Tag: Bunyan ul Marsoos

  • مغربی سرحد پر بھارت کی ’بی ٹیم‘ دہشتگردوں کو بھی شکست دیں گے، کے پی حکومت

    مغربی سرحد پر بھارت کی ’بی ٹیم‘ دہشتگردوں کو بھی شکست دیں گے، کے پی حکومت

    پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ مغربی سرحد پر بھارت کی ’بی ٹیم‘ دہشتگردوں کو بھی شکست دیں گے۔

    بیرسٹر سیف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر اس کا غرور خاک میں ملا دیا، خیبر پختونخوا پولیس سمیت تمام سکیورٹی ادارے بھارت کی ’اے‘ اور ’بی‘ ٹیموں کے خلاف متحد ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کی پشت پناہی میں ملوث ہے، امن دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

    گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھارت کے خلاف جنگ میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی عسکری اور قائدانہ صلاحیتوں کی کھل کر تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے جنگ میں بہترین پرفارم کیا۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    بیرسٹر گوہر نے واضح طور پر کہا کہ آج کے دن کوئی اگر مگر نہیں تمام فورسز نے بہترین کام کیا، فورسز نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

    اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ بھارت سے سیزفائر ہوگیا اب آپس میں بھی سیز فائر ہو جانا چاہیے ہمیں تمام مسائل مل کر مذاکرات سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر 1971 کے بعد جنگ مسلط کی گئی، الحمداللہ پاکستان نے انڈیا کو 6 صفر سے شکست دی پوری قوم متحد رہی ہم نے اس دن کو تشکر کے طور پر منایا ہے۔

  • شواہد موجود ہیں بھارت نے امریکا سے جنگ بندی کیلیے منت سماجت کی، مسعود احمد خان

    شواہد موجود ہیں بھارت نے امریکا سے جنگ بندی کیلیے منت سماجت کی، مسعود احمد خان

    سابق صدر آزار جموں و کشمیر مسعود احمد خان کا کہنا ہے کہ شواہد موجود ہیں بھارت نے ہی امریکا کے سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو سے رابطہ اور جنگ بندی کیلیے منت سماجت کی۔

    مسعود احمد خان نے کی اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کا مؤقف دنیا میں کسی نے تسلیم نہیں کیا، پاکستان نے کل میدان جنگ میں بری، فضائی اور ٹیکنالوجی میں اپنی اہمیت ثابت کر دی، پاکستان نے جو ٹیکنالوجی رافیل کیلیے استعمال کی بھارت کو اس کا اندازہ بھی نہیں تھا۔

    سابق صدر آزاد کشمیر کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا تجارت بڑھانے کا بیان کا مقصد ہے پاکستان اور بھارت دونوں برابر ہیں، پاکستان نے ثالثی پر امریکا کا شکریہ ادا کیا لیکن بھارت نے ادا نہیں کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت جنگ بندی معاہدے میں مارکو اور وینس نے واضح فرق ڈالا: امریکا

    انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کیلیے نئے باب کا آغاز ہو رہا ہے، جنگ بندی ہو چکی ہے اب کچھ عرصے بعد غیر جانبدار جگہ پر مذاکرات ہو سکتے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت ملنا چاہیے۔

    ’دیکھنا ہوگا کہ بھارت جنگ بندی کے بعد بھارت مذاکرات کیلیے تیار ہے یا نہیں، بھارت کی طرف سے جنگ بندی پائیدار ہے یا نہیں۔ مذاکرات کی میز تک پہنچنے کیلیے بہت سے مراحل طے کرنا ہوں گے۔ پاکستان کا ایک مؤقف یہ ہے کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ غیر قانونی طور پر معطل کیا۔‘

    مسعود احمد خان نے مزید کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کر کے خود کو عالمی عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کیا، بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنا بھی اہم معاملہ ہے، پاک بھارت مذاکرات کیلیے چین سمیت دیگر ممالک کا ثالثی گروپ بنے، یہ مشکل ہے کہ بھارت چین اور دیگر ممالک کے ثالثی گروپ پر تیار ہو۔

    ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے اعتبار سے موجودہ صورتحال چین اور پاکستان کی مشترکہ فتح ہے، پاکستان کی دنیا میں اہمیت بڑھی ہے اس کے ساتھ چین کی بھی بڑھی ہے، کسی پیشگی شرائط یا اتفاق رائے نہ ہونے کی وجہ سے جنگ بندی کی گئی ہے۔

    سابق صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ بھارت کے ساتھ اس وقت جنگ بندی کے سوا کوئی بات نہیں ہوئی، ہمیں خوش فہمی میں نہیں رہنا چاہیے بھارت سندھ طاس معاہدہ معطلی کا فیصلہ واپس نہیں لے گا، بھارت نے جنوری 2023 میں بھی پیغام بھیجا تھا کہ سندھ طاس معاہدے پر نظر ثانی چاہتا ہے۔

  • سکھوں کا بھارتی حملوں میں شہید پاکستانیوں کے خاندانوں کیلیے بڑا اعلان

    سکھوں کا بھارتی حملوں میں شہید پاکستانیوں کے خاندانوں کیلیے بڑا اعلان

    سکھوں کی عالمی تنظیم سکھ فار جسٹس (ایس ایف جے) نے مساجد پر بھارتی حملوں میں شہید پاکستانیوں کے خاندانوں کیلیے 35 لاکھ روپے امداد کا اعلان کر دیا۔

    رہنما سکھ فار جسٹس گرپتونت سنگھ پنوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایس ایف جے بھارت کو معاشی طور پر تباہ کرے گا، جب تک سکھ بھارت کی ریاست کو پارہ پارہ نہیں کر دیتے جنگ جاری رکھیں گے۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ نریندر مودی کی بھارتی فوج نے پاکستان میں مساجد پر میزائل حملے کیے اور کھلے عام اسلام کے خلاف جنگ کا اعلان کر کے پاکستان سے جنگ شروع کی۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارتی فوج کو پنجاب سے گزر کر پاکستان پر حملہ نہیں کرنے دیں گے، گرپتونت سنگھ پنوں

    انہوں نے کہا کہ خالصتان کے حامی سکھ پاکستان کے شہیدوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں، مساجد اور ننکانہ صاحب پر بھارتی حملے پاک فوج نے ناکام بنائے، نریندر مودی نے مسلمانوں اور سکھوں کے خلاف جنگ کا اعلان کیا ہے جس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ممبئی اسٹاک ایکسچینج کو گرا کر بھارتی معیشت کو مفلوج کریں گے جو ان کی فوج کو فنڈز فراہم کرتی ہے۔

    30 اپریل 2025 کو گرپتونت سنگھ پنوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارت پاکستان پر حملہ کرتا ہے تو یہ بھارت اور نریندر مودی کی آخری جنگ ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھارتی تسلط سے آزاد ہوگا اور نیا ملک بنے گا، پنجاب پاکستان کے ساتھ ریڑھ کی ہڈی بن کر کھڑا ہے، پاکستان اقوام متحدہ میں خالصتان ریفرنڈم کی تحریک ڈالے۔

    رہنما تحریک خالصتان نے مزید کہا تھا کہ پاک آرمی کیلیے بھارتی پنجاب میں لنگر لگائیں گے، بھارتی فوج کا ہم مقابلہ کریں گے، بھارتی پنجاب کینٹ ایریا میں وال چاکنگ ہو رہی ہے سکھ پاکستان کے خلاف مت لڑیں۔

  • بعض علاقوں میں بھارت کی سیز فائر خلاف ورزیوں کے باوجود افواج ضبط کا مظاہرہ کر رہی ہیں، پاکستان

    بعض علاقوں میں بھارت کی سیز فائر خلاف ورزیوں کے باوجود افواج ضبط کا مظاہرہ کر رہی ہیں، پاکستان

    اسلام آباد: پاکستان کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں بھارت کی جانب سے سیز فائر خلاف ورزیوں کے باوجود ہماری افواج ضبط کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر پر مخلصانہ عمل کیلیے پرعزم ہیں، سیز فائر کے مؤثر نفاذ میں مسائل کو مناسب سطح پر بات چیت سے حل کیا جانا چاہیے۔

    شفقت علی خان نے کہا کہ زمینی سطح پر موجود افواج کو بھی تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

