Tag: CAA

  • سی اے اے کا بڑا قدم، اب کسی مسافر کو بورڈنگ سے نہیں روکا جائے گا

    سی اے اے کا بڑا قدم، اب کسی مسافر کو بورڈنگ سے نہیں روکا جائے گا

    کراچی: سی اے اے نے پی این آر کے سلسلے میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ اب کسی مسافر کی بورڈنگ سے نہیں روکا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بورڈنگ کے سلسلے میں ایئر لائنوں سے متعلق مسافروں کی نئی شکایات سامنے آئی ہیں، جس پر سول ایوی ایشن نے نوٹس لے لیا ہے، اور تمام ایئر لائنوں کو نیا ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے۔

    سی اے اے کے مطابق ٹکٹ بکنگ اور سفر کے وقت پی این آر مختلف ہونے پر مسافروں کو بورڈنگ نہ دیے جانے کی شکایات سامنے آئی تھیں، جس پر اب اتھارٹی نے ہدایت جاری کی ہے کہ مسافروں کو ٹکٹ میں پی این آر کے معاملے بورڈنگ سے نہ روکا جائے۔

    ہدایت نامے کے مطابق تمام ایئر لائنیں سی اے اے کی ہدایت پر سختی سے عمل درآمد کریں گی، سی اے اے نے کہا ہے کہ ایئر لائنیں مسافروں کو پی این آر کے مسئلے پر طیارے میں سوار ہونے سے نہ روکیں، اور یہ پی این آر پالیسی تمام ایئر لائنیں اپنی ویب سائٹ پر لازمی اپ ڈیٹ کریں۔

    سی اے اے نے ٹریول ایجنٹوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ مسافروں کی بکنگ کے وقت ان پالیسیوں پر عمل کیا جائے، اس سے مسافروں کو بورڈنگ سے روکے جانے کی بعد کی تکلیف سے بچایا جا سکتا ہے۔

    سول ایوی ایشن نے ہدایت کی ہے کہ تمام ایئر لائنیں اس ہدایت پر سختی سے عمل کریں۔

  • سی اے اے نے چھوٹے طیاروں کو فلائنگ سے روک دیا

    سی اے اے نے چھوٹے طیاروں کو فلائنگ سے روک دیا

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی ایئر پورٹ اور اطراف میں تیز بارش کی وجہ سے چھوٹے طیاروں کو فلائنگ سے روک دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے نے کراچی ایئر پورٹ الرٹ جاری کیا ہے، حکام نے کہا ہے کہ فلائٹ سیفٹی کے پیش نظر سیسنا اور دیگر لائٹ ویٹ طیاروں کو فلائنگ سے روک دیا گیا ہے۔

    حکام کی جانب سے چھوٹے طیاروں کو محفوظ مقام پر ونگز کے ساتھ وزن لگا کر باندھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

    سی اے اے نے ہدایت کی ہے کہ چھوٹے طیاروں کو محفوظ مقامات پر ونگز کے ساتھ وزن باندھ کر پارک کیا جائے، اور بارش کے باعث کیڑے مکوڑے ہونے سے پرندے رن وے کے اطراف آ سکتے ہیں اس لیے محفوظ فلائٹ آپریشن کے لیے اضافی برڈ شوٹر بھی تعینات کیے جائیں۔

    سی اے اے نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ ٹارمک ایریا کے بجلی کی تاروں کے جوائنٹس کو مکمل طور محفوظ بنایا جائے، بارش کے دوران طیاروں کے پھسلنے کے پیش نظر محفوظ فلائٹ آپریشن کو یقینی بنایا جائے۔

    بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے ایئر پورٹ رن وے سے منسلک نالوں کی صفائی کے انتظامات کیے جائیں، اور رن وے اور متصل ایریاز میں فالومی وین کے گشت کو 24 گھنٹے یقینی بنایا جائے۔

  • سول ایوی ایشن اتھارٹی کا اہم شعبہ ایڈہاک پر، ترقیاں نہیں ہو سکیں

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کا اہم شعبہ ایڈہاک پر، ترقیاں نہیں ہو سکیں

