Tag: CAA

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر وائی فائی اور سامان کی ترسیل معمول کے مطابق ہے، سی اے اے

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر وائی فائی اور سامان کی ترسیل معمول کے مطابق ہے، سی اے اے

    کراچی : بین الاقوامی سطح کے اسلام آباد ائرپورٹ پر وائی فائی اور مسافروں کے سامان کی ترسیل سے متعلق سی اے اے کی وضاحت سامنے آگئی۔

    اس حوالے سے ترجمان سول ایویشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اسلام اباد ایئرپورٹ میں بلا معاوضہ وائی فائی کی سہولت پسینجر ٹرمینل بلڈنگ کے تمام حصوں میں بلا تعطل دستیاب ہوتی ہے۔

    ترجمان نے کہا ہے کہ رجسٹرڈ سمز والے مسافر آن لائن پورٹل کے ذریعے خود بخود رجسٹرڈ ہو جاتے ہیں، تاہم غیر رجسٹرڈ سمز اور غیرملکی سمز رکھنے والے مسافروں کو سول ایویشن انفارمیشن ڈیسک کے ذریعے (پی ٹی اے) کے وضع کردہ طریقہ کار کے تحت جلد از جلد سہولت فراہم کردی جاتی ہے۔

    سول ایویشن کی تکنیکی ٹیم24گھنٹے بلا تعطل وائی فائی سہولت کی فراہمی کو یقینی بناتی ہے، تاہم کبھی کبھار سروس پروائیڈر کے بیک اینڈ مسائل یا بیک وقت صارفین کی ضرورت سے زیادہ تعداد کی وجہ سے یہ خدمات متاثر ہوسکتی ہیں۔

    اس کے علاوہ صارفین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کی روشنی میں سول ایویشن مسائل کو حل کرنے اور اپنی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے

    ترجمان کے مطابق مسافروں کے سامان کی ترسیل سے متعلق مقررہ معیار/ بینچ مارکس کے مطابق اسلام اباد ایئرپورٹ پر سامان بروقت مسافروں تک پہنچایا جا رہا ہے۔

    اپنے ایک جاری بیان میں سی اے اے ترجمان نے کہا کہ 600سے 700 بیگ لے جانے والی پرواز کے لیے سامان کی ترسیل کا وقت زیادہ سے زیادہ 50 سے 60منٹ ہے۔

    تاہم بہت کم مواقعوں پر جیسا کہ عمرہ پروازوں کے دوران جہاں مختلف قسم کے سامان کی تعداد عموماً 800 سے تجاوز کرجاتی ہے، ترسیل کا وقت ایک گھنٹے سے زیادہ ہو سکتا ہے۔

    اسلام آباد کے بین الاقوامی ائرپورٹ میں ایئرلائنز/گراؤنڈ ہینڈلرز کے لئے سامان کی ترسیل کے نظام کار کی نگرانی کا ایک مربوط طریقہ کار بھی موجود ہے جس کے تحت ایئر لائن/جی ایچ اے پر وقت مقررہ سے زیادہ وقت لینے پر جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔

  • ملتان ایئرپورٹ پر کنویئر بیلٹس کی خرابی کی ویڈیو پر سی اے اے کا ردِ عمل

    کراچی: ملتان ایئرپورٹ پر کنویئر بیلٹس کی خرابی کی ویڈیو سامنے آنے پر سی اے اے نے ردِ عمل میں کہا ہے کہ یہ پرانی ویڈیو ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملتان ایئرپورٹ پر کنویئر بیلٹس کی خرابی کے معاملے پر کہا ہے کہ یہ خبر درست نہیں ہے۔

    سی اے اے ترجمان نے کہا کہ ایئر پورٹ پر کنویئر بیلٹس بلکل ٹھیک کام کر رہی ہیں، ایئر پورٹس پر مشینری کی دیکھ بھال اور مرمت کا کام معمول کی بات ہے۔

    ترجمان نے کہا کچھ مفاد پرست عناصر نے پرانی ویڈیو کو ابھی کا بتا کر پھیلانے کی کوشش کی ہے، میڈیا میں گردش کرنے والی ویڈیو ایک ماہ سے زائد پرانی ہے۔

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ ملتان ایئرپورٹ پر کنویئر بیلٹس خراب ہو چکی ہیں۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں اور مسافروں کا رش، سی اے اے نے وضاحت جاری کردی

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں اور مسافروں کے رش کے حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے وضاحت جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فوگ کے باعث ڈائیورٹڈ فلائٹس کا دباؤ ہے، جس کی وجہ سے رش ہونا فطری بات ہے۔

