Tag: Canada

  • کینیڈا کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار

    کینیڈا کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار

    ٹورنٹو : کینیڈا نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا جموں وکشمیرکی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں ، تمام فریق سرحدوں پرامن واستحکام کا مظاہرہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈین وزیرخارجہ کرسٹیافری لینڈ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اظہارتشویش کرتے ہوئے کہا جموں وکشمیر کی صورتحال کا بغورجائزہ لے رہے ہیں، اہم مسئلے پر کینیڈا میں مقیم کشمیریوں سے بات چیت کی ہے۔

    کینیڈین وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن،تشددکی خبروں پرتشویش ہے، متاثرہ کمیونٹی کیساتھ بامعنی مذاکرات کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

    کرسٹیافری لینڈ نے مزید کہا کہ تمام فریق سرحدوں پرامن واستحکام اور لائن آف کنٹرول پرتحمل کا مظاہرہ کیا جائے۔

    خیال رہے بھارتی فورسزنے مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب بڑی جیل بنا رکھا ہے ، اسکول، کالج تجارتی مراکز سب بند ہے اور ہر طرف قابض فورسز کا گشت جاری ہے۔

    قابض انتظامیہ نے سڑکیں بلاک کردیں ہیں اور حریت اور سیاسی رہنما بدستور قید میں ہیں جبکہ کشمیریوں کا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ہے۔

    یاد رہے پاکستان بھر میں بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر آج یوم سیاہ منا یا جارہا ہے ، یوم سیاہ پر کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی کے لئے اسلام آباد میں سرکاری عمارتوں پرقومی پرچم سرنگوں کردیئے گئے ہیں۔

  • کینیڈا میں دائیں بازو کے انتہا پسند گروہ، دہشت گردوں کی فہرست میں‌ شامل

    کینیڈا میں دائیں بازو کے انتہا پسند گروہ، دہشت گردوں کی فہرست میں‌ شامل

    ٹورنٹو: کینیڈا کی حکومت نے پہلی بار دائیں بازو کے انتہا پسند گروہوں کو بھی دہشت گردی کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی دنیا بھر کے ممالک دہشت گردی سے نمٹنے کےلیے مختلف قسم کے اقدامات اٹھا رہے ہیں تاکہ اپنے شہریوں کو نہ صرف شدت پسند دانہ کارروائیوں کا نشانہ بنانے سے بچاسکےبلکہ انہیں ایسی تنظیموں یا گروہوں میں شمولیت سے بھی روک سکیں، کینیڈین سیکیورٹی حکام کی جانب سے بھی اپنے شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر انتہا پسند گروہوں کے خلاف اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

    کینیڈین سکیورٹی حکام نے بتایا کہ ان گروپوں میں سے ایک تو دائیں بازو کی انتہا پسند تنظیم بلڈ اینڈ آنر ہے اور دوسرا اسی تنظیم کا مسلح بازو آرم کومبیٹ ایٹین۔

    کینیڈین حکومت نے الزام لگایاکہ ان گروپوں کے اراکین میں سے ‘بلڈ اینڈ آنر‘ کے انتہا پسند ارکان شمالی امریکا اور یورپ میں کیے جانے والے متعدد حملوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈین حکومت کی طرف سے مرتب کردہ دہشت گردوں کی فہرست میں مجموعی طور پر دنیا بھر سے تقریبا ساٹھ شدت پسند اور انتہا پسند گروہ شامل ہیں۔

  • کینیڈا 2020 تک عراق میں نیٹو مشن کی سربراہی کرے گا، ہرجیت سجن

    کینیڈا 2020 تک عراق میں نیٹو مشن کی سربراہی کرے گا، ہرجیت سجن

    ٹورنٹو : عراق میں جاری نیٹو مشن کی سربراہی آئندہ برس نومبر تک بدستور کینیڈا کے ہی پاس رہے گی، کینیڈین حکام نے بریگیڈیئر جنرل جینی کارگنن کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی جو موسم سرما تک نیٹو مشن کی سربراہی کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق اس بات کا اعلان کینیڈا کے وزیر دفاع ہرجیت سجن نے کیا ، عراق میں جاری نیٹو آپریشن میں اس وقت 850 فوجی تعینات ہیں جو عالمی دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ (داعش) کے خلاف برسرپیکار ہیں جن میں سے 250 کا تعلق کینیڈا سے ہے، جو نیٹو مشن کے تحت عراقی فوجیوں کی تربیت میں مصروف ہیں۔

