Tag: CAA

  • طیاروں کو پرندوں سے محفوظ بنانے کے لیے سی اے اے کا اہم فیصلہ

    طیاروں کو پرندوں سے محفوظ بنانے کے لیے سی اے اے کا اہم فیصلہ

    کراچی: پرندوں سے جہاز اور ہوائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے سول ایوی ایشن نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے جدید خودکار نظام کی تنصیب کے لیے اہم قدم اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے نے ملک کے 3 بڑے انٹرنیشنل ایئر پورٹس پر پرندوں سے جہازوں کو بچانے کے لیے جدید خودکار نظام نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس سلسلے میں درخواستیں طلب کر لی ہیں، ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ 28 ستمبر کو ٹینڈر کھولے جائیں گے۔

    پہلے مرحلے میں لاہور ایئرپورٹ پر یہ جدید خودکار نظام نصب کیا جائے گا، جہاں اس سسٹم کے افادی نتائج کو دیکھنے کے بعد اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی اور لاہور ایئرپورٹ کے اطراف کی آبادیوں میں گندگی کے باعث پرندے ایئرپورٹ کی طرف راغب ہوتے ہیں، اور پرندوں کی تعداد میں اضافہ محفوظ ہوائی سفر کے لیے ایک چیلنج ہے۔

  • میڈیا میں راکٹ لانچر ہاتھوں میں پکڑے ڈاکوؤں کی تصاویر سے غیر ملکی پروازوں کی بندش کا انکشاف

    میڈیا میں راکٹ لانچر ہاتھوں میں پکڑے ڈاکوؤں کی تصاویر سے غیر ملکی پروازوں کی بندش کا انکشاف

    اسلام آباد: پاکستانی میڈیا میں راکٹ لانچر ہاتھوں میں پکڑے ڈاکوؤں کی تصاویر سے غیر ملکی پروازوں کی بندش کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی میڈیا میں راکٹ لانچر اور اینٹی ایئرکرافٹ گنز ہاتھوں میں پکڑے ڈاکوؤں کی تصاویر چھپنے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی بہت بڑی مشکل میں گرفتار ہو گئی تھی، ان تصاویر سے غیر ملکی پروازوں کی اچانک بندش کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

    سینیٹر ہدایت اللہ خان کی سربراہی میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کے اجلاس میں ڈی جی سول ایوی ایشن خاقان مرتضیٰ نے بتایا کہ فضا میں طیارے کو نقصان پہنچانے والا کوئی میزائل پاکستان میں کسی کے پاس نہیں ہے۔

    انھوں نے کہا ’’ایاسا بلیٹن کے بعد پہلے ہی دن اتحاد ایئر نے اپنی فلائٹس روک دی تھیں، لیکن سی اے اے نے بروقت تفصیلی بریفنگ کے بعد فلائٹس بحال کروائیں، اگر بروقت ردعمل نہ اتا تو شاید فلائٹس بند ہو چکی ہوتیں۔‘‘

    خاقان مرتضیٰ کے مطابق یورپی ایوی ایشن ایجنسی (ایاسا) نے ایک بلیٹن میں ایڈوئزری جاری کی تھی، ہدایات میں طیاروں کو اینٹی ایئر کرافٹ گنز اور میزائل کے خطرے کی بات کی گئی تھی، اس سے قبل جرمنی، برطانیہ اور فرانس کی ایڈوئزری بھی جاری ہو چکی تھی، تاہم برطانیہ کی ایڈوئزری ختم ہو چکی ہے، لیکن اس ایڈوئزری کی بنیاد پر پاکستانی میڈیا میں کچھ ایسی خبریں بنی تھیں، جن میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں میں اینٹی ایئر کرافٹ گنز اور راکٹ لانچر دکھائے گئے تھے۔

    انھوں نے کمیٹی کو بتایا کہ برسلز میں میٹنگ میں ایاسا حکام نے کہا کہ آپ کے میڈیا اور پریس میں خبریں لگائی گئی ہیں، ایاسا ایڈوئزاری کے بعد اسی رات ہی پاکستان کے اوپر فلائٹس آپریشن رک گیا تھا، اس لیے میڈیا/پریس سے گزارش ہے ایسی خبروں سے اجتناب کیا جائے۔

