کی تنصیب میں درستگی کا براہ راست تعلق فولادی سپورٹ بیم کی حفاظت اور کامیابی سے ہے۔

    یہ پل سچوان-چھنگھائی ریلوے کا ایک کلیدی منصوبہ ہے، 1,596 میٹر سے زائد لمبا ہے، اور اس کے محراب کی بلند ترین چوٹی پانی کی سطح سے 130 میٹر بلند ہے، جو تقریباً 40 منزلہ عمارت کی اونچائی کے برابر ہے۔

  • دریا پر تعمیر برج افتتاح سے قبل ہی گر گیا، ویڈیو وائرل

    دریا پر تعمیر برج افتتاح سے قبل ہی گر گیا، ویڈیو وائرل

    بھارتی ریاست بہار میں دریا پر تعمیر کیا گیا برج افتتاح سے قبل زمین بوس ہوگیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مقامی ایم ایل اے وجے کمار منڈل نے برج گرنے کے واقعے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کرپشن کا تحفہ ہے۔ پل کی تعمیر پر 12کروڑ روپے کی لاگت آئی تھی۔

    رپورٹس کے مطابق منگل کو پل کے دو سے تین ستون دریا میں دھنس گئے اور دیکھتے دیکھتے پورا پل دریا میں گر گیا، پل تعمیراتی ایجنسی کے لوگ اور انتظامیہ کی ٹیم بھی پہنچ گئی ہے۔

    مقامی ایم ایل اے کے مطابق یہ پل بدعنوانی کے باعث گرا ہے، یہ پل دونوں بلاکس کو براہ راست جوڑنے کا ذریعہ ہوتا، لیکن افتتاح ہونے سے پہلے ہی یہ دریا میں گرگیا۔

    ریل بنانے کا جنون، لڑکی 300 فٹ گہری کھائی میں گر گئی، ویڈیو وائرل

    اس سے قبل بہار کے بھاگلپور میں بھی ایک پل گر گیا تھا۔ کھگڑیا کے اگوانی گھاٹ پر بنائے گئے پل کے ستون نمبر 10، 11 اور 12 اچانک گر کر دریا میں بہہ گئے تھے، چار لین والا پل 1710 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا تھا۔

  • خوفناک حادثہ : پُل ٹوٹنے سے 400 افراد دریا میں جا گرے، 60 ہلاک

    خوفناک حادثہ : پُل ٹوٹنے سے 400 افراد دریا میں جا گرے، 60 ہلاک

    گجرات : بھارت میں کیبل برج اچانک ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 400 افراد دریا میں گرگئے۔ واقعے میں اب تک 60افراد کے مرنے کی اطلاعات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے شہر موربی میں کیبل برج اچانک ٹوٹ کر گر پڑا جس کے بعد چار سو افراد دریائے مچھو میں جاگرے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک بتیس لاشیں نکال لی گئیں جبکہ ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے مذکورہ کیبل برج کو انتظامیہ نے پانچ روز قبل ہی تزئین و آرائش کے بعد دوبارہ کھولا تھا۔

    حادثے میں 70 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جس میں سے کچھ افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر بھگڈر مچ گئی، ریسکیو اہلکار امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں بھارتی صدر اور وزیراعظم نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو کام تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔

  • پلر کھسکنے سے زیر تعمیر پل گر گیا

    پلر کھسکنے سے زیر تعمیر پل گر گیا

    نئی دہلی: بھارتی ریاست مغربی بنگال میں زیر تعمیر پل گرنے سے 2 مزدور ہلاک جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔

    اندوہناک واقعہ گزشتہ شام بشنب نگر کے ضلع مالڈا میں پیش آیا، حادثہ اس وقت پیش آیا جب زیر تعمیر پل کا ایک شہتیر اپنی جگہ سے کھسک گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ گرنے والے پل کے ملبے کے نیچے مزید مزدور دبے ہوئے ہیں۔

    حادثے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر مالڈا میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں 2 مزدوروں کی موت کی تصدیق ہوگئی، زخمی ہونے والے بقیہ ساتوں افراد کی حالت نازک ہے۔

    ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ نے حادثے کی وجوہات کے بارے میں چھان بین شروع کردی ہے۔