Tag: Buckingham Palace

  • کنگ چارلس کا کینسر، شاہی ذرائع کا اہم بیان

    کنگ چارلس کا کینسر، شاہی ذرائع کا اہم بیان

    لندن: برطانیہ کے بادشاہ کنگ چارلس پر کینسر کے علاج کے ضمنی اثرات کے باعث کل کی تمام مصروفیات منسوخ کردی گئیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق شاہی ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے بادشاہ کنگ چارلس کو کچھ دیرکیلئے اسپتال میں زیر نگہداشت رکھا گیا، انہوں نے طبی مشورے پر شاہی مصروفیات منسوخ کی ہیں، بادشاہ چارلس طبیعت سنبھلنے پرکلیرنس ہاؤس واپس پہنچے۔

    شاہی ذرائع کے مطابق کینسر کے علاج کے ضمنی اثرات معمولی اور عارضی تھے، بادشاہ کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے،سرکاری امور گھر سے انجام دینگے۔

    واضح رہے کہ بادشاہ جمعرات کو تین ممالک کے سفیروں سے اعتماد نامے وصول کرنے والے تھے، جبکہ جمعے کو انگلینڈ کے وسطی شہر برمنگھم میں چار عوامی تقاریب میں شرکت کرنے کا شیڈول تھا۔

    کنگ چارلس کے کینسر کی تشخیص کا اعلان پہلی بار فروری 2023 میں کیا گیا تھا، جب اس سے ایک ماہ قبل انہوں نے پروسٹیٹ کے بڑھنے کے ایک غیرسرطانی عمل کے لیے ”اصلاحی طریقہ کار” کروایا تھا۔

    انہوں نے کینسر کے علاج کے دوران عوامی فرائض سے عارضی طور پر وقفہ لیا تھا، جس کی قسم کو سرکاری طور پر ظاہر نہیں کیا گیا، اور اپریل 2024 میں چند ماہ بعد دوبارہ کام شروع کیا۔

    چارلس اور ڈیانا کی شادی کیوں ٹوٹی؟ 3 دہائیوں بعد شاہی مصنف کی کتاب میں‌سنسنی خیز انکشافات

    تشخیص کے بعد اپنے پہلے سرکاری کام میں، چارلس نے ایک کینسر ٹریٹمنٹ سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طبی عملے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اور مریضوں اور ان کے اہل خانہ سے تعلق قائم کرتے ہوئے اپنے ذاتی تجربے کا سہارا لیا۔

  • بکنگھم پیلس سج گیا، آج بادشاہ چارلس کو تاج پہنایا جائے گا

    بکنگھم پیلس سج گیا، آج بادشاہ چارلس کو تاج پہنایا جائے گا

    لندن: برطانیہ میں بکنگھم پیلس سج گیا ہے، آج بادشاہ چارلس کو تاج پہنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم کی تاج پوشی کی عظیم الشان تقریب کا آج آغاز ہوگا، یہ تقریب مذہبی رسومات اور شاہی شان و شوکت کا مظہر ہے، جس میں بادشاہ چارلس اور ان کی اہلیہ ملکہ کمیلا کی تاج پوشی ہوگی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق شاہ چارلس چالیسویں شاہی حکمران ہیں، جن کی تاج پوشی ویسٹ منسٹر ایبے میں ہو رہی ہے، آج کے دن ایک ہزار سال پرانے رسم و رواج پر عمل ہوگا۔

    بکنگھم پیلس سے ویسٹ مِنسٹر ایبے تک ایک جلوس کے ساتھ تقریب کا باضابطہ آغاز ہوگا، بکنگھم پیلس کے خاص مہمانوں میں سابق فوجی اہلکار، نیشنل ہیلتھ سروس اور سوشل کیئر کا عملہ بھی شامل ہے، بکنگھم پیلس سے ویسٹ مِنسٹر ایبے جانے والے جلوس میں شامل مسلح افواج کے تقریباً 200 اہلکار ‘ایسکورٹ آف ہاؤس ہولڈ کیولری’ کے ہیں، راستے پر ایک ہزار دیگر اہلکار تعینات ہیں۔

