Tag: Call Centre

  • خاتون کا پراسرار قتل : بدبو دار لاش چار دن بعد کال سینٹر سے ملی

    خاتون کا پراسرار قتل : بدبو دار لاش چار دن بعد کال سینٹر سے ملی

    لاہور : مسلم ٹاؤن میں کال سینٹر سے لڑکی لاش برآمد ہونے پر قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقتولہ کا پہلے شوہر کے ساتھ خلع کا کیس چل رہا تھا، قتل کا مقدمہ بھائی ناصر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم ٹاؤن کے علاقہ میں واقع کال سینٹر سے خاتون کی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم افراد کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مقتولہ ثمرین نے وحدت روڈ پر کال سینٹر بنا رکھا تھا، ثمرین کا پہلے شوہر کے ساتھ خلع کا کیس بھی عدالت میں چل رہا تھا۔

    مقتولہ کے بھائی ناصر نے ایف آئی آر میں بتایا کہ کچھ روز سے بہن سے رابطہ نہ ہونے پر قصور سے لاہور آیا، کال سینٹر پہنچا تو کمرے سے بدبو آرہی تھی جس پر پولیس کو آگاہ کیا۔

    پولیس اہلکاروں کے آنے پر کال سینٹر کا دروازہ توڑ کر دیکھا تو بہن کی لاش پڑی تھی، مقتولہ ثمرین کےدو موبائل فونز بھی جائے وقوعہ سے غائب تھے۔

    پولیس کے مطابق 28 سالہ ثمرین کی لاش مسلم ٹاؤن موڑ کے قریب اس کے اپنے کال سنٹر سے ملی ہے، کال سینٹر پچھلے چار روز سے بند تھا۔

    اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تو ثمرین کو مردہ حالت میں پایا، پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی، فرانزک ماہرین کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے گئے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔

  • بھارت: بے روزگار نوجوانوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر پیسے بٹورنے والے گرفتار

    بھارت: بے روزگار نوجوانوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر پیسے بٹورنے والے گرفتار

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پولیس نے 9 ملزمان کو گرفتار کیا ہے جو بے روزگار افراد کو نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر ان سے پیسے بٹور رہے تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت دہلی میں ایک فرضی کال سینٹر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پکڑ میں آگیا جہاں معروف کمپنیوں میں ملازمت کا جھانسہ دے کر لوگوں کو لوٹا جارہا تھا۔

    کووڈ 19 کی وجہ سے ملازمت کے بحران میں ملزمان نے بہترین ملازمت اور تنخواہ کا لالچ دے کر متعدد افراد کے ساتھ فراڈ کیا۔ ملزمان لوگوں کو ملازمت فراہم کرنے کے نام پر آن لائن پیمنٹ کے ذریعے رجسٹریشن فیس کے طور پر 22 سو روپے وصول کرتے تھے۔

    دہلی پولیس نے سینٹر پر چھاپہ مار کر 4 خواتین سمیت 9 ملزمان گرفتار کیا، پولیس نے موقع واردات سے 5 لیپ ٹاپ، 5 موبائل فون اور 8 سم کارڈز بھی ضبط کیے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان بے روزگار نوجوانوں کو کال کر کے مختلف کمپنیوں میں ملازمت دینے کا وعدہ کر کے انہیں لالچ دیتے تھے۔

    رجسٹریشن فیس حاصل کرنے کے بعد مذکورہ نوجوان کو فرضی انٹرویو لیٹر اور اپائنٹمنٹ لیٹر بھیجا جاتا اور اضافی رقم جمع کروانے کو کہا جاتا، فرضی تقرری نامہ بھیجنے سے قبل وہ امیدوار کے بجٹ کے مطابق 10 ہزار سے لے کر 40 ہزار روپے تک کی رقم اس سے وصول کرتے۔

    پولیس کے مطابق گرفتار شدہ لوگوں میں سے ایک ملزم آشیش، میرٹھ سے آئی ٹی کی تعلیم حاصل کرچکا ہے، اور لاک ڈاؤن سے قبل ایک بینک میں ملازمت کر رہا تھا۔ دیگر ملزمان کا کوئی تکنیکی تجربہ نہیں۔