Tag: Buyers

  • سردی آگئی لیکن لنڈا بازار ویران

    سردی آگئی لیکن لنڈا بازار ویران

    اسلام آباد: ملک بھر میں سردی کی لہر جاری ہے، سردی کی آمد کے ساتھ ہی ہر سال کی طرح بارونق ہوجانے والے لنڈا بازار اس سال مہنگائی کی وجہ سے سنسان پڑے ہیں۔

    لنڈا بازار عموماً کم آمدنی والے افراد کے لیے شاپنگ کی بہترین جگہ ہوتے تھے لیکن رواں برس مہنگائی نے ان افراد کو لنڈا بازار سے خریداری کرنے سے بھی محروم کردیا۔

    لنڈا بازار کے دکان داروں کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ مال کی قیمتیں بڑھ جانے کی وجہ سے انہیں بھی قیمتیں بڑھانی پڑی ہیں جنہیں سن کر گاہک الٹے قدموں لوٹ جاتے ہیں۔

    دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ محدود آمدنی کی وجہ سے وہ صرف لنڈا بازار سے ہی خریداری کرسکتے تھے لیکن اب اس سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔

  • سعودی عرب: ضرورت سے زیادہ سامان خریدنے اور ذخیرہ کرنے والے ہوشیار!

    سعودی عرب: ضرورت سے زیادہ سامان خریدنے اور ذخیرہ کرنے والے ہوشیار!

    ریاض: سعودی حکام نے خبردار کیا ہے کہ مارکیٹ میں ضرورت سے زیادہ سامان خریدنے اور ذخیرہ کرنے پر جرمانہ اور قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی پبلک پراسیکیوشن نے خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی ضرورت سے زیادہ سامان نہ خریدے۔

    پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ عام افراد اپنی اور اہلخانہ کی ضروریات اور تاجر حضرات اپنی تجارتی ضروریات سے بڑھ کر سامان خریدنے سے گریز کریں وگرنہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    پبلک پراسیکیوشن نے وارننگ دی ہے کہ اگر کوئی شخص اپنی اور اہلخانہ کی ضروریات یا تاجر اپنی تجارتی حد سے بڑھ کر سامان اسٹاک کریں گے تو ان پر جرمانہ ہوگا، موجودہ حالات میں حد سے زیادہ سامان خریدنے والے ضرورت مندوں کو مشکل میں ڈال دیں گے۔

    اس حوالے سے حکام نے اس جرم پر سخت سزا مقرر کی ہے، 5 لاکھ ریال تک جرمانہ یا 2 برس تک قید یا دونوں سزائیں بیک وقت دی جاسکتی ہیں۔

    پبلک پراسیکیوشن کا کہنا تھا کہ اگر کسی فرد یا تاجر کی خریداری سے کسی انسان یا جانور کی صحت کو نقصان ہو رہا ہو تو ایسی صورت میں جرمانے کی حد 10 لاکھ ریال تک ہوگی جبکہ 3 برس تک قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔

    علاوہ ازیں مخصوص حالات میں دونو ں سزائیں بیک وقت بھی دی جاسکتی ہیں۔