Tag: CAA

  • گلگت ایئرپورٹ : طیارہ کچے میں اترنے کا واقعہ : کپتان اور فرسٹ آفیسر کو گراؤنڈ کردیا گیا

    گلگت ایئرپورٹ : طیارہ کچے میں اترنے کا واقعہ : کپتان اور فرسٹ آفیسر کو گراؤنڈ کردیا گیا

    کراچی : پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے گلگت ایئرپورٹ پر طیارے کے کچے میں اترنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا، جہاز کی کپتان مریم اور فرسٹ آفیسر کو گراؤنڈ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا اے ٹی آر طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، گلگت ائیر پورٹ پر طیارہ رن وے سے پھسلا اور پائلٹ کے قابو سے ہوکر کچے میں اتر گیا تھا تمام مسافروں کو جہاز سے بحفاظت نکال لیا گیا۔

    پی آئی اے کی پرواز پی کے608 اسلام آباد سے گلگت پہنچی تھی۔ پی آئی اے نے کپتان مریم اور فرسٹ آفیسر کو گراؤنڈ کردیا، پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی عمل میں غلطی ثابت ہونے پر ایوی ایشن قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی، تحقیقات مکمل ہونے تک مذکورہ پرواز آپریٹ کرنے والے دونوں پائلٹس کو گراؤنڈ کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہے۔ ٹیم نے طیارے کے کچے میں اترنے کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی ہے۔

    تحقیقاتی ٹیم نے رن وے کا بھی معائنہ کیا، اس کے علاوہ گلگت ایئرپورٹ کے منیجر نے اے ٹی آر طیارے کی کپتان مریم اور فرسٹ آفیسر کا طبی معائنہ بھی کیا۔

    سی اے اے ذرائع نے کہا ہے کہ قواعد کے مطابق کپتان کے تمام ٹیسٹ کئے گئے ہیں، واضح رہے کہ طیارہ گلگت ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران کچے میں اتر گیا تھا خوش قسمتی سے حادثے میں تمام مسافر محفوظ رہے تھے۔

  • طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ، پی آئی اے کو لاکھوں کا نقصان

    طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ، پی آئی اے کو لاکھوں کا نقصان

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کی غفلت و لاپرواہی کے باعث طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں تسلسل سے اضافہ ہورہا ہے۔ سات ماہ میں پی آئی اے کے34طیارے متاثر ہوئے، پی آئی اے کو لاکھوں کا نقصان برداشت کرنا ہڑا۔

    ذرائع کے مطابق کراچی اور لاہور ایئرپورٹ پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے، پرندے ٹکرانے کی وجہ سے پی آئی اے کے طیاروں کو سب سے زیادہ نقصان ہوا۔

    سات ماہ کے دوران پی آئی اے کے34سے زائد طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات رپورٹ ہوئے، پرندے ٹکرانے کی وجہ سے پی آئی اے کے8طیارے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، متاثر ہونے والے طیاروں میں بوئنگ777اور ایئربس320شامل ہیں۔

    سب سے زیادہ پرندے ٹکرانے کے واقعات کراچی ایئرپورٹ پر رپورٹ ہوئے، کراچی ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے15طیاروں سے جبکہ لاہور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے11طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

    اس کے علاوہ سکھر ایئرپورٹ پر دو، پشاور ایئرپورٹ پر دو، اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک اور کوئٹہ میں پرندے ٹکرانے کے دو واقعات رپورٹ ہوئے، پی آئی اے کو طیارے سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں لاکھوں روپے کے اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑے اور ان واقعات سے پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا۔

    پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ پرندے ٹکرانے کی وجہ سے بعض پروازیں تاخیر کا بھی شکار ہوئیں جس کی وجہ سے مسافروں کو ہوٹل منتقل کرنا پڑا، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کراچی اور لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کو بھگانے کے حوالے سے پرانا اور دیسی طریقہ استعمال کیا جارہا ہے

    سی اے اے نے ملک کے کسی بھی ایئرپورٹ پر پرندوں کو بھگانے کیلئے جدید آلات نصب نہیں کئے، یاد رہے کہ پی آئی اے سمیت غیر ملکی ایئرلائن نے بھی پرندے ٹکرانے کے واقعات پر سی اے اے کو اپنی تشویشسے آگاہ کیا تھا۔

