Tag: Brother

  • بھائی نے بہن کا گلا گھونٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا

    بھائی نے بہن کا گلا گھونٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا

    شکار پور: بھائی نے سیاہ کاری کے الزام میں بہن کا گلا گھونٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شکار پور کے نواحی گاؤں سیف الدین شر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں بھائی نے بہن کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے شادی شده بہن بشیرا خاتون کو سیاه کاری کے الزام میں قتل کیا، بہن کو قتل کرنے کے بعد ملزم جائے وقوع سے فرار ہوگیا، جبکہ مقتولہ کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    اس سے قبل 30 اکتوبر کو نصیرآباد کے علاقے پ تھانہ فلیجی کی حدود بانڑی میں غیرت کے نام پر ایک عورت اور اس کے مبینہ آشنا نصیب اللہ کو مو ت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔

    ملزمان واردات کے بعد فرار ہو گئے تھے جبکہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا تھا۔

  • ’اختیارات ضبط کرنے کی سازش‘ عامر خان کے بھائی کا اداکار پر سنگین الزام

    ’اختیارات ضبط کرنے کی سازش‘ عامر خان کے بھائی کا اداکار پر سنگین الزام

    ممبئی: بالی ووڈ کے ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامر خان کے بھائی فیصل خان نے اپنے بھائی پر سنگین الزام عائد کیا ہے کہا کہ بھائی نے تمام اختیارات ضبط کرنے کی سازش کی تھی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ماضی میں اداکار عامر خان کے بھائی فیصل خان نے ایک انٹرویو میں یہ انکشاف کیا تھا کہ عامر خان نے انہیں پاگل ثابت کر کے ان کے تمام اختیارات ضبط کرنے کی سازش کی تھی۔

    فیصل خان نے کہا کہ’ ایک دن عامر خان میرے گھر پولیس اور ڈاکٹر لے آئے ار کہا کہ میری ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے، اس میں وہ مجھے ساتھ لے جانا چاہتے ہیں‘۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ عامر نے مجھ سے کہا کہ ہم تمہیں کلینک لے کر جائیں گے جہاں تمھارا معائنہ ہوگا اور اگر تم ہمارے ساتھ نہیں گئے تو  ڈاکٹر تمہیں انجیکشن دے گا اور تمہیں بے ہوش کر کے ہم ساتھ لے جائیں گے۔

    فیصل خان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ 2007 میں عامر کی میرے پاس کال آئی اور اس نے مجھ سے کہا کہ ’’فیصل تم پاگل ہو اور کل عدالت میں تم اس بات کا اقرار کرتے ہوئے یہ کہو گے تم اپنے ذہنی کیفیت کے سبب اپنے فیصلے خود نہیں لے سکتےاور تمہیں ایک سرپرست کی ضرورت ہے‘‘۔

    فیصل خان نے بتایا کہ  میں یہ سن کر چونک اٹھا، عدالت میں جج نے مجھے کہا کہ آپ مینٹل اسپتال جائیں اگر وہ آپ کی دماغی حالت کو درست قرار دے دیتا ہے تو فیصلہ آپ کے حق میں دے دیا جائے گا اور اس کے بعد یہ کیس چلتا رہا۔

    واضح رہے کہ عامر اور فیصل کے تعلقات میں اُس وقت کچھ تلخی آ گئی تھی، جب فیصل نے عامر کو ’موقع پرست‘ کہہ دیا تھا۔

    جبکہ فیصل خان نے  آئیرا کی شادی میں بھی شرکت نہیں کی تھی، ان کی عدم موجودگی نے ایک بار پھر دونوں کے تعلقات کو ناخوشگوار قرار دے دیا ہے۔

  • شقی القلب شخص نے والدین اور بڑے بھائی کو قتل کردیا

    شقی القلب شخص نے والدین اور بڑے بھائی کو قتل کردیا

    قاہرہ: مصر میں ایک سنگ دل شخص نے اپنے والدین اور بڑے بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، دونوں بھائیوں کے درمیان اختلافات چل رہے تھے۔

    اردو نیوز کے مطابق مصر کے شمال میں واقع گورنریٹ کفر الشیخ میں ایک خاندان کے سب سے چھوٹے بیٹے نے اپنے ماں باپ اور بڑے بھائی کو قتل کردیا۔