    سی اے اے ترجمان نے کہا کہ ایئرپورٹ پر ناقص انتظامات کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا جیسی خبروں میں صداقت نہیں ہے، اس وقت ایئرپورٹ ڈائیورٹڈ اور شیڈولڈ فلائٹس دونوں آپریٹ کر رہا ہے، اور فوگ کے باعث فلائٹس ڈائیورژن، تاخیر اور مؤخری سے غیر معمولی حالات پیدا ہوئے ہیں۔

    ترجمان نے کہا ڈائیورٹڈ ڈیپارچر اور ارائیول فلائٹس آپریٹ ہونے کے باعث رش کا ہونا ایک فطری عمل ہے، تاہم ایئرپورٹ انتظامیہ قدرے مشکل حالات سے منصوبہ بندی کے تحت نمٹ رہی ہے، اور ایئرپورٹ ہر طرح کی صورت حال سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

    واضح رہے کہ پنجاب میں دھند کے باعث اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کا غیر معمولی رش لگا ہوا ہے، دیکھا گیا کہ دھند کی وجہ سے پروازوں کا رخ اسلام آباد ہونے کے باجود مسافروں کے لیے خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے جا سکے، جس کی وجہ سے ایئرپورٹ کے بیرون اور اندرون ملک روانگی و آمد کے لاؤنجز میں مسافروں کا غیر معمولی رش لگ گیا۔

    ملتان اور لاہور میں شدید دھند، فضائی آپریشن شدید متاثر

    مسافروں کو سامان کے بروقت حصول میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، کنوینئر بیلٹ پر سامان تاخیر سے لوڈ ہونے کی شکایات بھی سامنے آئیں، جدہ، ریاض اور دوحا سمیت مختلف ملکوں سے آنے والے مسافر ایئرپورٹ پر انتظار کی سولی پر لٹک کر رہ گئے، دوسری طرف مسافروں کو لینے کے لیے آنے والے افراد کا بھی رش لگ گیا۔

    تاہم ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے باعث دیگر ایئر پورٹس سے اسلام آباد پہنچنے والی پروازوں کے باعث دباؤ کا سامنا ہے، اور اس صورت حال سے بہتر انداز سے نمٹنے کے انتظامات کیے جا چکے ہیں۔

  • چار بڑے ایئرپورٹس پر مسافروں کی سہولت کے لیے اہم قدم

    چار بڑے ایئرپورٹس پر مسافروں کی سہولت کے لیے اہم قدم

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے تین بڑے ایئر پورٹس پر مسافروں کی سہولت کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے زگ زیگ قطار متعارف کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے مسافروں کو سہولت فراہم کر نے کے لیے اقدامات اٹھانے کا سلسلہ جاری ہے، کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سمیت چار بڑے ایئر پورٹس پر بہتر قطار بندی کو یقینی بنانے کے انتظامات کر لیے گئے۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ کراچی، اسلام آباد، لاہور اور پشاور ایئر پورٹس پر ’زگ زیگ‘ یا ’اسنیک لینز‘ متعارف کرائی گئی ہیں۔

    اس اقدام کا مقصد مسافروں کو بورڈنگ اور ایمیگریشن کے عمل کے لیے قطار میں انتظار کے وقت کو کم کرنا ہے، اور اس سے چھوٹی قطاریں اور تیز اسکریننگ ممکن ہو سکے گی۔

    مسافروں کی جانب سے اس سادہ لیکن اہم اقدام پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔

  • ویڈیو: سانپ نے سی اے اے دفتر میں کھلبلی مچا دی

    ویڈیو: سانپ نے سی اے اے دفتر میں کھلبلی مچا دی

    سکھر: سول ایوی ایشن اتھارٹی کے دفاتر زہریلے سانپوں کے نشانے پر آ گئے، سکھر کے دفتر میں سانپ نے گھس کر ملازمین میں کھلبلی مچا دی۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر ایئر پورٹ پر شعبہ فائر میں سانپ گھسنے سے سی اے اے ملازمین خوف و ہراس کا شکار ہو گئے، تاہم ملازمین نے ہمت دکھاتے ہوئے لکڑیوں سے سانپ کو مار دیا۔

    سانپ گھسنے کے بعد سی اے اے ملازمین دفتر خالی کر کے باہر نکل گئے تھے، سانپ سی اے اے کے شعبہ فائر کے دفتر کی کھڑکی سے داخل ہوا تھا، بڑی کوششوں کے بعد سی اے اے ملازمین نے ڈنڈے اور لاٹھی سے اسے مارا۔

    سانپ زہریلا بتایا جا رہا ہے، کراچی سمیت ملک بھر کے ایئر پورٹس پر کئی بار سانپ دیکھے گئے ہیں، بارشوں کے بعد سے گھاس اور جھاڑیوں میں سے سانپ سی اے اے دفاتر اور رن ویز پر دیکھے جاتے ہیں۔

