Tag: Broken Scanner

  • لاہور ایئرپورٹ کے بعد کراچی ایئرپورٹ کا اسکینر بھی خراب ہونے کا انکشاف

    لاہور ایئرپورٹ کے بعد کراچی ایئرپورٹ کا اسکینر بھی خراب ہونے کا انکشاف

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گاڑیوں کو چیک کرنے کے لیے نصب کیا گیا اسکینر گزشتہ 1 سال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر جائیکا کے تعاون سے سنہ 2016 میں اسکینر (انڈر وہیکل انسپیکشن سسٹم) نصب کیا گیا تھا جو سال بھر کے زائد عرصے سے خراب پڑا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر اسکینر کی مدد سے گاڑیوں کی جامع تلاشی لی جاتی تھی تاہم اسکینر خراب ہونے کے باعث گاڑیوں کی اسکیننگ کا عمل رک گیا، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) مینوئل طریقے سے گاڑیوں کو سرچ کر رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق اسکینر مشین کے پرزہ جات نہ ہونے کی وجہ سے مرمت کا کام التوا کا شکار ہے، مذکورہ کمپنی پر امریکا نے پابندی عائد کی ہوئی ہے جس کی وجہ سے پرزہ جات پاکستان درآمد نہیں ہو پارہے۔

    سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ جائیکا سے مکمل طور پر رابطے میں ہیں تاکہ پرزہ جات جلد سے جلد دستیاب ہوں اور مشینوں کو فعال کیا جاسکے، جائیکا کا نمائندہ وفد بھی مشینوں کا دورہ کر کے جا چکا ہے۔

    خیال رہے کہ کل لاہور ایئر پورٹ کی پارکنگ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، بعد ازاں ابتدائی انکوائری رپورٹ میں ایئر پورٹ کے واحد اسکینر کے 2 سال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق ایئر پورٹ پر واحد اسکینر صرف ڈیپارچر لاؤنج تک جانے والی گاڑیوں کو اسکین کرتا ہے، پارکنگ ایریا میں جانے والی گاڑیوں کو چیک کرنے کے لیے کوئی اسکینر نہیں۔

  • لاہور ایئرپورٹ کا واحد اسکینر 2 سال سے خراب، گاڑیاں بغیر چیکنگ اندر جاتی رہیں

    لاہور ایئرپورٹ کا واحد اسکینر 2 سال سے خراب، گاڑیاں بغیر چیکنگ اندر جاتی رہیں

    لاہور: علامہ اقبال ایئرپورٹ کے واحد اسکینر کے 2 سال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ایئرپورٹ پر آج صبح پیش آنے والے فائرنگ واقعے کی رپورٹ ہوا بازی ڈویژن کو ارسال کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر فائرنگ کے واقعے کی ابتدائی انکوائری رپورٹ تیار کرلی گئی۔ رپورٹ میں ایئر پورٹ کے واحد اسکینر کے 2 سال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکینر خراب ہونے کے باعث گاڑیوں کی اسکیننگ نہیں ہو رہی، سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو ہر ماہ اسکینر کی خرابی سے متعلق آگاہ کیا جاتا رہا، آگاہ کرنے کے باوجود اسکینر کو ٹھیک نہ کروایا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ پر واحد اسکینر صرف ڈیپارچر لاؤنج تک جانے والی گاڑیوں کو اسکین کرتا ہے، پارکنگ ایریا میں جانے والی گاڑیوں کو چیک کرنے کے لیے کوئی اسکینر نہیں۔

    ذرائع کے مطابق خراب اسکینر کی انسپکشن کے لیے آج ہی جاپان سے ٹیم لاہور پہنچی ہے، انسپیکشن ٹیم جانچ پڑتال کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

    واقعے کی ابتدائی رپورٹ ہوا بازی ڈویژن کو ارسال کردی گئی ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کراچی سے ٹیم لاہور ایئرپورٹ پہنچ گئی ہے۔ اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیم جائے حادثہ کا دورہ کرے گی، ٹیم دورے کے بعد اپنی مفصل رپورٹ بھی وزارت ہوا بازی کو ارسال کرے گی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔ ملزمان کی فوٹیج حاصل کر کے تحقیقات جاری ہیں۔ ملزمان اسلحے سمیت کیسے ایئر پورٹ میں داخل ہوئے اور ان کے ساتھ کتنے افراد تھے اس سےمتعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔

    خیال رہے کہ آج صبح لاہور ایئر پورٹ کی پارکنگ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ اے ایس ایف کے مطابق فائرنگ کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