Tag: campaign

  • 1999 سے لیکر 2018 تک موسمیاتی تبدیلی سے 10 ہزار جانیں ضائع ہوئیں: وزیر اعظم

    1999 سے لیکر 2018 تک موسمیاتی تبدیلی سے 10 ہزار جانیں ضائع ہوئیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سے لیکر 2018 تک موسمیاتی تبدیلی سے 10 ہزار جانیں ضائع ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف نے موسم بہار کی ملک گیر شجرکاری مہم کا آغاز کردیا، انہوں نے پودا لگا کرشجرکاری مہم کا آغاز کیا۔

    اس موقعے پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس میں پودا لگا کر ملک بھر میں موسم بہار کی شجر کاری کا افتتاح کیا ہے، ہماری گزشتہ حکومت کا ہدف 24 کروڑ درخت لگانے کا تھا ہم اس سال درخت لگانے کی تعداد دگنی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں کل رقبے کے تناسب میں جنگلات صرف 5 فیصد ہیں، پاکستان دنیا کا پانچواں سب سے زیادہ موسمیاتی خطرات کا شکار ملک ہے، 1999 سے لیکر 2018 تک موسمیاتی تبدیلی سے 10 ہزار جانیں ضائع ہوئیں۔

    انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہواہے اس لیے ضروری ہے تعلیمی اداروں میں اس خطرے کی آگاہی کو یقینی بنایا جائے  اور شجرکاری مہم پورے پاکستان میں پھیلانے کی کوششیں کی جانی چاہئیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ اس موقع پر پاکستانی قوم سے درخواست کرتا ہوں شجرکاری مہم کا حصہ بنیں، قوم موسمیاتی خطرات سے بچانے کیلئے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں۔

  • پاکستانی ٹک ٹاکرز کی رہنمائی کیلئے ’ٹک ٹاک‘ کا اہم فیصلہ

    پاکستانی ٹک ٹاکرز کی رہنمائی کیلئے ’ٹک ٹاک‘ کا اہم فیصلہ

    دنیا بھر میں گزشتہ چند سالوں کے دوران تیزی سے فروغ پانے والی ٹک ٹاک ایپ نے پاکستان میں کمیونٹی گائیڈ لائنز کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے لیے دلچسپ مہم کا آغازکر دیا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ اس مہم کے تحت ملک بھر میں کانٹینٹ کریئیٹرز کی رہنمائی کے لیے کمیونٹی گائیڈ لائنز ورکشاپس منعقد کی جائیں گی۔

    کمیونٹی گائیڈ لائنز سے متعلق ورکشاپس کانٹنٹ کریئیٹرز کی معلومات میں اضافے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں، اس سلسلے میں پاکستان کے مشہور کانٹنٹ کریئیٹرز کے اشتراک سے کمیونٹی گائیڈ لائنز کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے گی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ مہم ٹک ٹاک کی اپنی کمیونٹی کی حفاظت اور بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا ایک حصہ ہے۔ مہم کا مقصد ذمہ دارانہ کانٹنٹ کریئشن کے طریقوں کی حوصلہ افزائی اور محفوظ ڈیجیٹل ماحول کو فروغ دینا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کمیونٹی گائیڈ لائنز ابھرتے ہوئے ٹرینڈز اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار کی گئی ہیں۔ ہیش ٹیگ سفرٹوگیدر کے تحت مذکورہ مہم کا لینڈنگ پیج پاکستانی کمیونٹی کے لیے قابل رسائی ہوگا۔

    ترجمان ٹک ٹاک کا مزید کہنا ہے کہ ٹک ٹاک اپنی کمیونٹی گائیڈ لائنز کی اہمیت کے حوالے سے لوگوں کو آگاہی فراہم کرنے میں مسلسل سرمایہ کاری کررہا ہے۔

  • رومانیہ : فوج میں بھرتیوں کیلیے خصوصی مہم کا آغاز

    رومانیہ : فوج میں بھرتیوں کیلیے خصوصی مہم کا آغاز

    رومانیہ اپنی فوج میں مزید چار ہزار سے زائد جوانوں کی خدمات حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہے، اس حوالے سے فوج میں جوانوں کی بھرتیوں کیلیے ایک مہم کا آغاز کر رہی ہے۔

