Tag: building

  • 3 سالہ بچہ 29 ویں منزل سے گر کر ہلاک

    3 سالہ بچہ 29 ویں منزل سے گر کر ہلاک

    امریکی شہر نیویارک میں ایک 3 سالہ بچہ ہائی رائز بلڈنگ کی 29 ویں منزل سے گر کر ہلاک ہوگیا، پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق اندوہناک حادثہ نیویارک کے علاقے مین ہٹن کی ایک بلند و بالا عمارت میں پیش آیا، 3 سالہ بچہ 29 ویں منزل کی کھڑکی سے پھسلا اور تیسری منزل پر موجود ایک شیڈ پر جا گرا۔

    بچے کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے بچے کی ماں کو چیختے چلاتے ہوئے سیکیورٹی بوتھ کی طرف بھاگتے ہوئے دیکھا جس کے بعد انہیں حادثے کا علم ہوا، اس وقت وہاں موجود ہر شخص تیسری منزل پر بچے تک پہنچنا چاہتا تھا۔

    ایک پڑوسی کے مطابق حادثے سے چند لمحے قبل انہوں نے والدین کو آپس میں بحث و تکرار میں الجھے سنا تھا، بچے کے والدین کے درمیان بحث روزانہ کا معمول تھی۔

    پولیس حادثے کی مزید تفتیش کر رہی ہے، اس بات کی بھی تفتیش کی جارہی ہے کہ آیا یہ محض حادثہ تھا یا پھر واقعے کے وقت کوئی بالغ شخص بچے کے قریب کھڑا تھا۔

  • نئی دہلی: عمارت میں ہولناک آتشزدگی میں 27 افراد ہلاک

    نئی دہلی: عمارت میں ہولناک آتشزدگی میں 27 افراد ہلاک

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک عمارت میں ہولناک آتشزدگی میں 27 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں، واقعے کے بعد درجنوں افراد عمارت میں موجود تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی میں ایک عمارت میں آگ لگنے سے 27 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

    آتش زدگی کا واقعہ مغربی دہلی کی 4 منزلہ کمرشل عمارت میں پیش آیا ہے۔

    فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ آگ اب بجھا دی گئی ہے، ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 27 ہے جبکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔

    آگ میں جھلس کر زخمی ہونے والے 40 افراد کو اسپتال لایا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے، پولیس حکام کے مطابق 60 سے 70 افراد کو عمارت سے نکال لیا گیا ہے۔

  • بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ مسلز بہتر بنانا بھی آسان

    بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ مسلز بہتر بنانا بھی آسان

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مردوں میں 30 سال کی عمر کے بعد مسلز کے حجم میں 3 سے 5 فیصد تک کمی آسکتی ہے جبکہ مسلز بنانے میں مددگار ہارمون ٹیسٹوسیٹرون کی سطح میں بھی 40 سال کی عمر کے بعد بتدریج کمی آتی ہے۔

    مگر خوش آئند بات یہ ہے کہ عمر بڑھنے کے ساتھ آنے والی اس قدرتی تنزلی کی رفتار کو سست یا ریورس کیا جاسکتا ہے، اس کا حل ہے وزن اٹھانا یا ویٹ لفٹنگ، اکثر ایسا کرنا مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

    ہارورڈ یونیورسٹی کے فزیکل تھراپسٹ شان پیڈیسنی نے بتایا کہ ویٹ ٹریننگ اپنے مسلز کے حجم کو برقرار رکھنے بلکہ بڑھانے کا بہترین طریقہ ہے، ورنہ دوسری صورت میں آپ عمر بڑھنے سے مسلز سے محروم ہوسکتے ہیں۔

    تاہم اسے کس طرح سے اپنایا جاسکتا ہے؟ اس کے لیے مندرجہ ذیل اقدامات کریں۔

    ٹرینر کی خدمات

    ایک اچھا ٹرینر آپ کے لیے ایک پروگرام تشکیل دے سکتا ہے اور آپ کو درست تکنیک بھی سکھا سکتا ہے۔

    فری ویٹ مددگار

    فری ویٹ جیسے ڈمبلز، کیٹل بیلز اور باربیلز سے ٹریننگ مسلز بنانے کے لیے اکثر مشینوں سے زیادہ بہتر ثابت ہوتے ہیں، اگر جسمانی توازن برقرار رکھنے میں مشکل کا سامنا ہو تو ایکسرسائز مشینیں بہتر ہیں۔

