Tag: budgam

  • سعودی عرب میں مقبوضہ کشمیر کے نوجوان کی موت

    سعودی عرب میں مقبوضہ کشمیر کے نوجوان کی موت

    جدہ: سعودی عرب میں ایک کار حادثے میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام کا ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں کام کرنے والے ایک 32 سالہ کشمیری سید اسرار اندرابی کی ایک کار حادثے میں موت واقع ہو گئی ہے۔

    اسرار کا تعلق جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ سے ہے، اسرار کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ وہ آج پیر کی صبح گاڑی میں کام کے لیے نکلا تھا، کہ راستے میں گاڑی خوف ناک حادثے کا شکار ہو گئی۔

    رپورٹ کے مطابق کار حادثہ اتنا شدید تھا کہ کشمیری شہری سید اسرار کی موت موقع پر ہی واقع ہو گئی تھی۔ حادثے کے بعد ریسکیو نے اسرار کو اسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔

    متوفی کچھ عرصے سے ملازمت کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم تھا، چاڈورہ ٹاؤن میں رہائش پذیر اسرار کے گھر والوں کو حادثے کی اطلاع ملی تو گھر میں صف ماتم بچھ گیا۔

    حادثے میں انتقال کرنے والے کشمیری کے رشتہ دار نے میڈیا کو بتایا کہ آج دن میں ایک بجے کے آس پاس اہل خانہ کو اس اندوہ ناک حادثے کی اطلاع ملی، جس کے بعد سے وہ غم و اندوہ میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

  • کشمیر کے ضلع بڈگام میں فائرنگ، 2 کشمیری نوجوان شہید

    کشمیر کے ضلع بڈگام میں فائرنگ، 2 کشمیری نوجوان شہید

    سری نگر : قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام میں فائرنگ کرکے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع بڈگام کے علاقے ہاپٹ نالہ میں 2 کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز نے ہاپٹ نالہ میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی شہادت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کشمیری شہری سڑکوں پر نکل آئے جس کے بعد کشمیری عوام اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

    قابض بھارتی فورسز مظاہرین کو منتشر کرنے کےلیے طاقت کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پر آنسو گیس کے شیل بھی فائر کیے جارہے ہیں۔

    ظالم بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد علاقے میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے، جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ‘ 2 کشمیری شہید

    یاد رہے کہ 13 جنوری کو قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری رکھتے ہوئے ضلع کلگام کے گاؤں کاٹاپوار میں 2 کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کیا تھا۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران 7 کشمیریوں کو گرفتار کرلیا تھا۔

    سال 2018: مقبوضہ کشمیر میں حاملہ خواتین، بچوں اور اسکالر سمیت 355 شہری شہید

    مقبوضہ کشمیر کے اسیر شہریوں کے لیے سال 2018 بھی نامہرباں رہا، ایک سال میں قابض بھارتی فوج نے حاملہ خواتین، بچوں اور اسکالرز سمیت 355 شہری شہید کردیے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