    یہ واقعہ قلین مرکز کے گاوں الشقہ میں آبادی سے دور ایک زرعی زمین میں واقع گھر میں پیش آیا، خاندان زراعت سے وابستہ تھا۔

    خاندان کے سب سے بڑے بیٹے کا نام محمد جمال تھا اور اس کی عمر 45 برس تھی، وہ پیشے کے لحاظ سے استاد تھا۔ والد جمال کی عمر 80 جبکہ والدہ انیسہ کی عمر 75 برس تھی۔

    علاقے کے سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ نے بتایا کہ قلین مرکز کے الشقہ گاؤں میں واقع ایک گھر سے کسان، اس کی بیوی اور بیٹے کی لاشیں ملی ہیں، واقعے کی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ان دونوں بھائیوں کے درمیان اختلافات چلے آرہے تھے۔

    ملزم یعنی سب سے چھوٹا بیٹا 31 سالہ احمد جمال سوشل سروس میں گریجویٹ ہے اور اسکندریہ میں کام کرتا ہے۔

    احمد جمال 8 دسمبر کو اسکندریہ سے واپس آیا، قتل کا منصوبہ اس کے ذہن میں موجود تھا، وہ اپنے ساتھ ایک سفید رنگ کا ہتھیار بھی لایا تھا جس سے اس نے اپنے بھائی اور والدین پر وار کیے۔

    اس کے بعد اس نے آلہ قتل ایک گودام میں چھپا دیا۔

    اس واقعے کا علم اس وقت ہوا جب مقتول ٹیچر کے ساتھ کام کرنے والے ساتھیوں نے ان کے 2 دن سے غیر حاضر ہونے کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس ان کے گھر پہنچی، جہاں قتل کی لرزہ خیز واردات کا انکشاف ہوا۔

  • بہن کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے بھائی کی خطرناک حرکت

    بہن کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے بھائی کی خطرناک حرکت

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شخص نے اپنی بہن کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے نہایت خطرناک اور اوچھی حرکت کرتے ہوئے طیارے میں بم کی جھوٹی فون کال کردی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق چنائی میں ایک شخص نے اپنی بہن کو بیرون ملک سفر سے روکنے کے لیے جہاز میں بم کی جھوٹی فون کال کردی، نجی ایئر لائن کی پرواز دبئی روانگی کے لیے تیار تھی جسے بم کی جھوٹی اطلاع کے بعد 6 گھنٹے تک رکنا پڑا۔

    صبح 7 بجے 60 مسافر جہاز میں سوار ہوچکے تھے جب ایک شخص نے پولیس کنٹرول روم میں فون کر کے بم کی جھوٹی اطلاع دی۔

    فون کال کے بعد بورڈنگ کا عمل روک دیا گیا اور سوار ہونے والے مسافروں کو بھی واپس اتار دیا گیا، طیارے کو ایئرپورٹ پر موجود بالکل علیحدہ مقام پر معائنے کے لیے لے جایا گیا۔

    ایئرپورٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جہاز کی مکمل طور پر تلاشی لی لیکن کوئی مواد برآمد نہیں ہوسکا۔

    جھوٹی کال کرنے پر شہری کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس نے پولیس کو بتایا کہ بہن کو دبئی جانے سے روکنا چاہتا تھا، اس لیے جھوٹی کال کر کے پرواز روکنے کی کوشش کی۔

  • بھائی، بھابی، بھتیجی کو قتل کرنے والا سفاک قاتل گرفتار

    بھائی، بھابی، بھتیجی کو قتل کرنے والا سفاک قاتل گرفتار

    لاہور میں میاں بیوی اور بیٹی کے قتل میں ملوث سفاک ملزم مقتول کا بھائی نکلا، پولیس نے واردات کے چند گھنٹے بعد گرفتار کرلیا۔

    لاہور کے علاقے چوہنگ میں میاں بیوی اور بیٹی کے قتل میں ملوث سفاک ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا جس سے تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ وہ مقتول امانت علی کا بھائی ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم امین دو نامعلوم افراد کیساتھ صبح 8 بجے مقتول امانت کے گھرمٹھائی دینے کے بہانے آیا تھا۔

    ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنے بھائی، بھابی اور بھتیجی کے ہاتھ باندھے اور انہیں بیدردی سے قتل کرکے فرار ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا۔

    پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق لاہور: مقتول امانت کا بھائی امین سے جائیداد کاتنازع تھا۔

    مزید پڑھیں: لاہور: دو خواتین سمیت 3 افراد کا لرزہ خیز قتل

    ایس پی صدر نے بتایا کہ ملزم امین نے 2014 میں والد کو بھی قتل کیا تھا اورچند روز قبل ہی والد کے قتل کے الزام میں جیل سے قید کاٹ کرآیا تھا۔

  • سانحہ مری، برفانی طوفان نے 7 بہنوں سے اکلوتا بھائی بھی چھین لیا

    سانحہ مری، برفانی طوفان نے 7 بہنوں سے اکلوتا بھائی بھی چھین لیا

    مری میں برفانی طوفان میں جاں بحق 22 افراد میں ایک مردان کا رہائشی نوجوان اسد بھی تھا جو  7  بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔

    سانحہ مری کو جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے، وقت کے اس ملبے سے کئی المناک کہانیوں کی تفصیلات سامنے آرہی ہیں، یہ واقعہ مردان کے ایک گھرانے پر بھی قیامت ڈھا گیا۔

    مری جانے والا نوجوان اسد مردان کا رہائشی اور 7 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔

    اسد کی2 سال پہلےشادی ہوئی تھی اور گھر کا واحد کفیل بھی تھا جو سریے کا کاروبار کرتا تھا۔

    چھ ماہ قبل ہی اس کے گھر ایک نئی زندگی نے جنم لیا تھا، اس کا بیٹا تو ابھی اپنے باپ کے لمس سے صحیح طرح آشنا بھی نہ ہوا تھا کہ وہ سایہ ہی سر سے اٹھ گیا۔

    اس کے گھر والے اسد کی آمد کے منتظر تھے کہ سانحہ مری نے ان کے اس انتظار کو زندگی بھر نہ ختم ہونے والے انتظار  میں تبدیل کردیا ہے۔

  • 24 سال سے گمشدہ بھائی نے اچانک سامنے آ کر بھائی پر حملہ کردیا

    24 سال سے گمشدہ بھائی نے اچانک سامنے آ کر بھائی پر حملہ کردیا

    اٹلی میں 24 سال تک اپنے گمشدہ بھائی کو ڈھونڈنے والے شخص کو بھائی کا سراغ اس وقت ملا، جب اس کا بھائی چاقو لہراتا ہوا اس کے گھر میں داخل ہوا اور اس پر حملہ کردیا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق 35 سالہ مارٹن گزشتہ 24 سال سے اپنے بھائی آئیوو کی تلاش میں تھا، اس نے کئی اخبارات میں اشتہارات دیے لیکن بھائی کو ڈھونڈنے میں ناکام رہا۔

    آئیوو باپ کے مرنے کے بعد 18 سال کی عمر میں گھر چھوڑ کر چلا گیا تھا۔

    پھر ایک رات اچانک ایک حملہ آور اس کے گھر میں داخل ہوا اور چاقو سے اس پر حملہ کردیا، خوفزدہ مارٹن نے چلا کر پوچھا کہ وہ کون ہے اور کیا چاہتا ہے، جس پر حملہ آور نے بتایا، میں تمہارا بھائی ہوں کیا تم نے مجھے پہچانا نہیں؟

    مارٹن اس وقت زخمی حالت میں اسپتال میں موجود ہے جبکہ آئیوو کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

    مارٹن کے وکیل کے مطابق آئیوو ممکنہ طور پر جائیداد کی تقسیم پر نالاں تھا، مارٹن جس گھر میں رہائش پذیر تھا وہ ان دونوں کے باپ نے مارٹن کو دے دیا تھا۔

    تاہم وکیل کا کہنا ہے کہ اس قسم کے معاملات کے حل کے لیے لوگ وکیل کی مدد لیتے ہیں، 2 دہائیوں تک غائب رہنا اور پھر ایک رات اچانک چاقو کے ساتھ نمودار ہونا اس مسئلے کا حل نہیں۔

