Tag: california

  • کیلیفورنیا میں ڈاکٹر مہر کے فرٹیلیٹی کلینک پر ہولناک بم دھماکا، ایک شخص ہلاک

    کیلیفورنیا میں ڈاکٹر مہر کے فرٹیلیٹی کلینک پر ہولناک بم دھماکا، ایک شخص ہلاک

    کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک فرٹیلیٹی کلینک کے باہر ہولناک بم دھماکے سے ایک شخص ہلاک، 4 زخمی ہو گئے۔

    ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ریاست کیلیفورنیا کے شہر پام اسپرنگز میں ہفتے کی صبح ایک فرٹیلیٹی کلینک پر دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہو گئے ہیں۔

    دھماکا فرٹیلیٹی کلینک کے باہر ہوا، جو معروف ڈاکٹر مہر عبداللہ چلاتے ہیں، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ کلینک کی چھت اڑ گئی اور ارد گرد کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ایف بی آئی نے کہا ہے کہ دھماکے میں کلینک ہی کو نشانہ بنایا گیا ہے اور واردات پر دہشت گردی کے شبہ کا اظہار کیا ہے۔

    ایف بی آئی حکام کے مطابق بم کار میں نصب تھا، جو دھماکے کے نتیجے میں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے، سیکیورٹی ادارے واقعے کی نوعیت اور ممکنہ دہشت گردی کے پہلو سے تحقیقات کر رہے ہیں۔

    اے پی کے مطابق کلینک بند تھا، ڈاکٹر مہر عبداللہ نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ان کا عملہ محفوظ رہا ہے۔ ایف بی آئی کے لاس اینجلس فیلڈ آفس کے سربراہ اکیل ڈیوس نے شام کی ایک نیوز کانفرنس کو بتایا کہ ہمیں کوئی شبہ نہیں کہ یہ دہشت گردی کی ایک جان بوجھ کر کی گئی کارروائی ہے۔ تاہم انھوں نے یہ بتانے سے انکار کیا کہ حکام اس نتیجے پر کیسے پہنچے۔ قانون نافذ کرنے والے ایک اہلکار نے بتایا کہ تفتیش کاروں نے جائے وقوعہ سے ایک AK-47 طرز کی رائفل بھی برآمد کی ہے۔

    ایف بھی آئی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص پر شبہ ہے کہ دھماکا اسی نے کیا تھا، تاہم اس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے اس امکان کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ اس دھماکے کو براہ راست نشر بھی کیا گیا تھا۔

    ڈاکٹر مہر عبداللہ نے کیا بتایا؟


    اے پی کو فون انٹرویو پر ’’امریکن ری پروڈکٹیو سینٹرز‘‘ کے مالک مشہور ڈاکٹر مہر عبداللہ نے بتایا کہ دھماکے سے ان کی پریکٹس کے دفتر کو نقصان پہنچا ہے جہاں وہ مریضوں کے ساتھ بیٹھ کر مشاورت کرتے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ کلینک کی IVF لیب اور ذخیرہ شدہ ایمبریو اس کلینک پر نہیں رکھے گئے ہیں، اس لیے انھیں نقصان نہیں پہنچا۔

    مہر عبداللہ نے کہا ’’اللہ کا شکر ہے کہ آج ایک دن ایسا تھا کہ ہمارے پاس کوئی مریض نہیں تھا۔‘‘ دوسری طرف پام اسپرنگز کے میئر پرو ٹیم نومی سوٹو نے اس کلینک کو ’’جائے امید‘‘ قرار دیا اور کہا ’’یہ ایک ایسی عمارت ہے جس میں لوگ اپنا خاندان شروع کرنے یا بڑھانے کے لیے جاتے ہیں۔‘‘

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by KCAL News (@kcalnews)

  • کیلیفورنیا میں لگنے والی آگ مزید پھیل گئی، قیامت صغریٰ کے مناظر

    کیلیفورنیا میں لگنے والی آگ مزید پھیل گئی، قیامت صغریٰ کے مناظر

    کیلیفورنیا : شمالی لاس اینجلس میں بدھ کے روز بھڑکنے والی آگ رکنے کا نام نہیں لے رہی، آگ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس نے مزید 5 مقامات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کیلیفورنیا میں گزشتہ ہفتے لگنے والی آگ تیزی سے پھیل کر مزید 9 ہزار 400 ایکڑ (38 مربع کلومیٹر) سے زیادہ علاقے تک پھیل چکی ہے۔

    مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس آگ کو لگونا،سیپول ویڈا، گبل، گلمین اور بارڈر ٹو کا نام دیا گیا، جو لاس اینجلس، سان ڈیاگو، وینٹورا اور ریور سائیڈ کی کاؤنٹیوں میں بھڑک اٹھی ہے۔

    آگ کے پھیلنے کی وجہ تیز ہوائیں اور خشک جھاڑیاں قرار دی جارہی ہیں جس کے نتیجے میں 31ہزار سے زائد مقامی رہائشیوں کو علاقے سے انخلاء کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

    یہ آگ ان فائر فائٹرز کے لیے مزید چیلنج بن گئی ہے جنہوں نے پہلے میٹرو پولیٹن کے علاقے میں لگنے والی بڑی آگ کو بہت مشکل سے قابو کیا تھا۔

    یاد رہے کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران لگنے والی آگ کی تباہیاں جاری ہیں، پیلیسیڈس اور ایٹن میں لگنے والی آگ نے مجموعی طور پر 37 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے جلا کر خاکستر کر دیا جس میں کم از کم 28 افراد ہلاک ہوئے۔

    مذکورہ آتشزدگی سے تقریباً 16ہزار عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ان میں سے کچھ عمارتیں تباہ ہوگئیں، اب تک مجموعی طور پر 1 لاکھ 80ہزار افراد کو انخلا کے احکامات دیے جاچکے ہیں۔

    اس حوالے سے پیش گوئی کرنے والے ادارے ایکیو ویدر نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اس سانحے سے ہونے والے مالی نقصان کا تخمینہ 250ارب ڈالر سے زیادہ ہو سکتا ہے۔

    لاس اینجلس کاؤنٹی کے فائر چیف انتھونی مارونے نے میڈیا کو بتایا کہ ریڈ فلیگ وارننگ کے نتیجے میں تقریباً 11سو فائر فائٹرز کو جنوبی کیلیفورنیا میں تعینات کیا گیا، اور 4ہزار سے زائد فائر فائٹرز ہیوگس فائر پر کام کر رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : لاس اینجلس میں لگی آگ انشورنس کمپنیوں کے سر کا درد بن گئی

    امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لگی آگ سے انشورنس کمپنیوں کے لیے سب سے مہنگی آگ بن گئی، جس کی وجہ سے انشورنس کمپنیوں کے نقصانات کا تخمینہ اربوں ڈالر تک پہنچ گیا۔

  • ویڈیو: 20 ڈاکوؤں نے جیولری اسٹور کا ڈھائی منٹ میں صفایا کر دیا

    ویڈیو: 20 ڈاکوؤں نے جیولری اسٹور کا ڈھائی منٹ میں صفایا کر دیا

    کیلیفورنیا: امریکا میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے، ایک حالیہ واردات میں 20 ڈاکوؤں نے جیولری اسٹور کا ڈھائی منٹ میں صفایا کر دیا۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست کیلیفورنیا میں تقریباً 20 ڈاکوؤں کے ایک گروپ نے بدھ کی دوپہر زیورات کے ایک اسٹور کو لوٹ لیا، تقریباً ڈھائی منٹ میں ڈاکوؤں نے اسٹور کا صفایا کر دیا۔

