Tag: campaign

  • ایم کیو ایم پاکستان نے کورونا فری کراچی مہم چلانے کا آغاز کردیا

    ایم کیو ایم پاکستان نے کورونا فری کراچی مہم چلانے کا آغاز کردیا

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ایک لاکھ سینی ٹائرزاور راشن عوام میں تقسیم کرنے اور حق پرست نمائندے ایک ماہ کی تنخواہ کورونا فنڈ میں دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے کورونا فری کراچی مہم چلانے کا آغاز کردیا، خالد مقبول صدیقی نے عوام میں ایک لاکھ سینی ٹائرز ،راشن عوام میں تقسیم کرنے اور حق پرست نمائندے ایک ماہ کی تنخواہ کورونا فنڈ میں دینے جبکہ حکومت کو آئسولیشن وارڈ بنانے کیلئے اپنی عمارتیں فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

    میئر کراچی نے وفاق سے شرح سود 10فیصد پر لانے کا مطالبہ کردیا، کورونا وائرس سے پاک کراچی مہم چلائیں گے, عوام میں ایک لاکھ سینیٹائزر اور راشن تقسیم کریں گے۔

    حق پرست عوامی نمائندے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا بچاؤ فنڈ میں دیں گے، ایم کیو ایم پاکستان نے کے ایم سی، ڈی ایم سی اور خدمت خلق کی تمام عمارتیں حکومت وقت کو آئسولیشن وارڈ کے لئے دینے کا اعلان کردیا، اس بات کا اعلان ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں نیوز کانفرنس کے دوران کیا۔

    ایک سوال کے جواب میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تسلیم کرتا ہوں کہ کورونا وائرس کے خلاف وفاقی حکومت کا ردعمل تاخیر سے آیا ہے، نیوز کانفرنس کے دوران میئر کراچی وسیم اختر نے وفاق سے شرح سود 9سے 10فیصد پر لانے اور عوام کے لئے معاشی پیکج کے اعلان کا مطالبہ کیا۔

    وسیم اختر ایم کیو ایم کا کہناتھا کہ کورونا وائرس کے خلاف آگاہی مہم چلانے کی تیاریاں مکمل ہیں. ہم نے اپنے تمام دفاتر ایک ہفتے کے لیے بند کردیئے ہیں۔

  • حکومت نے 99 فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف حاصل کرلیا

    حکومت نے 99 فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف حاصل کرلیا

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ حالیہ مہم میں 99 فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف حاصل کیا گیا، مہم میں مجموعی طور پر 2 لاکھ65ہزار ورکرز نے حصہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد پولیو مہم کے خاتمے پر معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ رواں سال 111 پولیو کیس رپورٹ ہونے کے بعد مہم کی اہمیت بڑھ گئی تھی، بلوچستان اور کےپی کے دورافتادہ اضلاع سے اعداد وشمار آنا باقی ہیں، اعدادوشمار کے مطابق 39.1 ملین(99 فیصد) بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ کراچی، کوئٹہ، خیبر، پشین اور قلعہ عبداللہ میں آج اور کل بھی حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے، مہم کا آغاز وزیراعظم نے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر کیا تھا، وزیراعظم کا اقدام پولیو کے خلاف قومی یکجہتی کی بڑی علامت ہے، تمام وزرائے اعلیٰ اور سیاسی جماعتوں نے مہم کی کامیابی میں کردار ادا کیا۔

    انسدادِ پولیو مہم میں عدم دل چسپی، کامران آفریدی عہدے سے فارغ

    ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ موذی مرض کے خاتمے کے لیے تمام مکتبہ فکر اپنا کردار ادا کریں، ہمیں پولیو وائرس کے خاتمے میں مشکلات کا سامنا ہے، عالمی برادری پولیو کے خاتمے کے لیےتعاون کررہی ہے، مشترکہ کوششوں سے پاکستان کو پولیو فری ملک بنا ئیں گے۔

