Tag: buried

  • سابق ایئر چیف مارشل حکیم اللہ خان فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

    سابق ایئر چیف مارشل حکیم اللہ خان فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

    چارسدہ : سابق ایئرچیف مارشل (ر) حکیم اللہ خان درانی کو چارسدہ میں سپرد خاک کردیا گیا۔ حکیم اللہ خان درانی کو آبائی گاؤں شیح کلے چارسدہ میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق حکیم اللہ 88برس کی عمر میں پی اے ایف اسپتال اسلام آباد میں دوران علاج خالق حقیقی سے جاملے۔

    مرحوم کی نماز جنازہ میں اعلیٰ سرکاری حکام سمیت دیگر افراد نے شرکت کی جبکہ پی اے ایف کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

    حکیم اللہ خان درانی 1935 میں چارسدہ شیخ کلی میں پیدا ہوئے تھے۔1956 میں ائیر فورس جوائن کی اور 1957 میں پائلٹ آفیسر بن گئے۔

    انہوں نے سال 1988میں ملک کے پانچویں ایئر چیف مارشل بننے کا اعزاز حاصل کیا جب کہ 1991 میں ملازمت سے ریٹائر ہوگئے۔

    مرحوم کی قبر پر صدر، وزیراعظم پاکستان کی بھجوائی گئی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی جانب سےبھجوائی گئی پھولوں کی چادر چڑھائی گئیں۔

    علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف، سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

  • بھارت : مقتول مسلم رہنما عتیق احمد اور اشرف سپرد خاک

    بھارت : مقتول مسلم رہنما عتیق احمد اور اشرف سپرد خاک

    لکھنؤ : بھارت میں گزشتہ روز ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں پولیس کسٹڈی میں قتل کیے جانے والے بھائیوں عتیق احمد اور اشرف احمد کو سپرد خاک کردیا گیا۔

    مقتولین کی نماز جنازہ اور تدفین میں عتیق احمد کے دو نابالغ بیٹے شریک ہوئے تاہم ان کی بیوہ شائستہ پروین نے شرکت نہیں کی۔

    تفصیلات کے مطابق عتیق احمد اور ان کے بھائی اشرف احمد کی نمازہ جنازہ اور تدفین گزشتہ رات بعد نماز عشاء عمل میں لائی گئی۔ تین ملزمان کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے عتیق احمد اور اشرف احمد کو پریاگ راج کے پرانے شہر کے علاقے کساری مساری قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے روز ان کے بیٹے اسد احمد کو بھی یہیں سپرد خاک کیا گیا تھا۔ یہ وہ قبرستان ہے جہاں ان کے تمام آباؤاجداد دفن ہیں عتیق کو اپنے بیٹے کی آخری رسومات میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی اور چند گھنٹے بعد پولیس کی حراست میں ہی ان دو بھائیوں کو بھی مار دیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق تدفین کے وقت پولیس کی بھاری نفری موجود تھی اس موقع پر آنے والے افراد کے شناختی کارڈ دیکھ کر انہیں قبرستان میں داخل ہونے کی اجازت دی جارہی تھی۔ عتیق احمد کی تدفین میں ان کے دو نابالغ بیٹے اجہان اور ابان بھی پولیس کی سیکورٹی میں شرکت کی یہ دونوں بھی امیش پال قتل کیس میں اپنے والد کے ساتھ ملزمان نامزد ہیں چونکہ یہ دونوں نابالغ بچے ہیں انہیں جیل کے بجائے اسٹیٹ ھوم میں رکھا گیا ہے۔

    میڈیا اطلاعات کے مطابق عتیق احمد کی بیوہ شائستہ پروین تدفین کے وقت موجود نہیں تھی جو پولیس ریکارڈ میں مفرور ملزمہ ہیں۔

    عتیق احمد اور ان کے بھائی اشرف کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے بعد آج شام ان کے سسر اور دیگر رشتہ داروں کے حوالے کی گئی تھیں۔قبل ازیں سوروپ رانی اسپتال میں عتیق اور انکے بھائی کا پوسٹ مارٹم کیا تھا۔

    واضح رہے کہ عتیق احمد اور ان کے بھائی اشرف کو ہفتے کی رات حملہ آوروں نے اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا جب پولیس دونوں کو طبی معائنے کیلئے میڈیکل کالج لے جایا جارہا تھا۔