    گھر سے جانے کے بعد آئیوو غربت میں زندگی بسر کر رہا تھا اور یقیناً وراثتی گھر سے محروم ہونے کا غصہ لیے بیٹھا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ آئیوو نے اپنے بھائی پر چاقو سے پے در پے کئی وار کیے لیکن اس بات کا خیال رکھا کہ کوئی وار جان لیوا ثابت نہ ہو۔ کیس کو جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا جس کے بعد آئیوو کی زندگی کا فیصلہ ہوگا۔

  • امریکا میں امیر قطر کے بھائی پر عملے کو یرغمال بنانے اور اقدامِ قتل کا مقدمہ درج

    امریکا میں امیر قطر کے بھائی پر عملے کو یرغمال بنانے اور اقدامِ قتل کا مقدمہ درج

    واشنگٹن/ دوحہ: متاثرہ افراد نے الزام عائد کیا ہے کہ امیر قطر کے بھائی نے اپنی امریکی سکیورٹی کے عملہ کے ایک رکن کو دوافراد کے قتل پر آمادہ کرنے کی کوشش کی تھی ۔

    تفصیلات کےمطابق امریکا میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے بھائی کے خلاف اپنے عملہ کے دو ارکان کو قتل کرنے کی دھمکی دینے اور ایک کو زیر حراست رکھنے پر مقدمہ دائر کیا گیا ہے،شیخ خالد بن حمد آل ثانی کے خلاف 23جولائی کو امریکا کی ایک وفاقی عدالت میں قانونی درخواست دائر کی گئی تھی۔

    اس میں ان پر الزام عائد کیا گیا کہ انھوں نے اپنی امریکی سکیورٹی کے عملہ کے ایک رکن کو دوافراد کے قتل پر آمادہ کرنے کی کوشش کی تھی اور اس کو ایک تیسرے امریکی کو زیر حراست رکھنے کا حکم دیا تھا،اس قانونی عذر داری میں ایک اور درخواست گزار کی شکایت بھی شامل ہے۔

    اس میں اس دوسرے درخواست گزار نے دعویٰ کیا کہ ا س کو شیخ خالد کے لیے خدمات کی انجام دہی کے دوران میں ایک احاطے میں زیر حراست رکھا گیا تھا اور بندوق سے ڈرایا دھمکایا گیا تھا۔

    اس نے کہا کہ اس کو دیوار سے پھاند کر بھاگ جانے کی کوشش میں زخم آئے تھے جن کے علاج کے لیے اس کو سرجری کی ضرورت پیش آئی تھی،امریکا کی ایک خبری ویب گاہ ڈیلی کالر نے پہلے اس قانونی درخواست کی اطلاع دی تھی۔

    اس کے مطابق دونوں درخواست گزار، سکیورٹی گارڈ میتھیو پیٹارڈ اور طبی اہلکار میتھیو ایلنڈے، شیخ خالد کے لیے امریکا اور قطر میں کام کرتے رہے تھے،اس کے علاوہ قطری شیخ دنیا بھر میں جہاں کہیں سفر پر جاتے تھے تو وہ بھی ان کے ہمراہ ہوتے تھے۔

    شیخ خالد پر مبینہ طور پر یہ الزام عاید کیا گیا ہے کہ انھوں نے پیٹارڈ کو دو افراد کو ستمبر2017ءاور نومبر 2017 میں لاس اینجلس میں قتل کرنے کے لیے کہا تھا۔ان میں ایک مرد اور ایک عورت تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امیر قطر کے بھائی ان دونوں کو اپنی ذاتی شہرت اور سکیورٹی کے لیے خطرہ سمجھتے تھے مگر ان کے محافظ پیٹارڈ نے ان کی غیر قانونی درخواست پر عمل کرنے سے انکار کردیا تھا۔

    ان پر عائد کردہ الزامات میں سے ایک میں کہا گیا کہ انھوں نے ایک امریکی شہری کو ایک سے زیادہ مرتبہ حراست میں رکھا تھا۔

    اس قانونی درخواست میں شیخ خالد پر الزام عائد کیا گیا کہ انھوں نے ایک امریکی شہری کو دو مواقع پر اس کی منشا کے خلاف حراست میں رکھا تھا،دوحہ میں امریکی سفارت خانہ اور پیٹارڈ اس امریکی کی مدد کو آئے تھے اور انھوں نے اس کے قطر سے فرار میں مدد دی تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ جب شیخ خالد کو میتھیو پیٹارڈ کی اس حرکت کا پتا چلا تھا تو انھوں نے یہ دھمکی دی تھی کہ پیٹارڈ کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