    کینیڈین وزیر دفاع سجن کا کہنا تھا کہ بریگیڈیئر جنرل جینی کارگنن کو ترقی دے کر میجر جنرل کا رینک دیا جا رہا ہے اور وہی رواں برس موسم سرما سےنومبر 2020 تک کے لیے عراق میں نیٹو مشن کی سربراہ ہوں گی۔

    کینیدین وزیر دفاع کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’ہمارا پیغام واضح ہے:کینیڈا قیادت کرنے اور اپنے اتحادیوں کی حمایت میں کھڑے ہونے کو تیار ہے‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کاکہنا تھا کہ جینی کارگنن قبل ازیں بوسنیا، گولان ہائٹس اور افغانستان میں بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔

  • کینیڈا کا ایک مرتبہ استعمال ہونے والی پلاسٹک اشیا پر پابندی کا فیصلہ

    کینیڈا کا ایک مرتبہ استعمال ہونے والی پلاسٹک اشیا پر پابندی کا فیصلہ

    اوٹاوا : کینیڈا نے ایک مرتبہ استعمال ہونے والی پلاسٹک اشیا پر پابندی کا فیصلہ کرلیا ، وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا 2021 سے قبل کینیڈا، ساحلی بندرگاہوں پر ایک مرتبہ استعمال ہونے والی نقصان دہ پلاسٹک پر پابندی عائد کردے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا 2021 تک ملک میں ایک مرتبہ استعمال ہونے والی پلاسٹک کی مصنوعات کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی جائے گی۔

    جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا سائنسی بنیادوں پر جائزے کی بنیاد پر مخصوص اشیا پر پابندی کا فیصلہ کیا جائے گا، لیکن حکومت پانی کی بوتلوں، پلاسٹک کی تھیلیوں اور اسٹراز پر غور کر رہی ہے۔

    کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ2021 سے قبل کینیڈا، ساحلی بندرگاہوں پر ایک مرتبہ استعمال ہونے والی نقصان دہ پلاسٹک پر پابندی عائد کردے گا، کینیڈا کی حکومت نے یورپی یونین کی پارلیمنٹ سے متاثر ہو کر یہ فیصلہ کیا جس نے مارچ میں ایک مرتبہ استعمال ہونے والی پلاسٹک مصنوعات کی وجہ سے ہونے والی آلودگی کے خلاف ان پر بڑے پیمانے پر پابندی عائد کی تھی۔

    ان کا کہنا تھا یورپی یونین کے رکن ممالک سے وابستہ قانون سازوں کو اس اقدام کے اطلاق سے قبل لازمی طور پر رائے شماری کرنی چاہیے۔

    جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ اکثر ممالک ایسا کررہے ہیں اور کینیڈا بھی ان میں سے ایک ہوگا، یہ ایک بڑا قدم ہوگا اور ہم جانتے ہیں کہ 2021 تک ہم یہ کرسکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ کینیڈا میں استعمال ہونے والے پلاسٹک کا 10 فیصد سے بھی کم حصہ ری سائیکلنگ کے ذریعے دوبارہ استعمال کیا جاتا ہےجبکہ کینیڈا کی حکومت کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں ہر سال تقریبا 10 لاکھ پرندے اور ایک لاکھ سمندری جانور پلاسٹک کھانے یا اپنے گرد لپٹنے کی وجہ سے زخمی ہوتے یا مر جاتے ہیں۔

  • فلپائنی صدر نے کینیڈین سفارت خانے میں کوڑا ڈالنے کی دھمکی دے دی

    فلپائنی صدر نے کینیڈین سفارت خانے میں کوڑا ڈالنے کی دھمکی دے دی

    منیلا : فلپائنی صدر نے کینیڈین حکومت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کینیڈا کی حکومت نے منیلا کو بھیجے گئے کوڑے کرکٹ کے کنٹینر واپس نہ لیے تو حکومت اس پر جوابی کارروائی کی مجاز ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائن کے صدر روڈو ریگو دوتیرتے نے کینیدا سے مطالبہ کیا ہے کہ کچھ برس قبل غلطی سے فلپائن بھیجے کوڑا کرکٹ کے کنیٹر فوری واپس لے ورگرنہ فلپائنی حکومت اس پر جوابی کارروائی کی مجاز ہوگی۔

