Tag: Buried body

  • کراچی : گھر سے ہاتھ پاؤں بندھی مدفون لاش برآمد

    کراچی : گھر سے ہاتھ پاؤں بندھی مدفون لاش برآمد

    کراچی : سوتیلے باپ نے بیٹے کے ہاتھ پاؤں باندھ کر گلا کاٹنے کے بعد اس کی لاش گھر میں دفنا دی، ملزم اپنی 3  بیٹیوں سمیت فرار ہوگیا۔ 

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے نور محمد گوٹھ کے ایک گھر سے نوجوان کی ہاتھ پاؤں بندھی مدفون لاش برآمد ہوئی ہے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ احسن آباد سے مغوی نوجوان کی ملنے والی مدفون لاش کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے اور گلا کٹا ہوا تھا، مقتول پیشے سے نائی تھا جو 3 ماہ قبل ہی اسلام آباد سے کراچی آیا تھا۔

    سائٹ سپر ہائی وے پولیس کے مطابق ملزم توقیر مقتول کا سوتیلا باپ تھا واردات کے بعد اپنی 3بیٹیوں کو بھی ہمراہ لے کر گھر سے فرار ہوگیا۔

    مقتول کی والدہ نے توقیر نامی شخص سے کئی سال قبل دوسری شادی کی تھی، مقتول اپنی ماں سے ملنے3 ماہ قبل اسلام آباد سے کراچی آیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کا اکثر اپنے سوتیلے باپ سے جھگڑا رہتا تھا، ماں بنگلے میں ماسی کا کام کرتی ہے، مقتول کی ماں2دن بعد جب واپس آئی تو گھر میں کوئی بھی موجود نہیں تھا۔

    گھر کے ایک کمرے میں کھدائی کے نشانات دیکھ کر تحقیقات کی گئیں تو پتہ چلا کہ وہاں اس کے بیٹے کی لاش دفن تھی۔

  • مدفون لڑکی کی لاش نکالنے پر میانمار کے حکام پر تنقید

    مدفون لڑکی کی لاش نکالنے پر میانمار کے حکام پر تنقید

    میانمار : حکومت مخالف مظاہرے میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والی نوجوان لڑکی کی لاش کی بے حرمتی پر حکمرانوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ میانمار کے حکام کو ایک 19 سالہ لڑکی کی دفن شدہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے نکالنے پر تنقید کا سامنا ہے۔ اس لڑکی کو فوجی بغاوت کے خلاف مظاہرے میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔

    انیس سالہ چے سِن نامی لڑکی کو میانمار کے دوسرے بڑے شہر مَندالے میں بدھ کے روز ایک مظاہرے کے دوران سر پر گولی ماری گئی تھی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔

    ایک گواہ نے میڈیا کو بتایا کہ جس وقت اُس لڑکی کو گولی ماری گئی، وہ پولیس کے سامنے موجود مظاہرین کے ہجوم کو ہدایات دے رہی تھی۔

    اگلے دن اُس کی تدفین کے موقع پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے۔ اُس کی ہلاکت کی نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی، میڈیا میں رپورٹنگ کے باعث وہ احتجاجی مہم کا ایک استعارہ بن گئی، اکثر موقعوں پر کئی افراد کو اس کی تصویر اٹھائے مظاہرہ کرتے بھی دیکھا گیا۔

    بعد ازاں اُس لڑکی کی مَندالے کے ایک قبرستان میں تدفین کردی گئی تاہم سرکاری ٹی وی کے مطابق پولیس نے عدالت کی اجازت سے اس کی لاش قبر سے نکال کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیجا تھا۔

    ٹی وی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس کی کھوپڑی سے ملنے والا سیسہ پولیس کی گولیوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔ مزید یہ بھی کہا گیا کہ اسے پولیس کی جانب سے گولی نہیں ماری گئی۔

    سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے لاش کو قبر سے نکال کر اس کے پوسٹ مارٹم کو دہشت ناک عمل قرار دیتے ہوئے اس پر کڑی تنقید کی ہے۔