Tag: burns road

  • برنس روڈ کی بندش کے ضلعی انتظامیہ کے دونوں نوٹیفکیشن کالعدم قرار

    برنس روڈ کی بندش کے ضلعی انتظامیہ کے دونوں نوٹیفکیشن کالعدم قرار

    کراچی: عدالت نے کراچی کی اہم فوڈ اسٹریٹ برنس روڈ کی بندش کے ضلعی انتظامیہ کے دونوں نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے برنس روڈ پر فوڈ اسٹریٹ سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کر دیا، برنس روڈ کی بندش کے ضلعی انتظامیہ کے دونوں نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیے گئے۔

    عدالت نے 3 روز میں برنس روڈ کی سڑکیں بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے، حکم نامے میں کہا گیا کہ برنس روڈ اور اطراف کی سڑکوں کو اصل شکل میں بحال کریں۔

    تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ برنس روڈ سے تمام تر کرسیاں، میزیں اور تجاوزات ہٹائی جائیں، اور روڈ کو عام ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بحال کیا جائے۔

    ضلعی انتظامیہ کو 7 روز میں عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ڈپٹی کمشنر جنوبی سڑک کو بند کرنے کی کوئی وضاحت نہ دے سکے، متعلقہ اتھارٹی کے بغیر نوٹیفکیشن کا اجرا غیر قانونی ہے۔

  • کراچی : شہری کی فائرنگ سے2 ڈاکو زخمی، بھتہ خور ملزم گرفتار

    کراچی : شہری کی فائرنگ سے2 ڈاکو زخمی، بھتہ خور ملزم گرفتار

    کراچی : شہر قائد میں دن دہاڑے ڈکیتی کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے، برنس روڈ پر شہریوں کی فائرنگ سے2 ڈاکو زخمی ہوگئے، تاجر سے بھتہ مانگنے والے ملزم گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی معروف فوڈ اسٹریٹ برنس روڈ پر لوٹ مار کرنے والے دو ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے، شہریوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ڈاکوؤں کو پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکو شہری کو لوٹ کر فرارہورہے تھے کہ پکڑے گئے، ڈکیت شہریوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے یا نہیں اس کی تفتیش کررہے ہیں۔

    اس کے علاوہ کراچی میں پولیس نے اسکریپ کے تاجر سے بھتہ مانگنے والے ملزم کو حراست میں لے لیا، بھتہ خور کی شناخت شیر خان کے نام سے ہوئی ہے۔

    لانڈھی پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی تاجر کی درخواست پر ملزم کو گرفتار کیا گیا جبکہ گرفتار بھتہ خور کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا، ملزم کے قبضے سے بھتہ خوری کی رقم بھی برآمد کرلی گئی ہے۔

    دوسری جانب کلفٹن پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دکانوں کے تالے توڑ کر چوری میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا ہے، ملزم کچھ روز قبل دکان کے تالے توڑ کر نقدی ، پستول چوری کرکے فرارہوا تھا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزم نے دوران تفتیش کلفٹن میں متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔

  • کراچی : برنس روڈ کو باقاعدہ فوڈ اسٹریٹ بنانے کا فیصلہ

    کراچی : برنس روڈ کو باقاعدہ فوڈ اسٹریٹ بنانے کا فیصلہ

    کراچی : شہر قائد کے معروف علاقے برنس روڈ کو حکام نے باقاعدہ فوڈ اسٹریٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرساؤتھ نے9 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

    کراچی میں انواع و اقسام کے کھانوں کا مرکز کی پہچان  رکھنے والے برنس روڈ پر لذیذ کھانوں کے شائقین کا تانتا بندھا رہتا ہے جس کی وجہ اسے شہر کی فوڈ اسٹریٹ بھی کہا جاتا ہے تاہم اسے باقاعدہ فوڈ اسٹریٹ کا درجہ دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے کراچی کے ڈپٹی کمشنرساؤتھ نے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے نو رکنی کمیٹی اپنی تجاویز ڈپٹی کمشنرکو پیش کرے گی۔

    برنس روڈ فوڈاسٹریٹ کی صفائی اور سیوریج کے مسائل فوری حل کیے جائیں گے اور قدیمی عمارتوں کو رنگ و روغن کرکے مزید خوبصورت بنایا جائے گا۔

    اس کے علاوہ فوڈاسٹریٹ میں استعمال ہونے والے فرنیچر اور سائن بورڈز کےڈیزائن تیار کیے جائیں گے، فوڈ اسٹریٹ کے اطراف خوبصورت روشنیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سڑک کی مرمت کیلئے فٹ پاتھ پر فینسی ٹائلز لگائے جائیں گے اور شام کے اوقات میں برنس روڈ کی فوڈ اسٹریٹ ٹریفک فری ہوگی، عام ٹریفک کے سڑکوں کا تعین اور کار پارکنگ کیلئے جگہ کا انتخاب بھی کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ شہر کے مرکزی علاقے صدر کے نزدیک واقع برنس روڈ کو دیسی و ثقافتی کھانوں کا اہم مرکز سمجھا جاتا ہے، جہاں لذیذ و مزیدار کھانوں کے کئی چھوٹے بڑے ریستوران قائم ہیں۔ شام ہوتے ہی یہاں کھانا کھانے آنے والوں اور خریدنے والوں کا رش لگ جاتا ہے جو رات گئے تک جاری رہتا ہے۔

  • قوانین کی خلاف ورزی پر سندھ فوڈ اتھارٹی نے کباب ہاؤس اور ایک بیکری کو سیل کردیا

    قوانین کی خلاف ورزی پر سندھ فوڈ اتھارٹی نے کباب ہاؤس اور ایک بیکری کو سیل کردیا

    کراچی : شہر قائد کی معروف فوڈ اسٹریٹ برنس روڈ پر سندھ فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے  قوانین کی خلاف ورزی پر کباب ہاؤس اور ایک بیکری کو سیل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ دنوں ناقص کھانے کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کے بعد سندھ حکومت کو شہریوں کا خیال آہی گیا، کراچی میں سندھ فوڈ اتھارٹی نے فوڈ اسٹریٹ برنس روڈ پر وحید کباب ہاؤس پر چھاپہ مارا، دواران چیکنگ ڈیپ فریزر سے مضرصحت گوشت برآمد ہوا۔

    اس کے علاوہ صفائی کے ناقص انتطامات بھی پائے گئے جس پر وحید کباب ہاؤس کو سیل کردیا گیا، اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وحید کباب ہاؤس کو اس سے پہلے بھی تین مرتبہ نوٹس جاری کئے گئے تھے، جس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ وحید کباب ہاؤس پر ایک ماہ پہلے بھی40ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا، چھاپوں اور جرمانے کے بعد بھی صورتحال بہترنہ ہونے پرسیل کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں  حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی، سندھ فوڈ اتھارٹی کی اہم کارروائی

    اس کے علاوہ سندھ فوڈ اتھارٹی کے عملے نے برنس روڈ پر ہی مشہور فریسکو بیکری پر بھی چھاپہ مارا، گندگی کی وجہ سے فریسکو بیکری کے کچن کو سیل کردیا گیا، دریں اثنا برنس روڈ پر ہی واقع کیفے لذیذ کو ناقص صفائی پر وارننگ دی گئی۔