Tag: burhan wani death anniversary

  • ‘ایک کشمیری کی شہادت لاکھوں بھارتی فوجیوں پر بھاری ہے’

    ‘ایک کشمیری کی شہادت لاکھوں بھارتی فوجیوں پر بھاری ہے’

    اسلام آباد : حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ برہانی وانی کی شہادت کو کئی سال گزر  نے کے باوجود بھارتی فوج آج بھی خوفزدہ ہے، ایک کشمیری کی شہادت لاکھوں بھارتی فوجیوں پر بھاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے برہان مظفر وانی کی برسی پر ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن برہان وانی کی شہادت کا دن ہے، برہان وانی نے 8لاکھ بھارتی فوج کونہتےللکارا۔

    مشعال ملک کا کہنا تھا کہ کئی سال گزرنے کے بعد بھی بھارتی فوج آج بھی برہان وانی کے خوف میں مبتلا ہے، اس لئے آج برسی پر کرفیو لگا دیا، بھارتی فوج نے کشمیریوں کو گھروں میں بند رکھا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایک کشمیری کی شہادت لاکھوں بھارتی فوجیوں پر بھاری ہے، جنت کی حفاظت شہید کررہےہیں،یہ کیسےممکن ہےفتح نصیب نہ ہو۔

    خیال رہے تحریک آزادی کشمیر کی پرامن جدوجہدمیں مصروف عالمی شہرت یافتہ جواں سال ہیرو کشمیر حریت کمانڈر برہان مظفر وانی اور ساتھیوں کو شہید ہوئے پانچ برس گزر گئے، برہان وانی کی قیادت نے مقبوضہ کشمیر کی جِدو جہدِ آزادی کو نیا رُخ دیا، برہان وانی اور ساتھیوں کو ضلع کرناگ اسلام آباد میں دوہزار سولہ کو شہید کیا گیا تھا۔

  • تم کتنے برہان شہید کرو گے ہر گھر سے برہان نکلے گا، مشال ملک

    تم کتنے برہان شہید کرو گے ہر گھر سے برہان نکلے گا، مشال ملک

    لاہور : حریت لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا برہان وانی کی برسی پر کہنا ہے کہ تم کتنے برہان شہید کرو گے ہر گھر سے برہان نکلے گا ۔

    تفصیلات کے مطابق شہید برہان وانی کی برسی کے موقع پر حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ برہان وانی ہم سب کا ہیرو ہے  تم کتنے برہان شہید کرو گے ہر گھر سے برہان نکلے گا۔

    اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ بار میں خطاب کے دوران مشعال ملک نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت نے مقبوضہ کشمیر میں سناٹا کر دیا، بھارتی افواج نے برہان وانی کے بھائی کو شہید کیا اسکا گھر جلا دیا۔ برہان وانی نے اپنا سب کچھ کشمیر کی آزادی کے لیے نچھاور کر دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد ایک نئی تحریک نے جنم لیا ہے اور آج پیدا ہونے والے ہر بچے کا نام برہان وانی رکھا جا رہا ہے، مودی نے کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کر دی ہے جبکہ مودی اور ٹرمپ کشمیر کیخلاف متحد ہوگئے ہیں۔

    مشال ملک نے کہا کہ یاسین ملک کو زہریلا انجکشن لگایا گیا اور اب وہ دل کے عارضے میں مبتلا ہیں، کشمیری خاتون رہنماء آسیہ اندرابی پر بھی ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں۔

    انھوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیری نوجوانوں پر کیمیکل ہتھیار استعمال کئے جا رہے ہیں، کشمیری طلبا اور طالبات پر فاسفورس شیلز پھینکے جاتے ہیں، انھوں نے زور دیا کہ وکلاء کشمیریوں کی آواز بنیں۔

    خطاب کے بعد وکلاء نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بار کے احاطے میں ریلی بھی نکالی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • برہان مظفر وانی تحریک آزادی کشمیر کے ایک نئے باب کا عنوان ہے، نواز شریف