    شیخ نے پیٹارڈ کو براہِ راست قتل کرنے اور اس کی لاش صحرا میں پھینکنے میں دھمکی دی تھی۔

  • کم جونگ اُن کا مقتول بھائی سی آئی اے ایجنٹ تھا، امریکی جریدے کا دعویٰ

    کم جونگ اُن کا مقتول بھائی سی آئی اے ایجنٹ تھا، امریکی جریدے کا دعویٰ

    واشنگٹن : امریکی جریدے نے شمالی کورین سربراہ کے مقتول بھائی سے متعلق انکشاف کیا ہے کہ کم جونگ نام سی آئی اے کا ایجنٹ تھا جسے امریکا جاتے ہوئے پُراسرار طور پر قتل کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے انکشاف کیا ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کے پُراسرار طریقے سے قتل کیے گئے سوتیلے بھائی کم جونگ نام دراصل سی آئی اے ایجنٹ تھے۔

    امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کے مقتول سوتیلے بھائی کم جونگ نام کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ وہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ایجنٹ تھے اور شمالی کوریا کی جاسوسی کیا کرتے تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے سربراہ کے سوتیلے بھائی کا ایک بار ملک کی باگ ڈور سنبھالنے والوں کی ممکنہ افراد کی فہرست میں بھی نام آچکا ہے تاہم والد کے انتقال کے بعد کم جونگ اُن نے یہ عہدہ سنبھال لیا اور یہیں سے دونوں کے درمیان اختلافات نے جنم لیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اسی دوران دونوں بھائیوں کے درمیان اختلافات اور اقتدار کے حصول کے لیے کھینچا تانی کی خبریں بھی آتی رہی ہیں، اسی اثناء میں اچانک 2017 کو کوالالمپور کے ہوائی اڈے پر کم جونگ اُن کے سوتیلے بھائی کا قتل ہوگیا۔

    تحقیقاتی اداروں کا کہنا ہے کہ کم جونگ نام کے چہرے پر دو خواتین نے اعصاب شکن کیمیکل کا اسپرے کیا تھا جس سے ان کی موت واقع ہوگئی، قاتل خواتین کا تعلق ویت نام اور انڈونیشیا سے تھا جنہیں عدم ثبوت پر حال ہی میں رہا کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کم جونگ نام قتل کے وقت ملائیشیا میں موجود تھے جہاں سے انہیں سی آئی اے حکام سے ملنے امریکا جانا تھا، اس سے قبل بھی کم جونگ نام کے سی آئی اے حکام سے ملاقاتوں کے شواہد موجود ہیں تاہم سی آئی اے کے لیے ان کا کردار اب تک غیر واضح تھا۔

  • کراچی: جائیداد کا تنازعہ، بھائی نے بھائی کو قتل کرکے خود کشی کرلی

    کراچی: جائیداد کا تنازعہ، بھائی نے بھائی کو قتل کرکے خود کشی کرلی

    کراچی: خون سفید ہوگیا، شہرقائد میں جائیداد کے تنازعہ پر بھائی نے سگے بھائی کو قتل کرکے خودکشی کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس بلاک سکس میں جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں بھائی نے بھائی کو قتل کرکے خود کشی کرلی۔

    پولیس کے مطابق جھگڑے کے دوران ایک بھائی کی اہلیہ بھی گولی لگنے سے زخمی ہوگئی، ایس ایس پی ایسٹ کے حکم پر واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    فائرنگ کے بعد دونوں بھائیوں کو جناح اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

    جائیداد کا تنازعہ، باپ نے بیٹوں سے مل کر بیٹےکو مار ڈالا

    پولیس کے مطابق واقعے میں استعمال ہونے والی نائن ایم ایم پستول تحویل میں لے لی گئی ہے، زخمی خاتون کا بیان لینے کے بعد صورتحال مزید واضح ہوگی۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں بالخصوص دیہی علاقوں میں جائیداد کے تنازع پر خون سفید ہونے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، قبل ازیں متعدد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

    واضح رہے کہ جون 2015 میں جائیداد کے تنازعہ پر والدین اور بیٹوں نے مل کراپنے سگے بھائی کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کردیا تھا۔