    پاکستان اور بھارت کے درمیان 4 روزہ فوجی تصادم جاری رہنے کے بعد ہفتے کو ہونے والی جنگ بندی کا دنیا بھر کے ممالک نے خیر مقدم کیا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کو اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ بھارت اور پاکستان نے ایک دوسرے کی فوجی تنصیبات پر حملے روکنے اور "مکمل جنگ بندی” پر اتفاق کیا ہے۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ امریکی ثالثی میں ہونے والی ایک طویل بات چیت کے بعد مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ بھارت اور پاکستان ایک مکمل اور فوری جنگ بندی پر رضامند ہو گئے ہیں۔

    امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ جے ڈی وینس، مارکو روبیو نے پاک بھارت جنگ بندی میں واضح کردار ادا کیا، وینس اور روبیو 48 گھنٹے تک دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بات چیت میں مصروف رہے۔

    یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ کجا کالس نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان اعلان کردہ جنگ بندی کشیدگی میں کمی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس کا احترام یقینی بنانے کے لیے تمام کوششیں کی جانی چاہئیں۔ یورپی یونین خطے میں امن، استحکام اور انسداد دہشت گردی کے لیے پرعزم ہے۔

    برطانیہ کا پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا برطانیہ نے بھی خیرمقدم کیا، برطانوی وزیراعظم کیئراسٹارمر نے کہا کہ پاکستان بھارت جنگ بندی دیرپا ہونی چاہیے، پاکستان بھارت جنگ بندی کیلئے برطانیہ بات چیت میں شامل رہا، وزیرخارجہ ڈیوڈ لیمی فریقین سے رابطے میں رہے۔

  • پاکستان کی خود مختاری کو خطرہ ہوا تو چین دفاع کرے گا، نائب صدر سی سی جی

    پاکستان کی خود مختاری کو خطرہ ہوا تو چین دفاع کرے گا، نائب صدر سی سی جی

    نائب صدر سینٹر فار چائنا اینڈ گلوبلائزیشن وکٹر گاؤ کا کہنا ہے کہ چین اور پاکستان آہنی بھائی ہیں، پاکستان کی خود مختاری یا علاقائی سالمیت کو خطرہ ہوا تو دفاع کریں گے۔

    سی جی ٹی این کو انٹرویو دیتے ہوئے وکٹر گاؤ نے کہا کہ بھارت سمجھداری سے کام لے نہ کہ کسی ملک کا پانی روک لے اور حملے کرے، اگر شک ہے تو ثبوت پیش کرے بین الاقوامی برادری دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے پر زور دیں۔

    وکٹر گاؤ نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جو کچھ ہو رہا ہے وہ عالمی تشویش کا باعث ہے لہٰذا دونوں ممالک زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں، فوری جنگ بندی کریں اور کسی بھی قسم کے مزید تصادم سے گریز کریں۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    انہوں کا کہنا تھا کہ جے ڈی وینس نئی دہلی میں تھے اور فوری بعد یہ سب ہوگیا، سوال یہ ہے کہ امریکا اور بھارت نے کوئی مشاورت کی یا عسکری تعاون بڑھانے کا وعدہ کیا، بھارت کو امریکا سے یہ حوصلہ ملا ہو کہ وہ کسی ثبوت کے بغیر ہی کارروائی کرے۔

    دوسری جانب ایشیا پیسیفک پالیسی ایکسپرٹ سوربھ گپتا کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے معاملہ جوہری خطرے تک پہنچے تو امریکا ضرور مداخلت کرے گا، امریکا بھارت پر اثر ڈال سکتا ہے لیکن بھارت اسرائیل جیسی آزادی نہیں رکھتا۔

    سوربھ گپتا نے کہا کہ یہ موقع بھارت کو یہ راستہ دے سکتا کہ وہ پانی کے ڈیٹا کی شراکت کو روک دے، جیسے بھارت نے 2019 میں کیا یا مکمل طور پر معاہدے سے نکل جائے، ہمیں جوہری استحکام کے ساتھ اسٹریٹجک آبی استحکام پر بھی سنجیدہ ہونا پڑے گا۔

