Tag: burger

  • برگر کھانے سے متعلق یونس خان کا اعظم خان کو خاص مشورہ

    برگر کھانے سے متعلق یونس خان کا اعظم خان کو خاص مشورہ

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے وکٹ کیپر اور بلے باز اعظم خان کو اپنی فٹنس پر توجہ دینے سے متعلق اہم مشورہ دیا ہے۔

    سابق کرکٹر معین خان کے بیٹے اعظم خان آج کل پاکستان سپر لیگ 10 کی فرنچائر اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے کھیل رہے ہیں۔

    قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بطور اوپنر آنے پر اعظم خان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اوپنر آنے میں کوئی حرج نہیں۔

    سابق کپتان نے کہا کہ اعظم خان کو اپنی کمزوریوں کو خاص طور پر باؤنسر کے خلاف طاقت میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو بولرز انہیں باؤنسر کا نشانہ بناتے رہیں گے اور بار بار ان کی خامیوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔

    اعظم خان کو مشورہ دیتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ اگر وکٹ کیپر اعلیٰ سطح پر کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریوں کو سنجیدگی سے لیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ غذائی ڈسپلن پر کمپرومائز نہیں کیا جا سکتا، ہم سب برگر شوق سے کھاتے ہیں، میں بھی برگر کھاتا ہوں لیکن بطور پروفیشنل ایتھلیٹ ہمیں تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر اعظم خان اپنے کیریئر کو طول دینا چاہتے ہیں اور اعلیٰ سطح پر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں تو انہیں اپنی فٹنس پر کام کرنا ہوگا، یہاں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء میں امریکا کے خلاف شکست اور صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد قومی ٹیم کے بلے باز اعظم شدید تنقید کی زد میں آگئے تھے۔

    بلے باز کو نہ صرف امریکا کے خلاف صفر پر آؤٹ ہونے پر تنقید کا سامنا تھا بلکہ کیچز چھوڑنے پر بھی کرکٹ شائقین اعظم سے سخت نالاں تھے۔

    ایسے میں امریکی شہر نیویارک سے بلے باز کی ایک ویڈیو وائرل ہوگئی تھی، جس میں اُنہیں اسٹریٹ فوڈ کے اسٹال پر کھڑے ہوکر برگر کھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    کین ولیمسن کراچی کنگز کو جوائن کرنے لاہور پہنچ گئے

    غیر ملکی میڈیا پر بھی اس ویڈیو کو خوب کوریج دی گئی تھی، جبکہ بعض سوشل میڈیا صارفین اس قسم کی ویڈیو وائرل کرنے پر ناراض بھی دکھائی دیئے۔

  • کم فرائز کے ساتھ برگر؟

    کم فرائز کے ساتھ برگر؟

    آلو ایک ایسی سبزی ہے جو ہر گھر کی ضرورت ہے، یہ ہر چھوٹے اور بڑے انسان کیلئے اہم غذا ہے چاہے وہ ابال کر پکائے جائیں یا فرائز یا کرسپس جیسی اشیاء تیار کی جائیں، یہ سب میں یکساں مقبول ہے۔

    یورپی ممالک میں بہت زیادہ گرمی اور عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے پیش نظر آلو کی فصل میں کمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    اس صورتحال کے بعد خدشہ ہے کہ آلو سے بننے والی اشیا مثلاً فرنچ فرائز اور چپس کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوجائے گا۔

    آلو کی فصل موسم گرما کی ان فصلوں میں شامل ہے جنہیں اس سال ریکارڈ درجہ حرارت اور 500 سال میں یورپ کی بدترین خشک سالی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    اس حوالے سے معاشی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ جرمنی، فرانس، نیدرلینڈ اور بیلجیئم کے علاوہ شمال مغربی پٹی یورپی یونین کے آلو کی زیادہ تر پیداوار کا حصہ ہے۔

    fries potato

    اس سال موسمی حالات یورپی یونین میں آلو کی پیداوار کو ریکارڈ کی سب سے کم سطح پر پہنچا سکتے ہیں جو کہ اس سے قبل سال 2018 میں ہونے والی خشک سالی میں سامنے آئی تھی۔

