Tag: Businessman

  • تاجر سے ایک کروڑ بھتہ مانگنے والا ملزم زخمی حالت میں گرفتار

    تاجر سے ایک کروڑ بھتہ مانگنے والا ملزم زخمی حالت میں گرفتار

    کراچی کے تھانہ سچل کی حدود میں تاجر سے ایک کروڑ بھتہ مانگنے والے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    ایس ایس پی شعیب کے مطابق ملزم کا ساتھی فرار ہو گیا، ملزم نے بھتہ نہ دینے پر بچوں کو اغوا کرنے کی دھمکی دی، نہ دینے پر دھمکی دی بچوں کو اغوا کرنے کے بعد 5 کروڑ دینے ہونگے۔

     اس سے قبل کراچی میں رسالہ پولیس نے سنگین واردارتوں اور بھتہ خوری میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-suspect-involved-in-target-killing-arrested/

    ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ فورسز کے جوان کو اغوا تشدد کے بعد شہید کردیا تھا، ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ریلی میں فائرنگ کرکے درجنوں افراد کو قتل اور زخمی کیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم لیاری گینگ وارکے کارندوں کو بھی قتل کرتا تھا، ملزم کو اسلحہ سیاسی جماعت فراہم کرتی تھی، ملزم دوہزار چودہ میں ایران کے راستے ترکی فرار ہوا اور 2019 میں وطن پہنچا، ملزم کے خلاف مقدنہ درج کرلیا گیا۔

    دوسری جانب کراچی میں سرجانی زنجانیہ موڑ کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں زخمی دو ڈاکو دوران علاج ہلاک ہوگئے، ملزمان کی شناخت خان محمد اور محمد عارف کے ناموں سے ہوئی، ملزمان روزی موڑ کے قریب شہری سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کررہے تھے۔

  • اللو ارجن کا وہ روپ جو اس سے پہلے کبھی سامنے نہیں آیا

    اللو ارجن کا وہ روپ جو اس سے پہلے کبھی سامنے نہیں آیا

    بھارتی ساؤتھ فلم انڈسٹری کے نامور اداکار اللو ارجن جو "پشپا” فینومینا کے طور پر مشہور ہیں کی فلموں نے باکس آفس پر بالی وڈ کے ہیروز کو بہت پیچھے چھوڑ دیا۔

    اللو ارجن اداکاری کی دنیا سے آگے قدم آگے بڑھ کر ایک کامیاب کاروباری شخصیت بھی بن گئے ہیں۔ ان کی حالیہ بلاک بسٹر فلم "پشپا 2: دی رول” نے باکس آفس کے پچھلے تمام ریکارڈز توڑ ڈالے۔

    مذکورہ فلم نے پہلے ہفتے میں 1000 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی۔ اللو ارجن بھارت کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں میں شامل ہوچکے ہیں، ان کی ایک فلم کا معاوضہ 300کروڑ (3ارب روپے) بتایا جاتا ہے۔

    یاد رہے کہ اللو ارجن کی دولت صرف ان کی اداکاری تک ہی محدود نہیں ہے، وہ ایک فلمی گھرانے میں پیدا ہوئے، ان کی خاندانی دولت کی کُل مالیت تقریباً 6000 کروڑ روپے کے قریب ہے۔

    االلو ارجن کے والد معروف پروڈیوسر اللو اروند ہیں جبکہ ان کے دادا لیجنڈری کامیڈین اللو رام لنگیا ایک عظیم فنکار تھے جنہوں نے ماضی میں ساؤتھ فلموں سے اپنی پہچان بنائی۔

    اللو ارجن نے حیدرآباد میں ٹرپل اے ملٹی پلیکسز لانچ کیے، جنہیں قومی سطح پر پھیلانے کا منصوبہ ہے۔ ان کا پروڈکشن ہاؤس "اللو اسٹوڈیوز” نئے ٹیلنٹ کو سامنے لاتا ہے جبکہ ان کے والد کے ساتھ قائم کردہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم "آہا” ڈیجیٹل صارفین کے لیے معیاری تفریح فراہم کرتا ہے۔

    اس کے علاوہ حیدرآباد میں واقع مشہور نائٹ لائف پوائنٹ "ہائی لائف بریونگ کمپنی” ان کے کاروباری پورٹ فولیو میں ایک اور اضافہ ہے۔