    رومانیہ کی وزارت دفاع کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمیں ایسے 4ہزار سے زائد نوجوانوں کی تلاش ہے جو فوج میں بھرتی کے خواہشمند ہوں امیدوار ہر کاؤنٹی میں بھرتی مراکز پر جاکر اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

    وزارت دفاع کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ بیان کے مطابق رومانیہ کی مسلح افواج میں پیشہ ور فوجیوں کی 4,159اسامیوں کو پُر کرنے کے لیے سب سے بڑی بھرتی مہم کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

  • پرویز الٰہی کی جانب سے K2 کلین اپ مہم کے لیے 15 لاکھ روپے کا چیک

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کے ٹو کلین اپ مہم کو مکمل سپورٹ کرتی ہے، انہوں نے معروف کوہ پیما ساجد سدپارہ کو مہم کے لیے 15 لاکھ روپے کا چیک بھی دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے معروف کوہ پیما ساجد علی سدپارہ کی ملاقات ہوئی، پرویز الٰہی نے ساجد سدپارہ کو کے ٹو کلین اپ مہم کے لیے 15 لاکھ روپے کا چیک دیا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کے ٹو کلین اپ مہم کے لیے ساجد علی سد پارہ کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، شہروں، دیہات اور گلی محلوں کے ساتھ پہاڑوں کو بھی صاف رکھنا ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ٹو کلین اپ مہم کو مکمل سپورٹ کرتی ہے، مہم سیاحت کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگی۔

    ساجد سدپارہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کے ٹو کلین اپ مہم کے لیے فنڈز دے کر ہمارے دل جیت لیے۔

  • بھارت میں صفائی مہم سے حکومت کو اربوں روپے کی آمدنی

    بھارت میں صفائی مہم سے حکومت کو اربوں روپے کی آمدنی

    نئی دہلی: بھارت میں مہاتما گاندھی کے جنم دن کے موقع پر شروع کی جانے والی صفائی مہم سے مرکزی حکومت کو ڈھائی سو کروڑ روپے حاصل ہوگئے ہیں، یہ رقم کچرے کو فروخت کر کے حاصل کی گئی ہے۔

    اس صفائی مہم کے تحت سرکاری دفاتر میں موجود کچرا صاف کیا جارہا ہے اور انہیں فروخت کر کے مالی فائدہ بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق 24 دنوں میں اس مہم کے ذریعہ مرکزی حکومت نے 252 کروڑ روپے حاصل کر لیے ہیں جو ایک بہت بڑی رقم ہے۔

    گزشتہ سال بھی مہاتما گاندھی کے یومِ پیدائش پر اسی طرح کی مہم شروع ہوئی تھی، لیکن اس پوری مہم کے دوران محض 62 کروڑ روپے حاصل ہوئے تھے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق صفائی مہم 2.0 کے تحت سرکاری دفاتر میں بے کار پڑی سرکاری فائلوں کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک کچرا بھی کم کیا جا رہا ہے۔ اب تک صرف سینٹرل سیکریٹریٹ میں 40 لاکھ سے زیادہ فائلوں کو ختم کیا جا چکا ہے، ان میں تقریباً 31 لاکھ ای فائلز جبکہ 8 لاکھ سے زیادہ کاغذوں والی فائلیں ہیں۔

    مہم کی نگرانی ریاستی وزیر جتیندر سنگھ کر رہی ہیں۔

    یہ اعداد و شمار بھی حیران کن ہیں کہ کچرا صاف ہونے سے دفاتر میں 37.19 لاکھ اسکوائر فٹ جگہ خالی ہوئی ہے جس کا استعمال الگ الگ چیزوں کے لیے کیا جا رہا ہے جیسے لائبریری یا کینٹین۔

    یہ مہم 31 اکتوبر تک جاری رہے گی۔

  • سعودی عرب: انسداد گداگری کی مہم تیز، بھاری جرمانے عائد

    سعودی عرب: انسداد گداگری کی مہم تیز، بھاری جرمانے عائد

    ریاض: سعودی عرب میں وزارت داخلہ کی ہدایت پر گداگری کے انسداد کی مہم تیز کردی گئی، گداگری کا پیشہ اپنانے یا گداگر کی مدد کرنے پر بھاری جرمانے عائد ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ امن عامہ کے اہلکار مملکت کے مختلف علاقوں میں گداگروں کو پکڑنے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں، وزارت داخلہ کی ہدایت پر گداگری کے انسداد کی مہم تیز کردی گئی ہے۔