    انھوں نے کہا میزائل رینج 30 سے 24 سو فٹ تک ہوتی ہے، ان علاقوں میں فلائٹ 35/40 ہزار فٹ سے نیچے پرواز نہیں کرتی، اور طیارے کو نقصان پہنچانے والا کوئی میزائل پاکستان میں کسی کے پاس نہیں ہے۔

    چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ آج اس ایشو کو ایجنڈے میں شامل کرنے کا مقصد بھی یہی ہے، ڈی جی سی اے اے نے کہا کہ خبر لگانا میڈیا کا حق ہے لیکن تھوڑی سی ذمہ دارانہ رپورٹنگ ہو تو بہتر ہے۔

    چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ قومی ایئرلائن کے خلاف منفی خبر دینے والے ڈائریکٹر پی آئی اے کے خلاف تحقیقات کی جائیں، کمیٹی نے پی آئی اے حکام کو میڈیا کو محکمانہ کارروائی کی بھی ہدایت کی۔

  • تمام بڑے ایئر پورٹس کے تحفظ کیلئے بڑا فیصلہ

    تمام بڑے ایئر پورٹس کے تحفظ کیلئے بڑا فیصلہ

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک بھر کے بڑے ایئرپورٹس پر مربوط سیکیورٹی کیلئے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام بڑے انٹرنیشنل ایئر پورٹس پرعالمی معیار کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید اسٹیٹ آف آرٹ بیگجز اسکیننگ مشینیں نصب کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    رواں سال نومبر تک 29جدید بیگجز اسکیننگ مشینوں کی تنصیب کا عمل مکمل ہوجائے گا، اس اقدام کا مقصد مسافروں اور ان کے سامان کی اسکیننگ جدید طرز پر کرنا ہے۔

    ائرپورٹ پورٹس پر لگی ہوئی تمام پرانی اسکیننگ مشینوں کو ہٹا دیا جائے گا، اس کے علاوہ ملک کے بڑے ایئرپورٹس پر 30 سے زائد جدید واک تھرو گیٹ نصب کئے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس واک تھرو گیٹ کی خریداری کے لئے ٹینڈر جاری کئے جائیں گے۔20واک تھرو گیٹ تمام ائیرپورٹس پر نصب کئے جائیں گے دس واک تھرو گیٹ اضافی ہوں گے۔

    یاد رہے کہ برطانیہ کی جانب سے پاکستانی ایئر پورٹس کے لیے جدید اسکیننگ مشینوں کا تحفہ دیا گیا ہے، جدید اسٹیٹ آف آرٹ اسکیننگ مشین علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نصب کردی گئی۔

  • افغانستان سے آنے والی فلائٹس سے متعلق سی اے اے کی نئی ہدایت جاری

    افغانستان سے آنے والی فلائٹس سے متعلق سی اے اے کی نئی ہدایت جاری

    کراچی: افغانستان فلائٹس سے متعلق سی اے اے نے نئی ہدایت جاری کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان سے پاکستانی حدود میں آنے والی فلائٹس سے متعلق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نئی ہدایت جاری کی ہے۔

    افغانستان کی فضائی حدود میں ایئر ٹریفک سروس عدم دستیاب ہے، سی اے اے نے کہا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے والی فلائٹس کو 15 منٹ قبل آگاہی دینا لازمی ہوگا۔

    سی اے اے کے مطابق پیشگی اطلاع دینے پر پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے والی افغانستان فلائٹس کو ایئر ٹریفک سروس مہیا کی جائے گی، افغانستان فلائٹس کو پاکستانی فضائی حدود میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد ایریا کنٹرول سے سروس مہیا کی جائے گی۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یورپ، وسطی ایشیا سمیت دیگر فلائٹس کو دوشنبہ اور اسلام آباد ایریا کنٹرول فضائی رابطے کے ذریعے ایئر ٹریفک سروس مہیا کی جائے گی۔