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کا اہم شعبہ ایئر ٹریفک کنٹرولر ایڈہاک پر چل رہا ہے، جسے ترقیوں سے محروم رکھا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سی اے اے کے اہم شعبے میں افسران ایڈہاک پر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، اور ایکٹنگ چارج پر کام لیا جا رہا ہے جو ایوی ایشن قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر ٹریفک کنٹرولر 3 سال سے ترقیوں سے محروم ہے، تین سال گزرنے کے باوجود ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ترقیاں نہیں ہو سکیں، اور شعبے کے 26 افسران ایڈہاک پر ڈیوٹی کرنے پر مجبور ہیں۔

    ڈائریکٹر آپریشن بھی ایڈہاک پر تعینات ہے، مستقل ڈائریکٹر تعینات نہیں ہو سکا، ایئر ٹریفک کنٹرولر کے 6 چیف آپریشن آفیسر بھی ایڈہاک پر کام کر رہے ہیں۔

    ایئر ٹریفک کنٹرولر ایسوسی ایشن نے سی اے اے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شعبے میں افسران کی ترقیوں کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جائے۔

  • منصوبہ بندی کا فقدان، پائلٹس کو لائسنس تجدید کے سلسلے میں نئی مشکل کا سامنا

    منصوبہ بندی کا فقدان، پائلٹس کو لائسنس تجدید کے سلسلے میں نئی مشکل کا سامنا

    کراچی: درست منصوبہ بندی نہ کیے جانے کی وجہ سے پائلٹس کو لائسنس تجدید کے لیے میڈیکل بورڈ کرانے میں نئی مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے لاہور میں پائلٹس کے میڈیکل بورڈ کا سلسلہ اچانک معطل کر دیا ہے، سی اے اے کی ایڈیشنل ڈائریکٹر ایرو میڈیکل کی جانب سے تمام ایئر لائنز اور ایوی ایشن کمپنیوں کو جاری کردہ مراسلہ اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سی اے اے میڈیکل بورڈ لاہور کے سربراہ کا چھٹیوں پر ہونے کے باعث میڈیکل بورڈ نہیں ہو سکیں گے، 30 جون سے لاہور میں پائلٹس کے لائسنس کی تجدید کا عمل رک گیا، لاہور میں پائلٹس کے میڈیکل بورڈ 22 جولاٸی تک نہیں ہوسکیں گے۔

    سی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ میڈیکل بورڈ کے لیے بیک اپ ڈاکٹر نہ ہونے سے لاہور میں پائلٹس کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، لاہور سے تعلق رکھنے والے پائلٹس کو اس دوران سی اے اے کراچی یا اسلام آباد کے میڈیکل بورڈ کرانے کی ہدایت کر دی گٸی ہے۔

    ایئر لائنز کی انٹرنیشنل تنظیم کا حکومت پاکستان سے ٹکٹس پر ٹیکس اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

    ذرائع کے مطابق اس سے قبل جون کے مہینے میں کراچی میں بھی پائلٹس کے میڈیکل بورڈ 24 سے 28 جون کے درمیان نہیں ہو سکے تھے۔ اس سے پہلے سول ایوی ایشن کی طرف سے بیک اپ کے طور پائلٹس کے میڈیکل بورڈ کے لیے ڈاکٹرز کی موجودگی لازمی رکھی جاتی تھی۔

    سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ لاہور میڈیکل بورڈ کے پریذیڈنٹ 30 جون سے 22 جولائی تک چھٹیوں پر ہیں، اس دوران لاہور کے پائلٹس کو کراچی یا اسلام آباد سے اپنا میڈیکل بورذ کرانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

  • ایکاؤ کے مشن کی ’ان سائٹ فالو اپ‘ کے لیے سی اے اے ہیڈکوارٹرز آمد

    ایکاؤ کے مشن کی ’ان سائٹ فالو اپ‘ کے لیے سی اے اے ہیڈکوارٹرز آمد

    انٹرنیشنل سول ایویشن آرگنائزیشن (ایکاؤ) کے مشن نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران آج بدھ کو ’ان سائٹ فالو اپ‘ کے لیے سی اے اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایکاؤ کا کوآرڈینیٹڈ ویلیڈیشن مشن (آئی سی وی ایم) پاکستان کے دورے پر اسلام آباد میں مقیم ہے، ٹیم نے سی اے اے ہیڈکواٹرز کا دورہ کر کے سیکریٹری ایویشن/ڈی جی سی اے اے سیف انجم، ڈپٹی ڈی جی ریگولیٹری نادر شفیع ڈار اور اعلیٰ سول ایویشن حکام سے ملاقات کی۔

