Tag: bus-driver

  • سعودی عرب: بس ڈرائیورز کے لیے نئے قوانین

    سعودی عرب: بس ڈرائیورز کے لیے نئے قوانین

    ریاض: سعودی عرب میں بس ڈرائیورز کے لیے ڈیوٹی اوقات کے نئے قوانین متعین کیے گئے ہیں جن کا اطلاق آج سے ہوگا۔

    اردو نیوز کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے بس ڈرائیوروں کے لیے ڈیوٹی کے اوقات متعین کرنے کا قانون آج بروز اتوار سے نافذ کیا جا رہا ہے۔

    ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے عوامی بسوں کے ڈرائیورز کے لیے ڈرائیونگ کا دورانیہ مخصوص کر دیا ہے جس پرعمل کرنا ضروری ہے۔

    ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بس کمپنیاں اس امر کی پابند ہوں گی کہ وہ ایک ڈرائیورسے 24 گھنٹے کے دوران 9 گھنٹے سے زیادہ بس ڈرائیو نہیں کروا سکتیں۔

    ڈرائیونگ کے لیے مخصوص 9 گھنٹے میں ایک گھنٹے کا مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے تاہم ڈرائیونگ کے لیے 10 گھنٹے کا دورانیہ ہفتے میں زیادہ سے زیادہ 2 بار ہی متعین کیا جا سکتا ہے۔

    ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے بسوں کے ڈرائیورز کے لیے زیادہ سے زیادہ ہفتہ وار کام کا دورانیہ 56 گھنٹے مخصوص ہیں جو 14 دنوں میں 90 گھنٹے سے زیادہ نہ ہوں۔

    بسوں کے ڈرائیورز کے لیے آرام کے دورانیہ کے حوالے سے قانونی نکات میں کہا گیا ہے کہ مستقل ساڑھے 4 گھنٹے کی ڈرائیونگ پر ڈرائیور کو 45 منٹ آرام کرنا ہوگا جبکہ 24 گھنٹے بس چلانے پر 11 گھنٹے آرام کے لیے مخصوص ہوں گے۔

    ہفتہ وار آرام کا دورانیہ 45 گھنٹے ہوگا جو کہ 6 دن کام کے بعد ڈرائیور کو دیا جائے گا۔

    ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ متعلقہ ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ضوابط پر سختی سے عمل کریں اور ڈرائیوروں کو آرام کرنے کا دورانیہ فراہم کیا جائے۔

    واضح رہے کہ ضوابط میں تبدیلی کا مقصد خاص کر ان مسافر بسوں کے ڈرائیوروں کو آرام کا مناسب وقفہ دینا ہے جو زیادہ تر شہروں کے درمیان سفر کرتے ہیں تاکہ انہیں مناسب وقت ملے اور وہ مکمل یکسوئی سے بس ڈرائیو کریں۔

  • بھارت: بس کا ڈرائیور بس چلاتے ہوئے بے ہوش ہوگیا

    بھارت: بس کا ڈرائیور بس چلاتے ہوئے بے ہوش ہوگیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک بس کا ڈرائیور دوران ڈرائیونگ بے ہوش ہوگیا لیکن اس نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے بس کو سائیڈ پر روک لیا جس سے مسافروں کی جانیں بچ گئیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ بھارتی ریاست کرناٹک میں ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کی بس میں پیش آیا، ڈرائیور خون میں گلوکوز کی کمی ہوجانے والے مرض ہائپو گلائسیمیا کا شکار تھا جس کی وجہ سے اچانک اسے چکر محسوس ہونے لگے۔

    اس وقت بس ایک پل پر موجود تھی، ایسے موقع پر بھی ڈرائیور نے اپنے حواس بحال رکھے اور بس کی رفتار کم کرتے ہوئے اسے ایک طرف روک دیا۔ جیسے ہی بس رکی ڈرائیور چکرا کر گر گیا۔

    بس کے مسافر فوراً ڈرائیور کی طرف لپکے اور اس کی طبیعت کو دیکھتے ہوئے اسے اسپتال منتقل کیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈرائیور کو طبی امداد دی گئی جبکہ مسافروں کو دوسری بس میں ان کی منزل کی طرف روانہ کردیا گیا، بعد ازاں طبی امداد کے بعد ڈرائیور کو بھی  اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

    بس میں 40 کے قریب مسافر موجود تھے جو محفوظ رہے اور ڈرائیور کی حاضر دماغی نے انہیں حادثے سے بچا لیا۔

  • ماسک پہننے کی تاکید پر مسافروں کا بس ڈرائیور پر بہیمانہ تشدد، ڈرائیور ہلاک

    ماسک پہننے کی تاکید پر مسافروں کا بس ڈرائیور پر بہیمانہ تشدد، ڈرائیور ہلاک

    پیرس: فرانس میں ایک بس ڈرائیور مسافروں کے حملے سے زخمی ہو کر ہلاک ہوگیا، ڈرائیور اور مسافروں کے درمیان فیس ماسک پہننے کے معاملے پر جھگڑا ہوا۔

    59 سالہ فلپ کو گزشتہ ہفتے ساؤتھ ویسٹرن ٹاؤن میں حملے کا نشانہ بنایا گیا، فلپ نے بس میں چڑھنے والے کچھ مسافروں کو ماسک پہننے کا کہا جس پر مسافروں نے مشتعل ہو کر اسے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