    یہ نوٹم نومبر 2023 تک کے لیے ہے، واضح رہے کہ افغانستان میں ایئر ٹریفک کی عدم دستیابی کے باعث فضائی سروس دینے کے لیے اسلام آباد اور دوشنبہ فلائٹ انفارمیشن ریجن کوآرڈینیشن کے ذریعے فلائٹس کی رہنمائی کرے گا۔

  • کراچی ایئر پورٹ : سامان اور جیبوں کی خود حفاظت کریں، سی اے اے

    کراچی ایئر پورٹ : سامان اور جیبوں کی خود حفاظت کریں، سی اے اے

    کراچی ایئر پورٹ پر مسافروں کو چھوڑنے اور لینے کیلئے آنے والوں اور بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی جیبیں کب اور کیسے کٹ جاتی ہیں انتطامیہ کو اس کا علم ہی نہیں ہوتا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر رش ہونے کی وجہ سے مہمانوں کو لینے کیلئے آنے والے شہریوں اور بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی جیب کٹنے کے واقعات کثرت سے ہونے لگے ہیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی بے بسی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر آگاہی بینرز آویزاں کردیئے گئے جسے پڑھ کر شہریوں میں مایوسی اور غصے کیفیت پیدا ہوگئی۔

    کراچی ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل آروائیول پر آویزاں بینرز پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    سی اے اے کی جانب سے لگائے گئے بینروں میں مسافروں کو خبردار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ مسافر اپنے سامان کی خود حفاظت کریں، ایئرپورٹ پر جیب کتروں سے ہوشیار رہیں۔

    اس حوالے سے ترجمان سول ایوی ایشن نے کہا ہے کہ حجاج کرام کی واپسی پر ایئرپورٹ پر غیر معمولی رش ہوتا ہے اس لئے بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔

    ترجمان سی اے اے کے مطابق رش کے باعث مسافروں کو جیب کتروں سے محفوظ اور محتاط رہنے کیلئے آگاہی کے طور پر بینرز آویزاں کئے گئے تاکہ لوگ کسی قسم کے نقصان سے محفوظ رہ سکیں۔

  • ملکی ایئرپورٹس پر آئس جدید مشینوں سے بھی ڈیٹیکٹ نہ ہونے کا انکشاف

    ملکی ایئرپورٹس پر آئس جدید مشینوں سے بھی ڈیٹیکٹ نہ ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد: ڈی جی سول ایوی ایشن نے انکشاف کیا ہے کہ ملکی ایئرپورٹس پر آئس منشیات جدید مشینوں سے بھی ڈیٹیکٹ نہیں ہو پاتی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کا چیئرمین سینیٹر ہدایت اللہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی جی سول ایوی ایشن نے انکشاف کیا کہ بدقسمتی سے آئس ڈرگ کو جدید مشین سے بھی پکڑا نہیں جا سکتا۔

    ایئرپورٹس پر نئے اسکینرز لگانے اور پرانے اسکینرز کی اپ گریڈیشن کے معاملے میں ڈی جی سی اے اے نے کہا آئس جدید مشینوں سے بھی ڈیٹیکٹ نہیں ہوتی، اس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا مجھے یہ نہیں معلوم کہ آئس ڈرگ برآمد کیا جا رہا ہے یا درآمد کیا جا رہا ہے؟ ڈی جی نے کہا کہ آ بھی رہا ہے اور جا بھی رہا ہے۔

    سول ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ ایئرپورٹس پر مسافروں کی شکایات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں، نارکوٹس حکام کی جانب سے مسافروں کو تنگ کرنے کی شکایات آتی ہیں، اور مجبور مسافر رشوت دے کر جان چھڑاتے ہیں۔

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر نئے ٹرمینل کے حوالے سے ڈی جی سول ایوی ایشن نے بتایا کہ ٹرمینل کے لیے بڈنگ پراسس 3 بولیاں آ چکی ہیں، ابھی کسی کو حوالے نہیں کیا گیا ہے، اگر ٹرمینل ہم خود بنائیں تو دو اڑھائی سال لگیں گے۔

    ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹس پر نارکوٹکس کی جانب سے بین الاقوامی مسافروں کو تنگ کرنے کی شکایات میں بے تحاشا اضافے پر کہا کہ مسافروں کی شکایات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں۔

    انھوں نے بتایا نارکوٹس حکام مسافروں کو کونے میں لے جا کر رشوت کی غرض سے تنگ کرتے ہیں، اور کہتے ہیں آپ کے پیٹ میں ڈرگ ہیں، آپ کو اسپتال لے جاؤں یا کچھ لے دے کر معاملہ ختم کرنا چاہتے ہیں، مجبور مسافر فلائٹ ضائع ہونے کی وجہ سے رشوت دے کر جان چڑاتے ہیں۔

  • سی اے اے نے کابل سے فضائی ٹریفک کے لیے فریکوئنسی جاری کر دی

    سی اے اے نے کابل سے فضائی ٹریفک کے لیے فریکوئنسی جاری کر دی

    کراچی: سی اے اے نے کابل سے فضائی ٹریفک کے لیے فریکوئنسی جاری کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایئر ٹریفک کی عدم دستیابی کے مسئلے کے حل کے لیے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئر لائنز کو نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک نوٹم جاری کرتے ہوئے کابل سے پاکستانی حدود میں آنے والی تمام پروازوں کی رہنمائی کے لیے فریکوئنسی جاری کر دی۔

    سی اے اے کے مطابق کابل سے پاکستانی حدود میں داخلے سے 15 منٹ قبل تمام ایئرلائنز کے طیاروں کے کپتان لاہور، کراچی، اسلام آباد ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کریں گے۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ فریکوئنسی کے ذریعے کپتانوں کو پاکستانی حدود میں رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ فریکوئنسی اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطے کے لیے جاری کی گئی ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ سی اے اے کا جاری کردہ نوٹم 21 اگست 2023 تک قابل عمل ہے۔

  • ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشنز کی صورتحال

    ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشنز کی صورتحال

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے، حالات کی خرابی کے باعث کوئی بھی پرواز منسوخ نہیں کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں لاہور سے مسافروں کی مطلوبہ تعداد نہ ہونے پر 3 سے 4 پروازیں منسوخ ہوئی تھیں۔

    خیال رہے کہ 3 روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد سے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

    ملک کے تمام شہروں میں لاکھوں کی تعداد میں مظاہرین سڑکوں پر موجود ہیں جس سے نظام زندگی معطل ہوگیا ہے۔

  • ڈی جی سول ایوی ایشن پر الزامات لگانے والے ملازم زرین گل کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری

    ڈی جی سول ایوی ایشن پر الزامات لگانے والے ملازم زرین گل کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری

    اسلام آباد: ڈی جی سول ایوی ایشن پر الزامات لگانے والے ملازم زرین گل کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری کر دی گئیں۔

    ترجمان سول ایویشن اتھارٹی کے مطابق ڈی جی سول ایوی ایشن پر خط میں من گھڑت الزامات لگانے والا ملازم زرین گل خود ضمانت پر ہے، زرین گل سال 2000 میں 54 لاکھ روپے کی خورد برد میں ملوث پایا گیا تھا۔

    ترجمان کے مطابق یہ رقم نچلے درجے کے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے تھی، اس وقت کی انتظامیہ نے رقم کا کچھ حصہ واپس لیا اور اس کو تنبیہ پر اکتفا کیا۔

    زرین گل نے غیر قانونی طور پر ادارے کی 6 سے 7 ایکڑ زمین کے لیے این او سی جاری کیا، غیر قانونی الاٹ کی گئی زمین کی مالیت 20 سے 25 ارب بنتی ہے، سپریم کورٹ نے ادارے کی درخواست پر جعلی الاٹمنٹ منسوخ کی اور ایف آئی اے کو تفتیش کا پابند کیا، 20 نومبر 2021 کو زرین گل کے خلاف ایف آئی آر نمبر 55/2021 درج ہوئی جس کے بعد سے وہ ضمانت پر ہے۔

