Tag: buner

  • کلاؤڈ برسٹ کے بعد بونیر میں متعدد افراد نفسیاتی مسائل کا شکار ہو گئے

    کلاؤڈ برسٹ کے بعد بونیر میں متعدد افراد نفسیاتی مسائل کا شکار ہو گئے

    پشاور (25 اگست 2025): بونیر میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب کے بعد مقامی لوگ نفسیاتی مسائل کا شکار ہونے لگے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں مون سون کے دوران کلاؤڈ برسٹ اور تباہ کن سیلابی ریلوں سے متاثر ہونے والے لوگوں میں نفسیاتی مسائل ابھرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    اس سلسلے میں بونیر سے تعلق رکھنے والے سائیکاٹرسٹ ڈاکٹر عبد الشکور نفسیاتی مسائل کے شکار افراد کی بحالی کی کوششوں میں مصروف ہیں، ان کا کہنا ہے کہ بیشونڑی، گوکند، قدر نگر، بٹائی اور سیلاب سے متاثر دیگر علاقوں کے لوگ نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں۔

    ماہر نفسیات عبد الشکور نے بتایا کہ انھوں نے اب تک 120 سے زائد افراد کو سائیکلوجیکل فرسٹ ایڈ فراہم کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور پاکستان سائیکاٹریک سوسائٹی ان کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔

    9 تا 14 سالہ بچیوں کو سروائیکل کینسر ویکسین کی کتنی ڈوزز لگائی جائیں گی؟

    ڈاکٹر عبد الشکور کے مطابق مقامی لوگوں کی نفسیاتی بحالی کے لیے انھیں مرد اور خواتین ماہر ڈاکٹروں کا تعاون بھی حاصل ہے، ان کا کہنا ہے کہ جب قدرتی آفت آتی ہے تو لوگ مختلف ذہنی مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں، ایسی صورت حال میں بچوں کے ذہن پر زیادہ اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

    بونیر کلاؤڈ برسٹ نفسیاتی مسائل

    انھوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں کے لوگ بے چینی، گھبراہٹ، اور چڑچڑے پن جیسے مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں، پہلے سے ذہنی طور پر کمزور لوگ ڈپریشن اور دیگر نفسیاتی مسائل کا بھی شکار ہو جاتے ہیں۔

    ڈاکٹر عبد الشکور نے بتایا ’’ہم اس وقت لوگوں کو سائیکالوجیکل فرسٹ ایڈ فراہم کر رہے ہیں، بیشونڑی، قدر نگر، گوکند میں سیلاب سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں، متاثرہ بچوں کی بحالی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔‘‘

  • بونیر میں کلاؤڈ برسٹ سے 234 افراد جاں بحق ہوئے، سرکاری رپورٹ

    بونیر میں کلاؤڈ برسٹ سے 234 افراد جاں بحق ہوئے، سرکاری رپورٹ

    پشاور (23 اگست 2025): خیبرپختونخوا کے علاقے بونیر میں کلاؤڈ برسٹ سے ہونے والی اموات سے متعلق سرکاری رپورٹ جاری کر دی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ بونیر میں 234 افراد جاں بحق ہوئے۔

    بونیر میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر سرکاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سب سے زیادہ بونیر میں دو سو چونتیس افراد جاں بحق ہوئے، کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے 162 گھر تباہ جب کہ 575 گھر جزوی متاثر ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق سیلاب سے 110 کلو میٹر سڑکیں، پل اور دیگر انفرااسٹرکچر شدید متاثر ہوا ہے، اور 55890 ایکڑ زرعی اراضی سیلاب کی نذر ہو گئی ہے، 825 دکانیں تباہ ہو گئیں، اور 3638 مویشی ہلاک ہوئے۔

    بونیر میں پورے پورے گاؤں دفن، ملبہ اجتماعی قبریں بن گئیں (ویڈیو رپورٹ)

    سرکاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ندی نالے ٹوٹنے سے محکمہ پبلک ہیلتھ کو 19 کروڑ 48 لاکھ کا نقصان ہوا، 29 تعلیمی ادارے متاثر ہوئے، جن میں سے 23 میل تعلی ادارے جزوی طور پر، 1 میل مکمل طور پر، اور 5 فیمیل تعلیمی ادارے جزوی متاثر ہوئے۔

    محکمہ زراعت کی 26142 ایکڑ اراضی برباد ہو گئی، جس پر 25 کروڑ سے زائد نقصان ہوا ہے، ہائی وے اتھارٹی کی 4 کلو میٹر سڑک بہہ گئی، جس سے 32 کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔

  • وزیر اعلیٰ کا بونیر میں جاں بحق افراد کے ورثا کو فی کس 20 لاکھ دینے کا اعلان

    وزیر اعلیٰ کا بونیر میں جاں بحق افراد کے ورثا کو فی کس 20 لاکھ دینے کا اعلان

    بونیر (17 اگست 2025): وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بونیر میں جاں بحق افراد کے ورثا کو فی کس 20 لاکھ دینے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کلاؤڈ برسٹ کے بعد تباہی کی زد پر آنے والے علاقے بونیر کا دورہ کیا، اور سیلاب سے نقصان اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔

    علی امین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جاں بحق افراد کے ورثا کو فی کس بیس لاکھ روپے دیے جائیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور صوبائی حکومت کے شکر گزار ہیں کہ بونیر کے عوام کا مشکل گھڑی میں ساتھ دیا۔

    خیبرپختونخوا: این ڈی ایم اے نے 328 اموات کی تصدیق کر دی

    دورے کے موقع بونیر کے ڈپٹی کمشنر آفس میں سیلابی صورت حال اور ریلیف سرگرمیوں پر اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی، چیف سیکریٹری اور ضلعی حکام شریک ہوئے، تباہ کاریوں پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ بونیر کی 7 ولیج کونسلوں میں 5380 مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور اب تک 209 اموات، 134 لاپتا، اور 159 زخمی ہوئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو فوری معاوضہ دیا جائے گا، حکومت نے ریلیف کے لیے 1.5 ارب روپے جاری کر دیے ہیں، وزیر اعظم اور دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے تعاون پر شکر گزار ہوں۔

    اجلاس میں بریفنگ کے مطابق


    خیبرپختونخوا میں 223 ریسکیو اہلکار، 205 ڈاکٹرز، 260 پیرا میڈکس، 400 پولیس اہلکار متحرک ہیں، پاک فوج کی 3 بٹالین ریلیف آپریشن میں شریک ہیں، خوراک، ٹینٹس، کمبل، دیگر ضروری اشیا فراہم کی جا رہی ہیں، پیر بابا اور گوکند کی سڑکیں بحال، 15 مقامات سے ملبہ ہٹا دیا گیا ہے، بونیر سمیت 8 اضلاع میں ریلیف ایمرجنسی نافذ ہے، 3500 پھنسے افراد کو بہ حفاظت نکال لیا گیا ہے، اور لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔

    وزیر اعظم کی ہدایت


    وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ہدایت جاری کی ہے کہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے بند راستوں کو فوری بحال کیا جائے، بند شاہراہوں پر پھنسے مسافروں کو جلد از جلد مدد پہنچائی جائے۔ انھوں نے کہا ہے کہ وہ چیئرمین این ڈی ایم اے سے مسلسل رابطے میں ہیں، اور ریسکیو ریلیف آپریشن اور امدادی سامان کی ترسیل کی نگرانی کر رہے ہیں۔

  • بونیر میں 30 گھروں کے بجلی میٹرز میں اچانک آگ لگ گئی، خاتون جاں بحق

    بونیر میں 30 گھروں کے بجلی میٹرز میں اچانک آگ لگ گئی، خاتون جاں بحق

    بونیر: خیبر پختونخوا کے علاقے بونیر، پیر بابا میں 11 ہزار وولٹ بجلی کی مین لائن گھروں کو جانے والی تار پر گرنے کے باعث گھروں میں لگے بجلی میٹرز میں آگ لگ گئی، جس سے ایک خاتون جاں بحق، اور 4 افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بونیر کے علاقے پیر بابا میں ہائی وولٹیج مین لائن گرنے سے 30 گھروں میں بجلی کے تاروں اور میٹروں میں آگ لگ گئی، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کرنٹ گھروں میں پھیلنے سے ایک خاتون جاں بحق، 3 خواتین اور ایک بچہ زخمی ہوا۔

    ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں، اور زخمیوں کو علاج کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال پیر بابا منتقل کیا گیا۔

    مقامی ناظم اور دیہاتیوں نے بتایا کہ بدقسمتی سے بجلی فوری منقطع نہ ہو سکی، جس کے باعث کرنٹ گھروں میں پھیل گیا تھا، تاہم ایک باریش شہری کا کہنا تھا کہ میٹرز میں آگ لگتے ہی انھوں نے پی ایم ٹی کی طرف دوڑ لگائی اور ایک ڈنڈے کی مدد سے ٹوٹی تاروں کو نیچے گرا دیا، جس کی وجہ سے نقصان مزید پھیلنے سے رک گیا۔

    واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے، اسسٹنٹ کمشنر ناصر علی نے متاثرہ گھروں کا دورہ کیا اور حکومت کی جانب سے متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

    مقامی افراد کا کہنا تھا کہ حضرت پیر بابا کے قبرستان میں موضع افسر آباد کے لیے نصب 200 کے وی ٹرانسفارمر کا یونٹ ٹوٹنے کی وجہ سے مین لائن کی تاریں گھروں کو جانے والی ایل ٹی لائن پر گر گئی تھی۔ کرنٹ کی وجہ سے متعدد گھروں میں فریج، اسٹیبلائزر، واشنگ مشینیں اور پنکھے جیسے دیگر ہوم اپلائنسز جل گئے۔

  • بونیر: فریقین کے درمیان فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

    بونیر: فریقین کے درمیان فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

    بونیر میں فریقین کے درمیان فائرنگ سے دو  افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بونیر کے چملہ اگارئی میں 2 فریقین کے درمیان فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان اس واقعے کے بعد فرار ہوگئے جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت شاہد اور نثار کے ناموں سے ہوئی ہے، فرار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی گئی ہے۔

    دوسری جانب بلوچستان کے شہر بارکھان میں مسلح افراد نے بس روک کر فائرنگ کرکے 7 مسافروں کو قتل کردیا اور واردات کے بعد با آسانی فرار ہوگئے۔

    ڈپٹی کمشنر وقار خورشید عالم کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مسلح افراد نے روڈ پر رکاوٹیں کھرڑی کرکے مختلف گاڑیوں کو روکا اور ایک بس سے 7 افراد کو اتار کر شناختی کارڈ دیکھنے کے بعد گولیاں مار کر قتل کردیا۔

    جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں مزید کارروائی کیلیے بارکھان کے رکنی اسپتال پہنچا دی گئیں جبکہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ڈی سی بارکھان کا کہنا ہے کہ مذکورہ بس لاہور جارہی تھی، جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے۔ لیویز اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

  • جائیداد کے تنازع پر اے ایس آئی قتل

    جائیداد کے تنازع پر اے ایس آئی قتل

    بونیر: پولیس کا کہنا ہے کہ اے ایس آئی عامر رحمان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سرحد کے شمالی ضلع بونیر میں جائیداد کے تنازع پر اے ایس آئی کو قتل کردیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ اےایس آئی عامر رحمان کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔

    بونیر پولیس کے مطابق اے ایس آئی عامر رحمان ٹانگوڑہ کے رہائشی ہیں، ان کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ قتل میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    دوسری جانب پشاور میں مکان خالی کرانے کے تنازعہ پر 24سالہ نوجوان کو قتل کردیا گیا، واقعہ شاور کے علاقے فقیرآباد میں پیش آیا جہاں مکان خالی کرانے کے تنازعے پر 24 سالہ نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

    پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے، تھانہ فقیرآباد پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے 17 سالہ کلیم اللہ ولد ظہور ساکن ملک آباد نے بتایاکہ گزشتہ روز اسے اطلاع ملی کہ اسکے بھائی صدام حسین کو کسی نے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔

  • میری پسند کی لڑکی سے شادی کیسے کر لی، بونیر کے رہائشی کے ہاتھوں کراچی میں شہری قتل

    میری پسند کی لڑکی سے شادی کیسے کر لی، بونیر کے رہائشی کے ہاتھوں کراچی میں شہری قتل

    کراچی: شہر قائد کے علاقے قائد آباد میں ایک شہری کو خیبر پختون خوا کے شہر بونیر سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے اس لیے قتل کر دیا کیوں کہ اس نے جس لڑکی سے شادی کی تھی وہ بونیر کے رہائشی کو پسند تھی۔

    تفصیلات کے مطابق قائد آباد پولیس نے 26 ستمبر کو لانڈھی فردوس چالی کے قریب کار پر فائرنگ کر کے شہری حنیف کو قتل کرنے والے قاتل کو بونیر فرار ہوتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم خیال سید خصوصی طور پر خیبرپختون خواہ کے ضلع بونیر سے قتل کے لیے کراچی آیا تھا، جس کی وجہ یہ تھی کہ ملزم جس لڑکی کو پسند کرتا تھا، مقتول نے اس سے 4 ماہ قبل شادی کر لی تھی۔

