Tag: Calls

  • آرمی چیف کا  شیخ رشید کو 2  ہفتے مکمل آرام کا مشورہ

    آرمی چیف کا شیخ رشید کو 2 ہفتے مکمل آرام کا مشورہ

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کوروناوائرس سےصحتیاب وزیرریلوے شیخ رشید کودو ہفتے مکمل آرام کامشورہ دے دیا، شیخ رشید نے کہا صحت سے متعلق میرے لئے آپ کی کاوشوں کوہمیشہ یادرکھوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے وزیر ریلوے شیخ رشید سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور شیخ رشیدکی خیریت دریافت کرتے ہوئے کورونا سے صحتیابی پر مبارکباد دی۔

    آرمی چیف نے شیخ رشیدکو2ہفتےمکمل آرام کا مشورہ دیا ، جس پر شیخ رشید نے کہا ملٹری اسپتال کےانتظام بہترین تھے،ڈاکٹرز،اسٹاف نےبہت خیال رکھا، صحت سےمتعلق میرےلئےآپ کی کاوشوں کوہمیشہ یاد رکھوں گا۔

    یاد رہے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید ملٹری اسپتال راولپنڈی سے ڈسچارج ہو کر آج گھر منتقل ہوئے ، شیخ رشید احمد 11 جون سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    مزید پڑھیں : شیخ رشید نے کرونا وائرس کو مکمل شکست دے دی

    7 جون کو شیخ رشید کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر وہ آئیسولیشن میں چلے گئے تھے، تاہم طبیعت خراب ہونے پر وہ ملٹری اسپتال منتقل ہو گئے تھے، شیخ رشید کا گزشتہ روز کرونا ٹیسٹ دوبارہ کیا گیا، منفی آنے پر انھیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

    اسپتال رخصتی سے قبل شیخ رشید نے اسپتال کے عملے کا شکریہ ادا کیا اور کرونا کے مریضوں کا علاج کرنے اور ان کو حوصلہ دینے پر عملے کی تعریف کی۔ جبکہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے وزیر ریلوے کو صحت یاب ہونے پر گل دستے پیش کیے۔

    ڈاکٹرز نے شیخ رشید کو چند روز تک مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، شیخ راشد شفیق کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ شیخ رشید صحت یاب ہو گئے، قوم کی دعاؤں اور محبتوں کے شکر گزار ہیں۔

  • پوپ فرانسس کا ایمزون میں خوفناک آتشزدگی پر اظہار تشویش

    پوپ فرانسس کا ایمزون میں خوفناک آتشزدگی پر اظہار تشویش

    ویٹی کن سٹی:کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسِس نے ایمزون کے جنگلات میں لگی آگ پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انہوں نے ان جنگلات کو زمین کے کلیدی پھیپھڑے قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ان جنگلات کے ایک وسیع علاقے پر لگی آگ پر شدید تشویش ہے،سینٹ پیٹرز اسکوائر پر ہزاروں افراد کے مجمع سے اپنے ہفتہ وار خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ زمین پر زندگی کی بقا کے لیے یہ جنگلات انتہائی ضروری ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تمام تر عزم اور ٹھوس اقدامات کے ساتھ دعا کرنے کی ضرورت ہے کہ یہ آگ بجھ جائے۔

    ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں برس ایمزون کے جنگل میں جنوری سے اگست تک 72 ہزار843 مرتبہ آگ بھڑک چکی ہےجو کہ گزشتہ سال کی نسبت 85 فیصد زیادہ ہے۔ جبکہ 2018 40 ہزار اور 2016 میں 68 ہزار مرتبہ لگی تھی۔

    خیال رہے کہ پیرو کے روز ایمزون کے جنگل میں ہولناک آگ بھڑکنے کے بعد 2700 کلومیٹر دور واقع شہر ساؤ پالو میں بھی دھوئیں کے گھنے و کالے بادلوں کے باعث اندھیرا چھاگیاتھا۔

    ایمزون کے جنگلات دنیا کی فضا کو آکسیجن فراہم کرنے میں اپنا 20 فیصد حصہ ڈالتے ہیں اورانہیں دنیا کے پھیپھڑوں سے تشبیہ دی جاتی ہے۔

    خیال رہے کہ ایمزون کا جنگل 30 لاکھ اقسام کے درختوں، پودوں ، جانوروں اور دس لاکھ مقامی باشندوں(جنگلی قبائل) کا گھر ہے۔

    سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنگلات میں لگنے والی آگ کے سبب برازیل میں دھویں کے بادل چھائے ہوئے ہیں جنہوں نے کئی شہروں کو اندھیرے میں ڈبو دیا ہے۔