    محکمہ امن عامہ نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے کہا ہے کہ اگر مکہ مکرمہ اور ریاض ریجنوں میں انہیں کہیں گداگر نظر آئیں تو رابطہ کر کے مطلع کریں۔

    محکمہ امن عامہ کا کہنا تھا کہ عطیات کے سرکاری پلیٹ فارم مملکت میں موجود ہیں، ضرورت مندوں تک عطیات کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری عطیات پلیٹ فارم سے رجوع کیا جائے۔

    یاد رہے کہ گداگری کا پیشہ اپنانے، گداگری پر آمادہ کرنے یا گداگر کی مدد کرنے پر 6 ماہ تک قید یا 50 ہزار ریال تک جرمانے کی سزا ہے۔ دونوں میں سے کوئی ایک سزا بھی دی جاسکتی ہے۔

    گداگری کا پیشہ اپنانے یا گداگروں سے بھیک منگوانے پر ایک سال کی قید یا ایک لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

    اگر کوئی غیر ملکی گداگری میں ملوث پایا جائے گا تو اسے قید کی سزا مکمل کرنے کے بعد مملکت سے بے دخل اور بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔

  • رواں سال کی پہلی انسداد پولیو مہم: 2 کروڑ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن

    رواں سال کی پہلی انسداد پولیو مہم: 2 کروڑ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن

    اسلام آباد: رواں سال کی پہلی انسداد پولیو مہم میں 2 کروڑ سے زائد بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف حاصل کرلیا گیا، سال 2021 میں پورے ملک سے صرف ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال کی پہلی انسداد پولیو مہم اختتام پذیر ہوگئی، کوآرڈینیٹر مہم ڈاکٹر شہزاد بیگ کا کہنا ہے کہ 2 کروڑ 24 لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف حاصل کیا گیا۔

    ڈاکٹر شہزاد کا کہا تھا کہ مہم ملک کے 70 مخصوص اضلاع میں چلائی گئی، مہم میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد تربیت یافتہ پولیو ورکرز نے حصہ لیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ 28 فروری سے قومی سطح کی مہم شروع ہو رہی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس انسداد پولیو کے لیے ہنگامی اور مؤثر اقدامات اٹھائے گئے جن کی بدولت سال 2021 میں پورے ملک سے صرف ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا۔

    اس سے قبل سنہ 2020 میں 84 پولیو کیسز رپورٹ کیے گئے تھے۔

  • سندھ حکومت کا گھر گھر سوشل رجسٹری کروانے کا منصوبہ

    سندھ حکومت کا گھر گھر سوشل رجسٹری کروانے کا منصوبہ

    کراچی: سندھ حکومت نے پولیو ورکرز کے ذریعے گھر گھر سوشل رجسٹری کروانے کا منصوبہ تیار کرلیا، پولیو ورکر فارم کے ذریعے معلومات حاصل کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں پولیو ورکرز کے ذریعے گھر گھر سوشل رجسٹری کروانے کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔

    اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رجسٹری مہم میں پولیو ورکر فارم کے ذریعے معلومات حاصل کریں گے، معلومات کی بنیاد پر ہر فرد کو الگ سے سوشل رجسٹری نمبر دیا جائے گا۔

    چیف سیکریٹری سندھ کا کہنا تھا کہ عوام کی سماجی حالت کے بارے میں ڈیٹا بیس تیار کر رہے ہیں، حکومتی ریلیف کی مؤثر اور شفاف ترسیل کے لیے معلومات دستیاب ہونا چاہیئے، مہم کے لیے سندھ کابینہ نے 350 ملین روپے کی منظوری دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کے 12 یونین کونسلز میں سوشل رجسٹری کا پائلٹ پراجیکٹ مکمل کیا گیا ہے، پولیو ورکرز کو مہم کے لیے خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔

  • ماہرہ خان گھریلو تشدد کے خلاف عالمی مہم کا حصہ بن گئیں

    ماہرہ خان گھریلو تشدد کے خلاف عالمی مہم کا حصہ بن گئیں

    کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان گھریلو تشدد اور جنسی استحصال کے خلاف عالمی مہم کا حصہ بن گئیں، وہ اس سے قبل بھی بچوں اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف مہمات کا حصہ رہ چکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ ماہرہ خان گھریلو تشدد اور جنسی استحصال کے خلاف کامن ویلتھ کی عالمی مہم کا حصہ بن گئیں۔

    اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں ماہرہ خان نے بتایا کہ وہ کامن ویلتھ اور جینٹل فورسز نامی تنظیم کے تعاون سے چلنے والی عالمی مہم کا حصہ بن گئیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Mahira Khan (@mahirahkhan)

    ماہرہ نے انسٹاگرام پر مذکورہ مہم کا حصہ بننے کے حوالے سے متعدد پوسٹس کیں، جن میں انہوں نے تصدیق کی کہ وہ کامن ویلتھ کے تحت شروع کی گئی مہم جوائن دی کورس کا حصہ بن چکی ہیں۔

    انہوں نے ویڈیو میں اپنا تعارف کروانے کے بعد کامن ویلتھ ارکان ممالک کے افراد کو مہم کا حصہ بننے کی دعوت بھی دی۔

    اسی طرح ماہرہ نے جوائن دی کورس نامی مہم سے متعلق دیگر دو پوسٹس بھی کیں، جن میں سے ایک ویڈیو میں انہوں نے لوگوں کو پیغام دیا کہ وہ گھریلو تشدد اور جنسی استحصال سمیت دیگر مسائل پر خاموش رہنے کی روایات کو ختم کرکے آواز بلند کریں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Mahira Khan (@mahirahkhan)

    ماہرہ خان جس مہم کا حصہ بنی ہیں، اسی مہم میں برطانوی، آسٹریلوی اور دیگر ممالک کی شوبز، اسپورٹس اور متعدد معروف شخصیات شامل ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Mahira Khan (@mahirahkhan)

    جوائن دی کورس نامی مہم پاکستان، بھارت، برطانیہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور کینیڈا سمیت دنیا کے 54 ممالک ارکان پر مشتمل تنظیم کامن ویلتھ نے سماجی ادارے جینٹل فورس کے تعاون سے شروع کی ہے۔

    کامن ویلتھ کے ارکان ممالک میں زیادہ تر وہ ملک شامل ہیں جو ماضی میں سلطنت برطانیہ کے زیر کنٹرول تھے۔ جوائن دی کورس نامی مہم کے تحت دنیا بھر سے گھریلو تشدد اور جنسی استحصال کے خاتمے کی مہم چلائی جا رہی ہے۔

  • ابو ظہبی: ایک اور ٹریفک خلاف ورزی پر 400 درہم جرمانہ عائد

    ابو ظہبی: ایک اور ٹریفک خلاف ورزی پر 400 درہم جرمانہ عائد

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی کی پولیس نے ایک اور ٹریفک خلاف ورزی پر 400 درہم جرمانہ عائد کردیا ہے، ابو ظہبی پولیس محفوظ ڈرائیونگ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی آگاہی مہم چلا رہی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ابو ظہبی پولیس نے ڈرائیوروں سے کہا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران دائیں لین کی پابندی کریں اور عقب یا بائیں جانب سے آنے والی گاڑیوں کو ترجیحی بنیاد پر آگے بڑھنے کا موقع دیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ایسا نہ کرنا ٹریفک خلاف ورزی ہے جس پر 400 درہم جرمانہ ہوگا۔

    ابو ظہبی پولیس دراصل ان دنوں محفوظ ڈرائیونگ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی آگاہی مہم چلا رہی ہے۔

    ابو ظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ڈرائیور اپنے آگے چلنے والی گاڑی کو دائیں جانب سے اوور ٹیک نہ کرے، ایسا کرنے پر ٹریفک حادثے کا بڑا خطرہ ہوتا ہے۔ بعض اوقات اس سے ہلاکتیں بھی ہوتی ہیں اور لوگ زخمی بھی ہوتے ہیں۔

    پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا کہ کوئی بھی ڈرائیور اس وقت تک ٹریک تبدیل نہ کرے جب تک کہ اس بات کا اطمینان نہ کرلیا جائے کہ راستہ خالی ہے اور ٹریک تبدیل کرتے وقت ایک گاڑی دوسری گاڑی کے درمیان ضروری فاصلے کی پابندی کرے۔ ایک ٹریک سے دوسرے ٹریک میں جاتے وقت سگنل ضرور دے۔