    ترجمان سی اے اے کے مطابق 6 رکنی ٹیم کا یہ دورہ پاکستان 5 سے 12 جون تک جاری رہے گا، ایکاؤ ٹیم کے دورے کا مقصد آڈٹ نہیں بلکہ یہ ’ان سائٹ فالو آپ‘ سرگرمی ہے۔ یہ ٹیم لیگل، آپریشنز، ایئر وردینس، فلائٹ اسٹینڈرڈ سمیت دیگر ریگولیٹری ڈائریکٹوریٹس کا بھی دورہ کرے گی۔

    ایکاؤ ٹیم کے مقاصد میں ریاست کے ایوی ایشن نظام کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینا بھی شامل ہے، واضح رہے کہ

    آئی سی وی ایم ٹیم رکن ممالک میں آڈٹس کے اہداف پر پیش رفت کا جائزہ اور اس کی توثیق کا کام بھی کرتی ہے۔

  • ایف بی آر نے سی اے اے سے 12 ارب سے زائد کی ٹیکس ریکوری کرلی

    ایف بی آر نے سی اے اے سے 12 ارب سے زائد کی ٹیکس ریکوری کرلی

    کراچی: ایف بی آر نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی سے 12 ارب 91 کروڑ سے زائد کی ٹیکس ریکوری کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کے لارج ٹیکس پیرز یونٹ( ایل ٹی پی ) کراچی نے سول ایوی ایشن کے اکاونٹ منجمد کر کے 12 ارب 91 کروڑ سے زائد روپے کی ریکوری کر لی ہے جس کے بعد سی اے اے کے اکاؤنٹس بحال کردیے گئے۔

    ذرائع ایف بی آر کے مطابق ٹیکس ریکوری سی اےاے کے نیشنل بینک میں موجود 11 اکاؤنٹس سے کی گئی ہے، سی اے اے نے ایڈوانس ٹیکس مد میں 12 ارب سے زائد ٹیکس جمع نہیں کرایا تھا جس کے بعد ایف بی آر نے ٹیکس عدم ادائیگی پر سی اے اے کو ڈیفالٹر  قرار دیکر اکاؤنٹس منجمد ککر دیے تھے۔

    پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ترجمان نے اس حوالے سے کہا کہ ٹیکس کا معاملہ تھوڑا تکنیکی اور مشکل تھا، وزارت قانون، ایف بی آر، سی اے اے میں بات جاری تھی۔

    ترجمان نے کہا کہ ایئرپورٹ اتھارٹی، سی اے اے کے الگ قانون کے باعث معاملہ پھنسا ہوا تھا، اب ایف بی آر نے 12 ارب سے زائد کی ٹیکس ریکوری کے بعد اکاؤنٹس بحال کردیے۔

  • سی اے اے اور برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ نے باہمی تعاون کا ایک اور سنگ میل عبور کر لیا

    سی اے اے اور برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ نے باہمی تعاون کا ایک اور سنگ میل عبور کر لیا

    کراچی: پاکستان سول ایوی ایشن اور برطانوی محکمہ برائے ٹرانسپورٹ نے باہمی تعاون کا ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔

    برطانیہ کی جانب سے پی سی اے اے کو ایوی ایشن سیکیورٹی اسکرینرز کے لیے کمپیوٹر بیسڈ چیکنگ سوفٹ ویئر اور ٹریننگ پروگرام کا تحفہ دیا گیا ہے، اس حوالے سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک مختصر تقریب کا انعقاد ہوا۔

    فرسٹ سیکریٹری ایوی ایشن یو کے ہائی کمیشن اسلام آباد محمد عبدالغفار نے کمپیوٹرز ڈائریکٹر ایوی ایشن سیکیورٹی ریٹائرڈ ایئر کموڈور شاہد قادر کے حوالے کیے، اس موقع پر ایئرپورٹ منیجر آفتاب گیلانی سمیت ایوی ایشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معززین موجود تھے۔