    ڈاکوؤں نے سنی ویل سٹی میں پی این جی جیولرز کے دروازے توڑ کر ڈسپلے کیسز کے شیشے ہتھوڑیوں کی مدد سے توڑے اور زیورات اپنے بیگ میں بھر کر پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں ڈاکوؤں کے ہجوم کو جیولری اسٹور لوٹتے دیکھا جا سکتا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے 5 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اور ان کی شناخت بھی ہو گئی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق اگرچہ ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے تاہم اہلکاروں نے دو گاڑیوں کا تعاقب کیا، جن میں سے ایک کار ہائی وے پر نظروں سے اوجھل ہو گئی تاہم دوسری کار سے ڈاکوؤں نے چوری شدہ زیورات باہر پھینکے، بعد ازاں ڈاکوؤں نے بھی کار چھوڑ دی اور فری وے اور قریبی صنعتی علاقے میں بھاگ گئے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ کھوجی کتے کی مدد سے پولیس نے پانچ ڈاکو گرفتار کر لیے ہیں، جن میں ٹونگا لاٹو، تاوکے ایسافے، اوفا آہومانا، کلیفی لائتووا اور افوہیا لاواکیہو شامل ہیں۔ پانچوں ملزمان پر مسلح ڈکیتی، گاڑی چوری، گرفتاری میں مزاحمت، چوری، جرم کرنے کی سازش، توڑ پھوڑ اور چوری کے اوزار رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

    پولیس کے تفتیش کار یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا اس ڈکیتی کا تعلق ایک اور ڈکیتی سے بھی ہے، جس میں گزشتہ ماہ سنی ویل سٹی میں زیورات کی ایک اور دکان کو لوٹا گیا تھا۔

  • کیلیفورنیا میں 8 فٹ کی برفباری، سیکڑوں گاڑیاں جان لیوا حالات میں پھنس گئیں

    کیلیفورنیا میں 8 فٹ کی برفباری، سیکڑوں گاڑیاں جان لیوا حالات میں پھنس گئیں

    کیلیفورنیا: امریکی ریاستوں کیلیفورنیا اور نیواڈا میں برفانی طوفان اور شدید برفباری کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے، کیلیفورنیا کے کچھ علاقوں میں 8 فٹ تک برفباری ہوئی ہے، اور سیکڑوں گاڑیاں جان لیوا حالات میں پھنس گئی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ہفتے کے آخر میں آنے والے برفانی طوفان نے کیلیفورنیا اور نیواڈا کے کچھ حصوں کو شدید متاثر کیا ہے، یہ طوفان کم از کم منگل تک جاری رہنے کی توقع ہے، جب کہ مزید برفباری کی بھی پیشگوئی ہے۔

    امریکی ریاست کیلیفورنیا میں شدید برف باری سے ہر شے پر سفیدی چھا گئی ہے، 6 فٹ تک برف پڑ چکی ہے، اور کہیں کہیں آٹھ فٹ تک برف گری، جس کی وجہ سے دونوں ریاستوں میں بڑی سڑکیں بند ہیں، ڈونر پاس پر ٹریفک جام ہو گیا، اور سیکڑوں گاڑیاں جان لیوا حالات میں پھنس کر رہ گئی ہیں۔

    برفباری کی وجہ سے لوگ بھی گھروں میں محصور ہو گئے ہیں، ریاست بھر میں خراب موسم کے باعث بجلی کی فراہمی بھی تعطل کا شکار ہے، اور ہزاروں افراد کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ پیر کو چار ریاستوں میں موسم سرما کے طوفان کی وارننگ جاری کی گئی تھی، جن میں کیلیفورنیا، اوریگون، آئیڈاہو اور کولوراڈو شامل تھیں۔

    اسکائی نیوز کے مطابق برفانی طوفان نے مغربی امریکا میں بڑے پیمانے پر مشکلات پیدا کی ہیں، کئی ریاستیں موسلا دھار بارش اور 100 میل فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں سے متاثر ہوئی ہیں، کیلیفورنیا کی میڈیرا کاؤنٹی میں برفانی طوفان کے ایک خوف ناک بگولے نے ایک پرائمری اسکول پر بھی ملبہ گرایا جس سے اسکول کو کافی نقصان پہنچا۔

    برفباری اور برفانی طوفان سے پیدا ہونے والے حالات کی وجہ سے رینو اور سیکرامنٹو کے درمیان انٹراسٹیٹ 80 ہائی وے پر سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں، جس کی وجہ سے حکام کو 100 میل تک یہ مصروف سڑک بند کرنی پڑی، حکام کے مطابق کئی حادثات کی اطلاعات ہیں۔