  • ملک بھر کے ایئرپورٹس پر پلاسٹک ریپنگ کی قیمت میں کمی، پچاس روپے مقرر

    ملک بھر کے ایئرپورٹس پر پلاسٹک ریپنگ کی قیمت میں کمی، پچاس روپے مقرر

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر پلاسٹک ریپنگ کی قیمت میں کمی کرکے پچاس روپے مقرر کردی، نئے نرخ کا اطلاق آج سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان کے نوٹس لینے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر پلاسٹک ریپنگ کی قیمت میں کمی کردی ہے۔

    اس حوالے سے سیکریٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت نے مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے قیمت کم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق اسلام آباد ، لاہور اور کراچی سمیت ملک بھر کے دیگر بڑے ایئرپورٹس پر پلاسٹک ریپنگ کیلئے پچاس روپے مقرر کردیے گئے۔

    ایئرپورٹس پر اس سے قبل ڈبل ریپنگ کے نرخ 400 اور سنگل کے نرخ 200 روپے وصول کیے جاتے تھے۔ ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نئے نرخ وصولی کے حوالے سے تمام ایئرپورٹس پر احکامات جاری کردیئے گئے ہیں، آج سے ہی ریپنگ کے50 روپے وصول کیے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں: بیرون ملک جانے والےمسافروں کے سامان کو پلاسٹک ریپنگ کرانا لازمی قرار

    واضح رہے کہ سول ایوی ایشن ڈویژن نے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے سامان کو پلاسٹک ریپنگ کرانا لازمی قرار دیتے ہوئے ایئرپورٹس پر سامان کی ریپنگ کیلئے مزید مشینیں لگانے کی ہدایت کرچکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے بغیر پلاسٹک ریپنگ کے سفری بیگ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

  • سی اے اے کو ریگولیٹری اور سروس ڈویژنوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے، غلام سرور خان

    سی اے اے کو ریگولیٹری اور سروس ڈویژنوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے، غلام سرور خان

    کراچی : وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ سول ایویشن اتھارٹی کو باضابطہ طور پر ریگولیٹری اور سروس ڈویژنوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔

    اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ائیرپورٹ کے معاملات کو بین الاقوامی ضابطوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو دو حصوں میں تقسیم کر رہی ہے تاکہ عالمی مروجہ قوانین( ایکاؤ) کی پاسداری کی جاسکے اور عوام دوست ایئرپورٹ انفراسٹرکچر بھی بنایا جا سکے۔

    غلام سرور خان کا مزید کہنا تھا کہ ایوی ایشن اتھارٹی کو ریگولیٹری باڈی اور ایئرپورٹ سروسز پاکستان میں تقسیم کیا جائے گا، ریگولیٹری باڈی کو کابینہ ڈویژن کی سپرد کیا جائے گا۔

    دوسری ڈویژن کی اٸیرپورٹ سروس پاکستان ایوی ایشن ڈویژن کے ماتحت ہوگی۔ وفاقی وزیر برائے ہوابازی نے کہا کہ اس تقسیم کا مقصد مسافروں کو اچھی سروس دینا، دونوں ڈویژنوں کی افرادی قوت کو الگ کرنا، آمدن بڑھانا قومی اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرنا ہے۔

    غلام سرور خان کے مطابق یہ تقسیم نیشنل ایوی ایشن پالیسی2019 کے تحت کی جارہی ہے، یہ بین الاقوامی قانون ایکاٶ کا بھی ایک اہم نقطہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایٸرپورٹ سروس پاکستان، ایس ای سی پی سے رجسٹر ہوگی۔

    اس کے تحت 43 ایئرپورٹ ہوں گے اور ایٸرپوٹ سروس پاکستان کمرشل ماڈل پر چلائی جائے گی۔ اثاثوں کی تشخیص کے بعد دلچسپی لینے والی پارٹیوں کو ایک سبسیڈی کمپنی میں سرمایہ کاری کے لیے بلایا جائے گی۔

    یہ سبسڈی کمپنی تین ایئرپورٹ، لاہور، کراچی اور اسلام آباد پر کام کرے گی۔ دوسرے ماڈل کے تحت ان تین ایئرپورٹس پر اوپن ٹینڈر کے تحت آؤٹ سورسنگ کی جائے گی۔

    غلام سرور خان نے مزیدکہا کہ اگر دونوں ماڈل پر کام نہ ہوسکا تو کمپنی جوائنٹ وینچر میں بھی جا سکتی ہے اگر کسی بھی ماڈل پر کام نہ ہوسکا تو کمپنی ایئرپورٹ کو خود آپریٹ کرے گی۔