    سیدو شریف ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن ایک سال سے معطل، کروڑوں‌ کا مالی نقصان

    ذرائع سی اے اے کے مطابق سول ایوی ایشن کے کسی بھی فائر اسٹیشن پر سانپ کے ڈسنے کی کٹ دستیاب نہیں ہے۔

  • سیدو شریف ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن ایک سال سے معطل، کروڑوں‌ کا مالی نقصان

    سیدو شریف ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن ایک سال سے معطل، کروڑوں‌ کا مالی نقصان

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث گزشتہ ایک سال سے سیدو شریف ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوات کے سیدو شریف ایئر پورٹ پر ایک سال سے فلائٹ آپریشن معطل ہونے کی وجہ سے سی اے اے کو کروڑوں روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے سوات کے لیے فلائٹ آپریشن جاری رکھنے کے لیے غیر سنجیدگی اور عدم دل چسپی کا مظاہرہ کیا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کی سیاحت کے فروغ کی پالیسی کے تحت سوات ایئر پورٹ کو 17 سال بعد 2021 میں فضائی آپریشن بحال کیا گیا تھا۔

    پہلی پرواز 26 مارچ 2021 کو سیاحوں کو لے کر سیدو شریف پہنچی تھی، تاہم پی آئی اے نے اسلام آباد سے سیدوشریف کے لیے پروازیں کچھ عرصے جاری رکھنے کے بعد فلائٹ آپریشن بند کر دیا۔

    پی آئی اے کے سی ای او کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن نے سیدو شریف کا آپریشن مسافروں کی مطلوبہ تعداد نہ ہونے کی وجہ سے بند کیا ہے، نقصان ہونے کی وجہ سے آپریشن مزید چلانا پی آئی اے کے لیے نا ممکن ہوگیا تھا، جس پر گزشتہ سال فلائٹ آپریشن بند کرنا پڑا۔

    ذرائع کے مطابق سی اے اے نے پی آئی اے سمیت دیگر نجی ایئر لائنوں کو سوات ایئرپورٹ کے لیے فلائٹ آپریشن جاری رکھنے کے لیے کوئی احکامات بھی نہیں دیے۔

    واضح رہے کہ سی اے اے کے قوانین کے مطابق قومی ایئر لائن سمیت نجی ایئر لائنوں کو بھی شمالی علاقہ جات کے لیے فلائٹ آپریشن جاری رکھنا لازمی ہے۔

  • پی آئی اے یورپی ایوی ایشن کا اعتماد بحال کرنے میں ناکام

    پی آئی اے یورپی ایوی ایشن کا اعتماد بحال کرنے میں ناکام

    کراچی: یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی یورپ کے لیے پروازیں بحال کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سول ایوی ایشن اعتماد بحال کرنے میں ناکام رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی یورپ کے لیے پروازیں بحال کرنے سے پھر انکار کردیا۔

    پاکستان سول ایوی ایشن حکام رجسٹریشن اور اوور سائٹ معاملات پر اعتماد بحال کرنے میں تاحال ناکام رہا۔

    یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے اعتماد بحال کرنے تک پاکستان کے آن سائٹ دورے سے بھی انکار کردیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایاسا نے کہا ہے کہ اوور سائٹ اور رجسٹریشن سے متعلق اقدامات کرنے تک پروازیں بحال نہیں کر سکتے۔

    ایاسا کا کہنا ہے کہ پاکستان سی اے اے کے ابتدائی اقدامات تک پی آئی اے کی یورپ پروازوں کی بحالی ناممکن ہے۔

    خیال رہے کہ جعلی لائسنس والے پائلٹس کے معاملے پر یورپی ایوی ایشن ایجنسی نے پی آئی اے پر جولائی 2020 سے پابندی عائد کر رکھی ہے، یورپی ممالک اور برطانیہ میں پابندی سے اب تک پی آئی اے کو 150 ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔

    پی آئی اے کی یورپ میں پروازیں بحال کرنے سے قبل، ایاسا، پاکستان سی اے اے اور پی آئی اے کا آن سائٹ آڈٹ کرے گا۔

    سی اے اے حکام نے پی آئی اے کے یورپ آپریشن کی بحالی کے لیے پہلے مارچ 2021، پھر نومبر 2021، پھر مارچ 2022 اور اب نئی تاریخ مارچ 2023 دی ہے۔

    یورپی سیفٹی ایجنسی نے واضح طور پر بتا دیا ہے کہ پاکستان سول ایوی ایشن اعتماد بحال کرنے میں ناکام ہے اور فی الحال ایاسا کا آڈٹ کے لیے پاکستان آنے کا بھی کوئی امکان نہیں۔

    ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایاسا کے دورے سے متعلق کام کیا جارہا ہے۔

  • بارشوں سے کراچی ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن کی تنصیبات کو بھی نقصان

    بارشوں سے کراچی ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن کی تنصیبات کو بھی نقصان

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں موسلا دھار بارشوں سے ایئرپورٹ بھی متاثر ہوا ہے، بارشوں سے سول ایوی ایشن کی تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں طوفانی بارشوں کے بعد جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن کی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) میں کہا گیا ہے کہ بارش سے ایئرپورٹ کے رن وے 25 آر کی لائٹیں خراب ہوئی ہیں۔

    نوٹم کے مطابق لائٹس بارشوں کے دوران شارٹ سرکٹ کی وجہ سےخراب ہوئیں۔

    تاحال رن وے 25 آر کی لائٹس کی خرابی دور نہ کی جا سکی، بارش سے پسنجر بورڈنگ برج کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    سی اے اے نے تمام ایئر لائنز کو نوٹم کے ذریعے آگاہ کردیا ہے۔

  • سی اے اے کی کارروائی : حادثے میں زخمی آسٹریلوی سیاح کی جان بچ گئی

    سی اے اے کی کارروائی : حادثے میں زخمی آسٹریلوی سیاح کی جان بچ گئی

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی بروقت کارروائی کے باعث آسٹریلوی سیاح کی جان بچالی گئی، امدادی ٹیم نے فوری طور پر پہنچ اسے اسپتال پہنچایا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل سوار غیرملکی سیاح کوٹ ادو کے راستے میں سفر پر تھا کہ اس کے ساتھ ٹریفک حادثہ پیش آگیا۔

    غیرملکی سیاح موٹر سائیکل پرملتان سے کوئٹہ جارہا تھا کہ کوٹ ادو کے قریب نامعلوم ٹرک کی زد میں آگیا، ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

    غیرملکی سیاح نے اپنے پاس موجود خصوصی ڈیوائس کا ایمرجنسی بٹن دبا کر متعلقہ ادارے تک پیغام پہنچایا۔ ایمرجنسی کوڈ کے ذریعے امریکا میں موجود انٹرنیشنل ریسکیو سینٹر نے سی اےاے سے رابطہ کیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے امریکی انٹرنیشنل ریسکیو سے موصول ہونے والے کوڈ کی مدد سے غیرملکی سیاح کو ڈھونڈا جو کوٹ ادو کینال روڈ پر زخمی حالت میں پڑا ہوا تھا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پولیس اور ریسکیو 1122کو سیاح کی لوکیشن فراہم کی، بعد ازاں ریسکیو ٹیموں نے آسٹریلوی سیاح کو ٹی ایچ کیواسپتال کوٹ ادو منتقل کردیا۔

  • پاکستانی ایئرپورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات سب سے زیادہ کہاں؟

    پاکستانی ایئرپورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات سب سے زیادہ کہاں؟

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ناقص حکمت عملی کے باعث بڑے ایئر پورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سی اے اے نے طیاروں سے پرندے ٹکرانے سے متعلق اعداد و شمار جاری کر دیے، جنوری 2018 سے مئی 2022 تک کی رپورٹ کے مطابق لاہور ایئر پورٹ پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے۔

    ساڑھے 4 سالوں میں ایئر پورٹ پر پرندے ٹکرانے کے 662 واقعات رونما ہوئے، ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز دونوں کے طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

    لاہور ایئر پورٹ پر سب سے زیادہ 198 واقعات رپورٹ کیے گئے، دوسرے نمبر پر کراچی ایئر پورٹ پر 192 واقعات رپورٹ ہوئے، اسلام آباد ایئر پورٹ پر 100 واقعات رپورٹ ہوئے۔

    سیالکوٹ ایئر پورٹ پر 53، پشاور ایئر پورٹ پر 40، ملتان ایئر پورٹ پر 26 حادثات، فیصل آباد ایئر پورٹ پر 22 اور کوئٹہ ایئر پورٹ پر 17 حادثات رپورٹ ہوئے۔

    اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 60 فی صد حادثات مون سون کے سیزن میں رپورٹ ہوئے، جون، جولائی، اگست اور ستمبر کے مہینوں میں حادثات میں اضافہ دیکھا گیا۔

    گزشتہ سال 2021 میں 142 حادثات رپورٹ ہوئے، جنوری 2022 سے مئی 2022 تک 48 حادثات رپورٹ ہو چکے ہیں، سی اے اے کے مطابق حادثات کے باعث ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز کو کروڑوں روپے کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