  • کراچی: زمین میں دفن کیا گیا بوریوں میں بھرا اسلحہ برآمد

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کے ڈی اے لینڈ سے بھاری اسلحہ برآمد ہوا ہے، اسلحہ بوریوں میں بھر کے زمین میں دفن کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن لنک روڈ کے ڈی اے لینڈ سے بھاری اسلحہ ملا ہے، برآمد ہتھیاروں میں کئی ہتھیار 31 جنوری کو چوری ہوئے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کھدائی کے بعد نکالے گئے بورے نئے جبکہ اسلحہ پرانا ہے، ہتھیار حلیم عادل شیخ کے بھائی کی سیکیورٹی کمپنی کے تھے۔

    چوری کا مقدمہ 7 فروری کو شاہ لطیف میں درج ہوا تھا، شاہ لطیف اور اسٹیل ٹاؤن کے مقدمات میں ایک جیسے کئی نمبر موجود ہیں۔

    ذرائع کے مطابق 6 بوریوں سے ملنے والا زیادہ تر اسلحہ چوری شدہ ہے، بورے سے میٹل ڈیٹکٹر اور وائر لیس سیٹ بھی ملا ہے۔ تمام برآمد شدہ ہتھیار اور دیگر سامان اسٹیل ٹاون تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

  • حریت رہنما سید علی گیلانی سپرد خاک، علاقے میں کرفیو

    حریت رہنما سید علی گیلانی سپرد خاک، علاقے میں کرفیو

    سری نگر : تحریک آزادی کشمیر کے بانی اور مرکزی حریت رہنما سید علی گیلانی کو سخت سکیورٹی میں سپرد خاک کر دیا گیا، اس موقع پر سخت کرفیو نافذ کردیا گیا تھا ۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی کو سخت سکیورٹی میں آج صبح سپردخاک کیا گیا ہے، قابض بھارتی فورسز نے جنازے اور تدفین میں صرف پڑوسیوں اور قریبی رشتے داروں کو شرکت کی اجازت دی تھی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سید علی گیلانی کو حیدر پورہ کے قبرستان میں صبح ساڑھے 4 بجے سپرد خاک کیا گیا، بھارتی فورسز نے حیدر پورہ قبرستان کو بھی سیل کر دیا ہے۔

    تدفین سے قبل بھارتی فوج کی جانب سے پورے مقبوضہ کشمیر میں ہر قسم کی نقل وحرکت پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

    سید علی گیلانی کے انتقال پر آزاد کشمیر حکومت نے ایک روز چھٹی اور3روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، آزاد کشمیر کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں آج  غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی جائے گی۔

    May be an image of 1 person

    خیال رہے کہ سید علی گیلانی گزشتہ روز طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔ جموں و کشمیر پر قابص بھارتی فورسز کی جانب سے ان کی تدفین کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا تھا اور وادی میں کرفیو نافذ کر کے انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی تھی۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی 92 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے وہ علالت کے ‏باوجود عرصہ دراز سے گھر میں نظر بند تھے۔

    عزم وہمت کا پیکر سید علی گیلانی 26 کشمیری سیاسی و سماجی جماعتوں کے اتحاد آل پارٹیز حریت کانفرنس کے طویل عرصے سے چیئرمین رہے۔ اس سے قبل وہ جماعت اسلامی جموں و کشمیر کے رکن رہے اور بعدازاں اپنی جماعت’ تحریک حریت’ کی بنیاد ڈالی۔

  • غریب دکاندار کے 60 ہزار روپے کے پھل دفن کردیئے گئے

    غریب دکاندار کے 60 ہزار روپے کے پھل دفن کردیئے گئے

    حیدرآباد : غریب دکاندار میں کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر بلدیہ حکام نے 60ہزار روپے مالیت کے پھل زمین میں دفن کردیئے، گزشتہ روز ایک کورونا زدہ نرس نے اس سے پھل خریدے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست حیدرآباد کے کوکا پیٹ علاقہ میں ایک تاجر کے تقریبا 60 ہزار روپے کے پھل دفن کر دیے گئے، کوکا پیٹ میں کئی برسوں سے یہ دکاندار پھل فروخت کر رہا تھا۔ شہر حیدرآباد کے بچوں کے اسپتال کی ایک نرس جو کووڈ 19 سے متاثر پائی گئی تھی نے چند روز قبل اس دکان سے پھل خریدے تھے۔

    یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب بارہویں جماعت کی طالبہ دیویا اکشیتا نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کیا۔

    دیویا نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ وہ اپنے اپارٹمنٹ میں گزشتہ دو برس سے رہائش پذیر ہیں تب ہی سے وہ اس تاجر کو دیکھ رہی ہیں، نیلوفر اسپتال کی ایک نرس نے چند روز قبل اس دکان دار سے پھل خریدے تھے اور اس سے اگلے دن وہ کورونا سے مثبت پائی گئی۔

