Tag: building fire

  • کراچی : عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، ایک شخص جاں بحق

    کراچی : عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، ایک شخص جاں بحق

    کراچی : نیوچالی میں قائم تجارتی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، ایک شخص آگ کی لپیٹ میں آکر جاں بحق ہوگیا، آگ نے متعدد دفاتر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نیو چالی میں جنریٹر مارکیٹ میں قائم آر کے اسکوائر کی پہلی منزل پر  آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص آگ سے جھلسنے اور دم گھٹنے سے جاں بحق اور 3افراد بیہوش ہوگئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    آگ لگنے سے عمارت کی پہلی منزل میں دھواں ہی دھواں بھر گیا تھا، اب تک آگ سے متاثرہ پھنسے ہوئے 25 افراد کو وہاں سے نکالا جا چکا ہے جبکہ دیگر کو نکالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

    فائربریگیڈ کی6 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں، امدادی کارکنان آگ بجھانے میں مصروف عمل ہیں، ان کی مدد کیلئے جائے وقوعہ پر اسنارکل بھی موجود ہے۔

    آگ پر قابو پالیا گیا

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نیو چالی آر کے اسکوائر میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق عمارت میں آگ لگنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3افراد جھلس کر زخمی ہوئے عمارت کی سیڑھی اور اسنارکل کی مدد سے25سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا۔

    فائربریگیڈ حکام آگ بجھانے اور ریسکیو ٹیم مزید افراد کو تلاش کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ اس موقع پر رینجرز،  پولیس اور ایس ایس یو کمانڈوز بھی موجود رہے۔

    آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی

    ریسکیو ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ 6 فائر ٹینڈر، 2 اسنارکلز اور 2 باؤزر آگ بجھانے میں مصروف ہیں، آگ لگنے کی وجہ بعد میں معلوم کی جائے گی۔

    دریں اثنا میٹھادر پولیس کے ایس ایچ او خان محمد بھٹی نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے بتایا کہ آر کے اسکوائر کی آخری اور دسویں منزل پر آگ لگنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے، زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

  • ابوظہبی میں آتشزدگی، نوجوان لڑکی ہلاک، دو زخمی

    ابوظہبی میں آتشزدگی، نوجوان لڑکی ہلاک، دو زخمی

    ابو ظہبی : متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں واقع رہائشی عمارت میں ہولناک آتشزدگی کے باعث 10 سالہ لڑکی ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں واقعہ ال زاحیہ نامی علاقے میں واقع رہائشی عمارت میں پیش آنے والے آتش زدگی کے سانحے میں ایک نوجوان ایشیائی لڑکی‘ دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئی جبکہ دو افراد دم گھٹ جانے کے سبب نازک حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے ہیں۔

    ابوظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے رہائشی عمارت میں ہونے والے ہولناک آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ واقعے میں ہلاک ہونے والی لڑکی کی عمر 10 برس بتائی گئی ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ہنگامی خدمات انجام دینے والے ادارے کے اہلکاروں کی جانب سے شیخ حمدان بن محمد روڈ پر واقع عمارت میں بھڑکنے والی خوفناک آگ پر قابو پانے کوشش کی جارہی ہے۔

    سول ڈیفینس کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر جنرل محمد مایوف الکتبی کا کہنا تھا کہ رہائشی عمارتیں تعمیر کرنے والے افراد کو چاہیے کہ عمارت میں آگ پر قابو پانے والے آلات لازمی نصب کیے جائیں۔

    ابو ظہبی پولیس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا کہنا تھا کہ ریاست میں دو مقامات پر رہائشی عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات رونما ہونے کی شکایات موصول ہوئی تھی، اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی اہلکار، طبی امداد کا عملہ اور ہنگامی خدمات انجام دینے والے اہلکاروں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا تھا۔


    مزید پڑھیں : دبئی: کنڈرگارٹن میں ہولناک آتشزدگی، 176 بچوں کو بچالیا


    خیال رہے کہ تین ماہ قبل متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں واقعہ الورود کنڈرگارٹن کی عمارت میں اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی تھی، تاہم آتشزدگی کے نتیجے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ الورود میں پیش آنے والے ہولناک آتش زدگی کے سانحے میں ہنگامی خدمات انجام دینے والے عملے نے 176 کمسن بچوں کو باحفاظت عمارت سے باہر نکال لیا۔