    ان کا شاندار طرز زندگی ان کی کامیابی کی گواہی دیتا ہے، الو ارجن جوبلی ہلز میں 8000 مربع فٹ کے ایک پرتعیش ولا میں رہتے ہیں، جس کی قیمت تقریباً 1000 کروڑ روپے ہے۔ ان کے دیگر اثاثوں میں ایک نجی جیٹ اور کئی قیمتی جائیدادیں بھی شامل ہیں۔

    اللو ارجن کا فلمی دنیا کا سفر بطور چائلڈ آرٹسٹ چرن جیوی کی فلم "وجیتھا” (1985) سے شروع ہوا۔ ان کی پہلی اکیلی فلم "گنگوتری” (2003) ان کے کیریئر کی ابتدا تھی، لیکن فلم "آریہ” نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

    بعد میں "بنی”، "دیشم دروڈو”، "آریہ 2” اور "ویدم” جیسی کامیاب فلموں نے انہیں تیلگو فلم انڈسٹری کا ایک معروف اسٹار بنادیا۔

    اللو ارجن کی دلکش اسکرین پر موجودگی، پُرجوش ڈانس، اور منفرد اسٹائل نے انہیں "اسٹائلش اسٹار” کا خطاب دیا۔

    اللو ارجن کی اثر پذیری صرف فلمی دنیا تک محدود نہیں رہی بلکہ اب وہ ایک کامیاب کاروباری اور بھارتی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا نمایاں چہرہ بن چکے ہیں۔

  • امریکا : پاکستانی سفارتخانے کی پرانی عمارت کے خریدار کی بڑی پیشکش

    واشنگٹن : پاکستان نے امریکا میں اپنے سفارت خانے کی پرانی عمارت کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد خریداروں نے بھی بولی لگانا شروع کردی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتخانے کی پرانی عمارت کے لیے نیا خریدار سامنے آگیا ہے، پاکستانی تاجر تنویر احمد نے عمارت خریدنے کیلئے7ملین ڈالرز کی پیشکش کی ہے۔

    ذرائع کے مطابق اس سے پہلے سفارت خانے کی پرانی عمارت کے لیے68لاکھ ڈالرز کی بولی آئی تھی، اےآر وائی نیوز نے پاکستانی تاجر کی پیشکش کی دستاویزات حاصل کرلیں۔

    مزید پڑھیں : امریکا میں پاکستانی سفارتخانے کی پرانی عمارت فروخت کرنے کا فیصلہ

    پاکستانی تاجرتنویراحمد کا کہنا ہے کہ68 لاکھ ڈالر کی پیشکش سے زیادہ رقم دینے کیلئے تیار ہوں، دوسری جانب پاکستانی سفیر مسعود خان اور سفارت خانے کے دیگر عملے نے اس خبر سے متعلق کسی قسم کا ردعمل دینے سے گریز کیا ہے۔

  • ٹی ڈی اے کے سابق سربراہ ایس ایم منیر انتقال کرگئے

    ٹی ڈی اے کے سابق سربراہ ایس ایم منیر انتقال کرگئے

    کراچی: شہر قائد کی معروف کاروباری شخصیت ایس ایم منیر مختصر علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے، سابق صدر کاٹی دانش خان نے ایس ایم منیر کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

    معروف صنعت کار ایس ایم منیر مرحوم کورنگی ٹریڈ ایسوسی ایشن اینڈ انڈسٹریز کے سرپرست اعلیٰ تھے، ایس ایم منیر کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ وہ کئی مرتبہ ایف پی سی سی آئی کے صدر کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

    اس کے علاوہ ایس ایم منیر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں،صنعت کار ایس ایم منیر چمڑے کی صنعت سے وابستہ تھے، ایس ایم منیر مختلف کمپنیوں اور بینکوں کے بورڈ ممبر بھی رہے۔

    کراچی کی معروف کاروباری شخصیت کے انتقال پر مختلف سیاسی و تاجر برادری کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جارہا ہے۔

