Tag: by Police

  • پشاور میں  پولیس کی فائرنگ سے طالبعلم  جاں بحق

    پشاور میں پولیس کی فائرنگ سے طالبعلم جاں بحق

    پشاور: رائیڈر  پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے طالبعلم جاں بحق ہوگیا ، واقعے میں ملوث اہلکاروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں پولیس کی فائرنگ کا ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا، جہاں رائیڈر پولیس اہلکاروں نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کردی ، جس کے نتیجے میں مبشر نامی طالبعلم جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ رات 2 بجے پیش آیا، گاڑی میں بنوں کے رہائشی 3 نوجوان تھے، جو ٹیسٹ کیلئے پشاور آرہے تھے۔

    ایس پی سٹی عتیق شاہ نے بتایا کہ واقعےمیں ملوث دونوں رائیڈر اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا اور ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا ہے، واقعےکی شفاف تحقیقات ہوں گے۔

    یاد رہے جنوری میں اسلام آباد جی ٹین میں فائرنگ کاواقعہ پیش آیا تھا ، جہاں اے ٹی ایس اہلکاروں کی فائرنگ سے کار سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا ، ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس نےمتعدد بارجی 10تک گاڑی کاتعاقب کیا اور نہ رکنے پرگاڑی کے ٹائروں پرفائر کئےگئے، بدقسمتی سے 2 فائرگاڑی ڈرائیور کو لگ گئے جس سےاس کی موت ہوگئی۔

    بعد ازاں گاڑی پرفائرنگ کرنے والے5اےٹی ایس اہلکاروں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

  • سیاہ فام شخص کے قتل نے امریکہ میں ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا

    سیاہ فام شخص کے قتل نے امریکہ میں ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا

    جنوبی کیرولینا: سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں ایک اور سیاہ فام شخص کے قتل نے امریکہ میں ایک نیا تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔

    امریکہ کے شہر فرگوسن میں سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں اٹھارہ سالہ سیاہ فام لڑکے مائیکل براؤن کے قتل کے زخم بھی بھر نہ پائے تھے کہ جنوبی کیرولینا میں پچاس سالہ شخص والٹر سکاٹ کو سفید فام پولیس اہلکار مائیکل سلیگر کے ہاتھوں قتل ہوتے کی فوٹیج سامنے آگئی۔

    اس واقعے نے ایک بار پھر امریکہ میں نسلی تعصب کی آگ کو بھڑکا دیا ہے،  والٹر سکاٹ قتل کے بعد پولیس رپورٹ میں جھوٹ بولا گیا کہ سیاہ فام شخص نے پولیس اہلکار سے ہاتھا پائی کی اور ہتھیار چھیننے کی کوشش کی تاہم سڑک پر موجود ایک اور شخص لیسٹر ہالٹ نے اپنے موبائل پر بنائی گئی فوٹیج عام کرکے پولیس کے جھوٹ کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

    موبائل فوٹیج سامنے آنے کے بعد پولیس اہلکار سلیگر کو نوکری سے برخواست کرکے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تاہم اس واقعہ کے بعد امریکہ کی سیاہ فام کمیونٹی شدید غم و غصہ کا شکار ہے اور پولیس اہلکار کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کر رہی ہے۔

    دوسری جانب امریکی میڈیا پر اس واقعہ پر بھرپور قسم کی بحث جاری ہے اور ماضی میں پولیس کے ہاتھوں ہلاک کئے جانے والے سیاہ فام افراد کی ہلاکت پر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