Tag: British Govt.

  • نیب کی شہباز شریف کے بیٹے کی حوالگی کیلئے برطانوی حکومت  سے درخواست

    نیب کی شہباز شریف کے بیٹے کی حوالگی کیلئے برطانوی حکومت سے درخواست

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز کی حوالگی کے لئے برطانوی حکومت کو درخواست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز کی حوالگی کے لئے برطانوی حکومت کو درخواست دے دی گئی ۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت کو خط نیب کی جانب سے لکھا گیا ، نیب نے 31دسمبر کو برطانوی حکومت کو درخواست جمع کرائی۔

    سلمان شہباز منی لانڈرنگ اور ٹی ٹی اسیکنڈل میں نیب کو مطلوب ہیں اور عدالت نے سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دے رکھا ‌ ہے۔

    یاد رہے 2020 میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے منی لانڈرنگ کیس میں نامزد شہباز شریف کے صاحبزادے کو انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لانے کا فیصلہ کیا تھا۔

    خیال رہے کہ شہباز شریف اور دونوں صاحبزادے (حمزہ، سلمان) کرپشن کیسز میں نامزد ہیں اور نیب کی جانب سے ان کے خلاف تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر اور ان کے بچوں کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیسز کی تحقیقات جاری ہیں۔

    نیب کے مطابق شہباز شریف نے لاہور، ایبٹ آباد اور ہری پور میں متعدد جائیدادیں اپنی بیگمات نصرت شہباز اور تہمینہ درانی کے نام پر حاصل کیں، جنہیں اب منجمد کردیا گیا ہے جبکہ حمزہ شہباز اور سلمان شہباز نے بھی لاہور اور چنیوٹ میں کئی جائیدادیں خریدیں انہیں بھی نیب کی جانب سے منجمد کیا گیا ہے۔

  • نوازشریف کی وطن واپسی :حکومت کا برطانوی حکومت کو ایک بار پھر خط لکھنے کا فیصلہ

    نوازشریف کی وطن واپسی :حکومت کا برطانوی حکومت کو ایک بار پھر خط لکھنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے نوازشریف کی وطن واپسی کیلئے برطانوی حکومت کو ایک بار پھر خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نوازشریف کی وطن واپسی کے عدالتی احکامات پر حکومت نے برطانوی حکومت کو ایک بار پھر خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا ، اس حوالے سے وزارت خارجہ اورایف آئی اے کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

    گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نواز شریف کو ہر صورت وطن واپس لانے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ برطانوی حکومت کی مدد سے نواز شریف کو واپس لائیں گے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ نواز شریف کو واپس لانے کیلئے قانونی آپشنز استعمال کئے جائیں، نواز شریف بیماری کا بہانہ بنا کر ملک سے بھاگےہیں، ان کو نواز شریف کو وطن واپس آکرعدالتوں کے سامنے پیش ہوناہوگا، کسی صورت این آر او نہیں ملے گا اور نہ کرپشن پر کسی کو کوئی معافی ملے گی۔

    یاد رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے پندرہ ستمبر کو العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا اور ریفرنس میں ضمانت کا حکم ختم کردیا تھا

  • پاکستان مخالف تقریر،وزات داخلہ کا برطانیہ سے باضابطہ رابطہ

    پاکستان مخالف تقریر،وزات داخلہ کا برطانیہ سے باضابطہ رابطہ

    اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی پریس کلب پر موجود کارکنان سے پاکستان مخالف تقریر پر وزارت داخلہ نے باضابطہ طور پر حکومت پاکستان سے رابطہ کرلیا اور الطاف حسین کے خلاف اشتعال انگیزی و بغاوت کے مقدمات درج کرانے کا مطالبہ کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے لندن احمد علی سید کے مطابق الطاف حسین کے خلاف پاکستان میں اشتعال انگیزی، بغاوت اور انتشار پھیلانے کے جرم کے حوالے سے قائد ایم کیو ایم کی گزشتہ روز کی تقریر کا متن برطانوی حکام کو بطور ثبوت پیش کیا جائےگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وزارت داخلہ نے ایم کیو ایم قائد کی گزشتہ روز کی تقریر سے برطانیہ کو آگاہ کیا اور اب متن پیش کیا جائےگا۔

    برطانوی حکومت الطاف حسین کی تقریر کے متن کا جائزہ لے کر حکومت پاکستان کی جانب سے عائد کردہ الزامات کے درست ہونے یانہ ہونے کا فیصلہ کرے گی۔

    اس حوالے سے لندن پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال تقریر کے متن کا جائزہ لیا جارہا ہے، جرم کے شواہد ملے تو کرائون پراسیکیوشن سے مشاورت کریں‌ گے۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی پاکستان مخالف تقریر، وطن مخالف نعروں اور میڈیا ہائوسز پر حملوں کے لیے کارکنان کو اکسانے کے الزامات ہیں۔