  • سعودی عرب: غیر ملکی کاروباری افراد کے لیے اہم ہدایات

    سعودی عرب: غیر ملکی کاروباری افراد کے لیے اہم ہدایات

    ریاض: سعودی عرب میں مقامی شہریوں کے نام سے شروع کیے گئے غیر ملکیوں کے کاروبار کو قواعد کے مطابق بنانے کے لیے ہدایات جاری کردی گئیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودیوں کے نام سے غیر ملکیوں کے کاروبار تستر تجاری (تجارتی پردہ پوشی) کے انسداد پر معمور قومی ادارے نے کہا ہے کہ اصلاح حال کی مہلت بدھ 16 فروری 2022 کو ختم ہو رہی ہے۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی اور مقیم غیر ملکی جلد از جلد اس مہلت سے فائدہ اٹھائیں تاہم انہیں مارکیٹ کے ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی۔

    تستر تجاری کی جانب سے تجارتی اداروں کو کہا گیا ہے کہ انہیں سعودیوں کے نام سے غیر ملکیوں کے کاروبار کے خلاف قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی۔

    کاروباری اداروں کے پاس مؤثر کمرشل رجسٹریشن اور تمام کوائف کا اپ ڈیٹ ہونا ضروری ہے، کاروبار کے لیے ضروری اجازت نامے موجود ہوں، بینک میں ادارے کے نام سے اکاؤنٹ ہو اور لین دین کے حوالے سے نجی اکاؤنٹ استعمال نہ کیے جا رہے ہوں۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ کاروباری اجازت ناموں کی تجدید کے ساتھ ادارے کے پتے بھی اپ ڈیٹ ہوں، ادارے کا اندراج تنخواہوں کی بر وقت ادائیگی پروگرام میں ہونا چاہیئے جبکہ کارکنان کی تنخواہوں کے ڈیٹا کا اندراج بھی کروایا جائے۔

    علاوہ ازیں یہ بھی کہا گیا کہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ ملازمت کے معاہدے آن لائن درج کروائے جا چکے ہوں، غیر قانونی کارکن ملازمین کی فہرست میں شامل نہ ہوں۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کے ہاتھ میں ادارے کو چلانے کے مکمل اختیارات نہ ہوں، آن لائن ادائیگی کی سہولت، بل جاری کرنے اور محفوظ کرنے کے آن لائن سسٹم کی موجودگی بھی ضروری ہے۔

    علاوہ ازیں ادارے اور اس کی سرگرمیوں کی فنڈنگ قانونی طریقے سے کی گئی ہو اور اس کا ریکارڈ تیار کیا جارہا ہو، اقتصادی سرگرمیوں سے متعلق ہدایات اور قوانین کی پابندی کی جائے۔

    ادارے نے اس بات پر زور دیا کہ مارکیٹ کے ضوابط کی پابندی ہی تجارتی اداروں کو کسی شبہے اور کارروائی سے بچائے گی۔

  • کراچی سے تاجر کو اغوا کرکے بلوچستان پہنچائے جانے کا انکشاف

    کراچی سے تاجر کو اغوا کرکے بلوچستان پہنچائے جانے کا انکشاف

    کراچی : موبائل فون کے تاجر کو کراچی سے اغوا کرکے بلوچستان پہنچائے جانے کا انکشاف سامنے آیا، تاجر کا کہنا ہے کہ اغواکرنے،51 لاکھ و دیگر سامان چھینے پر کارروائی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے تاجر کو گلشن سے اغوا کرکے بلوچستان پہنچائے جانے کا انکشاف ہوا ، موبائل فون کے تاجر نے عزیز بھٹی تھانے میں مقدمہ درج کرادیا ہے۔

    تاجر کے اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہیں ، تاجر نے بیان میں کہا ہے کہ دوست امان الدین کے کہنے پر پراپرٹی کے لیےکیش لیکر نکلا تھا کہ گاڑی میں موجود4مسلح ملزمان نےگن پوائنٹ پرگاڑی کوروکا۔

    مدعی مقدمے کا کہنا تھا کہ مزاحمت پرکلاشنکوف کابٹ مارکرمیرادانت توڑدیا جبکہ مجھےاورمیرےدوست کوآنکھوں پرپٹی باندھ کرگاڑی میں بٹھایاگیا، ایک گھنٹہ گاڑی چلی،ایک مکان کےکمرےمیں ہمیں باندھ دیا۔

