Tag: but why?

  • 4 مئی وسیم اکرم کیلیے انتہائی اہم دن، مگر کیوں؟

    4 مئی وسیم اکرم کیلیے انتہائی اہم دن، مگر کیوں؟

    اپنی تیز رفتار بولنگ سے دنیائے کرکٹ میں اپنی دھاک بٹھانے والے پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے 32 سال قبل آج ہی کے دن ایسا کارنامہ انجام دیا جو ان کیلیے یادگار بن گیا۔

    سوئنگ کے سلطان سے مشہور وسیم اکرم نے 4 مئی 1990 کو ون ڈے میچوں میں دوسری ہیٹ ٹرک کرکے اس وقت ایک روزہ میچوں میں دو ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے بولر کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

    دن تھا 4 مئی 1990، میدان تھا شارجہ اور مدمقابل ٹیم تھی آسٹریلیا، میچ کھیلا جارہا تھا آسٹریلیشیا کپ کا فائنل اور ایلن بارڈر کی قیادت میں اس وقت آسٹریلیا کی مضبوط ٹیم یہ فائنل میچ جیتنے کیلیے فیورٹ قرار دی گئی تھی۔

    اس میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے۔ سلیم ملک 87، سعید انور 40 اور وسیم اکرم 49 رنز اسکور کرکے نمایاں رہے۔

    پاکستانی اننگ کے جواب میں آسٹریلیا نے مارک ٹیلر کے 52 اور اسٹیو وا کے 64 رنز سے تقویت پاتے ہوئے 46 اوورز میں 7 وکٹوں پر 227 رنز بنالیے تھے اور آخری 4 اوورز میں 39 رنز درکار تھے کہ وسیم اکرم اننگ کا 47 واں اور اپنے کوٹے کا نواں اوور کرانے آئے اور پھر ایسا ہوا کہ لگاتار تین گیندوں پر آسٹریلیا کے تین کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج کر آسٹریلیا کا فائنل جیتنے کا خواب چکنا چور کردیا۔

    وسیم اکرم نے اس اوور میں پہلے مرو ہیوگز کی وکٹیں اڑائیں پھر کارل ریک مین اور ٹیری ایلڈر مین کو آؤٹ کیا، وسیم اکرم کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ ا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔
    پی سی بی نے اس موقع پر سابق فاسٹ بولر کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور وسیم اکرم کی ایک یادگار تصویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی ہے جس میں وسیم اکرم ہیٹ ٹرک کرنے کے بعد خوشی سے اپنا ہاتھ فضا میں بلند کررہے ہیں۔

     

    وسیم اکرم نے ون ڈے کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے کا دوسری بار کارنامہ اپنی پہلی ہیٹ ٹرک کے صرف 6 ماہ بعد ہی انجام دیا۔ وسیم اکرم نے پہلی ہیٹ ٹرک 14 اکتوبر 1989 کو شارجہ میں ہی کی تھی جب ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑیوں جیف ڈوج، میلکم مارشل، اور کرٹلی امبروز کو سوئنگ ڈیلیوریز پر آؤٹ کیا تھا اور اس وقت وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے چوتھے بولر بنے تھے جب کہ انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل ہے۔

    یاد رہے کہ دنیائے کرکٹ میں پہلی ون ڈے ہیٹ ٹرک کا اعزاز بھی پاکستانی فاسٹ بولر جلال الدین کو حاصل ہے۔ جلال الدین نے 20 ستمبر 1982 کو پاکستان کے دورے پر آئی آسٹریلوی ٹیم کے خلاف حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم میں یہ تاریخی کارنامہ انجام دیا تھا۔

  • سفاک ملزمان نے خاتون کو زندہ جلا دیا، لیکن کیوں؟

    سفاک ملزمان نے خاتون کو زندہ جلا دیا، لیکن کیوں؟

    میلسی : پنجاب کے چھوٹے کے قصبے میں قبضہ مافیا نے غریب مزدور کے گھر پر قبضہ کرنے کےلیے مالکن کو آگ لگا دی۔

    گھر پر قبضے کی خاطر مالکن کو آگ لگانے کا واقعہ صوبہ پنجاب کے ضلع وہاڑی کی تحصیل میں دریائے ستلج کے کنارے واقع چھوڑے قصبے جلّہ جیم میں پیش آیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جلّی جیم میں قبضہ مافیا نے غریب مزدور کے گھر پر قبضے کی مبینہ کوشش کی، جس پر گھر کی مالکن نے روکنے کی کوشش کی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا کے کارندوں نے مزاحمت کرنے والی گھر کی مالکن کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

    طبی امداد فراہم کرنے والے ڈاکٹر نے خاتون کو یہ کہتے ہوئے برن سینٹر ملتان ریفر کردیا ہے کہ 35 سالہ خاتون کا 80 فیصد جسم جھلس چکا ہے۔

    پنجاب پولیس نے واقعے سے متعلق مزید کہا کہ مزاحمت پر دونوں گروپوں کے 12 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم واقعے سے متعلق مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔

  • نوجوان کو سفاکانہ طریقے سے دریا میں پھینک دیا گیا، مگر کیوں؟

    نوجوان کو سفاکانہ طریقے سے دریا میں پھینک دیا گیا، مگر کیوں؟

    نئی دہلی : بھارتی دارالحکومت میں نامعلوم افراد نے پولیس کی آنکھوں کے سامنے نوجوان کو بدترین تشدد کے بعد دریا میں پھینک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ لرزہ خیز واردات بھارتی دارالحکومت دہلی کے علاقے اشوک نگر میں پیش آئی جہاں ایک کچھ نامعلوم افراد نے پولیس اہلکاروں کے سامنے نوجوان کو انتہائی تشویش ناک حالت میں دریا میں پھینک دیا۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اشوک نگر پولیس اسٹیشن کی سب انسپکٹر ریکھا چوہان اپنی ٹیم کے ہمراہ یمنا ندی پل سے گزر رہی تھیں کہ انہیں دریا کنارے ایک مشکوک گاڑی نظر آئی جس میں سے کسی شخص کو باہر پھینکا جارہا تھا۔

    سب انسپکٹر نے گاڑی کا پیھچا کرنے کی کوشش کی تاہم ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    پولیس ٹیم نے نوجوان کو شدید زخمی حالت میں اسپتال میں منتقل کیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج چل بسا، پولیس نے گاڑی کے نمبر کے ذریعے ایک ملزم کو گاڑی سمیت گرفتار کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔

    پولیس کا ابتدائی رپورٹ میں کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت گووند کے نام سے ہوئی ہے،پولیس واقعے کی تحقیق مختلف پہلووں سے کررہی ہےجس میں غیرت کے نام پر قتل کا پہلو بھی شامل ہے۔