    اگست2019 تک مینجمنٹ کمیٹی کو بدلا جائے گا، رولز آف بزنس بنائے جاٸیں گے اور لیگل ریویو بھی کیا جائے گا۔30ستمبر2019 تک مالی علیحدگی ،مڈ پروسس ریویو، اسٹیک ہولڈر ریویو کیا جائے گا، دسمبر2019 تک آئی ٹی سیکٹر اور افرادی قوت پر کام ہوگا اور ستمبر2020 تک ایکاؤ آڈٹ ہوگا۔

  • لاہور ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے میں قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا انکشاف

    لاہور ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے میں قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا انکشاف

    لاہور : نواز شریف کے دور حکومت میں لاہور ایئرپورٹ کے پسینجر ٹرمینل بلڈنگ کے توسیعی منصوبے میں مبینہ طور پر اربوں روپے کے اضافی اخراجات سے ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نواز شریف کے دور حکومت میں مبینہ طور پر ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ  وفاقی حکومت نے لاہور ایئرپورٹ کے پسینجر ٹرمینل بلڈنگ کے توسیعی منصوبے کوعارضی طور پر روک دیا ہے۔

    مذکورہ منصوبہ کی ناقص ڈیزائننگ کے باعث اربوں روپے کے اضافی اخراجات سے قومی خزانے کو نقصان پہنچتا، منصوبے کی تعمیر پر43 ارب60 کروڑ روپے کی لاگت آرہی تھی۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نومبر2016 میں اس منصوبے کی منظوری دی گئی تھی جسے تین سال کے اندر مکمل کرنا تھا، سابقہ دور حکومت میں منصوبے کی ڈیزائن کنسلٹنسی پر ڈالروں میں ادائیگی کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق توسیعی منصوبے کے نام پردو کروڑ پچاس لاکھ مسافروں کی سالانہ گنجائش کیلئے غیر ضروری منصوبہ تیار کیا گیا۔ موجودہ حکومت نے منصوبے کی ازسرنو جانچ پڑتال کروائی تو پتہ چلا کہ منصوبہ پر اربوں روپے کی اضافی رقم مختص کی گئی ہے۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ کے بعد لاہور ایئرپورٹ کے توسیع منصوبے سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی گئی، دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) ترجمان کا کہنا ہے ڈیزائن کو ری ویو کرکے منصوبے کی پارکنگ مکمل کی جارہی ہے۔

  • پاکستانی فضائی حدود میں اوور فلائی کی بندش میں26 جولائی تک مزید توسیع

    پاکستانی فضائی حدود میں اوور فلائی کی بندش میں26 جولائی تک مزید توسیع

    کراچی : پاک بھارت کشیدگی کے باعث بند کی جانے والی پاکستانی فضائی حدود کو مزید26جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سی اے اے نے اوور فلائی پر پابندی کا نیا نوٹم جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستانی فضائی حدود میں اوور فلائی کی بندش میں26 جولائی تک توسیع کر دی، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود میں ٹرانزٹ اور اوور فلائی پر12 جولائی تک پابندی عائد تھی۔

    اب سی اے اے نے اوور فلائی کی بندش کے دورانیے میں14 دن توسیع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں سی اے اے نے اوور فلائی پر پابندی کا نیا نوٹم جاری کر دیا، اوور فلائی کی بندش کے بعد بھارتی طیارے پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔

    یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستانی ایسٹرن فضائی حدود27 فروری سے بند ہے۔ اس حوالے سے ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود میں ٹرانزٹ اور اوور فلائی نئے حکم نامے تک بند رہے گی۔ پاکستانی فضائی حدود میں ایسٹرن ایئر سائیڈ بند اور ویسٹرن فضائی حدود میں آپریشن جاری ہے۔

    مزید پڑھیں : بھارتی ائیرلائنز کو پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے سبب 549 کروڑ کا نقصان

    بھارتی ائیرلائنز کو پاکستانی فضائی حدود بند ہونے کے سبب 549 کروڑ روپے خسارے کا سامنا ہے ، بھارتی وزیر ہوابازی ہردیپ سنگھ پوری کا کہنا ہے کہ رواں برس 26 فروری سے فضائی حدود کی بندش ہمسایہ ملک کا یک طرفہ فیصلہ ہے اور اس کا خاتمہ اسلام آباد کی مرضی پر ہی منحصر ہے۔

