Tag: cabinet

  • حمزہ شہباز کی کابینہ کتنے ارکان پر مشتمل ہوگی؟

    حمزہ شہباز کی کابینہ کتنے ارکان پر مشتمل ہوگی؟

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی کابینہ کا حجم کیا ہوگا؟ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے بتادیا۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ چالیس سے پچاس ارکان پر مشتمل ہوگی، پہلے مرحلے میں اتحادی جماعتوں اور نون لیگ کے اہم رہنما حلف اٹھائیں گے۔

    ذرائع مسلم لیگ (ن) کا کہنا ہے کہ کل شام تک صوبائی کابینہ کے ارکان حلف اٹھالیں گے، حلف برداری کے بعد ان کو محکمے تفویض کردئیے جائیں گے۔

    ادھر وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نےحلف لینےکےبعد کابینہ پر مشاورت شروع کردی ہے، مشاورت قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف،شہبازشریف،جہانگیرترین ,علیم خان سےکی جائیگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ میں ترین گروپ، علیم خان گروپ اور کھوکھر برادران کو شامل کیاجائیگا جبکہ نون لیگ کی جانب سے سلمان رفیق، عظمیٰ بخاری، رانامشہود، خواجہ عمران ،بلال یاسین کی کابینہ میں شمولیت کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ اب سے تھوڑی دیر قبل مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، اسپیکر قومی اسمبلی نے حمزہ شہباز سے حلف لیا۔

    حلف برداری سےقبل چیف سیکرٹری پنجاب نےلاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ پڑھ کر سنایا، تقریب حلف برداری میں وفاقی وزرا، اہم سیاسی شخصیات نے بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ مریم نواز بھی شریک ہوئیں۔

  • وزیر اعظم نے 9 بجے وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، اہم فیصلے متوقع

    وزیر اعظم نے 9 بجے وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، اہم فیصلے متوقع

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے رات 9 بجے وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طرف اپوزیشن اور حکومت نے تحریک عدم اعتماد پر رات 8 بجے ووٹنگ کرانے پر اتفاق کر لیا ہے، اور اب وزیر اعظم اچانک نے وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

    وفاقی کابینہ کا اجلاس آج رات 9 بجے ہوگا، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں، اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا، جس میں ملکی سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

    تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ رات 8 بجے ہوگی ، اپوزیشن اور حکومت میں اتفاق

    خیال رہے کہ اپوزیشن اور حکومت نے تحریک عدم اعتماد پر رات 8 بجے ووٹنگ کرانے پر اتفاق کر لیا ہے، اس سلسلے میں صبح سے قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے، جو سپریم کورٹ کے حکم پر ووٹنگ کے لیے بلایا گیا ہے۔

  • بجلی صارفین کیلئے فی یونٹ 5 سے7 روپے تک کا ڈسکاؤنٹ ، بڑی خبر آگئی

    بجلی صارفین کیلئے فی یونٹ 5 سے7 روپے تک کا ڈسکاؤنٹ ، بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے بجلی کا سیزنل پیکج منظور کرلیا ہے ، جس میں صارفین کو 5 سے 7روپے فی یونٹ ڈسکاونٹ ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے بجلی کا سیزنل پیکج منظور کرلیا ہے ، صارفین کو نومبر تافروری پچھلےسال انہی ماہ کی نسبت 5سے7روپے فی یونٹ ڈسکاونٹ ملے گا۔

    بجلی صارفین کیلئے فی یونٹ 5سے7روپے تک کا ڈسکاونٹ ، بڑی خبر آگئی


    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ سیزنل پیکج نومبر سے فروری تک ہوگا ، پیکیج سے رہائشی اور کمرشل بجلی کے صارفین فائدہ اٹھا سکیں گے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ وفاقی کابینہ نے بجلی کا سیزنل پیکج منظور کرلیا ہے ، جو صارفین گیس کا استعمال کم کرینگے ان کو بجلی بل پر 7روپےرعایت دی جائے گی۔

    اہم منصوبہ ہے جوپاورمنسٹرنےنیپراکومنظوری کیلئےبھیجاہے، ہمارےہاں بجلی اتنی استعمال نہیں ہورہی جتنا گیس کااستعمال ہے۔

