Tag: CAA

  • سیالکوٹ، رحیم یار خان اور بہاولپور ایئر پورٹس کی بندش میں مزید توسیع

    سیالکوٹ، رحیم یار خان اور بہاولپور ایئر پورٹس کی بندش میں مزید توسیع

    کراچی: پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر صوبہ پنجاب کے شہروں سیالکوٹ، رحیم یار خان اور بہاولپور کے ایئر پورٹس کی بندش میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے ایئرپورٹس کی بندش کا نیا نوٹس ٹو ایئرمین (نوٹم) جاری کردیا جس کے مطابق سیالکوٹ، رحیم یار خان اور بہاولپور ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن مزید 24 گھنٹے بند رہے گا۔

    ایوی ایشن کے نوٹم کے مطابق فضائی حدود موجودہ صورتحال کے باعث بند رکھی جارہی ہے۔ مذکورہ ایئر پورٹس 27 فروری سے مکمل طور پر بند ہیں۔

    یاد رہے کہ پاکستان کی فضائی حدود کو  پاک بھات کشیدگی کے پیش نظر 27 فروری کی صبح اگلی رات 12 بجے تک کے لیے بند کیا گیا تھا جس کے بعد لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سمیت تمام ایئرپورٹس پر تمام پروازوں کے لیے آپریشن معطل کردیے گئے۔

    اس دوران بھارت جانے والی کئی پروازوں کو منسوخ کردیا گیا تھا، جبکہ پاکستان آنے والی کئی فلائٹس کو مقررہ مقام کے بجائے دیگر ایئرپورٹس پر اتار لیا گیا تھا۔

    یکم مارچ کو پاکستان کی فضائی حدود کو جزوی طور پر کھولا گیا تھا جس میں پہلے مرحلے میں صرف کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن بحال کیا گیا تھا۔ 3 مارچ کو لاہور ایئرپورٹ سے بھی فضائی آپریشن بحال کردیا گیا تھا۔

    اس وقت سول ایوی ایشن کے زیر انتظام مجموعی طور پر 26 ایئر پورٹس ہیں جن میں سے 11 ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن بحال ہے جبکہ 15 ایئر پورٹس بند اور ان پر فضائی آپریشن معطل ہے۔

  • وزیراعظم نے سرکاری افسران کے غیر ملکی دوروں کی مانیٹرنگ شروع کردی

    وزیراعظم نے سرکاری افسران کے غیر ملکی دوروں کی مانیٹرنگ شروع کردی

    کراچی : وزیراعظم عمران خان نے سرکاری افسران کے غیر ملکی دوروں کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ شروع کردی، تین سے زائد افسران پر مشتمل وفد کے غیرملکی دورں پر روانگی وزیر اعظم عمران خان کی اجازت سے مشروط کر دی گئی۔

    تین سے زائد افسران پر مشتمل سرکاری وسائل پر غیرملکی دورہ کرنے والے وفد کی روانگی کے لیے فنانس ڈویثرن اور فارن افئیر ڈویثرن وزیر اعظم کی اجازت کے لیے تفصیلات بھیجنے کے پابند ہوں گے۔

    سی اے اے کے شعبہ ایچ آر نے15غیرملکی دوروں کی تفصیلات سی اے کے تمام ڈائریکٹروں ڈپٹی ڈی جیز اور ایڈیشنل سیل کو بھجوا دیں، وزارت داخلہ نے سرکاری افسران کے غیر ملکی دوروں کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کر دیں۔

    غیر ملکی دوروں کے لیے فیڈرل سیکرٹری اور متعلقہ وزارت کا وزیر گریڈ 20 سے گریڈ 22 تک کے افسران پر مشتمل تین رکنی وفد کے غیر ملکی دورے کی اجازت دینے کا اہل ہوگا۔

    سیکرٹری محکمے کا ایڈیشنل سیکرٹری اور متعلقہ وزیر گریڈ 19 کے افسران پر مشتمل تین رکنی وفد کے غیر ملکی دورے کی اجازت دینے کا اہل ہوگا۔

    تین سے زائد افسران پر مشتمل غیر سرکاری وسائل پر غیرملکی دورہ کرنے والے وفد کی روانگی کے لیے صرف فارن افئیر ڈویثرن وزیر اعظم کی اجازت کے لیے تفصیلات بھیجنے کا پابند ہوگا۔