    فلپائنی حکام کا کہنا ہے کہ اگر کینیڈا کی حکومت نے منیلا کو بھیجے کوڑے کرکٹ کے کنٹینر واپس نہ لیے تو ان کنٹینرز میں موجود کچرا و فضلاء کینیڈین سفارت خانے پر پھینک دیں گے۔

    فلپائنی صدر کا کہنا تھا کہ ’اس شرط پر یہ کوڑا کرکٹ قبول ہوگا، اگر کینیڈا فلپائن کو تعلیم کی مد میں رقم فراہم کرے‘۔

    دوتیرتے کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے کے دوران کینیڈین حکام نے کوڑے کو واپس لیں ورنہ اسے جبراً واپس بھیجا جائے گا۔

    خیال رہے کہ سنہ 2013ء اور 2014ء کے دوران کینیڈا کی طرف سے گھروں میں جمع ہونے والے پلاسٹک، بیگز، بوتلیں استعمال شدہ ڈائپرز اور دیگر فالتو چیزوں پر مشتمل کوڑے کرکٹ کے 100 کنٹینر فلپائن پہنچا دیئے گئے تھے۔

    کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ یہ کوڑا کرکٹ ایک نجی کمپنی ریسائیکلنگ لے جانا چاہتی تھی مگر غلطی سے وہ منیلا پہنچ گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اس پر فلپائن کی جانب سے متعدد بار سفارتی سطح پر احتجاج کیا گیا مگر کینیڈا ابھی تک فلپائن بھیجے گئے کوڑے کرکٹ کا معاملہ حل نہیں کرسکا ہے۔

    کینیڈا کا کہنا ہے کہ کوڑا کرکٹ ایک نجی کمپنی کے تجارتی معاہدے کے تحت منتقل کیا گیا جس میں حکومت کا کوئی ہاتھ نہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ منیلا میں قائم کینیڈین سفارت خانے کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کی حکومتیں کوڑے کرکٹ کے معاملے کے حل کےلیے کوشش کر رہی ہیں۔ جلد ہی ہم اس کا کوئی مناسب حل نکال لیں گے۔

  • کینیڈا میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 4 افراد ہلاک

    کینیڈا میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 4 افراد ہلاک

    اوٹاوا: کینیڈا میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 4 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے صوبے برٹس کولمبیا میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعات کی تحقیقات کے دوران ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے تاہم حراست میں لیے گئے ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

    پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعات کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، ملزم کا مقصد بھی اب تک سامنے نہیں آسکا۔

    کینیڈا میں فائرنگ کرکے 6 نمازیوں کو شہید کرنے والے ملزم کو عمر قید کی سزا

    یاد رہے کہ رواں سال 9 فروری کو کینیڈا کے شہر کیوبک کی مسجد میں فائرنگ کرکے 6 نمازیوں کو شہید کرنے والے ملزم کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ 29 سالہ الیگزینڈر ہسونیٹ نے 2017 میں کینیڈا کے شہر کے کیوبک کی ایک مسجد میں مسلح حملہ آور نے فائرنگ کرکے 6 نمازیوں کو شہید اور 6 کو زخمی کردیا تھا، کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے واردات کو دہشت گردی قرار دیا تھا۔

  • روس یوکرائن کشیدگی: امریکا اور اتحادیوں‌ نے متعدد روسی شہریوں و کمپنیوں پر پابندی لگادی

    روس یوکرائن کشیدگی: امریکا اور اتحادیوں‌ نے متعدد روسی شہریوں و کمپنیوں پر پابندی لگادی

    ماسکو : یوکرائن کے خلاف روسی جارحیت پر رد عمل دیتے ہوئے امریکا اور اس کے مغربی اتحادیوں نے روسی شہریوں اور کمپنیوں پر نئی پابندیاں عائد کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرائن کے خلاف روس کی بڑھتی ہوئی جارحیت خلاف امریکا اور اتحادیوں نے روس کے ایک درجن سے زائد افراد اور اداروں پر پابندی لگائی ہے۔

    امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ مذکورہ پابندی ان افراد اور اداروں پر لگائی گئی ہے جنہوں نے یوکرائنی جنگی جہاز پر حملے میں کردار ادا کیا تھا۔

    امریکی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا ہے کہ روسی حکام یوکرائن کے علیحدگی پسند افراد کی حمایت و معاونت کررہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکا، یورپی ممالک اور کینیڈا کی جانب سے روسی محکمہ دفاع کے 4 افسران سمیت اعلیٰ عہدوں پر فائز 6 افسران پر قدغن لگائی گئی ہے جبکہ کریما میں تعمیراتی کام کرنے والی کمپنیوں اور روسی توانائی کی کمپنیوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ روس اور یوکرائن میں جاری کشیدگی میں مذکورہ اقدامات کے باعث مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

    یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک کا کہنا تھا کہ روسی حکام یوکرائنی بحریہ کے گرفتار افراد کو واپس یوکرائن کے حوالے کریں۔

    مزید پڑھیں : روس یوکرائن کشیدگی کے بادل جی 20 اجلاس پر بھی منڈلانے لگے

    یوکرائن نے روس سے ملحقہ سرحدی علاقے میں مارشل لاء لگادیا

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ روس اور یوکرائن کے درمیان 2014 سے جاری کشیدگی کے باعث اب تک دس ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ روس اور یوکرائن کے درمیان تنازع اس وقت پیدا ہوا روس نے کیراج پورٹ پر 3 یوکرائینی بحری جنگی کشتیوں پر فائرنگ کرکے 6 اہلکاروں کو زخمی کردیا تھا اور تاحال یوکرائن کے بحری جہاز اور عملہ روس کے قبضے میں ہے۔

  • کینیڈین خاتون موٹر سائیکل پر پاکستان دیکھنے نکل پڑیں

    کینیڈین خاتون موٹر سائیکل پر پاکستان دیکھنے نکل پڑیں

    لاہور: کینیڈین سیاح خاتون روزی گیبرئیل پاکستان کی محبت میں مبتلا ہو گئیں، موٹر سائیکل پر پاکستان کے مختلف شہر اور تفریحی مقامات دیکھنے نکل پڑیں۔

    تفصیلات کے مطابق خود کو اکیلی موٹر سائیکل سیاح کہنے والی کینیڈین خاتون روزی پاکستان کے خوب صورت تفریحی مقامات دیکھنے نکلی ہیں۔

    روزی گیبرئیل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنی تصاویر پوسٹ کر دیں۔

    روزی کا کہنا ہے کہ وہ اب تک مالم جبہ، صحرائے چولستان، قصور اور لاہور کی سیر کر چکی ہیں۔

    قصور میں روزی نے صوفی شاعر بابا بلھے شاہ کے مزار کی زیارت بھی کی، مزار کی خاتون متولی نے ان کے سر پر ہاتھ رکھ کر دعا بھی دی اور دعا کرنے کا طریقہ بھی بتایا۔

    روزی نے بتایا کہ مزار کے اندر داخل ہونے کے بعد ان کے احساسات ایک دم تبدیل ہو گئے اور ان پر ایک روحانی کیفیت طاری ہو گئی۔

    خاتون سیاح نے لاہور کی تنگ گلیوں کی بھی سیر کی، ایک تندور والے کو چپاتیاں پکاتے ہوئے دیکھ کر حیران رہ گئیں، خود بھی روٹی بنانے کی کوشش کی۔

    روزی گیبرئیل نے بتایا کہ ان کی آخری منزل گوادر ہے، وہ گوادر کی سیر کرنے کی خواہش مند ہیں۔

    کینیڈین خاتون نے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان محفوظ اور پر امن ملک ہے، یہاں کے لوگ بہت پیار کرنے والے اور مخلص ہیں۔

  • کینیڈین نوجوان کی مہارت، مونالیزا کی شہرہ آفاق پینٹنگ کو اسنو لیزا میں تبدیل کردیا

    کینیڈین نوجوان کی مہارت، مونالیزا کی شہرہ آفاق پینٹنگ کو اسنو لیزا میں تبدیل کردیا

    اوٹاوا: کینیڈا میں نوجوان آرٹسٹ کے فن پارے کی دھوم مچ گئی، مونالیزا کی شہرہ آفاق پینٹنگ کو اسنو لیزا میں تبدیل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مونالیزا کی مشہور پینٹنگ کو کینیڈین نوجوان نے ایسی مہارت سے برف پر نقش کیا کہ دیکھنے والے حیران رہ گئے۔