    ہردیپ سنگھ کی طرف سے پیش کئے گئے اعدادو شمار کے مطابق نجی فضائی کمپنی سپائس جیٹ کو 20 جون تک30.73 کروڑ، انڈی گو کو 25 مئی تک 25.1 کروڑ، گوائیر فضائی کمپنی کو 20 جون تک 2.1 کروڑ اور ائیر انڈیا کو 2 جولائی تک 491 کروڑ کا خسارہ ہو چکا ہے۔

  • حجاج کرام کو آب زم زم کی فراہمی کیلیے ضروری اقدامات کیے جائیں، وزارت مذہبی امور

    حجاج کرام کو آب زم زم کی فراہمی کیلیے ضروری اقدامات کیے جائیں، وزارت مذہبی امور

    کراچی : وزارت مذہبی امور کی جانب سے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے کو عازمین حج  اور حجاج کرام کی سہولت کیلئے ہدایات جاری کردی گئیں۔

    اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور نے تمام ائیرپورٹس میجنرز، پی آئی اے سمیت سول ایوی ایشن اتھارٹی عہدیداران کو خط لکھ دئیے، جس میں بعد از حج آپریشن میں حجاج کرام کی وطن واپسی کے حوالے سے دونوں اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

    خط کے متن میں وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی ایک ہفتے کے اندر اندر حجاج کرام کیلئے آنے والے آب زم زم کو رکھنے کے لئے اقدامات کرے۔

    آب زم زم نجی ائیرلائن (ائیربلیو) کے ذریعے لایا جائے گا، خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے آب زم زم کو عازمین حج تک پہنچانے کے انتظامات یقینی بنائے۔

    آب زم زم کو لانے اس کو ذخیرہ کرنے اور بانٹنے کے اقدامات ایک ہفتے میں مکمل کیے جائیں، وزارت مذہبی امور نے وضح ہدایات دی ہیں کہ عازمین حج کو کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیئے۔

    خط میں مزید کہا گیا ہے کہ حجاج کرام کی سعودی عرب سے وطن واپسی پر آب زم زم کے لیے تمام ایئرپورٹس پر معمول سے زیادہ جگہ رکھنے کے حوالے سے انتظامات کئے جائیں تمام ایئرپورٹس منیجر اپنے ایئرپورٹس پر اس سلسلے میں خصوصی انتظامات کریں۔

  • کراچی ایئر پورٹ کے اطراف گاڑیاں کھڑی کرنے والوں کو پولیس کی وارننگ

    کراچی ایئر پورٹ کے اطراف گاڑیاں کھڑی کرنے والوں کو پولیس کی وارننگ

    کراچی ایئر پورٹ اور اس کے اطراف میں موٹر سائیکل اور کاریں کھڑی کرنے والے ہوشیار ہوجائیں، گاڑی یا موٹرسائیکل جب بھی کھڑی کریں اچھی طرح لاک کردیں انتظامیہ ذمہ دار نہیں ہوگی۔

    ایئرپورٹ پولیس نے گاڑی اور موٹر سائیکل کی پارکنگ محفوظ بنانے کے لئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خط لکھ دیا، خط میں کہا گیا ہے کہ جناح ٹرمینل اور کارگو ایریاز کی پارکنگ میں جب بھی گاڑی اور موٹر سائیکل کھڑی کی جائے اسے اچھی طرح لاک کیا جائے۔

    جناح ٹرمینل اور ملحقہ علاقوں میں بغیر لاک کئے کھڑی کی گئیں کار اور موٹر سائیکلوں کو حوالہ پولیس کردیا جائے گا، اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹ اور کارگو کمپلیکس میں کام کرنے والے ملازمین کو وارننگ جاری کر دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں بڑھتی ہوئی موٹر سائیکلوں کی چوری اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر جناح ٹرمینل کارگو ٹرمینلز اور ملحقہ علاقوں کے لئے سخت ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا، گاڑیوں کے لفٹ کئے جانے میں ہونے والے نقصانات کے ذمہ دار کار اور موٹر سائیکل مالکان خود ہوں ہے۔