    برہان مظفر وانی تحریک آزادی کشمیر کے ایک نئے باب کا عنوان ہے، نواز شریف

    اسلام آباد : برہان وانی شہید کی برسی کے موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ برہان مظفر وانی تحریک آزادی کشمیر کے ایک نئے باب کا عنوان ہے۔ ایک سال پہلے اس جواں سال شہادت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنے لہو سے جو چراغ روشن کیا، اس سے آج پوری وادی میں چراغاں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برہان وانی شہید کی برسی پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اس شہادت نے اس حقیقت کو آخری درجے میں ثابت کر دیا ہے کہ کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کے جذبے سے سرشار ہے اور بھارت کے غاصبانہ قبضے کو قبول کرنے کیلئے آمادہ نہیں۔اسلحہ کے زور پر قوموں کے جذبہ آزادی کو نہیں کچلا جا سکتا ۔

    وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کو یہ حقیقت بھی سمجھ لینی چاہیے کہ تاریخ کو اندھا نہیں کیا جا سکتا، مقبوضہ کشمیر کی یہ تحریک آزادی مقامی اور ہر طرح کی بیرونی مداخلت کے بغیر آگے بڑھ رہی ہے، برہان وانی کی شہادت نے اس بھارتی پروپیگنڈے کو بھی بے نقاب کر دیا ہے کہ آزادی کشمیر کی تحریک کسی خارجی مداخلت کے زیر اثر ہے۔

    نواز شریف کا کہنا تھا کہ گذشتہ ایک سال میں کرفیو، سیکورٹی فورسز کے سنگدلانہ اقدامات اور ریاستی ظلم کے باوجود، جس طرح مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے اپنے شہیدوں کے جنازوں میں شرکت کی اور علم حریت کو بلند رکھا، معاصر تاریخ میں اس کی مثال موجود نہیں۔

    انھوں نے کہا کہ برہان وانی کا یوم شہادت ساری دنیا کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا یہ بازار گرم رہا، انسانی حقوق کی اس وسیع پیمانے پر خلاف ورزی ہوتی رہی ،عام شہریوں کو آہنی چھروں سے اندھا کیا جاتا رہا ہے تو پھر دنیا میں امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ یہ شہادت عالمی برادری اور اور قوتوں کو بھی متوجہ کرتی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی سے آنکھیں نہیں چرا سکتے، یہ شہادت سوال کرتی ہے کہ کیا کشمیری انسان نہیں؟ کیا ان کے بنیادی حقوق نہیں؟ کیا حق خودارادیت کشمیریوں کا مسلمہ حق نہیں ہے جو انہیں اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت حاصل ہے۔اگر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے ساتھ امتیازی سلوک کا سلسلہ بند نہ ہوا تو اس بین الاقوامی ادارے کی ساکھ پر منفی اثر پڑے گا۔

    انکا کہنا تھا کہ عالمی برادری کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں سے کیا گیا وعدہ پورا کرے، پاکستانی قوم برہان وانی کی یوم شہادت پر مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں سے مکمل طور پر اظہار یکجہتی کرتی ہے اور اپنے اس عزم کو دہراتی ہے کہ کشمیریوں کی ہر طرح کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

    نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور کشمیریوں کا دل ایک ساتھ دھڑکتا ہے اور مصیبت کے ان لمحوں میں ہم انہیں تنہا نہیں چھوڑ سکتے، مقبوضہ کشمیر کے عوام نے جس طرح پاکستانی کرکٹ ٹیم کی فتح کا جشن منایا ،وہ ریفرنڈم کا درجہ رکھتا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے التجا ہے کہ کشمیریوں کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہو اور ان کی جانوں کی ارزانی کا یہ سلسلہ جلد از جلد ختم ہو۔

    وزیراعظم نے بھارت کو بھی متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ظلم کا یہ سلسلہ ختم نہ ہوا تو خود بھارت کے اندر سے ان مظلوموں کی حمایت کیلئے ایک تحریک برپا ہوگی کیونکہ ظلم کو انسانی فطرت قبول نہیں کرتی، بھارت کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ اقوم متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کرے اور عالمی برادری کی بھی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو ان قراردادوں کے احترام پر مجبور کرے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