    ٹورنٹو کے رہائشی رابرٹ گرین فیلڈ نے آرٹ کا یہ عمدہ نمونہ پینٹنگ کرکے نہیں بلکہ برف کی سفید چادر میں ڈھکے اپنے گھر کے عقبی صحن میں ایک بیلچے کی مدد سے پیش کیا۔

    کمال مہارت سے برف پر بنائی گئی مونا لیزا کی یہ پینٹنگ سوشل میڈیا آتے ہی چھاگئی ہے، ہزاروں افراد پینٹنگ کو دیکھ کر نوجوان آرٹسٹ کے فن کو سرارہے ہیں۔

    آرٹسٹ کا کہنا ہے کہ اس نے بیلچے اور ہاکی کی مدد سے یہ اسنو لیزا تیار کیا، کینیڈا میں ہونے والی برفباری سے یہ تخلیق کرنے میں کامیاب ہوا۔

    کینیڈا میں ان دنوں شدید برفباری ہورہی ہے، سڑکوں اور گلیوں میں چھ انچ تک برف کی تہہ جم چکی ہے جبکہ شہری شدید ٹھنڈ کے باعث بلاضرورت گھر سے باہر جانے سے اجتناب کررہے ہیں۔

    خیال رہے کہ مشہور زمانہ مونا لیزا کی پینٹنگ اٹلی کے مصور لیونا رڈو ڈا ونسی نے تیار کی تھی، شہکار تخلیق کی ابتدا سال 1503 یا 1504 میں شروع کی جبکہ اپنے مرنے سے کچھ عرصے قبل ہی 1509میں مکمل کی۔

    یہ پینٹنگ ان کی پسندیدہ تھی اس غیر معمولی پینٹنگ کو وہ اپنے ساتھ فرانس لے گیا اور آخری وقت تک اپنے ساتھ رکھا۔

  • سعودی لڑکی راہف القانون کینیڈا پہنچ گئیں

    سعودی لڑکی راہف القانون کینیڈا پہنچ گئیں

    اوٹاوا: سعودی عرب سے فرار ہونے والی 18 سالہ لڑکی راہف محمد القانون سیاسی پناہ ملنے کے بعد کینیڈا پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے خاندان کو چھوڑنے اور بنکاک ایئرپورٹ پر پھنس جانے والی سعودی لڑکی راہف محمد القانون کینیڈا پہنچ گئیں۔

    راہف محمد القانون جب ٹورنٹو ایئرپورٹ پہنچیں تو کینیڈا کی وزیرخارجہ کرسٹیا فریلینڈ نے انہیں ایک نئی بہادر کینیڈین کے طور پرمتعارف کروایا۔

    کینیڈین وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ راہف محمد القانون نے بات کرنے سے اجتناب کیا ہے چونکہ طویل سفر کے بعد وہ تھکن سے چُور ہیں۔

    سعودی لڑکی راہف القانون کو کینیڈا نے پناہ دے دی

    اس سے قبل گزشتہ روز کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے راہف محمد القانون کو سیاسی پناہ دینے سے متعلق اقوام متحدہ کی درخواست منظور کی تھی۔

    کینیڈین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں راہف کو سیاسی پناہ دینے پر خوشی ہے کیونکہ کینیڈا وہ ملک ہے جو انسانی حقوق اور خواتین کے لیے آواز اٹھانے کی اہمیت کو سمجھتا ہے اور میں اس بات کی تصدیق کررہا ہوں کہ ہم نے اقوام متحدہ کی درخواست قبول کرلی ہے۔

    یاد رہے کہ 18 سالہ لڑکی راہف محمد القانون براستہ بنکاک آسٹریلیا جانا چاہتی تھی لیکن انہیں پہلے کویت واپس جانے کے لیے کہا گیا جہاں ان کا خاندان ان کا انتظارکر رہا تھا۔

    راہف نے واپس جانے سے انکار کردیا تھا اور ایئرپورٹ کے ہوٹل کے ایک کمرے میں خود کو بند کرلیا تھا جس سے انہیں بین الاقوامی توجہ بھی حاصل ہوئی۔