  • نسوار کے ساتھ فضائی سفر جرم قرار، برآمد ہونے پر سخت کارروائی کا فیصلہ

    نسوار کے ساتھ فضائی سفر جرم قرار، برآمد ہونے پر سخت کارروائی کا فیصلہ

    کراچی : نسوار کو ساتھ رکھ کر فضائی سفر کرنا جرم قرار دے دیا گیا، اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی اور اے این ایف نے نوٹیفیکشن جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مشرق وسطی کے تمام عرب ممالک نے نسوار کو منشیات کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے جس کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی اور اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے فضائی سفر میں نسوار کو ساتھ لے جانا جرم قرار دے دیا ہے ۔

    اس حوالے سے نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا گیا ہے، مسافروں کی آگاہی کیلئے اے ایس ایف نے ملک کے تمام ائرپورٹس پر انتباہی پینا فلیکس آویزاں کردیئے ہیں۔

    یاد رہئے کہ مشرق وسطی کے تمام عرب ممالک کی سرزمین پر کسی بھی مسافر سے نسوار برآمد ہوئی تو مسافر کیخلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی  اور اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے حجاج کرام کے لیے خصوصی مہم کا فیصلہ کرلیا ہے، حجاج کے سامان میں بھی نسوار ناقابل قبول ہے۔

    واضح رہے کہ عراق میں سال 2018 میں نسوار کھانے کے جرم میں متعدد پاکستانیوں کو گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد پاکستانی سفارت خانے نے نوٹس لے کر ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ایک خط لکھا.

    خط میں استدعا کی گئی کہ پاکستان سے عراق آنے والے تمام مسافروں کو نسوار ساتھ لانے اور اس کے استعمال کی روک تھام کی جائے، بصورت دیگر انہیں عراق پہنچنے پر حراست میں لے لیا جائے گا۔

  • ایئرپورٹ منیجرز نے سی اے اے اور اے این ایف کیخلاف شکایات کے انبار لگا دیئے

    ایئرپورٹ منیجرز نے سی اے اے اور اے این ایف کیخلاف شکایات کے انبار لگا دیئے

    کراچی : ایئرپورٹ منیجرز کانفرنس میں منیجرز نے شکوہ کیا کہ سی اے اے اور اے این ایف کا عملہ تعاون نہیں کرتا، سیکریٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت کے سامنے منیجرز نے شکایات کے انبار لگادیئے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت کی صدارت ایئرپورٹ منیجر کانفرنس ک اانعقاد کیا گیا، ایئرپورٹ منیجرز کانفرنس کی اندرونی کہانی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، کانفرنس میں ایئرپورٹ منیجرز نے سیکریٹری ایوی ایشن کے سامنے شکایات کے انبار لگادیے۔

    ایئرپورٹس منیجرز کا کہنا تھا کہ مختلف ایئرپورٹس پر اداروں کے درمیان رابطے کا فقدان ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے ایئرپورٹس پر قائم ون ونڈو کاؤنٹرپر اداروں کے اہلکار موجود نہیں ہوتے، بیرون ملک جانے والے مسافروں کو پریشانی کاسامنا رہتا ہے۔

    سی اے اے کے جوائنٹ سرچ بیگجز کاؤنٹر پر بھی کسٹم اور اے این ایف تعاون نہیں کررہے، ایئرپورٹس منیجرز کا مزید کہنا تھا کہ جوائنٹ سرچ بیگیجز کاؤنٹر پر کسٹم اور اے این ایف اپنی انا کا مسئلہ بناتے ہیں۔

    ایف آئی اے کے کاؤنٹر پر افرادی قوت کی کمی کاسامنا ہے، کاؤنٹرز پر مسافروں کا رش ہوتا ہے لیکن ایف آئی اے کا عملہ سست روی سے مسافروں کا امیگریشن کرتا ہے امیگریشن کاؤنٹرز پر مسافروں کو طویل قطاریں لگ جاتی ہیں چھ سے سات کے بجائے صرف دو پر عملہ موجود ہوتا ہے۔

    کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت نے کہا کہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئرپورٹس پر سب سے زیادہ عوامی شکایات موصول ہوتی ہیں ،وزیراعظم کی واضح ہدایت ہے کہ تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔

    جو ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ساتھ تعاون نہیں کررہے ان اداروں کے سربراہان کو خطوط لکھے جائیں گے، سیکریٹری ایوی ایشن نے ہدایت دی کہ تمام ایئرپورٹس پر ادارے ایئرپورٹ منیجر کے ساتھ رابطے میں رہیں۔