    خیال رہے کہ رواں برس ملک بھر میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 100 ہوگئی ہے، یہ شرح سنہ 2015 سے بھی زیادہ ہے جب ملک میں 54 پولیو کیسز رپورٹ کیے گئے۔

  • ٹرمپ انتظامیہ کی الیکشن مہم، اسرائیل مخالف ممالک سے تعلقات پر نظرثانی کی تجویز

    ٹرمپ انتظامیہ کی الیکشن مہم، اسرائیل مخالف ممالک سے تعلقات پر نظرثانی کی تجویز

    واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ کے خصوصی ایلچی ایلن کار نے اسرائیل مخالفین کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکا یہود مخالف ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات پر غور کرے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے تعلقات اس وقت جاری ہیں جب غاصب صیہونی ریاست اسرائیل معرض وجود میں آیا تھا اور اس کے وجود کو اقوام متحدہ میں سب سے پہلے امریکا نے تسلیم کیا تھا اور آج تک اسرائیل کے خلاف پیش کی جانے والے تمام قرار دادوں کو امریکا ہی ویٹو کرتا آرہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہود مخالف نظریات و جذبات کی انسداد اور ان کی نگرانی کےلیے امریکی عہدیدار ایلن کار کا دورہ اسرائیل کے موقع پر کہنا تھا کہ ایسے ممالک کے ساتھ تعلقات باعث تشویش ہیں لہذا امریکا کو ان ممالک کے ساتھ تعلقات پر نظرثانی کرنی چاہیے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ ایلن کار نے کسی خاص ملک کا نام نہیں لیا اور نہ یہ وضاحت کی کہ امریکا کی موجودہ حکومت یہود مخالف ممالک کے خلاف کیا اقدامات اٹھائے گی۔

    ایلن کار کا کہنا تھا کہ ’میں ہر سطح پر اس مسئلے کو اٹھاؤں گا اور خصوصی اجلاسوں اور ملاقاتوں میں بھی اس معاملے پر بات کروں گا‘۔

    امریکی تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے دیگر ساتھی و جماعت اسرائیل کی حمایت حاصل کرکے امریکا میں مقیم یہودیوں کے ووٹ حاصل کرسکیں گے۔

    ناقدین کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ قوم پرستی پر مبنی مہم چلا رہے ہیں جس کے باعث امریکا کے امن کو خراب کرنے والے گروہوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے تاہم امریکی انتظامیہ نے ناقدین کے بیان کی تردید کی ہے۔

  • ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سابق سربراہ پال فورٹ‌ کو 47 ماہ قید کی سزا

    ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سابق سربراہ پال فورٹ‌ کو 47 ماہ قید کی سزا

    واشنگٹن : عدالت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم سابق مینیجر مینا فورٹ کو دھوکا دہی کے الزام میں تین سال آٹھ ماہ قید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹڑمپ کی سنہ 2016 میں صدارتی انتخابات کے دوران انتخابی مہم چلانے والے مینیجر مینا فورڈ پر ٹیکس کے معاملات, بینک سے دھوکا دہی اور یوکرائن میں لاکھوں ڈالر کی آمدن چھپانے کا الزام تھا جس کی سماعت کئی ماہ سے ریاست ورجینیا کی عدالت میں جاری تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے قریبی ساتھی پال مینا فورٹ پر گزشتہ برس یوکرائن میں لاکھوں ڈالرز کی آمدن و اثاثے چھپانے پر ملزم قرار دیا گیا تھا۔

    ورجینیا کی عدالت نے پال فورٹ کو تقریباً چار برس قید کی سزا سناتے ہوئے 50 ہزار ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ استغاثہ نے عدالت سے 24 سال تک قید کی سزا سنانے کی درخواست کی تھی تاہم عدالت نے پال مینا فورٹ صرف 47 ماہ قید کی سزا سنائی۔