    مجھےٹارچرکیاجاتارہا،سادہ کاغذ پر دستخط کروائےگئے، جس کے بعد رات گئے ویران جگہ پرجھاڑیوں میں چھوڑ دیاگیا، پیدل چلتارہاحب چوکی آگئی جہاں کوسٹ گارڈ والےموجود تھے، کوسٹ گارڈوالےرینجرزکے پاس لےگئےجہاں سےکراچی پہنچا۔

    کراچی:اس پورےواقعے میں مجھے امان الدین ملوث لگتا ہے، صدرموبائل مارکیٹ میں بھی میں نے یہی گاڑی دیکھی تھی، اغواکرنے،51 لاکھ و دیگر سامان چھینے پر کارروائی کی جائے۔

  • تاجر کا ملازمین کیلئے انوکھا انعام : سب کے منہ کھلے رہ گئے

    تاجر کا ملازمین کیلئے انوکھا انعام : سب کے منہ کھلے رہ گئے

    دبئی : اردن کے تاجر نے اپنے ملازمین کی عمدہ کارکردگی سے خوش ہوکر ان کیلئے اپنی تجوری کا منہ کھول دیا اور انہیں اتنے زیورات سے نوازا کہ اس کی دریا دلی کی دھوم مچ گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اردن کا ایک تاجر اپنے عملے کی عمدہ کارکردگی اور کام کی لگن سے اتنا خوش ہوا کہ اس نے تمام ملازمین کو قیمتی زیورات تحفے میں دے دیئے۔

    ڈیجیٹل مارکیٹنگ کمپنی کے مالک احمد ابو سنینہ نے اپنے فیس بک پیج پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں بتایا کہ وہ اپنی کمپنی کے ملازمین کو ان کی اچھی کارکردگی کے اعتراف میں سونے کے زیورات تقسیم کررہا ہے۔

    اس موقع پر کمپنی نے مالک نے ہر ملازم کو باری باری اپنے آفس میں بلایا اور ان کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک عدد سونے کا سیٹ بطور انعام دیا۔

    مذکورہ تاجر نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ میں نے اپنے محنتی ملازمین کو زیورات پیش کیے ہیں جو اپنے عہدوں پر اخلاص اور ایمانداری کے ساتھ کام کرتے ہیں اور ایک خاندان کی طرح میرے ساتھ کھڑے ہیں۔

    احمد ابو سنینہ نے تمام کاروباری افراد اور منیجرز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کو بونس اور مراعات دیا کریں تاکہ ملازم کمپنی کو اپنی پوری توجہ اور محنت دے، انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ اپنے ملازم خیال رکھو گے تو بدلے میں وہ آپ کو اچھا کام کرکے دے گا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال بھی انہوں نے اپنے ملازمین میں آئی فون تقسیم کیے تھے جس کے باعث وہ دنیا بھر کے میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

  • تاجر نماز کے بعد پھندے پر جھول گیا

    تاجر نماز کے بعد پھندے پر جھول گیا

    ممبئی: بھارت میں 55 سالہ مسلمان تاجر نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی، پولیس تاحال خودکشی کی وجہ تلاش کر رہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ممبئی کے 55 سالہ بزنس مین ایم ایم حکیم کی لاش ان کے کمرے میں لٹکتی ہوئی پائی گئی۔ حکیم چمڑے کے کاروبار سے وابستہ تھا۔

    حکیم نے سوگواران میں بیوی اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں، بڑی بیٹی ایک نجی فرم میں ملازمت کرتی تھی جبکہ دوسری کالج میں زیر تعلیم تھی۔

    پولیس کو حاصل کردہ اب تک کی معلومات کے مطابق وہ دن اس گھرانے کے لیے ایک معمول کا دن تھا۔ دونوں بیٹیاں صبح اپنے دفتر اور کالج روانہ ہوگئیں۔

    چھوٹی بیٹی ڈیڑھ بجے گھر واپس آئی تو اس نے باپ کو دوپہر کے کھانے میں شامل ہونے کا کہا، لیکن اس نے منع کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے نماز پڑھے گا۔ اس کے بعد وہ نماز پڑھنے کے لیے کمرے کے اندر گیا اور کمرا اندر سے بند کرلیا۔

