Tag: by election

  • پی پی 38 ضمنی انتخاب، تحریک انصاف نے میدان مار لیا

    پی پی 38 ضمنی انتخاب، تحریک انصاف نے میدان مار لیا

    سیالکوٹ: پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف نے فتح اپنے نام کرلی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی 38 ضمنی انتخاب کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان امیدوار احسن سلیم بریار نے فتح اپنے نام کی جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری سبحانی دوسرے نمبر پر رہے۔

    تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کےامیدواراحسن سلیم بریار 60588 ووٹ لے کر پہلے جبکہ مسلم لیگ (ن) کےطارق سبحانی 53471 ووٹ لیکردوسرےنمبرپر رہے۔

    مزید پڑھیں: پی پی 38، فردوس عاشق اعوان کا پی ٹی آئی کی فتح کا اعلان

    تحریک انصاف کے کارکنان نے الیکشن میں فتح ملنے پر جشن منایا۔ کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان نے خطاب بھی کیا۔

    حکومتی شخصیات کے بیانات

    وفاقی وزیرحماداظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ’جنہوں نےپاکستان مخالف بیان دینے والوں کوڈرائنگ روم میں بیٹھایا، آج انہیں سیالکوٹ والوں نے مسترد کردیا‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’یہ  2018 میں مسلم لیگ ن کا جیتا ہوا حلقہ تھا، 3سال بعدحلقےکےعوام نےتحریک انصاف کےحق میں فیصلہ دیا‘۔

    وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ ’سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کارکنان کی محنت قابل ستائش ہے، پی ٹی آئی کارکنان نےمریم صفدرسمیت سارے مافیا کا غرور خاک میں ملادیا‘۔ فرخ حبیب نے کارکنان کو سلام بھی پیش کیا۔

    وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے لکھا کہ ’الحمداللہ!سیالکوٹ نےبھی آج کپتان کےحق میں فیصلہ دےدیا‘۔

    حلقے میں صبح 8 بجے سے شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے سے پُرامن طور پر پولنگ ہوئی، مقررہ وقت ختم ہوتے ہی ریٹرننگ افسران نے ہدایت کے مطابق ووٹوں کی گنتی شروع کردی تھی۔

    اے آر وائی نیوز کی روایت برقرار

    اے آر وائی نیوز نے ایک بار پھر پہلا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ سب سے پہلے نشر کرنے کی روایت کو برقرار رکھا، جس کے مطابق پولنگ اسٹیشن نمبر 18 آکیوالی میں تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار 295 ووٹوں کے ساتھ پہلے اور مسلم لیگ ن کے امیدوار طارق سبحانی 198 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ گرلزپرائمری اسکول ججےرام داس سے آنے والے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق تحریک انصاف کےاحسن سلیم بریار 375ووٹ لےکرآگے  اور ن لیگ کے امیدوار 275 ووٹ لے کر پیچھے رہے۔

    دو پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف کےامیدواراحسن سلیم بریار670 ووٹ حاصل کرسکے جبکہ مسلم لیگ (ن) کےامیدوارطارق سبحانی نے 473 ووٹ حاصل کیے۔

    شہباز گل کا دعویٰ

    وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے دعویٰ کیا کہ حلقے کے 21 پولنگ اسٹیشنز میں سے 19 پر تحریک انصاف نے فتح حاصل کی جبکہ مسلم لیگ ن دو پولنگ اسٹیشنز پر کامیاب ہوئی۔

    پولنگ اسٹیشنز

    حلقے میں مجموعی طور پر ایک سو پینسٹھ پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے، جن میں سے اڑسٹھ کو حساس اور تیس کو انتہائی حساس قرار دیا گیا، امن و امان کی صورت حال کو بقرار رکھنے کے لیے حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر تین ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور پنجاب رینجرز کے پانچ سو جوانوں نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیے۔