    جب انتظامیہ نے اس سے پوچھا تو اس نرس نے بتایاکہ وہ اس فروٹ والے کی دکان پر آئی تھی۔ بعد ازاں اس دکاندار کا طبی معائنہ کیا گیا اور اس میں کورونا وائرس کی علامات دیکھ کر اس کو قرنطینہ کر دیا بعد ازاں  بلدیہ حکام نے اس کے تمام پھل ایک گاڑی میں بھر کر ان کو نارسنگی سرکل کے قریب دفن کر دیے۔

    دیویا نے بتایا کہ یہ دکاندار  کافی غریب ہے  اور روزانہ پھل فروخت کرکے زندگی بسر کر رہا تھا اب وہ مالی طور پر  مشکلات کا شکار ہو گیا ہے، دیویا نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ اس دکاندار کو معاوضہ ادا کیا جائے۔

    دوسری جانب نارسنگی تھانے کے سب انسپکٹر آر لکشمن نے میڈیا کو بتایا کہ حکام نے اس پھل فروخت کرنے والے کو مناسب معاوضہ دلانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

  • اسامہ بن لادن کی لاش سمندر برد کی تاکہ لوگ مزار نہ بنالیں، شہزادہ ترکی الفیصل

    اسامہ بن لادن کی لاش سمندر برد کی تاکہ لوگ مزار نہ بنالیں، شہزادہ ترکی الفیصل

    ریاض : ترکی الفیصل نے اسامہ بن لادن سے متعلق انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ آپریشن کے وقت اسامہ نے اسلحہ اٹھا رکھا تھا،تدفین سے خدشہ تھا لوگ مزارنہ بنالیں اس لئے لاش سمندر برد کی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے سابق انٹیلی جنس سربراہ شہزادہ ترکی الفیصل نے القاعدہ کے بانی سربراہ اسامہ بن لادن کے حوالے سے اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے طالبان کے سابق امیر مُلا محمد عمر سے متعدد بار بن لادن کو ریاض کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا مگر انہوں نے سعودی عرب کا مطالبہ مسترد کر دیا تھا۔

    سعودی عرب نے ملا عمر کو خبردار کیا تھا کہ بن لادن کی حوالگی سے انکار پر افغانستان کو غیر معمولی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ طالبان کی طرف سے انکار کے بعد ریاض نے طالبان حکومت سے تعلقات ختم کر دیے گئے۔

    عرب ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے اس راز سے بھی پردہ اٹھایا کہ اسامہ بن لادن کی نعش دفنانے کے بجائے سمندر بُرد کیوں کی؟ ان کا کہنا تھا کہ اسامہ کی لاش سمندر برد کرنے کا فیصلہ اس بنا پر کیا گیا کہ تدفین کی صورت میں لوگ ان کا مزار نہ بنا لیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک سوال کے جواب میں شہزادہ ترکی الفیصل نے کہا کہ بن لادن حیران کن انداز میں اپنے ٹھکانے بدلتے رہتے تھے تاکہ ان کے ٹھکانے کی نشاندہی نہ ہو۔ سعودی حکام اسامہ کے اہل خانہ کو صرف اور صرف انسانی بنیادوں پر ان سے ملنے کی اجازت دیتے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکی فوج کا بن لادن کے قتل کا کوئی منصوبہ نہیں تھا، امریکی فوجیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ کارروائی کے وقت بن لادن نے اسلحہ اٹھا رکھا تھا جس کے باعث انہیں قتل کیا گیا۔

  • شمالی وزیرستان حملہ : میجر معیز مقصود اور کرنل راشد بیگ فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک

    شمالی وزیرستان حملہ : میجر معیز مقصود اور کرنل راشد بیگ فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک

    کراچی : شمالی وزیرستان میں بارودی مواد کے دھماکے میں شہید ہونے والے میجر معیز مقصود کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی میت کو سلامی دی۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید میجر معیز مقصود کی نماز جنازہ قبا مسجد نارتھ کراچی میں ادا کردی گئی، نماز و جنازہ اور تدفین میں کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز سندھ نے بھی شرکت کی جبکہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی جانب سے کی طرف سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔

    پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی میت کو سلامی دی۔ اس کے علاوہ نمازجنازہ میں دیگر اعلیٰ فوجی افسران، شہید کے عزیز و اقارب سمیت شہریوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔

    شہید میجر معیز کو محمد شاہ قبرستان میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا، میجر معیز گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں دہشت گرد حملے میں شہید ہوئے تھے۔

    علاوہ ازیں شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید ہونے والے لیفٹننٹ کرنل راشد بیگ کی نماز جنازہ بھی گلگت میں ادا کردی گئی۔

    نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان، اعلیٰ عسکری وسول حکام شریک ہوئے۔ شہید کی تدفین آبائی علاقے ہنزہ میں فوجی اعزاز کے ساتھ ہوئی۔

    یاد رہے پاک افغان سرحد پر واقع شمالی وزیرستان کے علاقے غلام علی میں دہشت گردوں کی طرف سے نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے تین ایف سی اہلکار شہید ہو گئے تھے۔

    مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان ، بارودی سرنگ کا دھماکہ، پاک فوج کے تین افسر اور جوان شہید چار زخمی

    شہداء  میں  کرنل راشد بیگ ، میجر معیز مقصود، شہید کیپٹن عارف اللہ اور جڑانوالا کے گاؤں پٹھان والا کے رہائشی سپاہی محسن علی بھی شامل تھے، چاروں شہداء کو  فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ہے۔

  • گوادر سانحے میں پاک بحریہ کے شہید کمانڈو کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین

    گوادر سانحے میں پاک بحریہ کے شہید کمانڈو کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین

    کراچی : پی سی ہوٹل گوادر میں انسداد ِدہشت گردی آپریشن میں شہید ہونے والے پاک بحریہ کے شہید کمانڈو محمد عباس خان کو پورے عسکری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا، پاک بحریہ کے دستے نے شہید کو اعزازی سلامی پیش کی۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی ہوٹل گوادر میں انسداد ِدہشت گردی آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا جواں مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک بحریہ کے ایس ایس جی کمانڈو محمد عباس خان کی نمازِ جنازہ کراچی میں ادا کی گئی جبکہ آخری رسومات اْن کے آبائی گاوں ہری پور میں ادا کی گئیں۔

    پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے شہداء کے اہلِ خانہ کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ قومی دفاع کو مستحکم کرنے اور ملک میں دہشت گردی کو روکنے میں شہداء کی قربانیاں لائقِ تحسین ہیں۔

    کراچی میں نماز ِجنازہ میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پاک بحریہ کے کمانڈر کوسٹ ، کمانڈر کراچی ، کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈر لاجسٹکس شامل تھے ، نے شرکت کی۔

    اسپیشل سروس گروپ (نیوی )کے شہید عباس خان کی آخری رسومات ان کے آبائی گاوں میں ادا کی گئیں اور ان کو پورے عسکری اعزازکے ساتھ سپر د خاک کیا گیا۔

    پاک بحریہ کے سربراہ کی طرف سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ شہید کی آخری رسومات میں نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد اور نارتھ کمانڈ کے اعلیٰ آفیسرز نے شرکت کی۔

  • نوماہ کی کمسن نشوہ کی نمازجنازہ و تدفین، سیاسی رہنما بھی شریک، ہر آنکھ اشکبار

    نوماہ کی کمسن نشوہ کی نمازجنازہ و تدفین، سیاسی رہنما بھی شریک، ہر آنکھ اشکبار

    کراچی : غلط انجکشن لگنے سے جاں بحق ہونے والی نو ماہ کی کمسن نشوہ کو پہلوان گوٹھ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا،نماز جنازہ میں سیاسی رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے دارالصحت اسپتال میں غلط انجکشن لگنے کے باعث مفلوج ہوجانے اور کئی دن زندگی اور موت کی کشمکش میں گزارنے والی نو ماہ کی بچی نشوہ  آج دوران علاج انتقال کرگئی تھی، غلط انجکشن لگنے سے نو ماہ کی نشوا کا 71 فیصد دماغ مفلوج ہوچکا تھا۔

    کمسن نشوہ کو آہوں اور سسکیوں میں سپردخاک کردیا گیا، اس سے قبل متوفیہ نشوہ کی نماز جنازہ گلستان جوہر کی جامعہ مسجد میں ادا کی گئی اس موقع پر مختلف سیاسی رہنماؤں، رشتےداروں سمیت علاقے کی عوام بھی بڑی تعداد میں موجود تھی۔

    نماز جنازہ کے بعد والد ہاتھوں میں اٹھائے ننھی پری کو آخری آرام گاہ تک لےکر گئے، اس موقع پر والد قیصر موت سے لڑتی بیٹی کا حال سناتے ہوئے زارو قطار رو پڑے۔

    نماز جنازہ میں تحریک انصاف کے خرم شیرزمان، پیپلز پارٹی کے سعیدغنی، عاجز دھامرہ، راشدربانی، ایم کیو ایم پاکستان کے عامرخان، خواجہ اظہار الحسن ،آصف حسنین ،یونس بارانی اور شریک ہوئے۔