    غیر سرکاری وسائل پر اقوام متحدہ اور عالمی مالیاتی اداروں کے بیرون ملک اجلاس میں شرکت کے لیے این او سی ملنے کے بعد دورہ کیا جائے گا۔

    گریڈ 20 اور اوپری درجوں کے افسران کو فارن افئیر کی جانب سے جاری این او سی پر بیرون روانگی کے لیے فیڈرل سیکرٹری اور متعلقہ وزارت کے وزیر کی اجازت سے بیرون ملک بھیجا جاۓ گا۔

    سرکاری وسائل پر بیرون ملک دو طرفہ اور کثیر جہتی اجلاس میں شرکت کے لیے تین سے زائد افسران پر مشتمل وفد کی تفصیلات فنانس ڈویثرن اور فارن افئیر ڈویثرن کی جانب سے وزیر اعظم کو بھجوائی جائیں گی۔

    وفاقی محکموں میں تعینات گریڈ 22 کے افسران بزنس کلاس ٹکٹ پر بیرون ملک روانہ ھونے کے اہل ہونگے، بیرون ملک پاکستانی مشن متعلقہ محکمے کی جانب سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق متعلقہ ملک میں منعقد اجلاس اور کانفرنسوں میں پاکستان کی ترجمانی کرے گا۔

    بیرون ملک پاکستانی مشن کانفرنسوں اور اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا اسکی تفصیلات سمری میں الگ سے فراہم کرے گا۔
    متعلقہ وزارت کی جانب سے سی اے اے وفد کو اجازت نہ ملنے کی صورت میں متعلقہ ملک میں موجودہ پاکستانی نمائندہ سی اے اے وفد کی جگہ شرکت کرے گا۔

  • قومی ایوی ایشن پالیسی2019کا مسودے کی منظوری دے دی گئی

    قومی ایوی ایشن پالیسی2019کا مسودے کی منظوری دے دی گئی

    کراچی : ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی شاہ رخ نصرت نے قومی ایوی ایشن پالیسی2019کے مسودہ کی منظوری دے دی ہے، پالیسی کا مسودہ حتمی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو بھیجا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی شاہ رخ نصرت نے کی، اس موقع پر ایئرلائنز اور جنرل ایوی ایشن آپریٹرز کے سربراہوں اور نمائندے بھی موجود تھے۔

    اجلاس میں قومی ایوی ایشن پالیسی2019کے مسودہ کی منظوری دی گئی، اجلاس کے مندوبین نے نئی ایوی ایشن پالیسی میں ائیرلائنز، جنرل ایوی ایشن آپریٹرز اور فضائی مسافروں کے لیے رکھے گئے فوائد اور مراعات کی تعریف کی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نئی ایوی ایشن پالیسی کا مسودہ حتمی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو بھیجا جائے گا۔

  • محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان : نور خان ایئر بیس تمام فضائی آپریشن کے لئے بند

    محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان : نور خان ایئر بیس تمام فضائی آپریشن کے لئے بند

    کراچی : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حفاظتی اقدامات کے لیے اہم اقدامات کرلیے، نورخان ایئر بیس کو تمام فضائی آپریشن کے لئے بند کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا۔

    اس حوالے سےسول ایوی ایشن اتھارٹی کے احکامات پر نور خان ایئر بیس کو تمام فضائی آپریشن کے لئے بند کر دیا گیا ہے، سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز سمیت تمام چارٹرڈ سروس کو بھی نوٹم کے ذریعے مطلع کر دیا گیا۔

    احکامات کے مطابق مسافروں کی آمدو رفت نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر کی جائے گی، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر آج رات12بجے سے اگلے24گھنٹے تک نور خان ایئر بیس پر تمام فضائی آپریشن بند رہے گا۔

    مزید پڑھیں: سعودی ولی عہد 17 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے، دفترخارجہ

    غیر ملکی کارگو اور چارٹرڈ طیارے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کی فضائی حدود استعمال کر سکیں گے۔

    واضح رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان کی پاکستان آمد کے موقع پر اسلام آباد میں ان کے فقیدالمثال استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، راولپنڈی میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی گئی ہے۔

    مہمان خاص کو گارڈ آف آنر پیش کرنے کے ساتھ اکیس توپوں کی سلامی بھی دی جائے گی، اس کے علاوہ شہزادہ محمد بن سلمان کو ملک کے سب سے بڑےاعزاز نشان امتیاز سے نوازا جائے گا۔