    سی اے اے نے اربوں‌ کی کرپشن کے الزام سے متعلق خط کو بے بنیاد قرار دے دیا

    ترجمان سی اے اے کے مطابق زرین گل تین پیٹرول پمپس کی غیر قانونی الاٹمنٹ میں بھی ملوث ہے، پٹرول پمپس کے حوالے سے ایف آئی اے کی تحقیقات آخری مراحل میں ہیں۔

    سی اے اے نے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر زرین گل کو ملازمت میں تنزلی کی سزا دی، زرین گل کے خلاف کچھ اور بھی محکمانہ انضباطی کاروائیاں بھی جاری ہیں، وہ اپنے آپ کو جس تنظیم کا چیئرمین ظاہر کرتا ہے اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

    ڈی جی سول ایویشن کے خلاف بے بنیاد الزامات کی حقیقت

    سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ڈی جی کے خلاف جعلی پائلٹ لائسنس کے حوالے سے الزام مضحکہ خیز ہے، جعلی لائسنسنگ معاملے کے تقریباً 6 ماہ بعد خاقان مرتضٰی ڈی جی کی حیثیت میں ادارے میں ٹرانسفر یا پوسٹنگ سے آئے، وفاقی حکومت نے انھیں سینئر آفیسر کی حیثیت سے ادارے کے معاملات کو سلجھانے کے لیے بھیجا۔

    والٹن ایئرپورٹ زمین کے حوالے سے بھی 400 ارب روپے کے نقصانات کے الزام میں کوئی صداقت نہیں، والٹن ایئرپورٹ زمین وفاقی حکومت کی منظوری سے پنجاب حکومت کو ایک پراجیکٹ کے لیے دی گئی، پراجیکٹ میں سی اے اے کے 52 فی صد شئیرز ہیں جس سے ادارے کو اربوں روپے کی آمدن ہوگی۔

    بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حوالے سے 1300 ارب روپے کا الزام بھی کسی مذاق سے کم نہیں، ایئرپورٹ کے لیے سی اے اے اور پی اے ایف دونوں دعوے دار ہیں، بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ معاملے کو سیکریٹری ڈیفنس کی سربراہی میں کمیٹی دیکھ رہی ہے۔

    پی آئی اے سے 300 بلین روپے نہ لے سکنے میں بھی کوئی حقیقت نہیں، اصل رقم اس سے کہیں کم ہے اور وفاقی کیبنٹ کے فیصلے کے بعد رقم کی وصولی مؤخر ہوئی، سی اے اے کی زمین پر اے ایس ایف فاؤنڈیشن کی غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں کے معاملے کو ایویشن ڈویژن دیکھ رہا ہے۔

    اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی زمین کے حوالے سے الزام بھی محض بد نیتی پر مبنی ہے، اسلام آباد ایئرپورٹ زمین ایک وفاقی ادارے سول ایویشن نے دوسرے وفاقی ادارے ایف بی آر کو دی، سی اے اے بورڈ کی جانب سے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ہی زمین ایف بی آر کو دی گئی۔

    ترجمان نے کہا کہ سول ایویشن میں موجودہ لیڈر شپ کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس رکھتی ہے، ادارے میں کرپٹ عناصر چاہے وہ کوئی بھی ہوں، احتساب سے نہیں بچ سکیں گے۔

  • سی اے اے نے اربوں‌ کی کرپشن کے الزام سے متعلق خط کو بے بنیاد قرار دے دیا

    سی اے اے نے اربوں‌ کی کرپشن کے الزام سے متعلق خط کو بے بنیاد قرار دے دیا

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اربوں‌ کی کرپشن کے الزام سے متعلق لکھے گئے آفیسرز ایسوسی ایشن کے خط کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سول ایوی ایشن نے کہا کہ ہم کرپشن میں ملوث اور ضمانت پر رہائی پانے والے زرین گل کے ڈی جی سی اے اے پر بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔

    سی اے اے آفیسر ایسوسی ایشن کی جانب سے لکھے گئے خط کے حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے خطوط میں کوئی نئی بات نہیں ہے، ان خطوط میں لگائے گئے الزامات سراسر غلط ہیں ، مفاد پرست عناصر اس قسم کی غلط فہمیاں پھیلانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ اس قسم کی حرکات کو میرٹ بیسڈ پالیسیز اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کا ردعمل قرار دیا جا سکتا ہے، بے بنیاد خطوط ادارے کی ساکھ کو جان بوجھ کر نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش ہے جو کسی کے مفاد میں نہیں۔

    خط میں کیا الزامات لگائے گئے؟

    واضح رہے کہ کرپشن میں ملوث اور ضمانت پر رہائی پانے والے سی اے اے آفیسر ایسوسی ایشن کے چیئرمین زرین گل نے وزیر ہوا بازی اور سیکریٹری ایوی ایشن کو خط لکھ کر اتھارٹی میں اربوں روپے کی کرپشن کے بارے میں دعویٰ کیا تھا، خط میں ڈی جی سول ایوی ایشن خاقان مرتضیٰ اور ان کی ٹیم کی مبینہ کرپشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا تھا۔

    خط میں لکھا گیا تھا کہ پاکستان سول ایوی ایشن کو مبینہ طور 2 ہزار ارب کا نقصان پہنچایا گیا ہے، خاقان مرتضیٰ ڈی جی سی اے اے کی اہلیت نہیں رکھتے، ان کو ایوی ایشن انڈسٹری کا خاطر خواہ تجربہ بھی نہیں، اور انھوں نے جعلی لائسنسگ معاملے پر قومی ایئر لائن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

    خط میں لکھا گیا کہ لاہور والٹن ایئر پورٹ کی 450 ارب روپے کی زمین میں 400 ارب کا نقصان پہنچایا گیا، بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے سلسلے میں کابینہ اور وزیر اعظم کی واضح ہدایت کو نظر انداز کیا گیا، اور ایئر پورٹ کی زمین کے قبضے کو واگزار نہیں کروایا جا سکا، جس کی وجہ سے 1300 ارب سے زائد نقصان پہنچایا گیا۔

    خط کے مطابق پی آئی اے سے تقریباً 300 ارب سے زائد کے بقایا جات کی وصولی میں بھی ناکامی رہی، قومی ایئر لائن سے کراچی ایئر پورٹ پر 10 ارب کی لیز کی رقم کی وصولی ہونی ہے، اور اے ایس ایف لیز کی 5 ارب روپے کی وصولی میں بھی ناکامی رہی۔

    خط میں ادارے کے اندرونی انصاف کے نظام کی کمزوری کی بھی نشان دہی کی گئی، اور کہا گیا کہ ڈی جی سی اے اے کے عدم تعاون کی وجہ سے سو سے زائد افسران و ملازمین نے عدالت سے رجوع کیا، انھوں نے دو V8 لینڈ کروزر اور ایک پراڈو کی غیر قانونی رجسٹریشن کروائی، مختلف عہدوں پر قریبی دوستوں اور عزیز و اقارب کی کنٹریکٹ پر تعیناتیاں کیں۔

    خط کے مطابق سی اے کلب کی آمدنی میں 48 لاکھ روپے کی کمی ہوئی، آؤٹ سورسنگ کے سلسلے میں ایئر پورٹ پر دیگر اداروں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، پنشنرز کے معاملے پر بھی عدم دل چسپی دکھائی گئی، ملازمین بحالی کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، اسلام آباد ایئر پورٹ پر ایف بی آر کو 4 ایکڑ زمین لیز میں قومی خزانے کو 1 ارب کا نقصان پہنچایا گیا۔

    خط میں درخواست کی گئی تھی کہ ڈی جی سی اے اے اور ان کی ٹیم کا کیس ایف آئی اے کو بھیجا جائے، اور ایف آئی اے خاقان مرتضیٰ اور ان کی ٹیم سے مبینہ کرپشن کی تحقیقات کرے، اور قومی خزانے کو نقصان سے بچایا جائے۔