    ٹانگوں کے مسلز پر خصوصی توجہ

    ویسے تو اہم مسلز کے حجم کو کم ہونے سے روکنے کے لیے پورے جسم کی ورزش کی ضرورت ہوتی ہے مگر درمیانی عمر میں مردوں کو ٹانگوں کے مسلز پر خصوصی توجہ مرکوز کرنی چاہیئے۔

    ماہرین کے مطابق ٹانگوں کے مسلز روزمرہ کی متعدد سرگرمیوں جیسے اٹھنے بیٹھنے اور سیڑھیاں چڑھنے کا حصہ بنتے ہیں تو ان کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے۔

    اس حوالے سے اٹھک بیٹھک، ڈیڈ لفٹ وغیرہ ٹانگوں کے مسلز بنانے کے لیے بہترین ورزشیں ہیں۔

    ٹیمپو برقرار رکھنا

    لفٹنگ کو 7 سیکنڈ ٹیمپو میں مکمل کرنا چاہیئے، یعنی 3 سیکنڈ میں ویٹ لفٹ کرنا، ایک سیکنڈ رکنا اور 3 سیکنڈ نیچے کرنا۔

    اگر آپ سے کم از کم 8 بار وزن اوپر نیچے نہیں کیا جارہا تو پھر یہ عمل اپنی سہولت کے مطابق آرام سے مسلز کو تھکائے بغیر 8 بار مکمل کریں۔ مسلز اسی صورت میں مضبوط ہوتے ہیں جب آپ ان میں مزاحمت کا اضافہ کریں۔

    2 دن بھی کافی

    ہر ہفتے کم از کم 2 بار ویٹ ٹریننگ کرنا مثالی سمجھا جاسکتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق ہفتے میں 2 دن فل باڈی ٹریننگ سے مسلز کی مضبوطی میں نمایاں بہتری آسکتی ہے اور ورزش کو باقاعدہ بنانے سے 4 سے 6 ہفتوں میں نتائج کو محسوس کرسکتے ہیں۔

    آرام دیں

    مسلز کو ریکوری کے لیے ورزش کے مزید سیشنز میں کم از کم 48 گھنٹے کا وقفہ ضرور دیں۔

    یاد رکھیں

    ماہرین کے مطابق درمیانی عمر کے مردوں کو زیادہ مسلز کے حصول کے لیے بھاری وزن کی ورزشوں کو کم بار کرنا چاہیئے، مثال کے طور پر ہر ورزش کے 3 سیٹس کو 8 دفعہ دہرانا بہترین ہے، مگر آپ اپنی ضرورت کے مطابق اس میں کمی بیشی کرسکتے ہیں۔

  • ایڈیشنل ایس ایچ او گلستان جوہر کے قتل میں سہولت کاری کرنے والا جوڑا بھی مارا گیا

    ایڈیشنل ایس ایچ او گلستان جوہر کے قتل میں سہولت کاری کرنے والا جوڑا بھی مارا گیا

    کراچی: شہر قائد سے خاتون سمیت دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، لاشیں کس کی ہیں؟ اس بارے میں اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق گلستان جوہر میں واقع ایک رہائشی عمارت سے خاتون سمیت دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں، لاشوں سے متعلق ابتدائی تحقیقات سامنے آئی ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق بظاہر خاتون اور مرد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے، دونوں افراد میاں بیوی تھے اور ملزم واحد  عرف فوجی جلبانی کے  سہولت کار تھے، ملزم واحد نے ایڈیشنل ایس ایچ او کو گلستان جوہر میں شہیدکیاتھا۔

     پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قتل ہونے والے خاتون کا نام فوزیہ اور مرد کا نام جعفر ہے، ملزم واحد میاں بیوی کےفلیٹ میں آکر ٹھہرتاتھا، ایڈیشنل ایس ایچ او کو گلستان جوہر رحیم شاہ کو شہید کرنے کے بعد مرد گھر سے بھاگ گیا تھا جبکہ سہولت کاری کے الزام میں میاں بیوی نےعدالت سےضمانت حاصل کررکھی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی میں پولیس مقابلہ، ایڈیشنل ایس ایچ او رحیم خان شہید

    پولیس نے جائے حادثے پر پہنچ کر لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہے۔

    دوسری جانب اے آر وائی نیوز نے فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نامعلوم ملزمان میاں بیوی کو قتل کرنے کے لئے عمارت میں داخل ہورہے ہیں، ملزمان نے محض چھ منٹ میں قتل کی کارروائی کی اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے

    واضح رہے کہ گذشتہ روز ستمبر میں گلستان جوہرمیں ڈاکوؤں سےمقابلےمیں ایڈیشنل ایس ایچ اور رحیم خان شہید ہوگئے تھے۔