    یہ جلوس 1953 میں ملکہ الزبتھ دوم کی تاج پوشی کے موقع پر نکلنے والے جلوس سے چھوٹا ہے، 10:20 پر بکنگھم پیلس سے جلوس روانہ ہوگا، جلوس دی مال اور ٹریفیلگر اسکوائر کے بعد، وائٹ ہال اور پارلیمنٹ اسٹریٹ سے گزرتا ہوا پارلیمنٹ اسکوائر اور براڈ سینکچوری کی جانب مڑ کر ویسٹ منسٹر ایبے کے مغربی دروازے ’گریٹ ویسٹ ڈور‘ پہنچے گا۔

    بادشاہ چارلس اور ملکہ کمیلا پارکر ڈائمنڈ جوبلی اسٹیٹ کوچ میں سوار ہوں گے، جسے 6 ونڈسر گرے گھوڑے کھینچیں گے، اسٹیٹ کوچ کے گرد بادشاہ کے محافظ موجود ہوں گے۔ 11:00 پر بادشاہ چارلس کا قافلہ بکھنگم پیلس سے 2 کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے صبح 11 بجے ویسٹ منسٹر ایبے پہنچے گا۔

    بادشاہ چارلس پہلے بادشاہوں کی طرح روایتی لباس کی بجائے فوجی وردی پہنیں گے، صبح گیارہ بجے ویسٹ منسٹر ایبے میں تقریب تاج پوشی کا آغاز ہوگا، بادشاہ چارلس کو دن 12 بجے تاج پہنایا جائے گا۔ برطانوی بادشاہ چالس کی تاجپوشی کے بعد چرچ آف انگلینڈ کے پادریوں اور کینٹربری کے آرچ بشپ جسٹن ویلبی کی قیادت میں چرچ سروس ہوگی جو ایک بجے تک جاری رہے گی۔

    تاجپوشی کے لیے شاہی خاندان کے ارکان، عالمی سربراہان، سول سوسائٹی کے اراکین سمیت 2 ہزار 300 افراد مدعو ہیں، تقریب کے بعد بادشاہ چارلس ملکہ کمیلا پارکر کے ہمراہ گولڈ اسٹیٹ کوچ میں سوار ہوکر بکھنگم پیلس لوٹ جائیں گے، بادشاہ چارلس اور ملکہ بکھنگم پیلس کے باہر ہجوم کا استقبال کرنے اور رائل ایئر فورس کا فلائی پاسٹ دیکھنے کے لیے تقریباً 2:15 پر بجے بالکونی میں نمودار ہوں گے۔

    تقریب تاجپ وشی کے بعد اتوار کو تقریبات جاری رہیں گی، برطانیہ بھر میں ’بگ کورونیشن لنچ‘ اور’اسٹریٹ پارٹیز‘ ہوں گی۔

    برطانوی بادشاہ کی تاج پوشی کے ساتھ لندن سمیت برطانیہ بھر میں تین روزہ جشن کا آغاز بھی ہو گیا ہے، کل رات آٹھ بجے ونڈسر کیسل میں ’کورونیشن کانسرٹ‘ منعقد ہوگا، جس میں ایک ہزار افراد شریک ہوں گے، جب کہ پیر 8 مئی کو برطانیہ بھر میں عام تعطیل ہوگی۔

    یاد رہے کہ 74 سالہ بادشاہ 8 ستمبر 2022 کو ملکہ الزبتھ دوم کی موت کے بعد تخت پر بیٹھے تھے۔

  • بکنگھم پیلس کے حوالے سے نیا انکشاف

    بکنگھم پیلس کے حوالے سے نیا انکشاف

    لندن: بکنگھم پیلس کے نسل پرست ہونے سے متعلق نئے انکشافات سامنے آ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شاہی محل بکنگھم پیلس کے نسل پرست ہونے پر ایک بار پھر سے بحث شروع ہوگئی ہے، کچھ ایسے دستاویز سامنے آئے ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 1960 تک رنگ اور نسل کی بنیاد پر آفس جاب کے لیے اقلیتوں اور غیر ملکیوں پر پابندی عائد تھی۔

    دستاویز میں انکشاف ہوا ہے کہ پیلس میں انتظامی امور کے لیے گندمی یا کالے رنگ کے ملکی اور غیر ملکی افراد کی خدمات نہیں لی جاتی تھیں، گارڈین نے ان دستاویزات کے ذریعے انکشاف کیا ہے کہ نسلی اقلیتوں کے افراد کا ملکہ الربتھ دوم کے لیے کام کرنا ممنوع قرار دیا گیا تھا، اور برطانیہ کے ان قوانین سے مستثنیٰ حاصل تھا جو نسل اور جنس کی تفریق کو روکتے ہیں۔