  • 16 پائلٹس اور 65 کیبن کریوکی ڈگریاں جعلی نکلیں،سی اےاے کا انکشاف

    16 پائلٹس اور 65 کیبن کریوکی ڈگریاں جعلی نکلیں،سی اےاے کا انکشاف

    اسلام آباد : سول ایوی ایشن نے انکشاف کیا سولہ پائلٹس اور پینسٹھ کیبن کریو کی ڈگریاں جعلی نکلیں، اُن سب کے لائسنس معطل کردیئے، چھ کے سوا تمام ڈگریوں کی تصدیق ہوگئی ہے،  چیف جسٹس نے کہا جن سرٹیفکیٹس کی بنیاد پر معطل کیاگیا وہ ریکارڈ درست ہونا چاہیے، ہم کسی کے رزق پر قدغن نہیں لگانا چاہتے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے پائلٹس اور کیبن کریوکی ڈگریوں سے متعلق کیس کی سماعت کی، وکیل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جواب جمع کرایا، جس میں بتایا گیا سولہ پائلٹس اور پینسٹھ کیبن کریو کی ڈگریاں جعلی نکلیں تھیں، ان سب کے لائسنس معطل کردیے، صرف چھ ڈگریوں کی تصدیق رہتی ہے وہ لوگ بیرون ملک ہیں۔

    چیف جسٹس نے حکم دیا جن سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر معطل کیاگیا وہ ریکارڈ درست ہونا چاہیے، ایسا تاثر ہے عدالتی حکم پر عجلت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے، ہم کسی کے رزق پر قدغن نہیں لگانا چاہتے۔

    دوران سماعت ایک متاثرہ پائلٹ نے بتایا اس کی ڈگری اصل ہے مگر پھر بھی لائسنس معطل کردیاگیا، جس پر چیف جسٹس نے کہا جس کا مسئلہ ہے وہ متعلقہ فورم سے رجوع کرے۔

    سول ایوی ایشن کے جواب پر سپریم کورٹ نے کیس نمٹادیا۔

    پی آئی اے اور دیگرایئر لائنز میں پائلٹس کی جعلی ڈگری کیس کی گذشتہ سماعت کے دوران جسٹس اعجاز الحسن نے ریمارکس دیے تھے کہ میٹرک سے کم تو بس نہیں چلا سکتا یہاں جہاز اڑائے جا رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : پائلٹس جعلی ڈگری کیس:عدالت کا ڈگریوں کی تصدیق کاعمل مکمل کرکے رپورٹ جمع کرانے کا حکم

    سول ایوی ایشن کی جانب سے عبوری رپورٹ پیش کی گئی تھی ، جس میں بتایا گیا کہ7پائلٹس کی ڈگریاں جعلی پائی گئیں، 5 میٹرک انڈرمیٹرک ہیں، پائلٹس، کیبن کریو کی 4321 ڈگریوں کی تصدیق کا عمل مکمل کیا گیا، 438 ڈگریوں کی تصدیق کاعمل جاری ہے۔

    اس سے قبل 25 دسمبر کو سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں پائلٹس کی جعلی ڈگری کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے 28 دسمبرتک تمام افراد کی اسناد کی تصدیق کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ جو واضح اور صاف ڈگریاں فراہم نہ کرے اسے فارغ کر دیں۔

  • سول ایوی ایشن : پی آئی اے کے معطل ہونے والے15کپتانوں کے لائسنس بحال

    سول ایوی ایشن : پی آئی اے کے معطل ہونے والے15کپتانوں کے لائسنس بحال

    کراچی : پی آئی اے کی غلطی سے معطل ہونے والے15کپتانوں کو بحال کرکے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے لائسنس بھی بحال کردیے ہیں اور  ان کو جہاز اڑانے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے انتظامیہ کی غلطی کے باعث کپتانوں کے لائسنس کے معطلی کے چند روز بعد ہی15کپتانوں کے لائسنس دوبارہ بحال کردیے، معطل ہونے والے کپتانوں کو تعلیمی اسناد جمع نہ کرانے پر سی اے اے نے معطل کردیا تھا ۔

    مذکورہ کاک پٹ کرو کو تعلیمی اسناد سول ایوی ایشن اتھارٹی کو فراہمی میں پی آئی اے سست روی کی مرتکب ہوئی تھی، بحالی کے نوٹی فکیشن کی کاپی اے آروائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کپتانوں کے لائسنس دوبارہ بحال کرنے کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیاگیا ہے۔ نئے احکامات کے تحت لائسنس کی بحالی کے بعد کپتانوں کو جہاز اڑانے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔

    لائسنس بحال ہونے والے کپتانوں میں عقیل اختر، جہانگیر فرحت، بختاور ایچ جعفری، قاسم قادر، حماد اعجاز درانی، اشفاق حسین، حمادالدین خان، سعد اعجاز درانی، علی حسن، روحیل فخر بٹ، راجہ جہانزیب زاہد، شہریار محمود خان، فرحان فرخ، انور زیدی اور مراد علی ارباب شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر پی آئی اے میں تعلیمی اسناد کی جانچ پڑتال کا عمل تواتر سے جاری ہے جبکہ ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے (اے این او ) قوانین میں تعلیمی اسناد طلب کرنے کا کہیں ذکر نہیں ہے، یاد رہے کہ پی آئی اے جعلی ڈگریوں کے حامل چھ کپتانوں کو ملازمت سے فارغ کرچکی ہے۔

  • سی اے اے نے28 پائلٹس کے لائسنس معطل کرکے شوکاز نوٹس جاری کردیئے

    سی اے اے نے28 پائلٹس کے لائسنس معطل کرکے شوکاز نوٹس جاری کردیئے

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جعلی طریقے سے حاصل کیے گئے28سے زائد پائلٹس کے لائسنس معطل کرکے شوکاز نوٹس جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پی آئی اے سمیت مختلف نجی ایئرلائن کے 28سے زائد پائلٹس کے لائسنس معطل کرکے بعض کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ قواعد و ضوابط سے ہٹ کر پائلٹس نے یہ لائسنس حاصل کئے تھے، پائلٹس نے اے ٹی پی ایل لائسنس کے حصول کیلئے مبینہ طور پر امتحان میں جعل سازی کی گئی تھی۔

    مشتبہ اے ٹی پی ایل کے حامل پائلٹس کو فوری طور پر لائسنس کے استعمال سے بھی روک دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق پائلٹس کے پاس موجود اصل لائسنس بھی فوری طور پرسی اے اے کے شعبہ لائسنسز میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    جواب نہ دینے کی صورت میں پائلٹس کے خلاف ضابطے کی کارروائی کے ساتھ متعلقہ پائلٹس کو وارننگ بھی جاری کردی گئی، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گزشتہ روز 12پائلٹس کے لائسنس معطل کئے تھے، مجموعی طور پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے28پائلٹس کے لائسنس معطل کئے ہیں۔

    اے آروائی نیوز نے گزشتہ دنوں پائلٹس کے لائسنس سے متعلق خبر نشر کی تھی، واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنز کے پائلٹس کے لائسنس کی ازسر نو جانچ پڑتال کا عمل بھی جاری ہے۔

  • پائلٹس لائسنس بحالی کی درخواست،  سی اے اے نے جہاز اڑانے سے روک دیا

    پائلٹس لائسنس بحالی کی درخواست، سی اے اے نے جہاز اڑانے سے روک دیا

    کراچی : پی آئی اے کے پائلٹس اور فضائی میزبانوں کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کے معاملے پر ایئر لائن انتظامیہ نے36سے زائد پائلٹوں اور میزبانوں کے لائسنس بحالی کی درخواست کر دی۔

    پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ارسال کیے گئے مراسلے کی کاپی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، سی اے اے نے دو روز قبل ان پائلٹس اور میزبانوں کے لائسنس معطل کر دئیے تھے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ تعلیمی اسناد کی عدم فراہمی پر متعلقہ ملازمین کے لائسنس معطل کئے گئے، ایئر لائن مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اسناد متعلقہ اداروں کو تصدیق کے لئے روانہ کی جا چکی ہیں، تصدیقی خطوط موصول ہوتے ہی عملے کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، متعلقہ تعلیمی اداروں کی رپورٹ ۤنے تک لائسنسز بحال کر دئیے جائیں۔

    واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تعلمی اسناد جمع نہ کرانے والے پی آئی اے کے21پائلٹس کو گزشتہ روز اڑان بھرنے سے روک دیا تھا،21پائلٹس نے میٹرک اور و انٹر میڈیٹ کی تعلیمی اسناد سول ایوی ایشن اتھارٹی کو فراہم نہیں کی تھیں۔

