Tag: CAA India

  • ایل او سی پر میزائلوں کی تنصیب رپورٹ ہوئی ہے: وزیر خارجہ

    ایل او سی پر میزائلوں کی تنصیب رپورٹ ہوئی ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مودی سرکار نے سیکیولر انڈیا کے نظریے کو دفن کر دیا ہے، ایل او سی پر میزائل اور اسپائک اینٹی ٹینک میزائلوں کی تنصیب رپورٹ ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت میں مسلم مخالف قانون سازی اور امن و امان کی صورتحال پر اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں اس وقت کشیدگی عروج پر ہے اور یہ مودی سرکار کے اقدامات کی وجہ سے ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج کوئی مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست کے اقدامات کا ساتھ نہیں دے رہا، متنازعہ شہریت ایکٹ کے خلاف دنیا بھر میں بھارتی سراپا احتجاج ہیں۔ بھارت سرکار نے سیکیولر انڈیا کے نظریے کو دفن کر دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہندو راشٹرا اور ہندو توا کی سوچ کو مسلط کیا جا رہا ہے۔ بھارت کا ارادہ دکھائی دے رہا ہے کہ وہ ایل او سی پر کوئی شرارت کرے۔ ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ سرحد پر باڑھ کو بھی کاٹا گیا۔ بھارتی فوج کی غیر معمولی نقل و حرکت دیکھنے میں آرہی ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ سارے عوامل امن و امان کے لیے خطرہ دکھائی دے رہے ہیں، ہمارے اداروں نے ایل او سی پر نئی ڈپلوائمنٹ کو رپورٹ کیا ہے۔ ایل او سی پر میزائل اور اسپائک اینٹی ٹینک میزائلوں کی تنصیب رپورٹ ہوئی۔ دنیا پوری طرح با خبر ہے کہ مودی سرکار کیا کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جب 2 ایٹمی طاقتیں سامنے ہوں تو بات خطے تک محدود نہیں رہے گی، کشمیر پر دو ٹوک مؤقف اپنانے پر ترک صدر اور ملائیشین وزیر اعظم کا شکریہ۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ او آئی سی نے کشمیر میں پیلٹ گنز کے بے دریغ استعمال کا نوٹس لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ او آئی سی کے پلیٹ فارم سے بھی ان پر بہت تنقید کی جا رہی ہے۔

  • بھارت کا زوال شروع ہو چکا ہے: گورنر پنجاب

    بھارت کا زوال شروع ہو چکا ہے: گورنر پنجاب

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ بھارت کا زوال شروع ہو چکا ہے، مسلمانوں کے خلاف مودی سرکار کا بغض کھل کر سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ بھارت کا زوال شروع ہو چکا، شہریت متنازعہ بل کے خلاف احتجاج پورے بھارت میں پھیل گیا۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارتی عوام نے کالے قانون کو یکسر مسترد کردیا ہے، نام نہاد سیکولر بھارت کا سیاہ چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہوچکا۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے 2 قومی نظریے کو تقویت ملی۔

    انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف مودی سرکار کا بغض کھل کر سامنے آگیا، بھارتی حکومت متنازعہ قانون سے اپنی عوام کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔

    گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ مودی سرکار لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارت میں دہری شہریت کے قانون سے مسلمان براہ راست متاثر ہیں، بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں دراندازی اور مظالم پر اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کی خاموشی شرمناک ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ مکار دشمن بھارت کے خلاف ہمیں باہمی اتحاد کی ضرورت ہے۔ بھارت میں اقلیتوں کے انسانی حقوق کا قتل عام کیا جارہا ہے مگر پاکستانی حکومت قائد اعظم کے افکار کے مطابق اقلیتوں کو ان کے حقوق فراہم کر رہی ہے۔