  • فضا میں تیرتے ’دریا‘ نے کیلیفورنیا کو ڈبو دیا، بڑی تباہی

    فضا میں تیرتے ’دریا‘ نے کیلیفورنیا کو ڈبو دیا، بڑی تباہی

    لاس اینجلس: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں طوفانی بارشوں سے بڑی تباہی مچ گئی ہے، درخت گرنے سے کم از کم 3 افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ طاقت ور طوفان سیلاب، مٹی کے تودے گرنے اور بجلی کی بندش کا باعث بنا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں طوفانی بارشوں سے تباہی مچ گئی ہے، شہر لاس اینجلس میں موسلادھار 8 انچ بارش ہوئی، اور بارش کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، جہاں متعدد علاقے پانی میں ڈوب گئے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ طوفان ایک ’’ماحولیاتی دریا‘‘ کے اثر کی وجہ سے آیا ہے، جس میں ہوتا یہ ہے کہ پانی ہوا میں بخارات بن جاتا ہے، جسے ہوا لے کر چلنے لگتی ہے اور آسمان میں اس سے بہتی ہوئی لمبی دھاریں بن جاتی ہیں، بالکل اسی طرح جیسے زمین پر دریا بہتے ہیں۔ سست رفتاری سے چلنے والا یہ طوفان دو ہفتوں میں کیلیفورنیا سے ٹکرانے والا دوسرا ماحولیاتی دریا ہے۔

    موسلادھار بارش کی وجہ سے ریاست میں 4 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں، 6 لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوئے، سڑکیں تالاب بن گئیں، گاڑیاں کیچڑ میں دھنس گئیں، اور متعدد گھروں کو بھی نقصان پہنچا، جس پر گورنر کیلیفورنیا نے 8 کاؤنٹیز میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

    ریاست میں فائر حکام کے مطابق 130 سے زائد مقامات پر سیلاب کی صورت حال پیدا ہوئی، جہاں ریسکیو آپریشن کیے گئے، موسمیات نے شدید بارش کا سلسلہ آج تک جاری رہنے اور سیلاب کی پیش گوئی کی ہے۔

    دوسری جانب کینیڈا کے ساحلی علاقوں میں ریکارڈ برفباری ہوئی ہے، کینیڈین صوبے نوواسکاشیا کے مختلف علاقوں میں 3 فٹ سے زائد برفباری ہوئی، جب کہ جنوب مشرقی کیپ بریٹن اور اطراف میں 39 انچ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، گھروں کے دروازوں تک برف جمع ہو گئی اور لوگ گھروں میں محصور ہو گئے، شہری اپنی مدد آپ کے تحت برف ہٹاتے رہے۔

  • سمندری طوفان ہیلری امریکی ریاست کیلیفورنیا سے ٹکرا گیا

    سمندری طوفان ہیلری امریکی ریاست کیلیفورنیا سے ٹکرا گیا

    کیلیفورنیا: سمندری طوفان ہیلری امریکی ریاست کیلیفورنیا سے ٹکرا گیا، طوفان نے ریاست میں تباہی مچا دی۔

    تفصیلات کے مطابق طوفان ہیلری کے سبب کیلفورنیا میں شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے شاراہیں اور پُل بند ہو گئے ہیں، تیز آندھی کے نتیجے میں درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے، پُل اور سڑکیں بھی متاثر ہو گئی ہیں۔

    طوفان کی وجہ سے ایک کروڑ 70 لاکھ سے زائد امریکی شہری شدید متاثر ہوئے ہیں، 400 سے زائد پروازیں منسوخ ہو گئیں، لاس اینجلس، لاس ویگاس اور شمال مغربی علاقے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، لاس اینجلس میں 25 ہزار سے زائد گھر بجلی سے محروم ہیں، میکسیکو میں 3 افراد ہلاک ہو گئے، پام اسپرنگز کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، اور شہر کا ایمرجنسی سسٹم بیٹھ گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ 84 سالوں میں جنوبی کیلیفورنیا سے ٹکرانے والا پہلا ٹرافیکل طوفان ہے جو اب شمال کی طرف بڑھ رہا ہے، جس سے نصف درجن ریاستوں میں سیلاب کے خطرات ہیں۔

