Tag: British Royal couple

  • شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ کی لاہور آمد پر  پرتپاک استقبال

    شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ کی لاہور آمد پر پرتپاک استقبال

    اسلام آباد : برطانوی شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ میڈلٹن لاہور پہنچ گئے ،شاہی جوڑے کا استقبال گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب نے کیا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن لاہور کے دورے پر پہنچے تو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنرپنجاب چوہدری سرور نے شاہی جوڑے کا لاہورائیرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا، بچیوں نے شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ میڈلٹن کو گلدستے پیش کئے۔

    کیٹ مڈلٹن پاکستانی ڈیزائنر کی تیار کردہ سفید شلوار قمیض میں بے حد حسین نظرآئی ، ںشاہی جوڑا لاہورمیں مختلف مقامات ایس اوایس ولیج ، نیشنل کرکٹ اکیڈمی اوربادشاہی مسجد کا دورہ کرے گا۔

    شاہی جوڑے کی لاہورآمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ائیرپورٹ سے گورنر ہاؤس سمیت بادشاہی مسجد، ایس اوایس ویلیج، نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور شوکت خانم اسپتال تک چھ ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔

    نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے دورے پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی ،چیف ایگزیکٹو شاہی جوڑے کا استقبال کریں گے جبکہ شہزاہ ولیم ، شہزادی کیٹ مڈلٹن برٹش ہائی کمیشن کا دوستی پروگرام کرکٹ میچ دیکھیں گے۔

    شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ مڈلٹن کرکٹ تقریب میں انعامات تقسیم کریں گے ، سابق کپتان وقاریونس ، اظہر علی ، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی تقریب میں شامل ہوں گے ، شاہی جوڑہ کرکٹرز کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کرے گا جبکہ عروج ممتازاورثنامیر ویمن کرکٹرز کی نمائندگی کریں گی۔

    دوسری جانب لاہور میں برطانوی شاہی جوڑے کی آمدپر سیکیورٹی اور ٹریفک پلان تیار کر لیا گیا ہے ، پولیس زرائع کے مطابق شاہی جوڑے کو لاہور میں صدارتی پروٹوکول دیا جائے گا، سیکیورٹی پر پولیس کے 7 ہزار جوان اور ٹریفک پولیس کے چھ سو وارڈنز روٹ پر تعینات ہیں۔

    شاہی جوڑے کی اپنی سیکیورٹی ان کے ساتھ چلے گی، ایلیٹ فورس شاہی قافلے کے اسکواڈ کا حصہ ہو گی جبکہ تاریخی مقامات شاہی جوڑے کی آمد سے قبل عام عوام کے لیے بند ہوں گے۔ شاہی جوڑے کے تمام روٹ پر اسنائپرز بھی تعینات کیے جائیں گے ، وزٹ والے مقامات کو اسپیشل برانچ کلئیر کروائے گی ۔سراغ رساں کتوں کی مدد سے دورے کے مقامات کو کلئیر کیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ معزز مہمانوں کو پاکستان کے دل لاہور آنے پرخوش آمدید کہتےہیں اور شہزادہ اورشہزادی کادل کی گہرائیوں سےخیرمقدم کرتےہیں، پاکستانی عوام کےدلوں میں برطانوی شاہی خاندان کیلئےبہت احترام ہے۔

    مزید پڑھیں : شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن چترال پہنچ گئے

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لیڈی ڈیانا کے دورے کی یادیں آج بھی پاکستانیوں کےذہنوں پرنقش ہیں، شہزادہ،شہزادی کادورہ دونوں ملکوں کےتعلقات میں فروغ کیلئےمعاون ہوگا، دورےسےدونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی۔

    گذشتہ روز برطانوی شہزادہ ولیم اورکیٹ کا چترال میں شاہی استقبال کیا گیا ، شاہی مہمانوں کو روایتی چغہ، چترالی ٹوپی شال،اورشہزادی ڈیانا کے انیس سو اکیانوے کے دورے کا یادگاری البم بھی پیش کیا گیا۔

    پرنس ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے بروغل نیشل پارک اور بمبوریت کا بھی دورہ کیا۔

    اس سے قبل منگل کی رات شاہی جوڑے کے اعزارمیں اسلام آبادمونومنٹ پر عشائیےکا اہتمام کیاگیا تھا۔ ولیم اورکیٹ نے رکشےمیں انٹری دی، شہزادے نے شیروانی اور شہزادی نے میکسی پہن رکھی تھی۔ شہزادہ شہزادی نے صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی۔