  • شمالی کوریا نے پومپیو کو سفارت کاری کا زہریلا پودا قرار دے دیا

    شمالی کوریا نے پومپیو کو سفارت کاری کا زہریلا پودا قرار دے دیا

    پیانگ یانگ :شمالی کوریا کے وزیر خارجہ نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو امریکی سفارت کاری کا زہریلا پودا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا سے جنگ یا مذاکرات دونوں کےلیے تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یونگ ہو نےایک انٹرویو میں مائیک پومپیو پر تنقید کرتے ہوئے انہیں امریکی سفارت کاری کا زہریلا پودا قرار دیا اور کہا کہ مائیک پومپیو دونوں ملکوں کے درمیان جوہری مزاکرات شروع ہونے کی کوششوں میں رکاوٹ ہیں۔

    شمالی کوریا کے وزیر خارجہ کے مطابق ان کا ملک امریکا سے جنگ اور مزاکرات دونوں کے لیے تیار ہے۔

    ری یونگ ہو کا مزید کہنا تھا کہ شمالی کوریا امریکا کے فضول خواب توڑنے کے لیے تیار ہےاور شمالی کوریا کوشش کرے گا کہ وہ امریکا کے لیے سب سے بڑا خطرہ موجود رہے۔

    واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کچھ روز قبل ایک انٹرویو میں شمالی کوریا پر پابندیاں برقرار رکھے جانے سے متعلق بیان دیا ھا۔

    یاد رہے کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کے درمیان رواں برس فروری میں ہنوئی میں ہونے والی دوسری ملاقات بھی بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئی تھی۔

  • براعظم امریکا کے 31 ملکوں سے حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ

    براعظم امریکا کے 31 ملکوں سے حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ

    بیروت : آرگنائزیشن آف امریکن اسٹیٹس نے براعظم کے تمام ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ ’حزب اللہ کو دہشت گرد گروپ قرار دے کر اس پرپابندیاں عاید کریں‘۔

    تفصیلات کے مطابق لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے خلاف عالمی سطح پر گھیرا مسلسل تنگ ہو رہا ہے۔ شدت پسند لبنانی تنظیم پر پابندیوں کے لیے براعظم امریکا کے ممالک بھی متحرک ہوگئے اور ارجنٹائن کی طرف سے حزب اللہ کو بلیک لسٹ کرکے تنظیم کے اثاثے منجمد کرنا اہم پیش رفت بتائی جا رہی ہے۔

    امریکی براعظم کے 31 ممالک کی تنظیم آرگنائزیشن آف امریکن اسٹیٹس(اواے ایس ) کے سیکرٹری جنرل لوئس الماگرو نے ایک بیان میں تنظیم کے 31 رکن ملکوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ارجنٹائن کے نقش قدم پرچلتے ہوئے حزب اللہ کو دہشت گرد گروپ قرار دے کر اس پرپابندیاں عاید کریں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ الماگرو جو چار سال سے اے او ایس کے سیکرٹری جنرل کے منصب پر تعینات ہیں حزب اور ایران کے حوالے سے سخت موقف رکھتے ہیں۔

    انہوں نے تنظیم کے ان اکتیس ممالک پر زور دیا کہ وہ حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دیں جس طرح تین دوسرے ملکوں امریکا، ارجنٹائن اور کینیڈا حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دے چکے ہیں۔

    الماگرو نے ارجنٹائن کی حکومت کی طرف سے حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس فیصلے سے حزب اللہ کے عالمی نیٹ ورک کے گرد گھیرا تنگ کرنے بالخصوص امریکی ملکوں میں حزب اللہ کی سرگرمیوں کو محدود کرنے میں مدد ملے گی۔

    انہوں نے یہ بیان ارجنٹائن میں یہودیوں کے ایک مذہبی مرکز پردہشت گردانہ حملے کی 25 ویں برسی کے موقع پر جاری کیا ۔

  • حج کے خواہاں قطری باشندوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن شروع

    حج کے خواہاں قطری باشندوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن شروع

    ریاض : سعودی حکام نے جاری بیان میں کہا ہے کہ قطری حکومت آن لائن رجسٹریشن سروس بند کرکے اپنے شہریوں کو فریضہ حج کی ادائیگی سے محروم نہ کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے قطرکے عازمین حج کی آن لائن رجسٹریشن کی سہولت کے لیے سابقہ تمام روابط بند ہونے کے بعد نئی آن لائن رجسٹریشن سروس قائم کردی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قطری حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ آن لائن رجسٹریشن سروس بند کرکے اپنے ملک کے شہریوں کو فریضہ حج کی ادائی سے محروم نہ کرے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اورشہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے متعقلہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ 1440ھ کے حج سیزن کے موقع پر حسب سابق قطری بھائیوں کے لیے ہرممکن سہولت فراہم کریں۔