  • زیر تعمیر عمارت پر خوفناک حادثہ، سریے نوجوان کے جسم کے آر پار ہوگئے

    زیر تعمیر عمارت پر خوفناک حادثہ، سریے نوجوان کے جسم کے آر پار ہوگئے

    ریاض: سعودی عرب میں ایک زیر تعمیر عمارت پر کام کرنے والے نوجوان کے ساتھ خوفناک حادثہ پیش آیا، اونچائی سے گرنے کے بعد اس کے جسم میں سریے آر پار ہوگئے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ میں زیر تعمیر عمارت کے عارضی اسٹرکچر سے گرنے والے سعودی نوجوان کے جسم سے سریے آر پار ہو گئے۔ نوجوان کو فوری طور پر آپریشن کے لیے اسپتال میں داخل کردیا گیا۔

    سعودی نوجوان کو پہلے کنگ فیصل اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کا ابتدائی طبی معائنہ کیا گیا، سریے نوجوان کے سینے میں گھس کر جسم کے پار ہوگئے تھے۔ فوری طور پر اسے مکہ کنگ عبد اللہ میڈیکل سٹی ایمرجنسی وارڈ پہنچا دیا گیا۔

    وہاں اسپیشلسٹ سرجنز کی ٹیم نے فوری آپریشن کا فیصلہ کیا اور کئی ایکسرے کیے گئے۔

    سعودی ڈاکٹر، ڈاکٹر عمرو کی قیادت میں سرجنز کی ٹیم نے دل کے اطراف میں خون صاف کیا، پھر سرجنوں کی دوسری ٹیم نے ڈاکٹر ایہاب الحسینی کی قیادت میں نوجوان کا آپریشن کیا۔

    آپریشن کے بعد نوجوان کو انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل کردیا گیا، اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    خیال رہے کہ کنگ عبد اللہ سٹی مکہ میں اسپیشلسٹ سرجن سینٹر اس طرح کے پیچیدہ اور نادر آپریشنز میں کمال رکھتا ہے۔

    میڈیکل سٹی عالمی معیار کا ہے جہاں جدید ترین مشینیں اور اعلیٰ استعداد و تجربے کے مالک ڈاکٹرز تعینات ہیں، کنگ عبد اللہ میڈیکل سٹی مقامی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور زائرین کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

  • کراچی میں دیگر عمارتوں کے انہدام کا خطرہ

    کراچی میں دیگر عمارتوں کے انہدام کا خطرہ

    کراچی: سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے) نے کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں زیر تعمیر عمارت کو خطرناک قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس بی سی اے کی کمیٹی نے لیاقت آباد میں زیرتعیر عمارت کو خطرناک قرار دیا، بندھانی کالونی میں اس رہائشی پلاٹ پر غیر قانونی تعمیر کی گئی، عمارت تعمیر کے دوران ہی اپنی جگہ چھوڑنے لگی ہے۔

    ایس بی سی اے نے احتیاطی تدابیر اپنانے کے بعد کارروائی شروع کردی۔ کمیٹی نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمارت کی انہدامی کارروائی کی جائے، مذکورہ عمارت کا نقشہ بھی ایس بی سی اے سے منظور شدہ نہیں ہے۔

    دوسری جانب رنچھوڑلائن میں عمارت گرنے سے متاثرہ افراد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ راتوں رات 22 فلیٹس اور ایک پینٹ ہاوس کے مکین بے گھر ہوگئے، پولیس اور رینجرز حکام نے ہمارے ساتھ بڑا تعاون کیا، عمارت میں 215 افراد رہائش پذیر تھے، شکر ہے جانی نقصان نہیں ہوا۔

    کراچی: رنچھوڑ لائن میں 6 منزلہ عمارت گرگئی

    متاثرین کا کہنا تھا کہ جلد از جلد متاثرہ افراد کو متبادل جگہ دی جائے، کمشنر کراچی نے تعاون کا یقین دلایا مگر تاحال اب تک کچھ نہیں ہوا۔ گرنے والی عمارت کے پلاٹ کے مالک کا اہم انکشاف بھی سامنے آیا ہے، مالک سلیمان سومرا نے قبول کرلیا کہ دکانوں پر عمارت تعمیر ہوئی۔

    سلیمان سومرو کا کہنا تھا کہ دکانوں کی فاؤنڈیشن پر 6 منزلہ عمارت بنائی گئی، علم نہیں عمارت میں استعمال مواد کیسا تھا، میں نے 280 گز کے پلاٹ پر دکانیں تعمیر کرائیں، بلڈر نے مجھ سے صرف چھت خریدی تھی۔

