Tag: call donald trump

  • شاہ سلمان بن عبدالعزیز کیلئے دعائے صحت، امریکی صدر کا سعودی ولی عہد کو فون

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز کیلئے دعائے صحت، امریکی صدر کا سعودی ولی عہد کو فون

    ریاض : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کیا اور ان سے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔

    تفصیلات کے مطابق  ولی عہد، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلیفون پر رابطہ قائم کرکے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت کے بارے میں دریافت کیا، انہوں نے شاہ سلمان کی صحتیابی کے لیے فوری شفا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق ولی عہد نے امریکی صدر کو شاہ سلمان کی صحت کے بارے میں اطمینان دلایا اور صحت کے لیے رابطہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

    اس موقع پر امریکی صدر اور سعودی ولی عہد نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ علاقائی و بین الاقوامی حالات بھی زیر بحث آئے، شاہ سلمان کے کامیاب آپریشن کی اطلاع پرسعودی عرب کے ہر حلقے نے اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا۔

    شاہی خاندان کے افراد ،ممتاز علما، اعلی عہدیداروں، دانشوروں اور ذرائع ابلاغ کے ارباب نے کامیاب آپریشن پر شاہ سلمان کو مبارکباد پیش کی، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شاہ سلمان کو بہت جلد مکمل طور پر صحت یاب کرے۔

    مبارکباد دینے والوں میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس، نائب گورنر ریاض، او آئی سی کے سیکریٹری جنرل، گورنر ریاض، کمشنر جدہ، الجوف، حدود شمالیہ کے گورنرز کے نام قابل ذکر ہیں۔

  • وزیراعظم کا ڈونلڈ ٹرمپ کو فون، دورہ پاکستان کی دعوت

    وزیراعظم کا ڈونلڈ ٹرمپ کو فون، دورہ پاکستان کی دعوت

    اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فون کیا اور انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دے دی۔

    اطلاعات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فون کیا اور انہیں صدر منتخب ہونے پر حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے پاک امریکہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

    نواز شریف نے امریکی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ میں آپ سے جلد ملاقات کا متمنی ہوں اور اہالیانِ پاکستان آپ کے استقبال کے لیے آپ کی آمد کے منتظر ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم پاکستان سے کہا کہ آپ کی گفتگو سے لگ رہا ہے کہ ہم ایک دوسرے کو کافی عرصے سے جانتے ہیں، آپ اچھی شہرت رکھتے ہیں اور آپ کی کارکردگی ہرشعبے میں نظر آتی ہے ، آپ مجھے کسی بھی وقت فون کرسکتے ہیں۔

    واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منتخب ہونے کے بعد وزیراعظم پاکستان سے یہ ان کا پہلا رابطہ ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات پر خوشگوار اثر چھوڑ سکتا ہے۔