  • شہزادہ ولیم  اور شہزادی کیٹ مڈلٹن چترال پہنچ گئے

    شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن چترال پہنچ گئے

    چترال : برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن چترال پہنچ گئے ، مہمانوں کو روایتی چغہ اور ٹوپی کا تحفہ دیا گیا، پرنسز ڈیانا نے بھی 1991 میں چترال کا دورہ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا اسلام آباد سے ہیلی کاپٹر کے زریعے چترال پہنچا تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا ، مہمان جوڑے کو چترالی روایتی ٹوپی اور چغہ پہنایا گیا جبکہ مقامی افراد سے بھی ملاقات کی۔

    ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج کو لیڈی ڈیانا کے چترال کے نوے کی دہائی کے یادگار دورے کی تصاویر کا البم پیش کیا گیا، جس کے بعد برطانوی شہزادہ اور شہزادی بروغل روانہ ہوگئے۔

    مہمان چترال میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق ایک پروگرام میں شرکت کریں گے جبکہ آج شام کو ہی اسلام آباد واپس لوٹ جائیں گے۔

    خیال رہے شہزادہ ولیم کی والدہ پرنسز ڈیانا نے بھی 1991 میں چترال کا دورہ کیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا 17 اکتوبر جمعرات کو لاہور کا دورہ کرے گا، جہاں 12 بجے لاہور ایئرپورٹ پر گورنر پنجاب اور وزیراعلی پنجاب سے ملاقات طے ہیں، جس کے بعد وہ ایس او ایس چیلڈرن ویلج جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن 17 اکتوبر دن ڈیڑھ بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھی جائیں گے اور بادشاہی مسجد اور شوکت خانم ہسپتال کا بھی دورہ کریں گے۔

    مزید پڑھیں : برطانوی شاہی جوڑے کا ’ٹک ٹک‘ رکشے میں سفر، ویڈیو دیکھیں

    گذشتہ روز برطانوی شاہی مہمانوں نے اپنے پانچ روزہ دورہ پاکستان کا آغاز اسلام آباد میں گرلز اسکول سے کیا، جہاں شاہی جوڑے نے بچیوں سے ملاقات کی۔۔ اسکول کی انتظامیہ نے پاکستان میں تعلیمی نظام سے متعلق بریف کیا۔ شہزادہ اورشہزادی نے کلاس رومز کامعائنہ کیا اور طالبات میں گھل مل گئے۔

    شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے اسلام آباد میں مارگلہ ہلز کی سیر کی، جہاں ہائیکنگ ٹریک ٹریل فائیو اور خوبصورت ندی کا دورہ بھی کیا۔ شاہی جوڑا تیس منٹ تک مارگلہ ہلز کے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہو تا رہا۔

    شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے ایوان صدر میں صدرعارف علوی سے ملاقات کی، جس میں صدر مملکت نے ذہنی صحت، موسمیاتی تبدیلی، اور غربت کے خاتمے بارے شعور بیدار کرنے کے لئے شاہی جوڑے کی کوششوں کو سراہا۔

    شاہی جوڑے نے وزیر اعظم ہاوس میں وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی، وزیر اعظم نے مرکزی دروازے پر مہمانوں کا استقبال کیا اور معزز مہمانوں کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی، جس کے بعدمہمان جوڑے کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔

    شاہی جوڑا رکشے پر پاکستان مانومنٹ پہنچا،اس موقع پرشہزادی کیٹ مڈلٹن نے سبزرنگ کا لباس زیب تن کر رکھا تھا جبکہ شہزادہ ولیم نے سبز رنگ کی شیروانی زیب تن کی، تقریب میں سیاسی سماجی شخصیات اور ملیڑی سے وابستہ عہدیداروں نے بھی شرکت کی، قومی ترانہ کی دھن کو بھی تقریب کا حصہ بنایا گیاجبکہ روایتی دھنوں سے بھی شاہی مہمانوں کو محظوظ کیا گیا۔

  • برطانوی شاہی جوڑا آج صدر مملکت اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرے گا

    برطانوی شاہی جوڑا آج صدر مملکت اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرے گا