    انتظامیہ نے حلقے میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کی، جس کے تحت کسی بھی شخص کو اسلحے کی نمائش یا اپنے پاس اسلحہ پاس رکھنے کی اجازت نہیں تھی۔

    رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد

    پی پی اڑتیس میں کل رجسٹرڈ ووٹر کی تعداد دو لاکھ تینتس ہزار چار سو دو ہے، جن میں ایک لاکھ اٹھائیس ہزار ایک سو اٹھائیس مرد اور ایک لاکھ پانچ ہزار 294 خواتین ہیں۔

    انتخاب کے دوران الیکشن کمیشن نے پریذائیڈنگ آفیسرزکوفارم 45کی تصویرکھینچنے اور لوکیشن آن رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فارم 45ریٹرننگ آفیسرکوواٹس ایپ پرفوری بھجوایاجائےگا۔

  • این اے75 ڈسکہ ضمنی انتخاب، ن لیگ نے میدان مار لیا

    این اے75 ڈسکہ ضمنی انتخاب، ن لیگ نے میدان مار لیا

    ڈسکہ : پاکستان مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ضمنی انتخابات میں میدان مار لیا، فتح کے بعد لیگی کارکنان نے جشن منایا جبکہ قیادت نے امیدوار نوشین افتخار کو کامیابی پر مبارک باد بھی دی۔

    تازہ ترین اطلاعات  کے مطابق ضمنی انتخاب کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجہ سامنے آگیا  اور  سب سے پہلےنتیجہ نشر کرنے کی روایت حسب سابق  اے آر وائی نیوز  نے برقرار  رکھی ہے۔

    تمام360پولنگ اسٹیشنز کےغیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کی نوشین افتخار ایک لاکھ 11ہزار 220ووٹ لے کر کامیاب قرار پائی ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے علی اسجد ملہی92019ووٹ لے کر پیچھے رہے، مسلم لیگ ن کو پی ٹی آئی پر19201ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی۔

    حلقے میں پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا اور پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہا۔ دونوں امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھا گیا پولنگ ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی گئی اس موقع پر  دونوں امیدواروں کے ووٹروں میں بھی کافی گہما گہمی دکھائی دی۔

    حلقے میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئےتھے، 40 پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا تھا، پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکاروں کو بھی تعینات کیے گئے تھے۔

    حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد4 لاکھ 94ہزار ہے جن کے لیے 360 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے جب کہ الیکشن میں سکیورٹی کے لیے پولیس کے 4100 سے زائد اور رینجرز کے ایک ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے، اس کے علاوہ پاک فوج کی 10 ٹیمیں کوئیک رسپانس فورس کےطورپرموجود رہیں۔

    قبل ازیں تمام تر حفاظتی انتظامات کے باوجود گورنمنٹ کالج برائے خواتین کے پولنگ اسٹیشن اور گوئند پولنگ اسٹیشن پر ن لیگی اور پی ٹی آئی کے کارکنان آمنے سامنےآگئے، حلقے میں اسلحہ کی نمائش کرنے پر پولیس نے نو مسلح افراد کوحراست میں لے لیا۔

    اس سے قبل الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے ایم پی اے ذیشان رفیق کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرنوٹس جاری کیا تھا۔ ایم پی اے ذیشان رفیق پولنگ کے وقت اس علاقے کے دورے پر آئے تھے جو کہ غیر قانونی ہے۔

  • سیالکوٹ کے حلقہ این اے 75 میں ضمنی انتخاب کل ہوگا

    سیالکوٹ کے حلقہ این اے 75 میں ضمنی انتخاب کل ہوگا

    سیالکوٹ: قومی اسمبلی کی نشست کے لیے حلقہ این اے 75 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کل ہوگا، قومی اسمبلی کی یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی افتحار الحسن کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق این اے 75 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کل ہوگی، مسلم لیگ ن کی سیدہ نوشین اور تحریک انصاف کے اسجد ملہی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

    دیگر امیدواروں میں تحریک لبیک پاکستان کے محمد خلیل سندھو اور دیگر 7 امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 94 ہزار 3 ہے، ضمنی الیکشن کے لیے حلقے میں 360 پولنگ اسٹیشنز قائم ہین جن میں سے 25 انتہائی حساس اور 155 حساس قرار دیے گئے ہیں۔

    قومی اسمبلی کی یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی افتحار الحسن کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔

  • سندھ کے 2 اور بلوچستان کے 1 حلقے پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری

    سندھ کے 2 اور بلوچستان کے 1 حلقے پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری

    کراچی / کوئٹہ: سندھ اسمبلی کی 2 اور بلوچستان اسمبلی کی 1 نشست پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے، پولنگ اسٹیشنز کے باہر رینجرز اہلکار تعینات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کی 2 اور بلوچستان اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت شروع ہوگیا، تینوں حلقوں میں پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

    سندھ کے پی ایس 88 ملیر کے ضمنی الیکشن میں 20 امیدوار میدان میں ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، پاکستان تحریک انصاف اور تحریک لبیک کے امیدوار مدمقابل ہیں۔

    حلقے میں پیپلز پارٹی کے محمد یوسف بلوچ، ایم کیو ایم کے ساجد احمد، تحریک انصاف کے جان شیر خان، تحریک لبیک کے کاشف علی جبکہ 16 آزاد امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔

    پی ایس 88 ملیر میں کل ووٹوں کی تعداد 1 لاکھ 45 ہزار 627 ہے، حلقے میں 81 ہزار 425 مرد اور 64 ہزار 202 خواتین ووٹرز ہیں۔

    حلقے میں پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 108 ہے، 33 انتہائی حساس اور 27 حساس قرار دیے گئے ہیں۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 8 پولیس اہلکار جبکہ حساس پر 4 اہلکار تعینات ہیں، پولنگ اسٹیشن کے باہر رینجرز اہلکار بھی تعینات ہیں۔

    پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    دوسری جانب پی ایس 43 سانگھڑ میں پیپلز پارٹی کے جام شبیر علی خان، تحریک انصاف کے مشتاق جونیجو جبکہ 5 آزاد امیدوار مدمقابل ہیں۔

    بلوچستان کے حلقہ پی بی 20 پشین 3 میں بھی 113 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ جاری ہے، پی بی 20 میں کل ووٹرز کی تعداد 99 ہزار 849 ہے، مرد ووٹرز کی تعداد 58 ہزار 126 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 41 ہزار 723 ہیں۔

    حلقہ پی بی 20 میں پولنگ بوتھس کی تعداد 343 ہے، حلقے کے 3 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور 91 حساس قرار دیے گئے ہیں۔

  • اسلام آباد کی نشست پر ضمنی انتخاب : الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا

    اسلام آباد کی نشست پر ضمنی انتخاب : الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میئر اسلام آباد کی نشست پر ضمنی انتخاب کیلئے شیڈول جاری کردیا، پولنگ 28 دسمبر کو ہوگی۔

    اس حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے شیڈول میں بتایا ہے کہ میئر اسلام آباد کی خالی نشست کیلئے پولنگ 28 دسمبر کو ہوگی۔

    ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد کو آراو اور ریجنل الیکشن کمشنر ڈی آر او مقرر کردیا، اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد غربی ایپلٹ اتھارٹی تعینات کیے گئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی کیلئے پبلک نوٹس9 دسمبر کو جاری کئے جائیں گے، امیدوار11دسمبر کو کاغذات نامزدگی حاصل کرسکیں گے۔

    کاغذات نامزدگی پر اعتراضات 14 دسمبر تک جمع کرائےجا سکیں گے جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال 16دسمبر کوہو گی اور اپیلیں17دسمبر کو دائر کی جاسکیں گی۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق امید واروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی21دسمبر کو واپس لئے جاسکیں گے جبکہ انتخابی نشانات22دسمبرکو جاری کئے جائیں گے۔