    ملزم خیال سید نے کراچی آنے کے بعد ایک ماہ تک مسلسل حنیف کی ریکی کی اور 26 تاریخ کو موقع دیکھ کر اس وقت جب حنیف اپنے کام سے چھٹی کر کے واپس گھر جا رہا تھا، اس پر قاتلانہ حملہ کر دیا۔

    حنیف پہلے سگنل پر رکا، جیسے ہی سڑک سے دائیں جانب مڑا ملزم گاڑی کے پیچھے گیا اور پیدل بھاگ کر گولیاں چلائیں، اور پھر موقع سے فرار ہو گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

  • بونیر : سوال کرنے پر اُکسانے والی فانوس لائبریری

    بونیر : سوال کرنے پر اُکسانے والی فانوس لائبریری

    بونیر : خیبر پختونخوا کے علاقے بونیر کے نوجوان نے علم کے فروغ کے بیڑہ اٹھا لیا، شبنم بونیری کا کہنا ہے کہ ان کی "فانوس لائبریری” میں سوالات کی پرورش ہوتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں شبنم بونیری نے اپنے علم دوست اقدام کے اغراض و مقاصد سے ناظرین کو آگاہ کیا اور اس مثبت فوائد بتائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بونیر میں واقع یہ لائبریری ایسی جگہ ہے جہاں نوجوان اکٹھے ہوکر ایسے موضوعات پر بحث کرتے ہیں جن پر عام حالات میں بات کرنا معمول نہیں۔

    شبنم بونیری نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہاں نہ صرف نوجوان کتاب تک مفت رسائی حاصل کرتے ہیں بلکہ وہ سیاست سے لے کر تاریخ و فلسفے تک ہر موضوع پر بلا کسی روک ٹوک کے آزادانہ بحث کرسکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہاں پر بنیادی طور پر سوالوں کی پرورش ہوتی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ سوال سب سے مقدس ہے اور ہم لوگوں میں سوال کرنے کی جرات پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    شبنم کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ لوگوں میں تنقیدی شعور اور دوسروں کی رائے کا احترام اجاگر کرنے کے لئے کتاب اور مکالمہ کو جہالت اور عدم برداشت کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بونیر کی بارہ لاکھ آبادی کے لیے یہ واحد لائبریری ہے جہاں پر تین ہزار سے زائد کتابیں موجود ہیں۔ مختلف موضوعات پر ہم تفصیلی بحث کرتے ہیں اور اس کے بعد وکلا اور دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے بھی گفت و شنید کی جاتی ہے اور مسئلے کے نتائج پر ہم پہنچ جاتے ہیں۔

  • "اگر یہ حکمران  بنے تو ہمیں یہاں سے ہجرت کرنی چاہیے”

    "اگر یہ حکمران بنے تو ہمیں یہاں سے ہجرت کرنی چاہیے”

    بونیر: وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا ہے کہ اگر اپوزیشن والے حکمران بن گئے تو ہمیں یہاں سے ہجرت کرنی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق بونیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان نے پیپلز پارٹی کو نشانے پر رکھتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ کب تک بھٹو کے نام پر سیاست کرینگے، آپ لوگوں نے سندھ کو برباد کردیا ہے، یہ صرف سندھ کے لوگوں کو دھوکا دے رہےہیں۔

    مریم نواز کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ وہ نالائق ہیں جو انڈے کلو میں بیچتے ہیں، اگر یہ حکمران بنے تو ہمیں یہاں سے ہجرت کرناچاہیے۔جلسے سے خطاب میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے وزیراعلیٰ کےپی محمودخان نے کہا کہ بےشرم آدمی شہباز شریف نے پنجاب کا بیڑاغرق کردیا، سوات آپریشن کے وقت اس بےشرم نے اٹک کو بند کیا تھا، وہ بےشرم کہتا تھا یہ دہشتگرد ہیں انھیں پنجاب میں نہ آنےدو۔

    پی ڈی ایم سربراہ سے متعلق محمودخان نے کہا کہ مولانا صاحب مدرسے کے بچوں کو پنڈال میں بٹھاتے ہیں اور خود محلوں میں رہتے ہیں۔

    بونیر جلسے کے دوران وزیراعلیٰ کے پی لیگی رہنما امیر مقام پر بھی خوب برسے اور کہا کہ امیر مقام سوات میں آیا اس نے شانگلہ کو برباد کردیا، اب کہتا ہےکہ اب میں سوات میں حکمرانی کروں گا، امیرمقام سن لوں سوات کے لوگ آپ کا ساتھ نہیں دیں گے۔

    وزیراعلیٰ کےپی محمودخان نے لیگی رہنما کو چور قرار دیتے ہوئے کہا کہ امیر مقام یاد رکھنا تم چور ڈاکو ہو، پی ٹی آئی میں تمہاری کوئی جگہ نہیں۔