    ترجمان سی اے اے کے مطابق ان پائلٹس نے دوبارہ اپنے تعلیمی اسناد کی تصدیق کیلئے سی ا ے اے کو فراہم نہیں کیے تھے جس کی وجہ سے مذکورہ کپتانوں کو ڈیوٹیاں کرنے اور جہاز اڑانے پر مکمل طور پر روک دیا گیا تھا، ان پائلٹس کے نام فلائنگ ڈیوٹی شیڈول سے بھی نکال دیئے گئے ہیں۔

  • بیرون ملک جانے والے مسافروں پر اضافی ٹیکس نافذ، ایئر پورٹس پر تلخ کلامی کے واقعات

    بیرون ملک جانے والے مسافروں پر اضافی ٹیکس نافذ، ایئر پورٹس پر تلخ کلامی کے واقعات

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے نافذ کیے گئے اضافی ٹیکس کے باعث ایئر پورٹس پر عملے اور بیرون ملک  جانے والے مسافروں کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بڑھنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک جانے والے مسافروں پر ٹیکس نافذ کر دیا انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ اور سیکیورٹی کے نام پر ٹیکس کی وصولی سے متعلق پی آئی اے سمیت تمام ایئر لائنز کو ہدایت جاری کردی گئیں۔

    بیرون ملک جانے والے مسافروں سے تین سو اڑسٹھ روپے ٹیکس کی مد میں وصول کئے جائیں گے جس کا نفاذ 15دسمبر2018 سے ہوگیا ہے۔ ائیرپورٹس پر مسافروں سے ٹیکس کی مد میں رقم وصولی پر ائیرلائن عملے اور مسافروں میں تلخ کلامی اور احتجاج کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

    کراچی، اسلام آباد اور لاہور ائیرپورٹ پر بعض مسافروں نے اضافی ٹیکس کی رقم دینے سے انکار کردیا جس پر ائیرلائن عملے سے تلخ کلامی ہوئی، عملے نے بورڈنگ پاس جاری نہ کرنے کی دھمکی دی جس کے بعد مسافروں اور عملے کے درمیان بحث و تکرار بھی ہوئی۔

    ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ڈالر کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹیکس کی رقم میں اضافہ کیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن نے120روپے کا اضافہ کیا ہے۔

    دوسری جانب پی آئی اے سمیت دیگر ائیر لاینز کا کہنا ہے کہ مسافروں نے ایک ایک ماہ پہلے اپنی ٹکٹیں بک کروائی ہوئی ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پندرہ دسمبر سے پہلے بک کی گئی ٹکٹوں پر بھی اضافی رقم وصول کی جارہی ہے جس سے ائیرلائن کے عملے کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔

    مسافر اضافی ٹیکس کی رقم ادا نہیں کررہے جس پر مختلف ائیرپورٹس پر مسافر و عملے کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

  • طیاروں کو زمین سے لیزر لائٹ مارنے کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ

    طیاروں کو زمین سے لیزر لائٹ مارنے کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ

    کراچی : طیاروں کو زمین سے لیزر لائٹیں مارنے کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، رواں سال طیاروں پر لیزر لائٹیں مارنے کے 58 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، لیزر لائٹ پڑنے سے جہازوں کے تحفظات کو خطرات لاحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ایک سال کے دوران لیزر لائٹ سے متعلق رپورٹ جاری کی گئی ہے، لیزر لائٹ سے متعلق رپورٹ اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اندرون و بیرون ملک سے آنے والی پروازیں لیزر لائٹ پڑنے سے متاثر ہوئیں، سب سے زیادہ سمندر کے قریب ریسٹورنٹس میں لگی بڑی بڑی لائٹوں سے پروازیں متاثر ہوتی ہیں۔

    اس کے علاوہ اندرون ملک سے آنے والی پروازیں سب سے زیادہ متاثر ہوئیں، ماڈل کالونی، سہراب گوٹھ اور میمن گوٹھ سے واقعات رپورٹ ہوئے، طیاروں پر لیزر لائٹ پڑنے سے کپتانوں لینڈنگ کے وقت پریشانی کا سامنا رہتا ہے، کلفٹن اور ڈیفنس میں بنے ریسٹورنٹ میں لگی بڑی لائٹس جہازوں کو متاثر کررہی ہیں۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ اور ہائی وے پر بنے ریسٹورنٹ پر لگی بڑی لائٹس بھی جہازوں کیلئے مشکلات کاسبب بنی، لیزر لائٹس کے واقعات کے حوالے سے کمشنر کراچی اور پولیس انتظامیہ کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے ہائی وے اور سمندر کے سائٹ ریسٹورنٹ پر لگی لائٹس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