  • آپریشن بنیان مرصوص: عامر خان کی فلم ’ستارے زمین پر‘ کی ریلیز ملتوی

    آپریشن بنیان مرصوص: عامر خان کی فلم ’ستارے زمین پر‘ کی ریلیز ملتوی

    بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کے آپریشن بنیان مرصوص کے پیش نظر بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان کی فلم ’ستارے زمین پر‘ کی ریلیز ملتوی کر دی گئی۔

    انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ’ستارے زمین پر‘ کی ریلیز ملتوی کرنے کا باضابطہ اعلان ’عامر خان پروڈکشن‘ کی جانب سے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا گیا۔

    فلم کو 20 جون 2025 کو سینما گھروں میں نمائش کیلیے پیش کیا جانا تھا جس کیلیے تیاریاں حتمی مراحل میں تھیں۔ ’ستارے زمین پر‘ کی نئی ریلیز ڈیٹ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ ملکی سرحدوں پر جاری حالات اور ملک گیر الرٹ کے حوالے سے عامر خان پروڈکشن نے اپنی آنے والی فلم کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یاد رہے کہ یہ فلم اداکار کی 2022 کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کے بعد سلور اسکرین پر واپسی کی نشاندہی کرتی ہے جو فاریسٹ گمپ کا آفیشل ہندی ریمیک ہے۔

    یہ فلم 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’تارے زمین پر‘ کا سیکوئل ہے۔ اس فلم میں عامر خان کے ساتھ جنیلیا دیش مکھ بھی اہم کردار میں ہیں اور اس کی ہدایت کاری آر ایس پرسنا کر رہے ہیں جنہوں نے شوبھ منگل ساودھن کی ہدایت کاری کی تھی۔

  • بھارت نے حملہ کیا، پاکستان نے تاریخ لکھ دی — اب دہلی کے دہلنے کی باری ہے!

    بھارت نے حملہ کیا، پاکستان نے تاریخ لکھ دی — اب دہلی کے دہلنے کی باری ہے!

    جب دشمن نے رات کی تاریکی میں وار کیا تو پاکستان نے دن کی روشنی میں اس کا غرور جلا کر راکھ کر دیا۔ آپریشن بنیان مرصوص صرف جواب نہیں بلکہ مکمل فیصلہ تھا۔

    بھارت نے نور خان، شورکوٹ اور مرید ایئربیس پر بزدلانہ حملے سے جنگ کی شروعات کی مگر پاکستان نے جس انداز میں جواب دیا وہ دشمن کے لیے ایک بھیانک خواب بن گیا۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    پاک افواج نے فوراً آپریشن بنیان مرصوص لانچ کیا جو ایک ایسا طوفانی حملہ تھا جس نے بھارت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔

    بھارتی تنصیبات پر کاری ضرب — غرور زمین بوس!

    پاک فضائیہ اور میزائل کمانڈ نے دشمن کے 20 سے زائد حساس فوجی اہداف کو نشانہ بنایا:

    • برہموس میزائل ذخیرہ مکمل تباہ — بھارت کا فخر، راکھ بن گیا
    • اودھمپور ایئربیس و دفاعی نظام مفلوج
    • پٹھان کوٹ، جالندھر، گجرات، راجستھان، چندی گڑھ — ہر بیس، ہر ٹاور ہلا دیا
    • دہلی تک میزائل کی ضرب پہنچی — بھارت کا دارالحکومت پہلی بار جنگ کی گھن گرج کے سائے میں
    • سری نگر میں 20 بھارتی فوجی ہلاک — قابض فوج پر قہر
    • 9 مئی کو بھارتی چیک پوسٹس تباہ — دشمن سے ایک قدم آگے

    دو بھارتی جنگی طیارے تباہ، پائلٹس گرفتار — بھارت کو پیغام: اب فضا بھی محفوظ نہیں!

    پاک فضائیہ نے دشمن کے دو جنگی طیارے مار گرائے، دونوں بھارتی پائلٹ زندہ گرفتار — دنیا کو پیغام: پاک سرزمین پر ناپاک ارادے نہیں اتر سکتے!