    2 دن اسپتال میں رہنے کے بعد فلپ دم توڑ گیا۔ فلپ کی بیٹی میری کے مطابق ڈاکٹروں نے انہیں دماغی طور پر مردہ قرار دے دیا تھا اور وہ لائف سپورٹ سسٹم پر تھے۔

    اہلخانہ نے ان کا لائف سسٹم سپورٹ بند کردینے کا فیصلہ کیا تھا اور بیٹی کے مطابق ان کے فیصلے کو ڈاکٹرز کی حمایت بھی حاصل تھی۔

    فرانسیسی وزیر اعظم جین کسٹکس نے فلپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلپ ایک مثالی شہری تھا اور قوم اسے کبھی فراموش نہیں کرے گی، انہوں نے حملے کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملہ آوروں کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔

    فلپ کے اہلخانہ نے ان کی موت کے بعد ایک مارچ کا بھی اہتمام کیا جس کا آغاز اسی بس اسٹاپ سے کیا گیا جہاں فلپ پر حملہ ہوا تھا۔

    اب تک 2 مسافروں پر ارادہ قتل کی دفعات عائد کی گئی ہیں تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ فلپ کی موت کے بعد ان پر قتل کی دفعات عائد کردی جائیں گی، 3 مزید افراد بھی پولیس کی حراست میں ہیں جن میں سے 2 پر فلپ کی مدد نہ کرنے جبکہ تیسرے پر حملہ آور کو پناہ دینے کا الزام ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد فلپ کے دیگر ساتھیوں نے سیکیورٹی فراہم کیے جانے تک کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔ ان کا مطالبہ تھا کہ طویل فاصلے کے روٹ پر انہیں سیکیورٹی ایجنٹس فراہم کیے جائیں جو بس میں موجود رہیں۔

  • لاک ڈاؤن کے دوران امریکی شہری ہتھوڑا لے کر گھومتا رہا

    لاک ڈاؤن کے دوران امریکی شہری ہتھوڑا لے کر گھومتا رہا

    واشنگٹن: امریکی شہر اوکلاہوما سٹی میں ایک شخص نے بس میں داخلے سے منع کرنے پر بس ڈرائیور کو ہتھوڑے سے ڈرایا اور دھمکایا، پولیس مذکورہ شخص کو تلاش کر رہی ہے۔

    امریکا میں کرونا وائرس کے پیش نظر پبلک ٹرانزٹ سسٹم پر مشروط پابندیاں عائد کی گئی ہیں اور بسوں میں 10 سے زائد افراد کے بیٹھنے پر پابندی لگائی گئی ہے۔

    پولیس کے مطابق اسی پابندی کے پیش نظر جب ایک شخص نے ڈاؤن ٹاؤن کی ایک بس میں داخل ہونے کی کوشش کی تو ڈرائیور نے اسے روک دیا کیونکہ بس میں پہلے سے 10 افراد موجود تھے۔

    بس میں داخل ہونے سے روکے جانے پر مذکورہ شخص نے ہتھوڑا نکالا اور بس ڈرائیور کو ڈرایا دھمکایا، ملزم کی اس حرکت سے بس میں موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ وہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے قریبی علاقوں میں ملزم کو تلاش کر رہی ہے۔

    خیال رہے کہ امریکا اس وقت کرونا وائرس کا شکار افراد کی تعداد کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے جہاں 5 لاکھ 3 ہزار 177 افراد اس وائرس کا شکار ہیں جبکہ اب تک 18 ہزار 761 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

  • خاتون بس ڈرائیور نے شدید سردی میں کمسن بچے کو بچا لیا۔۔۔ ویڈیو دیکھیں

    خاتون بس ڈرائیور نے شدید سردی میں کمسن بچے کو بچا لیا۔۔۔ ویڈیو دیکھیں

    واشنگٹن : بس ڈرائیور خاتون نے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے ہائی وے پر گھومنے والے کمسن بچے کو دیکھ بئچ سڑک پر گاڑی روکی اور اسے حفاظتی تحویل دے دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست وسکونسن کے شہر ملواکی میں بس ڈرائیور کی ملازمت کرنے والی بزرگ خاتون کو دوران سفر اس وقت انوکھی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے ہائی اسپیڈ ہائی وے کمسن بچے کو بھاگتے ہوئے دیکھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ خاتون بس ڈرائیور یہ منظر دیکھ کر حیران ہوگئیں اور بیچ سڑک پر بس روک دی، بزرگ خاتون نے انسانی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے سخت سردی میں بس سے اتری اور بچے اٹھاکر بس میں لے آئی۔


    خاتون ڈرائیور بچے کو بس میں لائیں تو بس میں سوار ایک مسافر رحم دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جیکٹ سے بچے کو ڈھپنا اور بزرگ خاتون نے فوری طور پر پولیس اور ریسکیو عملے کو واقعے کی اطلاع دی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملواکی پولیس اور ریسکیو عملہ جائے وقوعہ پر پہنچا تو ایک سالہ بچہ خاتون ڈرائیور کی گود میں سو رہا تھا، خاتون نے بچے کو بحفاظت پولیس کی تحویل میں دے دیا جسے وہ اپنے ساتھ لے گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بچہ کب سے اکیلا باہر گھوم رہا تھا کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچے کی ماں نفسیاتی مسائل کا شکار ہے جس کے باعث اس نے بچے کو باہر چھوڑ دیا تھا تاہم پولیس بعد میں بچے کو اس کے والد کے حوالے کردیا۔