    واضح رہے کہ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سربراہ پال مینا فورٹ پر سیاسی مشاورت سے حاصل ہونے والی رقم کو یوکرائن میں مخفی رکھنے کا الزام صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کی تفتیش کے دوران عائد کی گیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے پال مینا فورٹ نے عدالتی فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے رحم کی اپیل دائر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    خیال رہے کہ پال کو ایک ہفتے کے بعد ایک اور مقدمے میں سزا سنائی جائے گی۔

  • امریکا میں پہلی مرتبہ ایک مسلمان صدارتی امیدوار برنی سینڈرز کی انتخابی مہم چلائے گا

    امریکا میں پہلی مرتبہ ایک مسلمان صدارتی امیدوار برنی سینڈرز کی انتخابی مہم چلائے گا

    واشنگٹن : امریکا کے صدارتی امیدوار سینیٹر برنی سینڈرز نے اپنی انتخابی مہم چلانے کے لیے پہلی مرتبہ مسلمان شہری کو مینیجر منتخب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے سنہ 2020 میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں انتخابی مہم چلانے کےلیے فیص شاکر نامی ایک مسلمان کا انتخاب کرلیا جو کسی بھی امریکی صدارتی امید وار کی انتخابی مہم چلانے والے پہلے مسلمان شخص ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سینیٹر برنی کے مینیجر منتخب ہونے والے نئے مینیجر فیض شاکر امریکن سول لبرٹیز یونین (اے سی ایل یو) کے سیاسی ڈائریکٹر ہیں جن کا تعلق پاکستانی تارکین خاندان سے ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فیض شاکر ایک باعزت امریکی شہری اور ترقی پسند شخصیت ہیں، جو مشیر سابق ڈیموکریٹ رہنما برائے سینیٹ ہیری ریڈ کے ساتھ بطور مشیر بھی کام کرچکے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ فیض شاکر کانگریس کی موجودہ اسپیکر نینسی پیلوسی کے ساتھ بھی کام کرچکے ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق فیض شاکر سنہ 2017 میں امریکن سول لبرٹیز یونین میں شامل ہوئے تھے اور ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف ہونے والی قانونی کارروائیوں میں اہم کردار ادا کرچکے ہیں۔

    سینیٹ کے سابق ڈیموکریٹ رہنما ہیری ریڈ کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف کا کہنا تھا کہ ’فیض شاکر ایک ناقابل یقین شخصیت حامل ہیں اور سسٹم میں بہتر انداز میں کام کرنے کا طریقہ بھی جانتے ہیں‘۔

    ایڈم جینٹلسن کا کہنا تھا کہ سابق ڈیموکریٹ رہنما فیض پر اتنا بھروسہ تھا کہ وہ کوئی بھی رد عمل فیض سے مشورہ لیے بغیر نہیں دیتے تھے اور نہ کسی دوسرے کے مشورے پر اتنی سنجیدگی سے عمل کرتے تھے۔

    امریکی وسط مدتی انتخاب میں تاریخ رقم، دو مسلمان خواتین نے کانگریس میں جگہ بنالی

    خیال رہے کہ گزشتہ برس امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وسطی مدتی انتخابات میں دو مسلمان خواتین ایوان نمائندگان کا حصّہ بنی تھیں اور دونوں مسلمان خواتین کا تعلق ڈیموکریٹس جماعت سے ہے۔

    چھتیس سالہ الہان عمر نے ریاست منی سوٹا سے کامیابی حاصل کی تھی، انھوں نے 72 فیصد ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل ری پبلکن امیدوار صرف 22 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ فلسطینی نژاد رشیدہ طلائب نے ریاست مشی گن سے کامیابی حاصل کی تھی، ان کے مقابلے میں ری پبلکنز کا کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا تھا۔