    یاد رہے کہ 30 دسمبر کو کراچی میں رنچھوڑ لائن سومرا گلی میں ایک طرف جھکنے والی عمارت منہدم ہوگئی تھی، خوش قسمتی سے مخدوش عمارت سے تمام افراد کو نکال لیا گیا تھا۔

    عمارت ایک طرف جھکنے پر تمام مکینوں کو بروقت نکال لیا گیا تھا، گرنے والی عمارت میں موجود 19فلیٹس میں شہری رہائش پذیر تھے، مخدوش عمارت جس جگہ گری اس جگہ پر خالی گودام تھے۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مخدوش عمارت گرنے کا نوٹس لیا۔

  • کراچی: رنچھوڑ لائن میں 6 منزلہ عمارت گرگئی

    کراچی: رنچھوڑ لائن میں 6 منزلہ عمارت گرگئی

    کراچی: شہرقائد کے علاقے رنچھوڑ لائن میں 6 منزلہ مخدوش عمارت زمین بوس ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں رنچھوڑ لائن سومرا گلی میں ایک طرف جھکنے والی عمارت بلآخر منہدم ہوگئی، خوش قسمتی سے مخدوش عمارت سے تمام افراد کو نکال لیا گیا تھا۔

    عمارت ایک طرف جھکنے پر تمام مکینوں کو بروقت نکال لیا گیا تھا، گرنے والی عمارت میں موجود 19فلیٹس میں شہری رہائش پذیر تھے، مخدوش عمارت جس جگہ گری اس جگہ پر خالی گودام تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مخدوش عمارت گرنے کا نوٹس لے لیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے  ڈی جی ایس بی سی اے سے رپورٹ طلب کرلی، مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کو معاملے کی تحقیقات  کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ ایسی عمارتوں کی تعمیراتوں کا اجازت کون دیتا ہے جوگر جاتی ہیں؟ مراد علی شاہ نے غیرقانوی طور پر عمارتوں کی تعمیر میں ملوث عملے کو سزادینے کا حکم دے دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گرنے والی عمارت سابق ڈی جی منظور قادر عرف کاکا کے دور میں قائم کی گئی تھی، اس وقت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر نے اعتراضات اٹھائے تھے۔ سابق ڈی جی اور ایس بی سی اے افسران کی ملی بھگت سے عمارت کو بنایا گیا تھا، 3سال پہلے بلڈنگ کے نیچے بنے گودام میں آگ لگنے سے عمارت متاثر ہوئی تھی۔

    ڈائریکٹر ایس بی سی اے صدر ٹاؤن کا کہنا ہے کہ مخدوش عمارت کو کئی بار خالی کرانے کے احکامات دیئے جاچکے تھے، گودام بنانے کے لیے عمارت کے نیچے پلرز کم دیئے گئے تھے، بلڈنگ  23سال پرانی ہے، تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    عمارت کے بارے میں متعلقہ حکام کی شدید کوتاہیاں بھی سامنے آگئیں، تین سال پہلے عمارت کی بیسمنٹ میں قائم گودام میں آگ بھی لگی تھی، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اداروں نے عمارت خالی کرانے کا نوٹس بھی دیا بعد ازاں‌ کوئی کارروائی عمل میں‌ نہیں آئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رنچھوڑ لائن میں گرنے والی عمارت کے مالک کا نام سلیمان سومرو ہے، سلیمان سومرو ٹمبر مارکیٹ کے چیئرمین بھی ہیں، جبکہ ان کا بیٹا یوسی چئیرمین ہے۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کے ایم پی اے خرم شیرزمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما رمضان گھانچی صبح سے جائے وقوعہ پر موجود ہیں، شکر ہے کہ عمارت سے بروقت لوگوں کو نکال لیا گیا، مخدوش عمارت کے معاملے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے، کرپشن کے خاتمے، ایکشن اور سزا نہیں ہوگی مسائل حل نہیں ہوں گے، غیرقانونی طور پر عمارتیں بنائی جارہی ہیں، ہر فلور کی مد میں کروڑوں روپے رشوت لی جاتی ہے۔