    اسلام آباد : برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن آج صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے جبکہ عمران خان شاہی جوڑے کے اعزازمیں ظہرانہ بھی دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن کی آج کی مصروفیات کا شیڈول جاری کردیا گیا ، شاہی جوڑا صبح10 بجے اسلام آباد کے سرکاری اسکول کا دورہ اور 11 بجے ٹریل فائیو پر ماحولیات کی تقریب میں شرکت کرے گا۔

    شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن کی صدر عارف علوی سے ملاقات 12 بجے ہوگی جبکہ دوپہر ایک بجے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات طے ہیں، عمران خان شاہی جوڑے کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔

    خصوصی مہمان شام 6 بجے پاکستان مونومنٹ کا بھی دورہ کریں گے اور رات برطانوی ہائی کمیشن میں قیام کریں گے۔

    یاد رہے گذشتہ رات برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن پاکستان پہنچے تو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے استقبال کیا ، روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے برطانوی شاہی جوڑے کو گل دستہ پیش کئے۔

    مزید پڑھیں : برطانوی شاہی جوڑا پاکستان پہنچ گیا

    شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ شاہی جوڑےکادورہ پاکستان تاریخی اہمیت کاحامل ہے، ان کی  آمدسےپاکستان کامثبت چہرہ سامنےآئے گا دوطرفہ تعلقات مزیدمستحکم ہوں گے۔

    ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے بڑے پوتے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن 14 تا 18 اکتوبر پاکستان کے دورے پر ہیں، 16 اکتوبر کو جوڑا لاہور جائے گا، جہاں وہ شوکت خانم اسپتال، بادشاہی مسجد اور مینار پاکستان سمیت تاریخی جگہیں دیکھیں گے، 17 اکتوبر کو شاہی مہمان چترال کے لیے روانہ ہوں گے۔

    ذرایع دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا 18 اکتوبر کو دوپہر ڈیڑھ بجے نور خان ائیر بیس سے وطن واپس روانہ ہو جائے گا۔

    خیال رہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

  • برطانوی شاہی جوڑے کا شادی کے بعد آسٹریلیا کا پہلا سرکاری دورہ

    برطانوی شاہی جوڑے کا شادی کے بعد آسٹریلیا کا پہلا سرکاری دورہ

    سڈنی : شہزادے ہیری کا اپنی اہلیہ کے ہمراہ آسٹریلیا کے پہلے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے مختلف تقریبات میں خطاب کیا اور گیمز بھی کھیلے جبکہ عوام سے خطاب بھی کیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے چھوٹے شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل سرکاری دورے پر آسٹریلیا میں موجود ہیں، ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس شادی کے بعد پہلے غیر ملکی دورے پر ہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ کو سڈنی کے گورنر نے خوش آمدید کہا تھا، شاہی جوڑے نے دورہ آسٹریلیا کے دوران مختلف تقریبات اور گیمز میں بھی شریک ہوئے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شاہی خاندان میں آنے والے ننھے مہمان کے لیے منفرد تحائف بھی پیش کیے جبکہ میگھن مرکل نے اوپرا ہاوس کے سامنے عکس بندی بھی کروائی تھی اس موقع پر شہزادہ ہیری کی اہلیہ نے پرنسسز آف ویلز لیڈی ڈیانا کے زیورات پہن رکھے تھے۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا تھا کہ ساؤتھ ویلز میں شاہی جوڑے کا لوگوں نے شاندار استقبال کیا جبکہ شہزادہ ہیری نے آسٹریلیا کی عوام سے خطاب بھی کیا تقریر کے دوران بارش ہوئی تو میگھن مرکل شہزادے کے لیے چھتری لیے کھڑی رہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل نے دورہ آسٹریلیا کے دوران سڈنی کے چڑیا گھر کا دورہ بھی کیا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شاہی جوڑے کا دورہ نومبر تک جاری رہے گا اس دورے کے دوران شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل گجی، ٹونگا اور نیوزی لینڈ بھی جائیں گے۔


    مزید پڑھیں : شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع


    برطانوی شاہی محل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کے ہاں ننھے مہمان کی آمد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوبیہاتا جوڑے کے ہاں 2019 میں موسم بہار تک بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

    شاہی محل کی جانب سے تصدیق کیے جانے کے بعد دنیا بھر میں موجود مداحوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کو مبارک باد پیش کی۔