Tag: bushra-begum

  • مجھے 10 سال تک جیل میں رکھنے کے لیے غداری کے قانون کا استعمال کیا جائے گا: عمران خان

    مجھے 10 سال تک جیل میں رکھنے کے لیے غداری کے قانون کا استعمال کیا جائے گا: عمران خان

    اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ بشریٰ بیگم کو جیل میں ڈال کر میری تذلیل کرنے کا لندن منصوبہ سامنے آ گیا ہے، اور مجھے 10 سال تک جیل میں رکھنے کے لیے غداری کے قانون کا استعمال کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ٹوئٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ’’اب لندن کا مکمل منصوبہ سامنے آ گیا ہے، اور منصوبہ یہ ہے کہ بشریٰ بیگم کو جیل میں ڈال کر میری تذلیل کی جائے۔‘‘

    انھوں نے لندن پلان کے حوالے سے مزید کہا ’’مجھے 10 سال تک جیل میں رکھنے کے لیے غداری کے قانون کا استعمال کیا جائے گا، اس کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت، کارکنوں کے خلاف مکمل کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔‘‘

    عمران خان نے کہا کہ جان بوجھ کر نہ صرف پی ٹی آئی کے کارکنوں بلکہ عام شہریوں پر بھی تشدد کیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ انٹرنیٹ آج پھر معطل کر دیا جائے گا، یہ جزوی طور پر کھلے سوشل میڈیا پر پابندی لگا دیں گے، سپریم کورٹ کے باہر جے یو آئی ایف کا ڈراما صرف ایک مقصد کے لیے کیا جا رہا ہے، اس کا مقصد ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان آئین کے مطابق فیصلہ نہ دیں۔

    عمران خان نے کہا ’’عوام کے لیے میرا پیغام ہے کہ اپنے خون کے آخری قطرے تک حقیقی آزادی کے لیے لڑتا رہوں گا۔‘‘

    پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ چادر اور چار دیواری کے تقدس کو کبھی بھی اس طرح پامال نہیں کیا گیا، یہ لوگوں میں خوف پیدا کرنے کی کوشش ہے، میرے لیے موت ان بدمعاشوں کا غلام بننے سے بہتر ہے، ہم خوف کے بت کے آگے اگر جھکے تو آنے والی نسلوں کے لیے صرف ذلت اور بے عزتی ہوگی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان پہلے ہی سپریم کورٹ پر اس طرح کا وحشیانہ حملہ دیکھ چکا ہے، 1997 میں ن لیگ کے غنڈوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا۔

  • خاتون اول بشریٰ بی بی کا  شیلٹرہوم کا دورہ اور داتا دربار پر حاضری

    خاتون اول بشریٰ بی بی کا شیلٹرہوم کا دورہ اور داتا دربار پر حاضری

    لاہور : خاتون اول بشرٰی بی بی نے شیلٹرہوم کے دورے میں کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی جبکہ داتا دربار پر بھی حاضری دی ، فرح خان کا کہنا تھا کہ بشری عمران کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ غریبوں کے مسائل حل ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے لاہور میں شیلٹرہوم کا دورہ کیا اور بے گھروں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا، بشریٰ بی بی کے ہمراہ ان کی دوست فرح خان بھی تھیں۔

    اس موقع پر بشری بی بی نے حکام کو شیلٹر ہوم کا کام جلد از جلد مکمل کرنے ہدایت کی۔

    بشری بی بی کی دوست فرح خان کا کہنا تھا کہ بشری عمران کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ غریبوں کے مسائل حل ہوں۔ حکومت نے غریب اور نادار افراد کے لیے شہر بھر مختلف مقامات پر شیلٹر ہومز بنائے ہیں، جن افراد کے پاس سونے کے لیے چھت نہیں اور کھانے کے لیے خوراک نہیں، ان کی خدمت ہی خاتون اوّل کی ترجیح ہے۔

    شیلٹر ہوم دورے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشرٰی بی بی نے داتا دربار پر حاضری دی اور ملک کی ترقی اور سلامتی کیلئے دعا بھی مانگی۔

    یاد رہے 10 نومبر کو وزیر اعظم عمران خان مختصر دورے پر لاہور پہنچے تھے، جہاں انھوں نے لاہور ریلوے اسٹیشن کے باہر شیلٹر ہوم پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا تھا اور اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

    بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر بے گھرافراد کے لیے لاہور میں فٹ پاتھوں پرخیمےلگا دیئے گئے تھے۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت کی تھی کہ سردی میں اضافہ ہوگیا ہے، فٹ پاتھ پرسونے والوں کو ٹینٹ اورکھانا فراہم کیا جائے۔