    برطانوی قومی آرکائیوز میں موجود دستاویزات کے مطابق گارڈین نے بدھ کو رپورٹ کیا کہ ملکہ الزبتھ دوم کے چیف فنانشل منیجر نے 1968 میں سول حکام کو آگاہ کیا کہ شاہی گھرانے کے لیے کلرک کے کام پر رنگ دار تارکین وطن یا غیر ملکیوں کو تعینات نہیں کیا جاتا تھا۔

    تاہم ریکارڈ سے پتا چلتا ہے کہ یہ روایت 1990 کی دہائی میں ختم ہوگئی تھی کیوں کہ پھر نسلی اقلیت سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ملازمت دی جانے لگی تھی، خیال رہے کہ یہ انکشاف شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے بکنگھم پیلس پر نسل پرستی کے الزامات کے تناظر میں سامنے آئے ہیں۔

    انھوں نے میزبان اوپرا وِنفرے کے ساتھ اپنے تہلکہ خیز انٹرویو میں کہا تھا کہ شاہی محل میں ان کے بیٹے آرچی کی پیدائش کے وقت سب سے زیادہ باتیں اس کے رنگ کے بارے میں ہوتی تھیں۔

    رپورٹس کے مطابق مذکورہ دستاویزات اس بات پر بھی روشنی ڈالتے ہیں کہ کس طرح بکنگھم پیلس نے متنازع شقوں پر مذاکرات کیے، کہ ملکہ برطانیہ کو نسل اور جنس کی تفریق روکنے والے قوانین سے استثنیٰ دیا جائے۔

  • شہزادی لیڈی ڈیانا کے زیراستعمال اشیاء کی نمائش

    شہزادی لیڈی ڈیانا کے زیراستعمال اشیاء کی نمائش

    برمنگھم: دنیا بھر کے لوگ آج بھی دلوں کی شہزادی کے سحر میں ڈوبے ہوئے ہیں، شہزادی ڈیانا کی ذاتی میوزک کلیکشن اوران کے استعمال کی دیگراشیاء نمائش کیلئے بکنگھم پیلس رکھ دی گئی۔

    یوں تو دنیا بھر کی مشہور و معروف شخصیات کی زیر استعمال اشیاء نیلامی کیلئے پیش کی جاتی رہتی ہیں لیکن جب بات ہو آنجہانی برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کی زاتی استعمال کی اشیاء کی۔۔۔ تو خریداروں کی دلچسپی مزید بڑھ جاتی ہے۔

    کروڑوں دِلوں کی ملکہ برطانوی شہزادی ڈیانا کو دنیا سے رخصت ہوئے بیس برس بیت گئے، لیڈی ڈیانا کی بیسویں برسی پر ان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے، جس میں ان کے زیر استعمال اشیاء کو بکنگھم پیلس کی زینت بنادیا گیا ہے۔

    نمائش میں رکھی گئی اشیاء کا لیڈی ڈیانا کے بیٹوں پرنس ولیم اور ہیری نے انتخاب کیا ہے تاکہ وہ اپنی ماں کے عزم کو ظاہر کرے اور ذاتی یادیں تازہ کرسکیں۔

    اشیاء میں ان کا ذاتی میوزک کلکیشن، فیملی فرینڈ تصاویر، بریف کیس اور ان کے اسکول کاٹک باکس بھی شامل ہے، جس پر واضح الفاظ میں ڈی اسپنسر درج ہے۔

    نامور گلوکارجارج مائیکل ،ڈیانا روز ،ایلٹن جان کی وہ آڈیوٹیپ بھی شامل ہیں، جو انہوں نے شہزادی ڈیانا کی یاد میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے گائی تھیں۔

    دلکش اور حسین شہزادی ڈیانا کا چہرہ بھلائے نہیں بھولتا،ان کی یادگار تصاویر دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ شہزادی اب بھی زندہ ہے۔

    اس سے قبل رواں سال مارچ میں لندن کے شہر کنگسٹن پیلس میں ہونے والے فیشن شو میں آنجہانی لیڈی ڈیانا کے ملبوسات کی نمائش کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا 31 اگست 1997 میں پیرس میں ایک کار حادثے میں ہلاک ہوگئیں تھیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