  • بھارت میں دھماکے سے عمارت منہدم، 10 افراد ہلاک

    بھارت میں دھماکے سے عمارت منہدم، 10 افراد ہلاک

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اترپردیش میں سلنڈر دھماکے کے باعث عمارت منہدم ہوگئی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور متعدد ملبے تلے دب گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اترپریش کے ضلع ماؤ میں دو منزلہ عمارت سلنڈر دھماکے سے منہدم ہوگئی جس کے باعث دس افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد تاحال ملبے تلے دبے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عمارت کے ملبے سے 14 افراد کو زخمی حالت میں نکالا جاچکا ہے، جنہیں مقامی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، جبکہ دیگر افراد کو بھی باحفاظت نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    ضلع ماؤ کے علاقے ولید پور میں عمارت گرنے کا واقعہ صبح سویرے پیش آیا، کئی افراد سوررہے تھے کہ اچانک عمارت زمین بوس ہوگئی، ریسکیو آپریشن کے لیے بھاری مشینری پہنچادی گئی ہے۔

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا گیس لیکیج کے باعث ہوا، زخمیوں میں کئی کی حالت تشویش ناک ہے، مقامی شہری اپنی مدد آپ کے تحت بھی ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ یوگی ادیتیاناتھ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مرنے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ دریں اثنا انہوں نے لوکل اداروں کو عملی اقدامات میں تیزی لانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

    بھارت کے شہر اندور میں 4 منزلہ عمارت گر گئی، 10 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ گذشتہ سال اپریل میں بھارت کے شہر اندور میں 4 منزلہ عمارت زمیں بوس ہوئی تھی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

  • ممبئی میں منہدم عمارت سے مزید لاشیں و 11 زخمی برآمد

    ممبئی میں منہدم عمارت سے مزید لاشیں و 11 زخمی برآمد

    نئی دہلی : بھارتی شہر ممبئی میں دوروز قبل گرنے والی قدیمی چار منزلہ عمارت کے ملبے میں سے چودہ نعشیں نکال لی گئیں، امدادی کارکنوں نے گیارہ افراد کو زخمی حالت میں باہر بھی نکالا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر ممبئی میں دو روز  قبل زمین بوس ہونے  والی قدیمی چار  منزلہ عمارت کے ملبے میں سے چودہ نعشیں نکال لی گئیں، امدادی کارکنوں نے گیارہ افراد کو زخمی حالت میں باہر بھی نکالا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ منہدم ہونے والی عمارت ممبئی کے انتہائی گنجان آباد علاقے ڈونگری میں واقع ہے، تنگ گلیوں کی وجہ سے ڈونگری میں ملبہ ہٹانے والی بھاری اور بڑی مشینوں کا پہنچنا ناممکن تھا ، اسی باعث ریسکیو ٹیموں کوبھی شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ عمارت کے گرنے کی وجہ مون سون کی شدید بارشیں خیال کی گئیں۔

    دو دن سے جاری بارشوں کی ہلاکت خیزی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، تازہ واقعے میں شمالی ریاست ہماچل پردیش میں ایک عمارت گرنے کے بعد دو دنوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 52 ہوگئی ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ نیپال سے بھارت میں داخل ہونے والے بارشوں کے سبب مختلف ریاستوں میں مجموعی طور پر 45 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ 5 ہزار سے زائد شہری بے گھر ہوگئے، سب سے زیادہ نقصان آسام میں ہوا جہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 ہے۔

  • پیرس : گاڑیوں کی عمارت میں آگ لگ گئی، سیکڑوں کاریں جل کر راکھ

    پیرس : گاڑیوں کی عمارت میں آگ لگ گئی، سیکڑوں کاریں جل کر راکھ

    پیرس : فرانس میں گاڑیوں کی عمارت میں خوفناک آتشزدگی پر 70 کے قریب فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر قابو پایا،جانی نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے دارلحکومت پیرس کے نواحی علاقے ایئرپورٹ اورلیوں کے قریب دو ہزار میٹر گاڑیوں کی عمارت جل کر راک ہو گئی، جس کے نتیجہ میں سینکڑوں گاڑیاں جل گئیں تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایئر پورٹ پر اچانک آگ لگنے کے متعلق پولیس تفتیش کررہی ہے اور تمام پہلووں کا جائز لے رہی ہے تاہم پولیس رپورٹ کے بعد ہی آگ لگنے کی وجوہات سامنے آسکیں گی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ پر 70 کے قریب فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر قابو پایا، آگ اچانک صبح 6 بجکر 30 منٹ پر لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایئر پورٹ پر اچانک آگ لگنے کے متعلق پولیس تفتیش کررہی ہے اور تمام پہلووں کا جائز لے رہی ہے تاہم پولیس رپورٹ کے بعد ہی آگ لگنے کی وجوہات سامنے آسکیں گی۔