    پاکستان کی فضا — دشمن کے ڈرونز کا قبرستان

    بھارتی جاسوس ڈرونز نے لاہور اور پشاور کی فضا میں داخل ہونے کی کوشش کی —نرنگ منڈی اور پشاور میں دونوں ڈرونز زمین بوس، دشمن کی آنکھیں نکال دی گئیں۔

    سائبر وار میں بھی پاکستان کا غلبہ — بھارت کی ریاستی مشینری جام

    یہ صرف میدان جنگ نہیں، ڈیجیٹل محاذ پر بھی پاکستان نے دشمن کو مفلوج کر دیا:

    • 10 بڑے توانائی نظام تباہ
    • 1744 بھارتی ویب سرورز مکمل ڈیلیٹ
    • انڈین ریلوے، دہلی گیس، کشمیر پاور نیٹ ورک بند
    • 1300 کیمرے، 120 روٹرز، 500+ ڈیٹا بیس تباہ
    • BJP، میڈیا اور حکومتی ویب سائٹس ہیک اور ڈیفیس
    • 150+ حساس ڈیٹا بیس چوری، لیک کر دیے گئے

    اب بھارت کا ڈیجیٹل نقشہ بھی ہاتھ سے نکل چکا ہے!

    بھارتی میڈیا کا پراپیگنڈا — جھوٹ کی آخری سانسیں

    ’تین پاکستانی طیارے مار گرانے‘ یا ’دہلی پر حملہ ناکام بنانے‘ کے دعوے۔ صرف بھارتی عوام کو جھوٹی تسلی دینے کی کوشش ہیں — حقیقت یہ ہے کہ جنگ شروع ہوئی تھی بھارت سے اور عزت بچائی پاکستان نے!

    پاکستان کا پیغام — ابھی تو صرف جواب دیا ہے!

    ہم نے دشمن کو دکھا دیا: اب کی بار مارا ہے، اگلی بار مٹائیں گے! فیصلہ اب ہمارا ہے — کب، کہاں، اور کیسے حملہ کرنا ہے — یہ اختیار صرف پاکستان کے پاس ہے۔

    بھارت کو یاد رکھنا چاہیے

    1965 میں تم نے لاہور کا خواب دیکھا تھا —تب بھی تمہارے ٹینک چھوڑ کر بھاگے تھے۔

    2025 میں تم نے پھر وہی حماقت کی —اب کی بار تمہاری فضا، سائبر، اور سرزمین… ہر جگہ ہار ہے!

    پاکستان جاگ چکا ہے — تمہارے خواب اب ڈراؤنے بن چکے ہیں!

  • وزیر اعظم کی صدر مملکت سے ملاقات، بھارت کو بھرپور جواب دینے پر اطمینان کا اظہار

    وزیر اعظم کی صدر مملکت سے ملاقات، بھارت کو بھرپور جواب دینے پر اطمینان کا اظہار

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں پاک بھارت کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارتی جارحیت اور پاکستان کے آپریشن بنیان مرصوص سے آگاہ کیا، صدر مملکت نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کی بہادری کو سراہا۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    وزیر اعظم اور صدر مملکت نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر اطمینان کا اظہار کیا، پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کامیابی پر مبارکباد دی اور بھارتی میزائل اور ڈرون حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

    آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے ذمہ دار قوم کی حیثیت سے بھارتی اشتعال انگیزیوں پر کافی تحمل کا مظاہرہ کیا، پاکستان کے پاس اپنی خود مختاری اور عوام کے دفاع کیلیے فیصلہ کن جواب دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا۔

    انہوں نے کہا کہ پوری قوم متحد اور مسلح افواج کی بھرپور حمایت کرتی ہے، پاکستان ملکی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔

    ملاقات میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ بھی شریک تھے۔

  • بھارتی ایس 400 سسٹم تباہ کرنے والے جے ایف 17 تھنڈر کی خصوصی ویڈیو

    بھارتی ایس 400 سسٹم تباہ کرنے والے جے ایف 17 تھنڈر کی خصوصی ویڈیو

    آپریشن بنیان مرصوص کے تحت بھارت کے ایس 400 میزائل سسٹم تباہ کرنے کیلیے اڑان بھرنے والے جے ایف 17 تھنڈر کی خصوصی ویڈیو جاری کر دی گئی۔