  • جاگ اٹھا کشمیر، خصوصی آگاہی مہم کا آغاز

    جاگ اٹھا کشمیر، خصوصی آگاہی مہم کا آغاز

    اسلام آباد: مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے 50سے زائد تنظیموں نے مشترکہ طور پر ’’جاگ اٹھا کشمیر‘‘کے عنوان سے10فروری تک خصوصی مہم کا آغاز کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اس مہم کے تحت یہ تمام تنظیمیں سوشل میڈیا پر بالخصوص اور مجموعی طور پر ہر سطح پر کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو اجاگر کرنے کے لیے مہم چلائیں گی ، اس مہم میں ان تمام تنظیموں کےسوشل میڈیا ونگ متحرک کردار ادا کریں گے ، اس مہم کا مقصد کشمیریوں کو یقین دلانا ہے کہ ان کی اس جدوجہد میں پاکستانی قوم ان کی پشت پر کھڑی ہے۔

    اس دوران چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میں سیمینارز کے اہتمام کے ساتھ سوشل میڈیاکیلئے خصوصی ڈاکومنٹریز ، ویڈیوز ، وی لاگ اور بلاگز تیار کیے گئے ہیں جبکہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے خصوصی ترانے تیار کئے گئے ہیں۔

    اس امر کا اعلان ’سب کا پاکستان فورم ‘کے ایگزیکٹو ممبران رضی طاہر، سعد ارسلان صادق، حنان ملک، زمان باجوہ ،کاشف ظہیر کمبوہ ، طہ منیب نے کیا۔

    انہوں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لئے انتہائی ناگزیر ہے، اس کے بغیر پاکستان ہمیشہ خطرات سے دو چار رہا ہے، ہم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور انہیں آزادی ملنے تک ہر لحاظ سے ان کا ساتھ دیتے رہیں گے، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی جاری ہے اور جاری رہے گی،مظلوم کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے،پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے۔

    یہ بھی کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی پر بین الاقوامی اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے۔

    صحافیوں سے گفتگو میں بتایا گیا ہے کہ سب کا پاکستان کے پلیٹ فارم سے اس مہم میں یوتھ ایسوسی ایشن آف پاکستان، المحمدیہ سٹوڈنٹس، ایم ایس ایم، شعور سوسائٹی، پازیٹو یوتھ ڈویلپمنٹ ایسویسی ایشن، کشمیر یوتھ الائنس، پاکستان یوتھ ایکٹیوزم، میری آواز سنو، کشمیر فورم فار یوتھ، پاکستان کا اللہ حافظ ، وائس آف پاکستان سمیت تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے سوشل میڈیا ونگز شامل ہیں ۔

  • پورے پاکستان میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف ہے، وزیر اعظم

    پورے پاکستان میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف ہے، وزیر اعظم

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شجر کاری مہم تمام شہروں میں شروع کررہے ہیں، اگر درخت لگانے نہ شروع کئے تو پاکستان ریگستان بن سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران نے کہا ہے کہ شجر کاری مہم کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا ہے، شجر کاری مہم تمام شہروں میں شروع کررہے ہیں، پورے پاکستان میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے شروع کی جانے والی ملک بھر میں شجرکاری کرنے کی مہم کے حوالے سے حکومت کے پاکستان کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر بھی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

    وزیر اعظم پاکستان کا کہنا ہے کہ گلوبل وارمنگ کے باعث پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوگا، 5 سال میں پورے پاکستان کو سرسبز و شاداب کرنا ہے، جو بھی خالی علاقے اور زمین ملے گی وہاں پر پودے لگائیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر درخت لگانے نہ شروع کئے تو پاکستان ریگستان بن سکتا ہے، درخت نہ لگائے تو آلودگی کے مسئلے میں بھی اضافہ ہوگا، شجر کاری مہم کا مقصد آئندہ نسلوں کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔

    چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ ابھی تک کسی کو جنگلات برباد کرنے کا احساس نہیں تھا، درخت لگانے سے بارشیں ہوں گی یہ زندگی اور موت کی جنگ ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کا کہنا تھا کہ چاہتا ہوں سب لوگ گرین پاکستان مہم میں ہمارا ساتھ دیں، پنجاب میں جنگلات کو برباد کر دیا گیا، لکڑیاں کاٹ کر بیچی گئیں، پورے پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے پُرعزم ہیں۔