    ہیلری طوفان امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں تباہی پھیلانے والی تازہ ترین ماحولیاتی تباہی ہے، ادھر ہوائی کا جزیرہ ماوی اب بھی آگ کی لپیٹ میں ہے جس سے 100 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • دو ہیلی کاپٹروں میں تصادم، 3 افراد جل کر ہلاک

    دو ہیلی کاپٹروں میں تصادم، 3 افراد جل کر ہلاک

    کیلیفورنیا : امریکا میں دوران پرواز دو ہیلی کاپٹروں کو حادثہ پیش آیا جس کے بعد خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔

    امریکی ریاست کیلیفورنیا میں فلاحی ادارے کے دو ہیلی کاپٹر دوران پرواز پائلٹ سے بے قابو ہوکر آپس میں ٹکرا گئے، حادثے کے بعد ہیلی کاپٹروں میں آگ لگ گئی۔

    آگ اس قدر شدید تھی کہ ایک ہیلی کاپٹر میں موجود افراد کو بچنے کیلئے کوئی اقدام اٹھانے کا موقع نہ مل سکا اور جائے وقوعہ پر جل کر جان سے گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دونوں ہیلی کاپٹرز ریسکیو ادارے کی ملکیت تھے اور آگ بجھانے کے لیے استعمال ہوتے تھے،حادثے کے وقت بھی دونوں ہیلی کاپٹرز جنوبی کیلیفورنیا کے علاقے کیبازون میں لگی آگ بجھانے کی ڈیوٹی پر مامور تھے۔

    رپورٹ کے مطابق ایک ہیلی گر کر تباہ ہوگیا، اور اس میں سوار تینوں افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دوسرے ہیلی کاپٹر کا پائلٹ اسے بحفاظت زمین پر اتارنے میں کامیاب رہا۔

    مذکورہ ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں پائلٹ کے ساتھ ایک کیپٹن اور فائر فائٹنگ ڈپارٹمنٹ کے ڈویژن چیف شامل ہیں۔

  • کیلیفورنیا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، دو افراد ہلاک

    کیلیفورنیا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، دو افراد ہلاک

    کیلیفورنیا : ریو وسٹا میونسپل ہوائی اڈے کے قریب ایک طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ریو وسٹا میونسپل ہوائی اڈے کے قریب جمعرات کی صبح ایک انجن والا طیارہ گرنے سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔

    طیارہ

    ریو وسٹا کے فائر ڈپارٹمنٹ کے حکام نے بتایا ہے کہ فائر فائٹرز نے شمالی کیلیفورنیا کے سولانو کاؤنٹی میں ہوائی اڈے سے تقریباً ایک میل مشرق میں حادثے کی جگہ پر طیارے کے اندر دو افراد کو مردہ پایا۔

    ایجنسی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے طیارے کو تجرباتی اسکائی بولٹ کے طور پر شناخت کیا ہے اور وہ حادثے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ تجرباتی ایئرکرافٹ ایسوسی ایشن کے مطابق، اسٹین اسکائی بولٹ طیارے ایک کٹ سے بنائے گئے چھوٹے ایروبیٹک طیارے ہیں۔

  • موبائل فون نے دس افراد کو مرنے سے کیسے بچایا؟

    موبائل فون نے دس افراد کو مرنے سے کیسے بچایا؟

    کیلیفورنیا : آج سے 50 سال قبل موبائل فون پر پہلی کال اس ٹیکنالوجی کو بنانے والی دو کمپنیوں کے درمیان کی گئی تھی اس وقت کوئی یہ سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ یہی موبائل فون لوگوں کی زندگیاں بچانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

    وقت کے ساتھ ساتھ اس ٹیکنالوجی میں حیرت انگیز ترامیم ہوتی رہیں اور انٹر نیٹ کی تیز رفتاری کی بدولت فائیو جی کے بعد اب سکس جی نیٹ ورک متعارف کرانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایپل کی آئی فون 14 سیریز میں پہلی بار سیٹلائیٹ کے ذریعے ایمرجنسی ایس او ایس پیغامات بھیجنے کا فیچر متعارف کرایا گیا تھا۔

