Tag: british oil tanker

  • برطانوی آئل ٹینکر پر ایرانی قبضہ،18 بھارتی بھی تحویل میں

    برطانوی آئل ٹینکر پر ایرانی قبضہ،18 بھارتی بھی تحویل میں

    تہران : ایران نے آبنائے ہرمز سے جس برطانوی آئل ٹینکر کو اپنی تحویل میں لیا ہے، اس میں سوار عملے کے 23 افراد میں سے اٹھارہ کا تعلق بھارت سے ہے، جنہیں رہا کروانے کے لیے بھارت نے کوششیں شروع کردی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت اور فلپائن کی حکومتوں نے تصدیق کر دی ، آبنائے ہرمز سے ایرانی قبضے میں لیے جانے والے برطانوی آئل ٹینکر کے عملے میں ان کے شہری بھی شامل ہیں۔

    بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے بتایا کہ بھارتی حکام ایران میں متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ بھارتی شہریوں کی بازیابی جلد از جلد ممکن بنائی جائے، انہوں نے کہا کہ اس بحری جہاز میں اٹھارہ بھارتی موجود ہیں۔

    منیلا میں وزرات خارجہ نے کہا کہ تہران میں ان کے سفیر کوشش میں ہیں کہ اس ٹینکر میں سوار ایک فلپائنی شہری کو جلد از جلد رہا کر دیا جائے۔

    بتایا گیا کہ ہے کہ فلپائنی حکام کی کوشش ہے کہ فلپائنی شہری کی محفوظ واپسی یقینی بنائی جائے، اس برطانوی آئل ٹینکر میں سوار عملے کے دیگر چار ارکان میں سے تین کا تعلق روس جبکہ ایک کا لیٹویا سے ہے۔

  • برطانوی تیل بردار جہاز پرقبضہ ناقابل جواز ہے، جرمنی،فرانس کی مذمت

    برطانوی تیل بردار جہاز پرقبضہ ناقابل جواز ہے، جرمنی،فرانس کی مذمت

    پیرس/برلن: فرانسیسی اور جرمن وزارت خارجہ نے الگ الگ بیان میں کہا ہے کہ ایران فوری طور پربرطانوی آئل ٹینکر اوراس میں سوار عملے کے ارکان کو چھوڑ دے۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی اور فرانس نے ایران کی طرف سے برطانوی تیل بردار جہازوں کو اپنی تحویل میں لینے کے عمل کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    جرمن وزارت خارجہ نے جاری ایک بیان میں کہاکہ آبنائے ہرمز میں برطانوی تجارتی جہاز پر آرانی قبضہ ناقابل جواز ہے، بیان میں مزید کہا گیا کہ اس طرح خطے میں مزید کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

    دوسری جانب فرانسیسی وزارت خارجہ نے بھی جاری کیے گئے ایک بیان میں ایران پر زور دیا کہ وہ اس ٹینکر اور اس میں سوار عملے کے ارکان کو فوری طور پر چھوڑ دے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے برطانوی بحریہ نے شام جانے والے ایرانی آئل ٹینکر کوبرطانوی کالونی جبرالٹر کے علاقے میں قبضے میں لیا تھا۔

    مزید پڑھیں: برطانوی آئل ٹینکر پر ایرانی قبضے کی کوشش ناکام

    واضح رہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای، صدر حسن روحانی اور آرمی چیف محمد باقری نے آئل ٹینکر کو رہا نہ کرنے کی صورت میں برطانوی ٹینکر کو روکنے کی دھمکی دی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ایرانی ٹینکر کے قبضے کا جواب دینے کے لیے ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں برطانوی آئل ٹینکر کو پکڑنے کی کوشش کی تھی جو ناکام ہوگئی تھی۔

    یاد رہے کہ یورپی یونین نے شام کو تیل کی سپلائی پر پابندی عائد کررکھی ہے جس پر ایرانی ٹینکر جبرالٹر سے شام خام تیل لے جاتے ہوئے گزشتہ ہفتے پکڑا گیا تھا۔