  • کویت: مزید غیر ملکیوں کو واپس آنے کی اجازت

    کویت: مزید غیر ملکیوں کو واپس آنے کی اجازت

    کویت سٹی: کویت میں کام کرنے والا ایسے طبی، تکنیکی اور نرسنگ عملے کو جو بیرون ملک پھنسے ہوئے ہوں، واپس کویت آنے کی اجازت دے دی گئی۔

    کویتی میڈیا کے مطابق وزرا کونسل کی جانب سے غیر ملکی صحت کے منتظمین اور ان کے اہل خانہ کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی۔

    کابینہ نے کویت میں غیر ملکی منتظمین اور بیرون ملک پھنسے ہوئے ان کے اہلخانہ کو کویت میں داخلے کی اجازت دینے کی درخواست کی منظوری دے دی ہے، یہ درخواست وزارت صحت نے کی تھی۔

    حالیہ منظوری کے مطابق ایسا طبی، تکنیکی اور نرسنگ عملہ اور ان کی فیملی جن کے پاس جائز رہائشی اقامہ یا انٹری ویزا موجود ہے انہیں کویت میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

    وزارت صحت کی حفاظتی تدابیر کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کے ساتھ وزارت کی فوری ضرورت کے سبب ان کی خدمات کے لیے کرونا وائرس کا سامنا کرنے میں طبی عملے کی کوششوں کی حمایت اور مدد کی جا سکتی ہے۔

  • ایم کیو ایم پاکستان نے وفاقی کابینہ میں جانے کا اعلان کردیا

    ایم کیو ایم پاکستان نے وفاقی کابینہ میں جانے کا اعلان کردیا

    کراچی : ایم کیوایم پاکستان نے وفاقی کابینہ میں جانے کا اعلان کردیا، خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ہماری طرف سے امین الحق اور فیصل سبزواری وزارتوں میں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کل اسد عمر کراچی آئے تھے ان کے ساتھ بھی میٹنگ تھی۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہبنما متحدہ قومی موومنٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اور ہمارے درمیان کئی چیزوں کا طے ہونا باقی تھا، یہ طے ہوا کہ تمام معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے۔

    تمام مطالبات میں اتنی پیش رفت ہوگئی کہ ہمیں اطمینان ہے، ہم بہتر سمجھتے ہیں اب کابینہ میں واپس جانا چاہئے، فیصلہ کیا ہے کہ ہم اب کابینہ کا حصہ ہوں گے۔

    جب دفاتر کھلیں گے، کارکنان واپس آئیں گے تو ہم کابینہ میں ہوں گے، ہماری طرف سے امین الحق اور فیصل سبزواری وزارتوں میں ہوں گے، ایم کیوایم اور پی ٹی آئی اتحاد یاد رکھا جائے گا۔

  • حجام کرام نے سیاسی شعار بلند کیے تو سخت کارروائی ہوگی، سعودی حکومت

    حجام کرام نے سیاسی شعار بلند کیے تو سخت کارروائی ہوگی، سعودی حکومت

    ریاض : سعودی حکومت نے جاری بیان میں حج کے موقع پرگڑ بڑپھیلانے والوں کو سخت کارروائی کی وارننگ دیتے ہوئے خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے حج بیت اللہ کے لیے آنے والے مہمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ حج کے موقع پر اپنی توجہ مقدس مقامات کی روحانیت کی برکات سمیٹنے، شعائر حج کی ادائی اورفریضہ حج کی تعلیمات پرعمل پیرا ہونے پر مرکوز رکھیں اورہرقسم کے مذہبی اور سیاسی نعرہ بازی کی الائشوں سے خود کو دور رکھیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز سعودی کابینہ کے اجلاس کےبعد جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ حجاج کرام کا سیاسی، مسلکی اور فرقہ وارانہ نعروں میںملوث ہونا مناسب نہیں۔ اس طرح کے تصرفات کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہوں گے۔

    سعودی حکام کا کہنا تھا کہ اگر کسی شخص یا گروپ کی طرف سے حج کے موقع پر سیاسی نعرے بازی اور فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کی گئی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری ہونے والا بیان وزیر اطلاعات ترکی بن عبداللہ شبانہ نے پڑھ کر سنایا،اس موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے اسلام کے پانچویں رکن یعنی حج کی ادائی کے لیے آنےوالے فرزندان توحید کا خیر مقدم کیا اور ان کے فریضہ حج اور مناسک حج کی ادائی کی توفیق اور عبادت کی قبولیت کی بھی دعا کی۔