  • عوام کا نعرہ ووٹ صرف بینظیر کے لیے سن کر بے حد خوشی ہوئی: بلاول بھٹو

    عوام کا نعرہ ووٹ صرف بینظیر کے لیے سن کر بے حد خوشی ہوئی: بلاول بھٹو

    پیرجو گوٹھ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کا نعرہ ووٹ صرف بے نظیر کے لیے سن کر بے حد خوشی ہوئی، انتخابات میں کامیاب ہوں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اندرون سندھ کے علاقے پیر جو گوٹھ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مخالفین نفرت کی سیاست کرتے ہیں، وقت آگیا ہے اب ظلم کی سیاست نہیں چلے گی۔

    انہوں نے کہا کہ مخالفین نفرت کی سیاست کرتے ہیں، ہم نے نفرتوں کے بجائے محبت کی بات کی، عام انتخابات میں سب واضح ہوجائے پیپلز پارٹی کو عوام کامیاب کریں گے۔


    ہمارا مقابلہ” مجھے کیوں نکالا، یوٹرن اور کٹھ پتلی اتحاد” سے ہے، بلاول بھٹو


    چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ جمہوری حکومت عوام کی خدمت کے لیے ہوتی ہے، ہم نے قوم کی خدمت کی، الیکشن میں واضح ہوجائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیر جوگوٹھ والوں نے میرا دل جیت لیا ہے، 25 جولائی کو پیرجو گوٹھ تبدیل ہوگا، پچس جولائی کو پیرجو گوٹھ تیرجو گوٹھ میں بدل جائے گا، یہاں کے لوگوں کا جوش جنون دیکھ کر لگتا ہے پی پی یہاں سے ابھی کامیاب ہوگئی ہے۔


    جمہوریت مخالف لوگ متحد ہو رہے ہیں: بلاول بھٹو


    ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی خدمت اور مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، ہماری سیاست عوام کی خدمت کے لیے ہے، طاقت کے لیے ہمیں کبھی سیاست نہیں کی، پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے غربت کا مقابلہ کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سندھ میں تاریخی ترقیاتی کام مراد علی شاہ اور قائم علی شاہ کے دور میں ہوئے: بلاول بھٹو

    سندھ میں تاریخی ترقیاتی کام مراد علی شاہ اور قائم علی شاہ کے دور میں ہوئے: بلاول بھٹو

    نوابشاہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں تاریخی اور ترقیاتی کام مراد علی شاہ اور قائم علی شاہ کے دور میں ہوئے، ہم نے غربت کا مقابلہ کیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوابشاہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو زرداری کا مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دو نام نہاد سیاسی جماعتوں نے اپنا منشور پیش ہی نہیں کیا، ان جماعتوں کے پاس مسائل کا کوئی حل نہیں ہے۔


    تمام طاقتوں کو بتانا چاہتا ہوں، عوام پراعتماد کریں، انھیں فیصلہ کرنے دیں: بلاول بھٹو زرداری


    انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے منشور میں انقلابی چیزیں شامل کیں ہیں، بھوک مٹاو پروگرام کے ذریعے فوڈ کارڈ دیں گے، فوڈ کارڈز کے ذریعے کھانے پینےکی اشیا کم قیمت پر حاصل ہوں گی، پیپلزپارٹی کا منشور ہمیشہ کسان دوست رہا ہے، ہم نے عوام کی خدمت کی ہے۔

    چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ کسان خوشحال تو ملک خوشحال، پیپلزپارٹی کسانوں کو قرضے دے گی، ہم نے نوابشاہ میں ترقیاتی کام کرائے، ہماری جماعت وہ واحد جماعت ہے جس نے غربت کا مقابلہ کیا ہے، مخالفین کا کام تنقید کرنا ہے ہم کام کرتے ہیں۔


