Tag: brief

  • کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا: امریکی قونصل جنرل

    کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا: امریکی قونصل جنرل

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے امور نوجوان عثمان ڈار اور امریکی قونصل جنرل کے درمیان ملاقات ہوئی، قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا ہے، ایسے منصوبے 5 سے 10 سال میں معاشی اثرات ظاہر کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی قونصل جنرل نے وزیر اعظم آفس کا دورہ کیا جہاں ان کی وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے امور نوجوان اور کامیاب جوان پروگرام کے سربراہ عثمان ڈار سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں کامیاب جوان پروگرام کے لیے یو ایس ایڈ کے ذریعے ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان ڈار نے امریکی قونصلیٹ جنرل کو قرض کے تازہ اعداد و شمار پر بریفنگ دی جبکہ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے فارمولے سے بھی آگاہ کیا۔

    امریکی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ منصوبے میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا ہے، ہم منصوبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے خواہش مند ہیں، ایسے منصوبے 5 سے 10 سال میں معاشی اثرات ظاہر کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی حکومتی سطح پر سرپرستی قابل تعریف ہے، مشترکہ تعاون سے نوجوانوں کو مزید مواقع دیے جا سکتے ہیں۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور تکنیکی تربیت کی فراہمی ترجیح ہے، کامیاب جوان اور ہنر مند پاکستان پروگرام کے اعداد و شمار تسلی بخش ہیں، پروگرام وزیر اعظم عمران خان کی ذاتی توجہ کا مرکز ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں، پاک امریکا باہمی اشتراک سے روزگار کے نئے دروازے کھولے جا سکتے ہیں۔

  • اس وقت توجہ کابل سے امریکیوں اور اتحادی افغانوں کے انخلا پر ہے: امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف

    اس وقت توجہ کابل سے امریکیوں اور اتحادی افغانوں کے انخلا پر ہے: امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف

    واشنگٹن: امریکی وزیر دفاع جنرل آسٹن کا کہنا ہے کہ کابل ایئرپورٹ واحد جگہ ہے جو اس وقت امریکیوں کے کنٹرول میں ہے، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی کے مطابق اس وقت توجہ امریکیوں اور اتحادی افغانوں کے انخلا پر ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی وزیر دفاع جنرل آسٹن اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

    وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ افغانستان کی جنگ وہ ہے جو میں نے خود لڑی، میں اس ملک اور ان لوگوں کو جانتا ہوں جو میرے شانہ بشانہ لڑے۔ جنہوں نے ہماری مدد کی ان کی مدد کرنا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔

    جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی کا کہنا تھا کہ یہ اندازہ بعد میں لگایا جائے گا کہ افغانستان میں کیا غلطیاں ہوئیں، اس وقت توجہ امریکیوں اور اتحادی افغانوں کے انخلا پر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ طالبان نے کابل کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے، طالبان ہمارے انخلا آپریشن میں دخل اندازی نہیں کر رہے۔

    وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ کابل ایئرپورٹ واحد جگہ ہے جو امریکیوں کے کنٹرول میں ہے، اس وقت امریکا کی کابل کے اندر آپریشن کرنے کی صلاحیت نہیں ہے، کابل میں موجود سینکڑوں افراد ایئرپورٹ نہیں پہنچ پا رہے۔

    انہوں نے کہا کہ ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ انخلا کا مشن کب پورا ہوگا۔