    یہ فیچر لوگوں کے تحفظ کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے اور بنیادی طور پر اس کا مقصد انسانی زندگیاں بچانا ہی ہے۔ اس فیچر سے سیلولر سگنل یا وائی فائی کے بغیر ٹیکسٹ میسج بھیجنا ممکن ہوتا ہے۔

    اب اس فیچر نے ایک بار پھر زندگی بچانے میں مدد فراہم کی ہے بلکہ اس بار تو دس نوجوانوں پر مشتمل پورے گروپ کو بچالیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا کی ریاست جنوبی کیلیفورنیا میں ہائیکنگ کرنے والے نوجوانوں کا ایک گروپ اپنی منزل کا راستہ بھول گیا تھا۔

    10افراد پر مشتمل گروپ لاس پیڈریس نیشنل فارسٹ کے آبی علاقے میں ہائیکنگ کر رہا تھا جب وہ نوجوان راستہ بھول گئے اور 3 گھنٹے تک بھٹکتے رہے۔

    وینچرا کاؤنٹی کی ڈپٹی شیرف میکنزی اسپیئرز نے بتایا کہ بیشتر ہائیکرز اپنے سفر کے لیے درست طور پر تیار نہیں ہوتے اور مشکل حالات میں بدحواسی کا شکار ہوجاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بیشتر افراد ہائیکنگ کے لیے درکار لباس کے بجائے ٹی شرٹس اور شارٹس کا استعمال کرتے ہیں حالانکہ یہ راستہ کافی مشکل ہوتا ہے۔

    خوش قسمتی سے راستہ بھول جانے والے گروپ میں شامل ایک فرد کے آئی فون میں ایمرجنسی ایس او ایس فیچر ان ایبل تھا اور رات 8 بجے اس کے ذریعے مدد طلب کی گئی۔

    اس فیچر کے ذریعے لوگ اپنی ممکنہ لوکیشن اور حالات کی تفصیلات بھی امدادی ورکرز سے شیئر کرسکتے ہیں۔

    مدد طلب کیے جانے بعد امدادی ٹیم نے 3 گھنٹے کی تلاش کے بعد نوجوانوں کے اس گروپ کو ڈھونڈ لیا اور انہیں بحفاظت واپس لایا گیا۔

    امدادی ٹیم کے مطابق یہ اب تک کا سب سے بڑا گروپ ہے جسے ایسے حالات میں بچایا گیا اور کسی بھی نوجوان کو طبی امداد کی ضرورت نہیں پڑی۔

     

  • امریکا میں اسمگلنگ کی 2 کشتیاں سمندر برد، 8 افراد ہلاک

    امریکا میں اسمگلنگ کی 2 کشتیاں سمندر برد، 8 افراد ہلاک

    کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں اسمگلنگ کی 2 کشتیاں سمندر میں تباہ ہو گئیں، جس کے باعث 8 افراد ہلاک ہو گئے۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ کیلیفورنیا کی سان ڈیاگو کاؤنٹی میں ’بَلیکز بیچ‘ کے ساحل کے قریب اسمگلنگ میں ملوث دو کشتیاں الٹنے سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    سان ڈیاگو فائر ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کے مطابق موٹر کے ذریعے چلنے والی ماہی گیری کی چھوٹی کشتیوں پانگا میں سے ایک پر سوار ایک شخص نے نائن الیون پر کال کر کے مدد طلب کی تھی۔

    فائر ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کے مطابق 911 پر کال کرنے والی ایک ہسپانوی خاتون تھیں، جنھوں نے اطلاع دی کہ دو کشتیاں ٹوری پائنز سٹی بیچ تک رسائی کرتے ہوئے الٹ گئی ہیں۔

    حکام کے مطابق جب ریسکیو ادارے ساحل پر پہنچے تو انھوں نے دیکھا کہ ایک کشتی جس پر 8 افراد سوار تھے، تباہی کے بعد ساحل پر آ گئی تھی، جب کہ ایک اور پانگا کشتی جس پر 15 افراد سوار تھے، سرف میں الٹ گئی تھی۔