    سندھ میں دل کے 8 اسپتال بنے جہاں مفت علاج ہوتا ہے: بلاول بھٹو


    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم نے بینظیر انکم سپورٹ کارڈ دیا تھا اس طرح بینظیر کسان کارڈ دیں گے، اس کارڈ کے ذریعے سبسڈی، قرضے اور فصلوں کو انشورنس دی جائے گی، کسان دوست پالیسی ہوگی، اقتدار میں آکر غرمت کا خاتمہ کردیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ شہید بی بی کے نامکمل مشن کی تکمیل کے لیے نکلا ہوں، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جمہوری نظام کے لیے جدوجہد کی، کٹھ پتلی اتحاد والوں نے ماضی میں آمریت کا ساتھ دیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نئی دہلی میں درختوں کی کٹائی کے خلاف مہم کا آغاز

    نئی دہلی میں درختوں کی کٹائی کے خلاف مہم کا آغاز

    نئی دہلی : بھارت میں سماجی کارکنوں نے درختوں کی کٹائی کے خلاف مہم کا آغاز کرتے ہوئے درختوں کے گرد بینرز اور پوسٹرز آویزاں کردیئے ہیں جن پر ’مجھے بچاؤ‘ کے الفاظ تحریر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں درختوں کے تحفظ کے سلسلے میں ’درختوں کو بچاؤ‘ نامی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ تحفظِ ماحول کے لیے کام کرنے والے سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ دہلی میں تعمیراتی مقاصد کے لیے درختوں کی بے دریغ کٹائی کی جارہی ہے۔

    بھارتی میڈیا ذرائع کا کہنا تھا کہ دہلی میں ماحولیات کو محفوظ بنانے کے سلسلے میں خدمات انجام دینے والے سماجی کارکنوں نے شہر میں درختوں کی کٹائی کے خلاف مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سرکاری فلٹیس تعمیر کرنے کے لیے 16 ہزار 5 سو درختوں کو کاٹ رہی ہے۔

    میڈیا کا کہنا تھا کہ سماجی امور انجام دینے والے کارکنوں نے درختوں کی حفاظت کے لیے درختوں کے گرد بینرز اور پوسٹر آویزاں کردیئے ہیں جن پر ’مجھے بچاؤ‘ کے الفاظ تحریر ہیں۔

    خیال رہے کہ دہلی کو دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شمار کیا جاتا ہے، تاہم بھارت میں ہونے والی حالیہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث دہلی کی موسمی صورتحال بھی خراب ہوتی جارہی ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستانی حکام بھی ترقیاتی منصوبوں اور رہائشی آبادیوں کی تعمیر کے سلسلے میں درختوں اور جنگلوں کی کٹائی کثرت سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    پاکستان میں درختوں کی کٹائی کے خلاف ملک کے کئی بڑے شہروں میں درختوں کی بے رحمانہ کٹائی کے خلاف مظاہرے بھی ہوچکے ہیں۔

    بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق دہلی کے رہائیشوں کی ایک بڑی مشکل شہر کی فضائی آلودگی ہے، جس نے عوام کو شدید بے چینی میں مبتلا کیا ہوا ہے۔

    تحقیقی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نئی دہلی کی فضائی آلودگی شہر میں زہریلی ہوا کے پیدا ہونے کا سبب بنتی ہے، جس سے ہر سال 10 ہزار سے 30 ہزار کے قریب افراد لقمہ اجل بنتے ہیں، جبکہ 44 لاکھ بچوں میں تقریباً نصف بچوں کے پھیپھڑے زہریلی ہوا کے باعث ہمیشہ کے لیے خراب ہوچکے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ کسی شہر میں جنگلات کی موجودگی اس شہر کی خوشحالی، خوبصورتی اور باشندوں کی صحت و تندرستی میں اضافہ کرسکتی ہے۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ بڑے اور پرہجوم شہروں میں درختوں کا ہونا ضروری ہے تاکہ وہاں موسمیاتی تغیرات (کلائمٹ چینج) کی وجہ سے ہونے والی گرمی اور ماحول کی آلودگی میں کمی آئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