    فرسٹ سیکریٹری ایویشن یو کے ہائی کمیشن نے کہا کمپیوٹر پر مبنی تھریٹ امیج ریکگنیشن ٹریننگ پروگرام اور اس کے ہارڈ ویئر کی دستیابی ’آئی کیو‘ شرائط کے عین مطابق ہے، (یو کے ڈی ایف ٹی) ایویشن سیکیورٹی کے حوالے سے پاکستان سول ایویشن کی کوششوں میں تعاون کرتا رہے گا، حال ہی میں مکمل ہونے والے ’آئیکیو‘ فل اسکیل آڈٹ میں شان دار کارکردگی پر پی سی اے اے کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

    کمپیوٹر پر مبنی سسٹم کے ذریعے ایئر لائنز، ASF، کارگو وغیرہ سمیت ایوی ایشن انڈسٹری کے اسکرینرز کی چیکنگ اور جانچ پڑتال کی جا سکے گی، سسٹم متعارف ہونے کے بعد پاکستان صف اول کی ایویشن سیکیورٹی فراہم کرنے والے ممالک میں شامل ہو جائے گا۔

    مستقبل قریب میں (یو کے ڈی ایف ٹی) کا ادارہ پاکستان میں ایویشن سیکیورٹی انسپکٹرز کی ٹریننگ اور تربیت کا اہتمام کرے گا، کمپیوٹر پر مبنی سیکیورٹی اسکرینرز کی چیکنگ اور تربیتی پروگرام کی فراہمی برطانیہ اور پاکستان کے درمیان پائیدار شراکت کو اجاگر کرتا ہے۔

  • ملک میں ایوی ایشن صنعت کی تباہی کا ذمہ دار کون؟ وائٹ پیپر جاری

    ملک میں ایوی ایشن صنعت کی تباہی کا ذمہ دار کون؟ وائٹ پیپر جاری

    کراچی: ایوی ایشن صنعت کو نقصان اور ناکامیوں پر ایئر کرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن نے وائٹ پیپر جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایئر کرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن نے ایک وائٹ پیپر جاری کیا ہے، جس میں ملکی ایوی ایشن صنعت کی دگرگوں صورت حال کا ذمہ دار موجودہ ڈی جی سی اے اے خاقان مرتضٰی کو قرار دیا گیا ہے۔

    وائٹ پیپر کے مطابق پیشہ ورانہ مہارت کی کمی کے باعث ادارے میں پائلٹ لائسنس کے مسائل پیدا ہوئے، نا تجربہ کار اور پیشہ ورانہ مہارت میں کمی کی وجہ سے 4 سال سے یورپی ملکوں میں پاکستانی ایئر لائنز کے آپریشنز پر پابندی ختم نہیں ہو سکی، اور سول ایوی ایشن میں اہم عہدوں پر ماہر اور تجربہ کار لوگوں کو تعیناتی نہیں کی گئی۔

    وائٹ پیپر میں کہا گیا ہے کہ موجودہ ڈی جی سی اے اے خاقان مرتضٰی گزشتہ 4 سال سے ایوی ایشن صنعت کی بحالی اور بہتری میں ناکام رہے ہیں، پائلٹس کے لائسنس معاملے میں واضح ہو گیا ہے کہ لائسنس جعلی نہیں تھے، اس کے باوجود 3 سال سے ڈی جی سول ایوی ایشن پائلٹس کے لائسنس بحال نہیں کر رہے ہیں۔

    سی اے اے انتظامیہ کی طرف سے غلط بریفنگ دیے جانے کی وجہ سے پائلٹس لائسنس معاملے کو غلط رنگ دیا گیا، اور ایوی ایشن صنعت کو مکمل طور تباہ کر دیا گیا ہے، خاقان مرتضٰی ملک اور ایوی ایشن صنعت کا امیج ٹھیک کرنے میں ناکام رہے۔

    وائٹ پیپر کے مطابق پارلیمنٹ کی کمیٹیوں کے ذریعے اسٹیک ہولڈرز سے ان پٹ حاصل کرنے کے مناسب نظام پر عمل کیے بغیر قانون سازی کی جاتی ہے، ایئر کرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن نے آمدنی میں بہتری اور اضافے کے لیے اقدامات تجویز کیے، بند ایئر پورٹس کو مقامی کمپنیوں یا حکومتی اداروں کو آؤٹ سورس کیا جائے، ایئر لائنز اور تمام جنرل ایوی ایشن آپریٹرز کے لائسنس کی لائف ٹائم بنیادوں پر تجدید کی جائے، ایک مرتبہ تجدید کے بعد ایوی ایشن کمپنیوں کو دوبارہ لائسنس تجدید کی ضرورت نہ ہو۔