    دنیا بھر میں اشیائے خوردونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث افراط زر میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں یورپ میں مہنگائی نو فیصد تک پہنچ گئی جو پچھلے پچاس سالوں میں نہیں دیکھی گئی۔

    اس حوالے سے مغربی جرمنی کے ایک کاشتکار ایرک گوسن کا کہنا ہے کہ خراب موسم اور خشک سالی کی وجہ سے آلو کی آدھی فصل ضائع ہوسکتی ہے۔

    محکمہ زراعت کی آلوکی موسم خزاں کی فصل کی کاشت فوری شروع کرنے کی ہدایت

    دوسری جانب جرمنی کی وزارت زراعت کے ترجمان نے بھی رواں ماہ اگست کی رپورٹ میں فصل کی کٹائی کی پیش گوئی تو نہیں کی لیکن ان کا کہنا ہے کہ آلو کی اچھی فصل کے امکانات پہلے کی نسبت بہت کم ہو چکے ہیں۔

    اس کے علاوہ بیلجیئم میں فرائز فروخت کرنے والے دکاندار کا کہنا ہے کہ معیاری آلو کی کم دستیابی اس کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ قیمتوں میں کتنا اضافہ ہوگا؟ تاہم یہ بات یقین سے کہی جاسکتی ہے کہ آلو کی قیمت بڑھ تو سکتی ہے کم نہیں ہوسکتی۔

    اس سال اجناس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں میکڈونلڈز جیسی بین الاقوامی فوڈ فرمز نے بھی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے، اس کے علاوہ برطانیہ میں فرائز کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

    سال 2018میں فرانسیسی کسانوں کو سال کی بدترین خشک سالی کے بعد کم فرائز کی اجازت دینے کے لیے ’میک کین‘جیسے خریداروں کے ساتھ کیے گئے معاہدوں میں تبدیلی کیلیے دوبارہ بات چیت کرنا پڑی تھی۔

    اس سلسلے میں فرانسیسی آلو کے شعبے کے منیجنگ ڈائریکٹر برنارڈ اوئلن نے کہا کہ اس سال بھی ایسے ہی مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔

  • مزیدار سزلر برگر گھر میں بنانے کا طریقہ

    مزیدار سزلر برگر گھر میں بنانے کا طریقہ

    برگر بچوں کی پسندیدہ ڈش ہے اور اگر برگر گھر میں بنا لیا جائے تو بچوں کی عید ہوجاتی ہے، آج ہم آپ کو مزیدار سزلر برگر بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    سب سے پہلے برگر کا کباب بنائیں۔

    اس کے لیے ڈیڑھ سو گرام بیف کا قیمہ لیں، اس میں پیاز، ادرک لہسن، سبز مرچ، لال مرچ، مسٹرڈ پاؤڈر اور فجیتا مصالحہ ملا کر کباب تیار کرلیں۔

    ان کی تیاری کا ٹائم صرف 5 منٹ ہے۔

    اب برگر میں شامل کرنے کے لیے سوس بنائیں۔ مایونیز، چلی سوس، سرخ مرچ پاؤڈر، سویا سوس، باربی کیو سوس اور مسٹرڈ پیسٹ ملا کر سوس تیار کرلیں۔

    کالے تل والے بن لیں، ان پر پہلے سے تیار شدہ سوس ڈالیں، اس کے بعد چلی سوس ڈالیں، سلاد پتہ، ٹماٹر اور کھیرے کے قتلے رکھیں، اس کے بعد کباب رکھ دیں۔

    مزیدار سزلر برگر تیار ہیں۔

  • چپلی کباب سے سجا برگر کھانا چاہیں گے؟

    چپلی کباب سے سجا برگر کھانا چاہیں گے؟

    یوں تو برگر بچوں اور بڑوں سب ہی کو پسند ہے، برگر میں کچھ مخصوص اشیا ہی شامل کی جاتی ہیں تاہم آج ہم آپ کو ایک منفرد قسم کا برگر بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اس برگر میں پشاوری چپلی کباب شامل ہوگا جو نہایت مزیدار اور منفرد ذائقے کا حامل ہوتا ہے۔

