Tag: Broadband Services

  • پاکستان میں براڈ بینڈ سروسز کے اربوں روپے کے نئے منصوبے

    پاکستان میں براڈ بینڈ سروسز کے اربوں روپے کے نئے منصوبے

    اسلام آباد: پاکستان میں برانڈ بینڈ سروسز کے اربوں روپے کے نئے منصوبے منظور کیے گئے ہیں، وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے آپٹیکل فائبر اور براڈ بینڈ سروسز کے لیے 8 ارب روپے کے 7 منصوبوں کا اجرا کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی ٹی وزارت نے آٹھ ارب کی خطیر رقم سے نئے اور بڑے منصوبوں کا آغاز کیا ہے، جن میں بلوچستان کو خصوصی ترجیح دے کر ساڑھے 3 ارب کے منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔

    یو ایس ایف بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ان منصوبوں کی منظوری دے دی، وفاقی وزیر سید امین الحق نے اس حوالے سے بتایا کہ موجودہ حکومت کے دور میں 52 ارب روپے سے شروع کردہ منصوبوں کی تعداد اب ریکارڈ طور پر 56 ہوگئی ہے۔

    امین الحق نے کہا حالات کچھ بھی رہے ہوں وزارت آئی ٹی اور اس کے ذیلی اداروں کی کارکردگی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، واضح رہے کہ ان کا اشارہ ملک میں موجودہ نہایت کشیدہ سیاسی صورت حال کی طرف تھا، بالخصوص ان کی حکمراں پارٹی کو اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کی صورت میں ایک لٹکتی تلوار کا سامنا ہے۔

    انھوں نے کہا ریکارڈ منصوبوں کے اجرا پر یونیورسل سروس فنڈ اور تمام ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے، موجودہ حکومت میں شروع کیے گئے تمام منصوبوں کی مقررہ مدت میں پورا کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ موجودہ پیکج میں قلعہ سیف اللہ اور ژوب کے 111 دیہاتوں میں فور جی سروسز کی فراہمی کے لیے 3 ارب 57 کروڑ روپے کا منصوبہ شامل کیا گیا ہے۔

    جھنگ، بھکر اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 722 دیہاتوں میں براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے لیے 2 ارب 25 کروڑ کا منصوبہ شامل ہے، ہری پور اور اسلام آباد کی 6 یونین کونسلوں میں 106 کلومیٹر آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے لیے 41 کروڑ کا منصوبہ ہے۔

    لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ کی 62 یونین کونسلوں میں 555 کلو میٹر آپٹیکل فائبر کے لیے ایک ارب 61 کروڑ کا منصوبہ شامل ہے، جب کہ ہکلہ ڈی آئی خان موٹر وے کے 95 کلو میٹر حصے پر 37 کروڑ 53 لاکھ کی لاگت سے براڈ بینڈ سروسز کا منصوبہ شامل کیا گیا ہے۔

  • سندھ میں کروڑوں روپے کے ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز کے منصوبے

    سندھ میں کروڑوں روپے کے ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز کے منصوبے

    اسلام آباد: صوبہ سندھ کے 5 اضلاع کے لیے 69 کروڑ 80 لاکھ روپے کے ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز منصوبے جلد شروع کردیے جائیں گے، منصوبوں سے 6 لاکھ 61 ہزار سے زائد پسماندہ آبادی کو موبائل سروس اور براڈ بینڈ سروسز میسر آئیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے 5 اضلاع کے لیے ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز کے 2 منصوبوں پر معاہدے کی تقریب ہوئی، تقریب میں وفاقی وزرا امین الحق اور اسد عمر نے شرکت کی۔

    وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کا کہنا ہے کہ منصوبوں پر مجموعی لاگت 69 کروڑ 80 لاکھ 51 ہزار 300 روپے آئے گی، پہلا منصوبہ کشمور، شہداد کوٹ اور لاڑکانہ کے 359 دیہات کے لیے ہے جس کی مالیت 24 کروڑ 64 لاکھ روپے ہے۔

    سید امین الحق کا کہنا تھا کہ نوشہرو فیروز اور بے نظیر آباد کے 438 دیہات میں 45 کروڑ 16 لاکھ کا دوسرا منصوبہ ہے۔ دونوں منصوبوں سے 6 لاکھ 61 ہزار سے زائد پسماندہ آبادی کو موبائل سروس اور براڈ بینڈ سروسز میسر آئیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ براڈ بینڈ سروسز فراہمی کے منصوبے 12 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیے جائیں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ میں 8 ارب 48 کروڑ روپے کی لاگت سے 9 پراجیکٹس شروع کیے گئے، صوبے کے 7 اضلاع میں 1905 کلو میٹر آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے منصوبے شروع کیے جاچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فائبر آپٹیکل کے منصوبوں پر 5 ارب 10 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آرہی ہے۔ منصوبوں کی تکمیل سے ان اضلاع کی 1 کروڑ 75 لاکھ سے زائد آبادی تیز ترین انٹرنیٹ سے منسلک ہوجائے گی۔