    بیٹی کھانا کھانے کے بعد سونے چلی گئی۔ شام 4 بجے اٹھ کر وہ جم گئی اور 5 بجے وہاں سے واپس آئی تو دیکھا کہ دروازہ بدستور بند تھا۔ اس نے کسی طرح دروازہ کھولا تو اندر اپنے باپ کا لٹکتا ہوا مردہ جسم دیکھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بزنس مین کی خودکشی کی وجہ اہلخانہ کے بیانات کے بعد ہی اخذ کی جاسکے گی، فی الحال وہ صدمے میں ہیں اور کسی بھی قسم کی بات چیت کرنے کے قابل نہیں۔

  • تاجربرادری نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی حمایت کردی

    تاجربرادری نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی حمایت کردی

    اسلام آباد : تاجر رہنما شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کے لئے فوجی عدالتوں کا قیام ضروری ہے، اپوزیشن جماعتیں فوجی عدالتوں میں توسیع کی حمایت کریں۔

    ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے اپنے ایک جاری بیان میں کیا۔ شاہد رشید بٹ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے فوجی عدالتیں ضروری ہیں اور ملک بھر کے تاجر ان کی مدت میں توسیع کے حکومتی فیصلے کی غیر مشروط حمایت کرتے ہیں۔

    اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کو سنگین خطرات درپیش ہیں اس لئے اہم معاملات پر سیاست نہ کی جائے، اس اہم مسئلے پر اپوزیشن جماعتوں کی ہچکچاہٹ ملکی سلامتی کو خطرہ میں ڈال دے گی۔

    شاہد رشید بٹ کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں جن سیاسی جماعتوں نے فوجی عدالتوں کے قیام کی حمایت کی تھی وہ اب اپنے معمولی مفادات کے لئے مخالفت کر رہی ہیں۔

    مزید پڑھیں: فوجی عدالتوں کے قیام سے اب تک 310 دہشت گردوں کو سزائے موت سنائی گئی: آئی ایس پی آر

    ملک بھر میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمہ اور امن کے یقینی ہونے تک فوجی عدالتوں کی موجودگی ضروری ہے۔

  • بھارتی بزنس مین کی انٹرویو کے لیے آئی خاتون کو ہراساں کرنے کی کوشش

    بھارتی بزنس مین کی انٹرویو کے لیے آئی خاتون کو ہراساں کرنے کی کوشش

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں ایک بھارتی نژادبزنس مین پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے انٹرویو کے لیے آئی خاتون کے ہراساں کرنے کی کوشش کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائنی نژاد خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ رواں سال کے آغاز میں مذکورہ بالا بھارتی بزنس مین کے دفتر میں ملازمت کےلیے انٹرویو دینے کے لیے گئی تھی جہاں اس شخص نے اسے ہراساں کیا اور جنسی استحصال کرنے کی کوشش کی ۔

    فلپائنی خاتون کے مطابق45 سالہ بزنس مین نے اس کی صلاحیتیں جانچنے کے لیے اسے کافی بنانے کے لیے کہا اور جیسے ہی وہ کافی بنانے لگی‘ اس شخص نے اسے پیچھے سے آکر دبوچ لیا اور زبردستی کرنے کی کوشش کی ‘ خاتون کے شور مچانے پر بزنس مین نے اسے جانے دیا۔ باہر جاکر خاتون نے واقعے کی اطلا ع پولیس کو دی جس پر اسے مقامی اسٹیشن طلب کرلیا گیا۔

    عدالت میں پیش کیے جانے پر وکیلِ استغاثہ نے اس پر خاتون کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا ‘ جس کے جواب میں مذکورہ شخص کا کہنا تھا کہ اسے قصور وار نہ سمجھا جائے۔

    دوسری جانب پولیس نے عدالت میں داخل کردہ بیان میں کہا ہے کہ مذکورہ شخص نے اعتراف کیا تھا کہ ’’وہ شیطان کے زیرِ اثر آگیا تھا اور اس سے یہ برا فعل سرزد ہوا ہے‘‘۔ اس نے درخواست واپس لینے کے بدلے متاثرہ خاتون کو اپنی کمپنی میں نوکری کی پیشکش بھی کی تھی ‘ جسے خاتون نے رد کردیا تھا۔

    عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ کہ لہذا فی الحال سماعت جاری رہے گی‘ فیصلہ بعد میں سنایا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں