Tag: buses

  • کراچی: مزید 43 نئی بسیں خریدنے کی منظوری

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے سندھ کابینہ کے اجلاس میں 1.7 ارب روپے سے نئی بسوں کی خریداری کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کابینہ نے 1.7 ارب روپے سے بسوں کی خریداری کی منظوری دے دی۔

    محکمہ ٹرانسپورٹ رواں سال پیپلز بس سروس کے لیے 43 نئی بسیں خریدے گا۔ وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلز بس سروس بہترین سروس دے رہی ہے۔

    صوبائی وزیر ثقافت سردار شاہ نے سیاحت کے لیے بسیں چلانے کی بھی درخواست کی جس پر وزیر اعلیٰ نے انہیں اپنی تجویز لکھ کر پیش کرنے کی ہدایت کی۔

    سردار شاہ کا کہنا تھا کہ مجوزہ بسیں کینجھر جھیل اور دیگر سیاحتی مقامات کے لیے چلائی جائیں گی۔

  • لاہور میں 300 نئی جدید بسیں چلانے کی منظوری

    لاہور میں 300 نئی جدید بسیں چلانے کی منظوری

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 300 ہائبرڈ بسیں خریدنے کی منظوری دے دی گئی، لاہور میں مجموعی طور پر 513 ہائبرڈ بسیں چلائی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 20 واں اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے لاہور کے لیے پہلے مرحلے میں 300 ہائبرڈ بسیں خریدنے کی منظوری دے دی۔

    وزیر اعلیٰ نے نئی بسوں میں خواتین، خصوصی اور نابینا افراد کے لیے سیٹیں مختص کرنے کا بھی حکم دیا ہے، اسپیشل اور نابینا افراد کے لیے بس کے دروازے کے قریب سیٹیں مختص کی جائیں گی۔

    انہوں نے لاہور میں نئے بس اسٹاپ بنانے کی بھی ہدایت کی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کے اوقات کار کو مدنظر رکھ کر نئی بسوں کے روٹس کا تعین کیا جائے، عوام کی سہولت کے لیے لاہور میں 200 نئے بس اسٹاپ بنائے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ لاہور میں مجموعی طور پر 513 ہائبرڈ بسیں چلائی جائیں گی، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نئی ہائبرڈ بسیں پرائیوٹ آپریٹرز کے ذریعے چلائے گی۔

    وزیر اعلیٰ نے ڈیرہ گجراں میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے دفاتر تعمیر کرنے کی بھی منظوری دے دی۔

  • گرین لائن منصوبے کی مزید 40 بسیں کراچی پہنچیں گی

    گرین لائن منصوبے کی مزید 40 بسیں کراچی پہنچیں گی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کے لیے مزید 40 بسیں کل پہنچیں گی، بس سروس نومبر میں شروع کردی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق گرین لائن بس سروس کی مزید 40 بسیں کل کراچی پہنچیں گی، گرین بسیں لانے والا اوشین نامی جہاز 14 اکتوبر کو 11 بج کر 40 منٹ پر کراچی پورٹ پہنچے گا۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی 40 بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں، وفاقی حکومت کے مطابق نومبر میں کراچی میں گرین لائن بس سروس کا آغاز ہوجائے گا۔

    یاد رہے کہ گرین لائن منصوبے کا ٹریک مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے خستہ حالی کا شکار ہے، ٹکٹ گھر اور اسٹیشن دھول مٹی سے اٹے ہوئے ہیں اور مسافروں کے لیے داخلی اور خارجی دروازے بھی اچھی حالت میں نہیں ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ٹریک کے اطراف میں لگی گرل کا رنگ بھی پرانا ہوچکا ہے۔

    یاد رہے کہ گرین لائن بس کا منصوبہ سنہ 2016 میں شروع ہوا تھا، اس منصوبے سے 25 لاکھ سے زائد افراد کو روزانہ سفری سہولیات مل سکیں گی۔

    پہلے مرحلے میں گرین لائن بس سروس سرجانی سے نمائش تک چلائی جائے گی۔

  • امریکا میں طوفانی بارشیں، برطانیہ میں بھی سیلابی صورت حال، ایک شخص ہلاک

    امریکا میں طوفانی بارشیں، برطانیہ میں بھی سیلابی صورت حال، ایک شخص ہلاک

    واشنگٹن: امریکا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی جبکہ دوسری جانب برطانیہ میں بھی شدید بارشوں کے باعث سڑکیں تالاب بن گئیں اور ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک جانب امریکی ریاست میری لینڈ میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے تو دوسری طرف برطانیہ کے شہر برمنگھم میں بھی شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال ہے اور شخص ہلاک بھی ہوچکا ہے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی ریاست میری لینڈ میں طوفانی بارشوں کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہے، جبکہ ایلوٹ شہر میں درجنوں گھر اور گاڑیاں پانی میں ڈوب گئی ہیں اور ایک شہری لاپتہ ہوگیا ہے جس کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔


    امریکا کی متعدد ریاستوں میں طوفان اوربارشوں نے تباہی مچادی


    امریکی ریاست میری لینڈ میں سیلاب کی وجہ سے شہروں کا نقشہ بدل گیا ہے، طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں نے ایلوٹ شہر کی گلیوں کو دریا میں تبدیل کر دیا ہے، بپھرے پانی نے لوگوں کو گھروں، دفاتر اور دیگر عمارتوں میں محصور کردیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں بجلی اور مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے۔

    دوسری جانب برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی، شہر برمنگھم میں مسلسل بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں اور متعدد گاڑیاں ڈوب گئیں، لندن کا اسٹینسڈ ائیرپورٹ بھی بارش اور آسمانی بجلی سے متاثرہوا جس کے بعد پروازوں کا شیڈول بھی متاثرہوچکا ہے۔


    امریکا اور برطانیہ سمیت کئی یورپی ممالک برفانی طوفان، بارشوں اور سیلاب کی زد میں


    خیال ہے کہ بارشوں کے باعث سینکڑوں صارفین کو بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی، محکمہ موسمیات کے مطابق چونسٹھ ہزار آسمانی بجلی کے کڑاکے ریکارڈ کیے گئے، علاوہ ازیں برطانوی شہر برمنگھم میں ایک 80 سالہ شہری ڈوب کر ہلاک ہوچکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