    ایئر کرافٹ اونرز آپریٹرز ایسوسی ایشن نے وائٹ پیپر میں حکومت سے سفارش کی ہے کہ ملک میں ایوی ایشن صنعت کے فروغ کے لیے ایئر کرافٹ اونرز آپریٹرز ایسوسی ایشن سمیت تمام ایوی ایشن اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر پالیسی بنا کر فیصلے کیے جائیں، ڈی جی سی اے اے اختیارات پر ازسر نو جائزہ لیا جائے، ہوائی جہازوں کی درآمد پر عمر کی حد پر نظر ثانی کی جائے۔

    پائلٹس پر جعلی لائسنس الزامات کو عدالت نے رد کیا، لیکن ڈی جی سی اے اے خاقان مرتضٰی عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائلٹس کے لائسنس بحال نہیں کر رہے، ایسے غیر پیشہ ورانہ اور سول ایوی ایشن کا تجربہ نہ رکھنے والے بیورو کریٹ کو ہٹا کر فوری طور پر پروفیشنل ماہر کو ڈی جی سی اے اے لگایا جائے۔

    وائٹ پیپر میں کہا گیا ہے کہ ایوی ایشن صنعت کی بہتری سے ملکی اقتصادی سرگرمی بڑھے گی، ایوی ایشن کے فروغ سے نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی، جب کہ ایوی ایشن ماہر کے ڈی جی لگنے سے پاکستانی ایئر لائنز یورپ، برطانیہ اور امریکا میں فوری بحال ہوں گی۔

  • سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے نئے لوگو جاری

    سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے نئے لوگو جاری

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے نئے لوگو جاری کردیے گئے جبکہ پہلے مرحلے میں انٹرنل طور پر ویب سائٹ کو بھی الگ الگ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت ن نے سول ایوی ایشن کو دو حصوں میں تقسیم کر کے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور سول ایوی ایشن کے محکموں کو علیحدہ کردیا جس کے بعد دونوں کا نیا لوگو جاری کردیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق سی اے اے کا ہیڈ کوارٹرز کا رساز جبکہ ایئرپورٹ اتھارٹی کا ہیڈکوارٹرز ٹرمینل ون پر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ ملازمین کو انکی تعلیمی قابلیت اور تجربہ کی بنیاد پر  ٹرانسفر کیا جائے گا، دو محکمے بنانے سے دونوں کے سربراہان کا تقرر نئی منتخب حکومت کرے گی۔

    واضح رہے کہ عالمی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے ایئرپورٹ سروس اور ریگولیٹری کو  توڑ کر 2 نئے محکمے بنانے کی ہدایت کی تھی، سول ایوی ایشن اور پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے ایکٹس کو 10 نومبر سے نافذ کیا گیا۔

  • سی اے اے تربیتی ادارے میں ٹریننگ کورسز سے متعلق اہم خبر

    سی اے اے تربیتی ادارے میں ٹریننگ کورسز سے متعلق اہم خبر

    کراچی: سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں 6 سال بعد بین الاقوامی ٹریننگ کورسز کا دوبارہ آغاز ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ حیدرآباد میں بین الاقوامی ٹریننگز کا دوبارہ آغاز ہو گیا، تربیتی کورس میں سری لنکا کی سول ایوی ایشن کے حکام نے شرکت کی۔

    ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ سری لنکن آفیشلز نے 11 سے 28 ستمبر تک سول ایوی ایشن کورس مکمل کر لیا، ایوی ایشن شعبے میں مہارت کے لیے تربیت حاصل کرنے کے لیے سی اے اے ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے اعلیٰ معیار ہے۔

    سی اے اے ترجمان کے مطابق ماضی میں مختلف ممالک کے سی اے اے آفیشلز تربیت کے لیے سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ حیدرآباد آتے تھے، کئی سال بعد غیر ملکی سی اے اے حکام کا تربیت کے لیے پاکستان آنا اتھارٹی کے بین الاقوامی معیار کا مظہر ہے۔