    اس کے علاوہ اداکار فیصل قریشی، سماجی رہنما جبران ناصر و دیگراہم شخصیات بھی موجود تھیں، ننھی نشوہ کو پہلوان گوٹھ کے مقامی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

    یاد رہے کہ چھ اپریل کو قیصرعلی اپنی نو ماہ کی جڑواں بیٹیوں نشوہ اور عمائشہ کو پیٹ درد کی شکایت پر اسپتال لائے۔ اگلے روزڈسچارج کے وقت نشوہ کو غلط انجکشن لگادیا گیا جس سے اس کا دماغ مفلوج ہوگیا۔

    تیرہ اپریل کو نشوہ کو لیاقت نیشل اسپتال لایا گیا۔ دماغ کا سترفیصد حصہ مفلوج ہوچکا تھا، نو ماہ کی نشوہ نے دو ہفتے زندگی اور موت کی کشمکش میں رہی اور آخر کار ننھی پری یہ جنگ ہار کر سب کو روتا چھوڑ گئی۔

  • کرائسٹ چرچ حملے میں شہید باپ بیٹے نعیم رشیداورطلحہ کوسپردخاک کردیا گیا

    کرائسٹ چرچ حملے میں شہید باپ بیٹے نعیم رشیداورطلحہ کوسپردخاک کردیا گیا

    کرائسٹ چرچ : کرائسٹ چرچ میں مساجد حملے شہید باپ بیٹے نعیم رشید اورطلحہ رشید  کی نماز جنازہ کے بعد تدفین کردی گئی، نوجوانوں نے قبائلی جنگی رقص’’ہکا‘‘پیش کرکے سانحے کے ہیرو نعیم رشید اور ان کے بیٹے کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ کرائسٹ چرچ کے ایک ہفتے بعد بھی فضا سوگوار ہے، شہدا کی نماز جنازہ اور تدفین کا سلسلہ بھی جاری ہے ، حملے میں نمازیوں کوبچانے کی کوشش میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید نعیم رشید اوران کے بیٹے طلحہ رشید سمیت آٹھ پاکستانی شہدا کی نماز جنازہ اور تدفین کردی گئی۔

    اس موقع پر نعیم راشد کی والدہ اور بھائی بھی موجود تھے، شہدا کی میت کو پاکستانی اور نیوزی لینڈ کے قومی پرچموں میں لپیٹا گیا تھا۔

    مقامی نوجوانوں نے سانحے میں شہیدباپ بیٹےکوبہادری پرمنفرداندازمیں خراج عقیدت کیا ، نوجوانوں نےقبائلی جنگی رقص’’ہکا‘‘پیش کرکےخراج عقیدت پیش کیا، جنگی رقص ’’ہکا‘‘میں سینہ ٹھوک کرپاؤں زمین پرمارکردشمن کوللکاراجاتاہے۔

    نمازجنازہ اورتدفین میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی، اس موقع پر لوگ ایک دوسرے سے لپٹ کرروتے اوردلاسے دیتے رہے جبکہ مساجد میں دہشت گردی کے دیگر ستائیس شہدا کی بھی تدفین کردی گئیں ہیں۔

    سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید 8 پاکستانیوں کی تدفین کردی گئی، ترجمان دفتر خارجہ


    دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید 8 پاکستانیوں کی تدفین کردی گئی، نماز جنازہ اورتدفین میں1500   مسلمانوں سمیت5ہزارافرادنےشرکت کی ، لواحقین کےسفرکےلیےنیوزی لینڈحکومت اوردفترخارجہ نےمعاونت کی۔

    شہیدسیداریب احمدکی میت چنددن میں پاکستان لائی جائے گی، میت لانےسےمتعلق اریب احمدکےاہل خانہ کوآگاہ کردیا، پاکستانی ہائی کمشنراورعملہ متاثرین کی مدد کےلیےکرائسٹ چرچ میں موجودہے۔

    واضح رہے نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ میں سفید فام شخص نے دو مساجد پر اُس وقت فائرنگ کی تھی کہ جب وہاں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسلمانوں کا اجتماع شروع ہونا تھا۔

    فائرنگ کے واقعے میں 49 مسلمان شہید جبکہ متعدد نمازی شدید زخمی ہوئے، ملزم نے اپنے گھناؤنے عمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر براہ راست نشر کی تھی۔

    پاکستان کے ہیرو نعیم راشد جنہوں نے کرائسٹ چرچ میں جان پر کھیل کر نمازیوں کو بچانے کی کوشش کی اور اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑگئے، ان کے بیٹے طلحہ بھی فائرنگ میں جاں بحق ہوگئے تھے۔