    بھارت کو اس کے گھر میں گھس کر منہ توڑ جواب دینا پاکستان کیلیے انتہائی قابل فخر اور تاریخ ساز مناظر ہے۔ بھارتی ایس 400 میزائل سسٹم تباہ کر کے افواج پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    پاکستان نے بھارت کا جدید سسٹم تباہ کر کے نام نہاد بھارتی دفاعی نظام اور کھوکھلے دعوؤں کو زمیں بوس کر دیا۔ پاک فضائیہ نے آدم پور میں بھارت کا ایس 400 سسٹم تباہ کیا جس کی مالیت تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالر ہے۔

    بھارتی حملوں کی جواب میں پاکستان نے آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کا اغاز کیا اور دشمن پر قہر ڈھا دیا۔ فجر کی آذان کے ساتھ ’آپریشن بُنۡیَانٌ مَّرْصُوْص‘ کا آغاز ہوا اور بھارت کا جنگی غرور مٹی میں مل گیا۔

    پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر نے آدم پور میں جدید ترین ایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ کر کے بھارت کی فضائی ڈھال پاش پاش کر دی۔ ناگروٹا میں براہموس میزائل کا ذخیرہ بھسم کر دیا۔

    اودھم پور، آدم پور، پٹھان کوٹ، ہلوارا، مامون اور مقبوضہ جموں سمیت بارہ سے زائد ایئرفیلڈز اور ایئربیسز کو ملیا میٹ کر دیا گیا۔

    فتح ون میزائل سسٹم نے دشمن کے فوجی ٹھکانوں کو چن چن کر نشانہ بنایا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھمبر گلی بریگیڈ ہیڈکوارٹر تباہ کر دیاگیا۔

    راجوڑی اور نوشہرہ میں بھارت کے انٹیلی جنس مراکز کا نام و نشان مٹا دیا گیا۔ پاکستانی ڈرونز کئی گھنٹے تک بھارتی دارالحکومت نئی دہلی اور مودی کی ریاست گجرات پر پروازیں کرتے رہے۔

  • آپریشن بنیان مرصوص: سیاسی رہنماؤں نے وزیر اعظم کو مکمل تعاون اور یکجہتی کا یقین دلا دیا

    آپریشن بنیان مرصوص: سیاسی رہنماؤں نے وزیر اعظم کو مکمل تعاون اور یکجہتی کا یقین دلا دیا

    اسلام آباد: کامیاب آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کے حوالے سے سیاسی رہنماؤں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو مکمل تعاون اور یکجہتی کا یقین دلا دیا۔

    وزیر اعظم نے موجودہ صورتحال میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں بلاول بھٹو زرداری، بیرسٹر گوہر خان، مولانا فضل الرحمان، خالد مقبول صدیقی، حافظ نعیم الرحمان، خالد حسین مگسی اور چوہدری سالک سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

    اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا آج مربوط طریقے سے طاقتور جواب دیا، بھارت نے پاکستان پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، بھارتی جارحانہ اقدامات کے باوجود پاکستان نے انتہائی تحمل سے کام لیا۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے حقائق جاننے کیلیے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا کہا لیکن بھارت نے انکار کیا، آج صبح دوبارہ بھارت نے نور خان ایئربیس اور دیگر مقامات پر میزائل سے حملے کیے، بھارتی حملوں میں نہتے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی ان پے در پے کارروائیوں کا ہماری بہادر افواج نے بھرپور جواب دیا، پاکستان نے بھارت ان ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا جن سے پاکستان پر حملے کیے گئے، آج ہم نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور بے گناہوں کے خون کا بدلہ لے لیا، ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے۔

    وزیر اعظم نے سیاسی رہنماؤں کو بتایا کہ پوری قوم کو میں اس کامیاب آپریشن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، بھارت کی پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششوں کو ناکام بنانے کیلیے پرعزم ہیں۔

    سیاسی رہنماؤں نے پاک فوج کے جوانوں کے حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراج تحسین پیش کیا اور وزیر اعظم کو مشکل کی گھڑی میں اپنے اور پوری قوم کے تعاون اور یکجہتی کا یقین دلایا۔

    سیاسی قیادت نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کیلیے ہماری بہادر افواج کی مہارت قابل تحسین ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سیاسی قیادت کا واشگاف الفاظ میں ساتھ دینے پر تشکر کا اظہار کیا۔