    جلسے سے خطاب میں محمود خان نے دعویٰ کیا کہ پچس جولائی کو آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت بنے گی جبکہ دو ہزار تئیس میں انشااللہ پورے پاکستان میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی، اپوزیشن والوں سن لو، وزیراعظم کےہوتےہوئے تم لوگ اقتدار میں نہیں آسکتے، ملک اب ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے اور عوام وزیراعظم عمران خان کیساتھ کھڑی ہے۔

  • پھانسی دے دی جائے، مگر ووٹ کی عزت پامال نہیں ہونے دوں گا: نواز شریف

    پھانسی دے دی جائے، مگر ووٹ کی عزت پامال نہیں ہونے دوں گا: نواز شریف

    بونیر:سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پورا پاکستان ترقی کررہا ہے، لیکن خیبرپختونخواہ ترقی نہیں کررہا، عمران خان راستہ نہ روکتے، تو کے پی میں بھی موٹروے بن چکی ہوتی.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے بونیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ عوام جانتے ہیں کہ دہشت گردی کس نے ختم کی.

    [bs-quote quote=” ایسا نظام لائیں گے کہ کسی کی ہمت نہیں ہوگی کہ آیندہ ووٹ کو پاؤں تلے روندے، اس شخص کوغدارکہا گیا جو ملک کے لئے جیتا اور مرتا ہے” style=”style-2″ align=”left” author_name=”نواز شریف”][/bs-quote]

    میاں‌ نواز شریف کا کہنا تھا کہ کے پی میں ہماری حکومت ہوتی، تو موٹروے یہاں پہنچ چکی ہوتی، دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھ ڈال کر دہشت گردی ختم کی، کراچی میں امن قائم کیا، لیکن پیپلزپارٹی نے کچھ نہیں کیا.

    انھوں‌ نے کہا کہ جو ایٹمی دھماکے کرتا ہے، آج اسے ہی غدار کہا جارہا ہے، کیا پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا غداری ہے، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پرچھٹی کر دی، ملک کو اندھیرے میں ٖڈبونے والے، آئین توڑنے والے محب وطن ہیں؟ الٹی گنگا بہہ رہی ہے، اس کے آگے بند باندھیں گے.

    ان کا کہنا تھا کہ کارگل کی رسوائی جھیلنے والے کو آج غدار کہا جاتا ہے، مجھے اس لیے غدارکہا جاتا ہے، کیوں کہ میں کہہ رہا ہوں، پاکستان تنہا ہوتا جارہا ہے، پاکستان کے لئے کوئی اچھی بات یا مشورہ دینا چاہے، تو اعتراض نہیں ہونا چاہیے، ملک پر کسی کی اجارہ داری نہیں، 22 کروڑعوام کا ملک ہے۔

    انھوں‌ نے کہا کہ مجھے غدار کہنے والو، حساب کتاب کے لئے قومی کمیشن بنا دو، قومی کمیشن اپنی رپورٹ میں جسے مجرم کہے، اسے سرعام پھانسی دے دی جائے، مگر ووٹ کی عزت پامال نہیں ہونے دوں گا.

    انھوں‌ نے کہا کہ میرا بیانیہ آج گھرگھر پہنچ رہا ہے، ووٹ کی عزت پامال نہیں ہونے دوں گا، نوازشریف کوغدار کہنے والا سب سے بڑاغدار ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ الزام لگایا گیا کہ نوازشریف نے منی لانڈرنگ کر کے رقم بھارت بھیجی، منی لانڈرنگ کے الزام پربھی قومی کمیشن بننا چاہیے، اس قومی کمیشن میں چیئرمین نیب کوبھی بلانا چاہیے. چیئرمین نیب الزام ثابت نہیں کرسکے، تو اس پر معافی مانگیں.

    انھوں نے مزید کہا کہ ایسا نظام لائیں گے کہ کسی کی ہمت نہیں ہوگی کہ آیندہ ووٹ کو پاؤں تلے روندے، اس شخص کوغدارکہا گیا جو ملک کے لئے جیتا اور مرتا ہے، انھوں نے کہا کہ میراوعدہ ہے ووٹ کی عزت ہرصورت بحال کریں گے، سندھ اوربلوچستان بھی جاؤں گا.بونیربتارہاہے2018 مسلم لیگ ن کا سال ہوگا.


    قومی سلامتی کمیٹی نے نوازشریف کا بیان متفقہ طور پر مسترد کردیا


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