  • دادو کا ضمنی الیکشن : پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا

    دادو کا ضمنی الیکشن : پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا

    دادو : پی ایس 86میں ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار سید صالح شاہ نے برتری حاصل کرلی جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار امداد خان لغاری دوسر ے نمبر پر رہے۔

    پی ایس86ضمنی الیکشن کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار سید صالح شاہ نے 42ہزار 254ووٹ لے کر کامیابی حاصل کرلی جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار امداد خان لغاری 25ہزار 555لیکر دوسر ے نمبر پر رہے۔

    پیپلزپارٹی کے امیدوار کی کامیابی پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سید صالح شاہ کو مبارکباد دی ہے، انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ایس86میں پیپلزپارٹی کی جیت عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، سازشوں کے باوجود عوام نے اپنا مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیا۔

    اس کے علاوہ پی پی رہنما سعیدغنی نے بھی پی ایس86کےانتخابات میں کامیابی پر پی پی امیدوار کو مبارکباد دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ سندھ کی عوام نےثابت کردیا کہ وہ صرف پیپلزپارٹی کےساتھ ہیں، لاڑکانہ کےانتخابات میں دھاندلی کے تحفظات اب یقین میں بدل گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ ) پی ایس 86کے 158 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہی۔

    کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے فوج اور رینجرز کے 1100 اور پولیس کے 1300 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔

    پاک فوج اور رینجرز کے اہلکار پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر تعینات رہے۔ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر دادو بھر میں عام تعطیل رہی۔

  • این اے 205 گھوٹکی : ضمنی الیکشن آج ہوگا، الیکشن کمیشن کی تیاریاں مکمل

    این اے 205 گھوٹکی : ضمنی الیکشن آج ہوگا، الیکشن کمیشن کی تیاریاں مکمل

    گھوٹکی : قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 205 گھوٹکی پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے، عملہ سامان سمیت پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق این اے دو سو پانچ گھوٹکی ٹو میں آج ہونے والے ضمنی انتخاب سے متعلق الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ عملے کو سامان کی ترسیل شروع کردی گئی۔

    حلقے کے تین لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز کیلئے دو سو نوے پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پولنگ کے دوران شکایات کے اندراج اور ازالے کیلئے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جہاں عملہ دو شفٹوں میں انتخابی نتائج مرتب ہونے تک کام کرے گا۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق مرد ووٹرز کی تعداد دو لاکھ چار ہزار نو سو اسی اور خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ پچپن ہزار آٹھ سو پچانوے ہے۔

    مزید پڑھیں: وفاقی وزیر سردارعلی محمدمہر حرکت قلب بند ہونے پر انتقال کرگئے

    پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار محمد بخش مہر کا اپنے بھانجے احمد علی مہر سے کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔ قومی اسمبلی کی یہ نشست تحریک انصاف کے ایم این اے سردار علی محمد مہر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔

  • ملتان : ضمنی انتخاب، تحریک انصاف کا امیدوار کامیاب ، پی پی کو شکست

    ملتان : ضمنی انتخاب، تحریک انصاف کا امیدوار کامیاب ، پی پی کو شکست

    ملتان : ملتان کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کو فتح مل گئی، پی ٹی آئی کے واصف راں کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مد مقابل پی پی امیدوار ملک ارشدراں دوسرے نمبر پر رہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 218 ملتان کے ضمنی انتخاب میں غیرسرکاری اور غیر حتمی نتیجے میں تحریک انصاف نے ایک بار پھر فتح سمیٹ لی۔

    پی ٹی آئی کے واصف راں نے 46988ووٹ لے کر میدان مار لیا، ضمنی انتخاب میں ان کے مد مقابل پیپلزپارٹی کے امیدوار ملک ارشد راں39486ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    مذکورہ حلقے میں138پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے، جن میں سے32اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا، ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔

    اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور پاک فوج کے جوان اپنی ڈیوٹی پر موجود تھے۔

    اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ملتان میں نون لیگ اور پیپلزپارٹی کا گٹھ جوڑ ناکام ثابت ہوا ہے، ملتان کی عوام نے کرپشن کو مسترد کردیا۔

    ملک واصف راں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج چوروں کی چوری پکڑی گئی ہے،۔ ضمنی الیکشن میں واصف راں نے ساڑھے سات ہزار ووٹ کی برتری حاصل کرلی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی پی 218 کے ضمنی انتخاب میں (ن) لیگ اور پی پی پہلی بار اکٹھے ہوئے لیکن انہیں شکست ہوئی، نون لیگ اور پیپلزپارٹی کا اتحاد کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔

  • ایم کیو ایم کی فتح سے آج کراچی کی جمہوریت کو اعتبار ملا ہے، خالد مقبول صدیقی

    ایم کیو ایم کی فتح سے آج کراچی کی جمہوریت کو اعتبار ملا ہے، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : ایم کیو ایم کے کنونیئر اور  وفاقی وزیر  انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کی جمہوریت کو اعتبار آج ملا ہے، جمہوری نظام کو آگے بڑھانے پرسب کو مبارک باد دیتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار کی کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ صد شکر کہ آج طریقہ انتخاب کو کچھ اعتبار بھی ملا ہے،ضمنی انتخابات میں ایم کیو ایم کی فتح جمہوریت اور پاکستان کی جیت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج سندھ کے شہری علاقوں کے لوگوں کے ووٹوں کو گنا بھی گیا، جب لوگوں کو ووٹ گنے جانے کایقین ہوگا تو وہ باہربھی آئیں گے، کراچی کی جمہوریت کو اعتبار آج ملا ہے۔

    مزید پڑھیں: پی ایس 94ضمنی انتخاب : ایم کیو ایم امیدوار نے میدان مارلیا، پی ٹی آئی دوسرے نمبر پر

    انہوں نے کہا کہ کراچی چلتا ہے تو ملک پلتا ہے اب ریاست کو بھی تسلیم کرنا چاہیے کہ سندھ کے شہری علاقوں کا یہی فیصلہ ہے، جمہوری نظام کو آگے بڑھانے پرسب کو مبارک باد دیتے ہیں۔

  • پی ایس 94ضمنی انتخاب : ایم کیو ایم امیدوار نے میدان مارلیا، پی ٹی آئی دوسرے نمبر پر

    پی ایس 94ضمنی انتخاب : ایم کیو ایم امیدوار نے میدان مارلیا، پی ٹی آئی دوسرے نمبر پر

    کراچی : پی ایس94لانڈھی کے تمام149پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے ہاشم رضا کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے اشرف جبار دوسرے نمبر پر رہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 94 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہوگیا، پولنگ کا عمل مقررہ وقت پر صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔

    اے آر وائی نیوز نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے، پی ایس چورانوے کراچی پر ضمنی انتخاب کا سب سے پہلا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ نشر کیا۔

    لانڈھی کے اس حلقے کے  تمام 149پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے امیدوار ہاشم رضا215367ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ، ان کے مقابلے میں پی ٹی آئی کےاشرف جبار8978ووٹ لےکردوسرےنمبر پر رہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی، ضمنی انتخابات، پی ایس 94 میں پولنگ کا وقت ختم

    یاد رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما محمد وجاہت 32729 ووٹ لےکر کامیاب قرار پائے تھے ان کے مدمقابل ٹی ایل پی کے امیدوار محمد شعیب الرحمن نے 14030 ووٹ حاصل کیے تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال 27 نومبر کو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما محمد وجاہت کے انتقال کے بعد پی ایس 94 کی نشست خالی ہوئی تھی۔