    اس حوالے سے وزارت حج نے ایک نئی آن لائن ویب سائیٹ قائم کی ہے جس پر حج کے خواہاں قطری شہری اپنی رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت قطر سے آنےوالے عازمین حج کی ہرممکن مدد کو یقینی بنانے کے ساتھ دنیا بھر سے آئے اللہ کے مہمانوں کو مناسک حج کے دوران مکمل مدد فراہم کرنے کےلیے پرعزم ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کے مطابق بیان میں واضح کیا گیا ہےکہ سعودی عرب قطری شہریوں کے فریضہ حج میں کسی قسم کی رکاوٹ کو گورا نہیں کرے گا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ قطری حکومت کو چاہیے کہ وہ حج جیسے عظیم فریضے کو سیاسی رنگ نہ دے اور اپنے ملک کے باشندوں کو حج کی ادائی کے لیے مکمل آزادی فراہم کرے۔

  • گوٹیرس کا تمام ممالک سے خلیج میں جہاز رانی کی آزادی یقینی بنانے کا مطالبہ

    گوٹیرس کا تمام ممالک سے خلیج میں جہاز رانی کی آزادی یقینی بنانے کا مطالبہ

    نیویارک:اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ خلیج کے علاقے میں جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنائیں، اس بات کا اعلان گوٹیرس کے ترجمان فرحان حق نے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے فرحان کا کہنا تھا کہ سیکریٹری جنرل کا مطالبہ بالکل واضح ہے، انہوں نے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ جہاز رانی کی آزادی کو ہر جگہ یقینی بنایا جائے جس میں آبنائے ہرمز بھی شامل ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گوٹیرس اس بات کی تصدیق چاہتے ہیں کہ تمام ممالک خلیج کے علاقے میں جارحیت کم کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ گوٹیرس ایسے کسی بھی اقدامات سے گریز کے خواہاں ہیں جن سے مستقبل میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو،خلیج کے علاقے میں کشیدگی میں اضافہ جاری ہے۔ امریکا کی جانب سے خلیج عربی میں بحری کمک کی دوسری کھیپ ارسال کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت ایران کی جانب سے ایک برطانوی تیل بردار جہاز کو تحویل میں لینے کی ناکام کوشش کے بعد سامنے آئی ہے۔ اس دوران ایرانی ذمے داران اپنے ایک تیل بردار جہاز کے حراست میں لیے جانے پر بہت جلد برطانیہ کے خلاف انتقامی کارروائی کی دھمکی دے چکے ہیں۔

  • برطانیہ نے آئل ٹینکر آزاد نہیں کیا تو خطرناک نتائج کیلئے تیار رہے، ایران

    برطانیہ نے آئل ٹینکر آزاد نہیں کیا تو خطرناک نتائج کیلئے تیار رہے، ایران

    تہران : ایران نے مطالبہ کیا ہے کہ برطانیہ اس کے آئل ٹینکر کو چھوڑ دے، جو بہانہ بنا کر اس ایرانی ٹینکر کو پکڑا گیا ہے وہ درست نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الزام عائد کیا گیا تھا کہ عالمی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یہ ٹینکر شام میں آئل کی سپلائی کرنے کی کوشش میں تھا۔ تاہم ایران نے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے۔

    جمعے کے دن ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے کہا کہ جو بہانہ بنا کر اس ایرانی ٹینکر کو پکڑا گیا ہے وہ درست نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے برطانوی بحریہ نے شام جانے والے ایرانی آئل ٹینکر کوبرطانوی کالونی جبرالٹر کے علاقے میں قبضے میں لیا تھا۔

    مزید پڑھیں: برطانوی آئل ٹینکر پر ایرانی قبضے کی کوشش ناکام

    واضح رہے کہ سپریم لیڈر  آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای، صدر حسن روحانی اور آرمی چیف محمد باقری نے آئل ٹینکر کو رہا نہ کرنے کی صورت میں برطانوی ٹینکر کو روکنے کی دھمکی دی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ایرانی ٹینکر کے قبضے کا جواب دینے کے لیے ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں برطانوی آئل ٹینکر کو پکڑنے کی کوشش کی تھی جو ناکام ہوگئی تھی۔

    یاد رہے کہ یورپی یونین نے شام کو تیل کی سپلائی پر پابندی عائد کررکھی ہے جس پر ایرانی ٹینکر جبرالٹر سے شام خام تیل لے جاتے ہوئے گزشتہ ہفتے پکڑا گیا تھا۔

  • حج کو سیاسی نہ بنانا ایک بڑی غلطی تھی، آیت اللہ خامنہ ای

    حج کو سیاسی نہ بنانا ایک بڑی غلطی تھی، آیت اللہ خامنہ ای

    تہران : سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے حج سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’حج کو سیاسی نہ بنانا ایک بڑی غلطی تھی ، مجبوروں ومقہوروں کی مدد کرنا اسلامی ذمے داری ہے‘۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ سیّد علی الحسینی خامنہ ای نے ایک مرتبہ پھر حج کو سیاسی رنگ میں ڈھالنے سے متعلق بیان دے دیااور حج کو ایک سیاسی اجتماع قرار دیا ہے۔

    ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے ایک بیان میں کہا کہ حج کو سیاسی نہ بنانا ایک بڑی غلطی تھی اور مجبوروں ومقہوروں کی مدد کرنا اسلامی ذمے داری ہے۔

    سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے سعودی عرب سے مطالبہ کیا کہ وہ عازمینِ حج کے تحفظ کو یقینی بنائے لیکن ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ حج کو سیاسی رنگ دینے کی مخالفت یا اس عمل سے روکنا دین مخالف فعل ہے۔

    آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ عازمین حج کو سکیورٹی مہیا کرنے کے لیے سعودی عرب پر بھاری ذمے داری عاید ہوتی ہے لیکن اس کو اس مقصد کے لیے’ سکیورٹی مرتکز ‘ماحول نہیں بنانا چاہیے۔

  • سعودی ولی عہد محمد بن سلمان میرے دوست ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

    سعودی ولی عہد محمد بن سلمان میرے دوست ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

    اوساکا : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ٹرمپ سے ملاقات کے دوران کہا کہ ’دہشت گردی کے خلاف جنگ کی کوششوں میں آپ کی خدمات پر پوری دنیا احسان مند ہے‘۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات اور دوستی میرے لیے عزت کا مقام ہے۔ محمد بن سلمان بہترین دوست ہیں اور سعودی مملکت کے لیے بہت زیادہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

    امریکی صدر نے ان خیالات کا اظہار جاپان کے شہر اوساکا میں منعقدہ جی 20 سمٹ کے موقع پر سعودی ولی عہد سے ملاقات میں کیا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد نے اپنے ملک کے لیے بہت کچھ کیاہے۔ ان کا اشارہ دونوں ملکوں کے درمیان عسکری ، اقتصادی اور سیاسی شراکت داری وتعاون کی جانب تھا جس کے نتیجے میں امریکا میں روزگار کے غیر معمولی مواقع پیدا ہوئے۔

    ٹرمپ نے کہا کہ سعودی ولی عہد نے مملکت سے دہشت گردی ختم کرنے کے لیے شاندارکام کیا۔

    اس موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی کوششوں میں آپ کی خدمات پر پوری دنیا احسان مند ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ یہ ایک طویل سفر ہے اور ہم نے یہ سفر مکمل کرکے ملک کو منزل تک پہنچانا ہے۔

  • ایران پر حملہ ضروری ہے امریکا تاخیر نہ کرے، سعودی اخبار کا مطالبہ

    ایران پر حملہ ضروری ہے امریکا تاخیر نہ کرے، سعودی اخبار کا مطالبہ

    ریاض : سعودی خبر رساں ادارے نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران پر پابندیوں کے واضح نتائج ابھی تک سامنے نہیں آئے، اس لیے حملے ضروری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے حکومت نواز خبر رساں ادارے ’عرب نیوز‘ نے اپنے ایک اداریے میں امریکا سے ایران پر سرجیکل حملے شروع کر دینے کا مطالبہ کیا ہے اورلکھا ہے کہ ایران پر پابندیوں کے واضح نتائج ابھی تک سامنے نہیں آئے، اس لیے حملے ضروری ہیں۔

    سعودی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کو ایرانی دھمکیوں کے تناظر میں ایسے حملے ضروری ہو گئے ہیں۔ اخبار نے ان حملوں کو موجودہ کشیدہ صورت حال میں منطقی قدم قرار دیا۔

    اخبار کے مطابق امریکا نے شام کی کیمیائی ہتھیار سازی کی تنصیبات کو نشانہ بنا کر پہلے ہی مثال قائم کر دی تھی۔

    اداریے میں کہا گیا کہ ایران پر پابندیوں کے واضح نتائج ابھی تک سامنے نہیں آئے، اس لیے حملے ضروری ہیں۔ سعودی اخبار سعودی حکومت کے ریسرچ اور مارکیٹنگ گروپ کا حصہ ہے۔

    خیال رہے کہ امریکا سرکار کی جانب سے گزشتہ دنوں ایران پر پابندیوں کو مزید سخت کر دیا گیا ہے، ٹرمپ انتظامیہ نے مشرق وسطیٰ میں اپنے دستوں کی تعداد بھی بڑھا دی ہے.

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال میں‌ عسکری اشتعال انگیزی کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکا ایک برس قبل ایران کے ساتھ کیے گئے جوہری معاہدے سے دستبردار ہو گیا تھا۔

    یاد رہے کہ ایرانی وزیر دفاع میجر جنرل امیر حاتمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کسی بھی نوعیت کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اعلی ترین دفاعی عسکری استعداد کا حامل ہے۔