    اجزا

    قیمہ: آدھا کلو

    مکئی کا آٹا: آدھا کپ

    کٹی لال مرچ: 1 کھانے کا چمچ

    بھنا اور کٹا ہوا ثابت دھنیہ: 1 کھانے کا چمچ

    بھنا کٹا سفید زیرہ: 1 کھانے کا چمچ

    مایونیز: 4 کھانے کے چمچ

    سلاد پتہ: حسب ضرورت

    ہرا دھنیہ: حسب ضرورت

    پودینہ: حسب ضرورت

    مکھن: حسب ضرورت

    نمک: حسب ذوق

    ہری مرچ: 8 سے 10 عدد

    پیاز: 1 عدد

    ٹماٹر: 2 عدد

    انڈے: 2 عدد

    برگر بن: 4 عدد

    فرنچ فرائز: 1 پیکٹ

    ترکیب

    سب سے پہلے قیمے میں کٹی پیاز، ہری مرچ، مکئی کا آٹا، دھنیہ، پودینہ اور تمام سوکھے مصالحے ملا کر انڈے شامل کر کے میری نیٹ کریں۔

    اب اس مکسچر کے برگر کباب بنا کر شیلو فرائی کرلیں۔

    پیاز، ٹماٹر، ہرا دھنیہ اور ہری مرچوں کو باریک کاٹیں۔

    پھر اس میں نمک ڈال کر کچومر تیار کریں۔

    بن کو آدھا کر کے مکھن لگا کر سینک لیں، اوپر مایونیز لگائیں۔

    سلاد پتہ، کچومر اور چپلی کباب رکھیں۔ دوبارہ مایونیز لگائیں اور دوسرے بن سے کور کرلیں۔

    گرما گرم مزیدار برگر فرنچ فرائز کے ساتھ سرو کریں۔

  • برگر نہ لانے پر بیوی نے شوہر سے طلاق کا مطالبہ کردیا

    برگر نہ لانے پر بیوی نے شوہر سے طلاق کا مطالبہ کردیا

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں شوہر کو لاپرواہی مہنگی پڑگئی، برگر نہ لانے پر بیوی نے شوہر سے طلاق کا مطالبہ کردیا۔

    آپ نے گھریلو ناچاکی اور ذاتی نہ پسندیدگی کے باعث شادی شدہ جوڑوں کو الگ ہوتے دیکھا ہوگا لیکن اماراتی بیوی نے شوہر سے برگر نہ لانے پر طلاق مانگ لی۔

    عرب میڈیا کے مطابق ابوظہبی کی رہائشی 20 سالہ خاتون اس وقت آگ بگولا ہوگئیں کہ جب شوہر دوستوں کے ساتھ سیروتفرح کے بعد خالی ہاتھ گھر لوٹا۔

    بیوی برگر کے انتظار میں بیٹھی رہی، آدھی رات بیت جانے کے بعد شوہر تین بجے گھر لوٹا تو اس کے ہاتھ خالی تھے جس کے بعد دونوں کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی اور بیوی نے گھر بھی چھوڑنے کا ارادہ کرلیا۔

    مقامی وکیل کا کہنا تھا کہ اس قسم کے واقعات ہوتے رہتے ہیں، معمولی تنازع پر خاندان تباہ ہوجاتا ہے، ازدواجی زندگی گزارنے کے لیے میاں بیوی میں صبر وتحمل اور برداشت کا ہونا بہت ضروری ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ باہمی بات چیت سے حل نکال لیا جائے تو جوڑوں کو عدالتوں کا رخ کرنے کی نوبت ہی نہیں آئے گی۔

    وکیل کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ معاملہ عدالت میں اٹھایا جائے گا، جج کی جانب سے باہمی صلح پر زور دیا جائے گا تاہم بیوی کے طلاق کے مسلسل اصرار پر طلاق بھی ہوسکتی ہے۔

  • ہم فاسٹ فوڈ کھانے سے رکتے کیوں نہیں؟

    ہم فاسٹ فوڈ کھانے سے رکتے کیوں نہیں؟

    ہم میں سے اکثر افراد فاسٹ فوڈ کھانا پسند کرتے ہیں۔ کئی بار ایسا بھی ہوتا ہے کہ ہمارا پیٹ بھرا ہوا ہوتا ہے، یا کچھ کھانے کا دل نہیں چاہتا، لیکن جب فاسٹ فوڈ ہمارے سامنے آجاتا ہے تو ہم خود کو روک نہیں پاتے اور کھاتے چلے جاتے ہیں۔