    شاہ سلمان نے تمام سرکاری اور غیر سرکاری اداروں پر حجاج کرام کو مناسک کی ادائیگی کے دوران ہرممکن مدد، سہولت اور آسانی فراہم کرنے پر زور دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز شاہ سلمان کی زیرصدارت ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں علاقائی اور عالمی صورت حال پر بھی غور کیا گیا، کابینہ نے سنہ 2020ءکے آخر تک تیل کی پیداوار کم کرنے کے ‘اوپیک’ کے فیصلے کو سراہا۔

    کابینہ نے جمہوریہ سوڈان میں احتجاجی تحریکوں اور مسلح افواج کے درمیان طے پائے شراکتِ اقتدار کے سمجھوتے کا بھی خیر مقدم کیا۔ اجلاس میں یمن، شام، لیبیا کی صورت حال اور ایران کی طرف سے خطے میں بڑھتی مداخلت اور اس کی روک تھام پربھی غور کیا گیا۔

  • بجٹ کی منظوری کے لیے کابینہ کا خصوصی اجلاس کل طلب

    بجٹ کی منظوری کے لیے کابینہ کا خصوصی اجلاس کل طلب

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا، خصوصی اجلاس میں بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل بروز منگل طلب کر لیا، کابینہ کا خصوصی اجلاس پارلیمنٹ میں ہوگا جس میں بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔

    کابینہ اجلاس میں مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ بجٹ تجاویز پیش کریں گے۔

    اس سے قبل کابینہ کا اجلاس 3 مئی کو ہوا تھا جس میں وزیر اعظم عمران خان نے 30 جون کے بعد ٹیکس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا عندیہ دیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں 11 جون کو پیش کیے جانے والے بجٹ کے خدوخال پر مشاورت بھی کی گئی تھی، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اثاثے ظاہر کرنے والی اسکیم پر اب تک کی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی تھی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم نے سوال کیا تھا کہ بڑے مگر مچھوں کو ٹیکس نیٹ میں کیسے لایا جائے، انہوں نے دریافت کیا کہ کہ صرف تنخواہ دار طبقہ ہی کیوں ٹیکس دے۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا تھا کہ اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم اور ٹیکس ریٹرنز کی تاریخ میں توسیع کی ہے، تاریخ میں توسیع سے فائدہ نہ اٹھانے والوں کو کوئی رعایت نہیں دیں گے۔ ٹیکس چوروں کو پکڑنے کے لیے تمام ادارے حکومت کے ساتھ ہیں۔

  • مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا

    مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کا اہم اجلاس آج پیر کی صبح 9 بجے سندھ سیکریٹریٹ میں میں طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علیٰ شاہ آج ہونے والے سندھ کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے، دوران اجلاس اہم امور زیرغور آئیں گے۔

    سندھ کابینہ کے اجلاس کے لیے جاری کردہ 8 نکاتی ایجنڈے میں دیگر امور کے علاوہ سندھ کابینہ گوررنرسندھ کی جانب سے دستخط کے بغیر دوبارہ غور کے لیے بھجوائے گئے پولیس ایکٹ سے متعلق بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    پولیس ایکٹ 1861کی منسوخی اور پولیس آرڈر2002 کی بحالی کا ترمیمی بل 2019 کا جائزہ لے گی اور گورنر سندھ کے آئینی اعتراضات پر مشاورت کے بعد بل کو دوبارہ اسمبلی میں منظوری کے لیے بھجوانے سمیت ایجنڈے پر موجود دیگر امور سے متعلق صوبائی کابینہ اہم فیصلے کرے گی۔

    دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو دبئی سے اسلام آباد پہنچ گئے، پاکستان پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس کل شام زرداری ہاؤس میں منعقد ہوگا۔

    آصف زرداری آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے، دوسری طرف زرداری ہاؤس میں پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس منعقد ہوگا۔

    بلاول بھٹو دبئی سے اسلام آباد پہنچ گئے، سی ای سی اجلاس کل منعقد ہوگا

    قبل ازیں، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے عمر کوٹ میں اقلیتی برادری پر پولیس تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ پر امن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، پولیس تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔

  • وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس پیر کو طلب کرلیا

    وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس پیر کو طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس پیر کو ہوگا، اجلاس کے 12 نکاتی ایجنڈے میں متعدد امور شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس پیر کو طلب کرلیا۔ کابینہ اجلاس میں 12 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

    کابینہ اجلاس میں حج پالیسی اور پلان 2019 کابینہ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں چینی شہریوں کے لیے بزنس اور وزٹ ویزے کی ورک ویزے میں تبدیلی بھی شامل ہے۔

    اجلاس کے ایجنڈے میں الیکشن 2018 کی سالانہ اور جائزہ رپورٹ، کیش مینیجمنٹ اور سنگل اکاؤنٹ پالیسی کی منظوری اور محکموں کے اکاؤنٹس میں بجٹ رقوم رکھنے کے خلاف پالیسی کی منظوری بھی شامل ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمے اپنے اکاؤنٹس میں رقوم رکھ کر اس پر سود حاصل کرتے ہیں۔ کابینہ میں نئی پالیسی کی منظوری کے بعد بجٹ رقوم سنگل ٹریژی اکاؤنٹ میں جمع کروانا ہوگی۔

    اس سے قبل 28 مئی کے کابینہ اجلاس میں شیخ زید اسپتال لاہور کو پنجاب وفاق کے حوالے کرنے، سی ڈی اے کے ممبر ٹیکنیکل کی برطرفی اور پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز کی منتقلی یر غور آئی تھی۔

    گزشتہ اجلاس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے بجٹ حکمت عملی 20-2019 دستاویزات پر بریفنگ دی تھی جبکہ بجٹ کے نمایاں خدو خال کے بارے میں بھی کابینہ کو آگاہ کیا کیا تھا۔

  • مودی کی نئی کابینہ کا اعلان، ایس جے شنکر وزیر خارجہ مقرر

    مودی کی نئی کابینہ کا اعلان، ایس جے شنکر وزیر خارجہ مقرر

    نئی دہلی: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی نئی کابینہ کا اعلان کردیا گیا، راج ناتھ سنگھ کو وزیر دفاع اور ایس جے شنکر کو وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نریندر مودی کے دوسری بار بھارت کے وزیر اعظم کے منصب کا حلف اٹھانے کے بعد ان کی نئی کابینہ ارکان کے ناموں کا بھی اعلان کردیا گیا۔

    نئی کابینہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق صدر امیت شاہ کو بھارتی وزیر داخلہ مقر کیا گیا ہے، سابق خارجہ سیکریٹری جے شنکر نئے وزیر خارجہ ہوں گے۔

    سابق وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے جبکہ اداکارہ اور سابق وزیر تعلیم سمرتی ایرانی کو خواتین، بچوں اور ٹیکسٹائل کی وزارت دی گئی ہے۔

    اسی طرح نرمالہ سیتا رام کو وزیر خزانہ اور کارپوریٹ افیئرز، روی شنکر پرساد کو وزیر قانون و انصاف، پرکاش جاویدکر کو وزیر ماحولیات، پیوش گویال کو وزیر ریلوے، مختار عباس نقوی کو وزیر برائے اقلیتی امور، اروند ساونت کو وزیر برائے ہیوی انڈسٹری اور کیرن رججو کو وزیر برائے امور نوجوانان مقرر کیا گیا ہے۔

    نئی کابینہ نے وزیر اعظم کی حلف برداری کے بعد اپنے عہدوں کا بھی حلف اٹھا لیا۔ مودی کی نئی کابینہ میں سشما سوراج اور ارون جیٹلی جیسے اہم رہنما شامل نہیں ہیں۔

    مودی کی وزارت عظمیٰ کے پہلے دور سنہ 2014 میں 45 رکنی کابینہ نے حلف اٹھایا تھا جو 2019 تک بڑھتے بڑھتے 75 رکنی ہوگئی تھی۔

    خیال رہے کہ عام انتخابات 2019 میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے لوک سبھا کی 542 نشستوں میں سے 303 پر کامیابی حاصل کی ہے، بی جے پی کی قیادت میں نیشنل ڈیمو کریٹک الائنس (این ڈی اے) نے کل 350 نشستیں حاصل کیں۔

    اس فتح کے بعد بی جے پی بھارتی تاریخ میں کانگریس کے بعد وہ دوسری جماعت بن گئی جس نے لگاتار دوسری مرتبہ حکومت بنائی ہے۔