    سائنسی و طبی ماہرین نے پتہ لگا لیا ہے کہ ایسا کیوں ہوتا ہے۔

    حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق چکنائی اور نشاستے یعنی کاربو ہائیڈریٹس سے بھرپور غذائیں ہمارے دماغ کو وہی کھانے کے لیے مزید اکساتی ہیں جس کے بعد ہم فاسٹ فوڈ پر سے اپنا ہاتھ نہیں روک پاتے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ فاسٹ فوڈ جیسے برگر یا پیزا وغیرہ میں چکنائی اور پروسیسڈ کیا ہوا نشاستہ شامل ہوتا ہے جو ہمارے دماغ کے خوارک والے حصے میں ایک طرح کا لالچ پیدا کرتا ہے جس کے بعد اسے مزید فاسٹ فوڈ کھانے کی طلب ہوتی ہے۔

    تحقیق کے مطابق فاسٹ فوڈ کو پسند کرنے نہ کرنے کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ تقریباً ہر شخص فاسٹ فوڈ کو دیکھ کر بے قابو ہوجاتا ہے۔

    کچھ عرصے قبل ایسی ہی تحقیق پوٹاٹو چپس کے بارے میں بھی کی گئی جس میں ماہرین نے جاننا چاہا کہ لوگ پوٹاٹو چپس ایک بار شروع کرنے کے بعد کیوں کھاتے چلے جاتے ہیں۔

    تحقیق کے مطابق جب ہم صرف ایک پوٹاٹو چپس کھاتے ہیں تو اس میں موجود نمک ہمارے دماغ کے اس حصے کو متحرک کرتا ہے جو ڈوپامائن کیمیکل خارج کرتا ہے۔

    ڈوپامائن نامی کیمیکل ہمارے اندر خوشی پیدا کرتا ہے۔ گویا پوٹاٹو چپس کھانا ہمارے اندر خوشی کو جنم دیتا ہے جس کے بعد ہمارا دماغ مزید چپس کی طلب کرتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ نہ صرف پوٹاٹو چپس بلکہ کسی بھی کھانے میں نمک کی مناسب مقدار ڈالی جائے تو یہ ہمارے جسم میں جا کر اس کھانے کی مزید طلب پیدا کرتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مقامی کرنسی نہ ہونے پرشاہد آفریدی کو ریسٹورنٹ میں شرمندگی کا سامنا

    مقامی کرنسی نہ ہونے پرشاہد آفریدی کو ریسٹورنٹ میں شرمندگی کا سامنا

    آکلینڈ : نیوزی لینڈ کے ریسٹورنٹ میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کے کھانے کا بل ادا کرکے نوجوان ہیرو بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ پہنچ گئی۔ آکلینڈ ایئرپورٹ پر کپتان شاہد آفریدی مشکل میں آنے سے بچ گئے۔

    آفریدی نے ساتھی کھلاڑی احمد شہزاد کے ہمراہ ریسٹورنٹ سے کھانا تو لے لیا لیکن مقامی کرنسی لے جانا بھول گئے۔ ریسٹورنٹ والے نے ڈالرز لینے سے بھی انکار کردیا۔اس وجہ سے سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

    ایسے میں ایک پرستار ہیرو بن کر سامنے آیا۔ وقاص نوید نامی شخص نے آفریدی کو بل دینے کے پیشکش کی۔ نوجوان نے کھانے کا بل ادا کیا جس پر آفریدی نے اس کا شکریہ ادا کیا۔

    شاہد آفریدی تو وقاص کے اتنے شکر گزار ہوئے کہ انہوں نے اس سے بل واپس ادا کرنے اور میچ کے ٹکٹس کا بھی وعدہ کرلیا۔

    وقاص نوید کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا پرستار ہے۔ نیوزی لینڈ سے سیریز کا اسے بے صبری سے انتظار ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ نیوزی لینڈ کا آغاز پندرہ جنوری کو آکلینڈ میں ٹی ٹوئنٹی میچ سے کرے گی۔