Tag: Canada

  • کیا جسٹن ٹروڈو استعفیٰ دینے والے ہیں؟

    کیا جسٹن ٹروڈو استعفیٰ دینے والے ہیں؟

    اوٹاوا: کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو پر کرسی چھوڑنے کے لیے دباؤ برھنے لگا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے کینیڈا میں قیادت میں تبدیلی اور نئے انتخابات کا مطالبہ کر دیا ہے، گزشتہ روز کینیڈا کی وزیر خزانہ کرسٹیا فری لینڈ نے پالیسیوں پر اختلافات کے سبب استعفیٰ دے دیا تھا۔

    کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی حکومت ان کی وزیر خزانہ کرسٹیا فری لینڈ کی اچانک علیحدگی سے ایک نئی انتشار کا شکار ہو گئی ہے۔ پیر کا دن ٹرڈو حکومت کے لیے خاصہ ہنگامہ خیز رہا، اگرچہ ان کو نیا وزیر خزانہ مل گیا ہے تاہم جسٹن ٹروڈو کو اب اپنی ہی لبرل پارٹی کے ارکان کی جانب سے استعفیٰ دینے کے مطالبے کا سامنا ہے۔

    اپنے استعفے کے خط میں فری لینڈ نے ٹروڈو کے ساتھ اس بات پر اختلاف کا حوالہ دیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹیرف کے خطرے کا جواب کیسے دیا جائے گا۔ کیوں کہ ٹرمپ نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ اگر کینیڈا مشترکہ سرحد کو زیادہ محفوظ نہیں بنائے گا، تو امریکا درآمدی کینیڈین اشیا پر 25 فی صد ٹیکس عائد کر دے گا۔ جب کہ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان محصولات کا کینیڈا کی معیشت پر تباہ کن اثر پڑ سکتا ہے۔

    کرسٹیا فری لینڈ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی ’جارحانہ اقتصادی قوم پرستی‘ سے کینیڈا کی معیشت کو خطرہ لاحق ہے، اور اس خطرے سے نمٹنے کے لیے وزیر اعظم ’مہنگی سیاسی چالوں‘ کا انتخاب کر رہے ہیں۔ بعد ازاں ڈونلڈ نے بھی فری لینڈ کو جواب دیتے ہوئے پوسٹ کیا کہ وزیر خزانہ کا رویہ مکمل طور پر زہریلا تھا، اور ایسے رویے کے ساتھ کینیڈین شہریوں کے حق میں کوئی معاہدہ ممکن نہیں ہے۔

    کرپٹو کرنسی کے ذریعے لوٹنے والے قریباً 800 افراد گرفتار

    انٹرنیشنل میڈیا کا کہنا ہے کہ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کا مستقبل ان کی کابینہ کے سب سے سینئر رکن، جو کبھی قریبی اتحادی تھی، کے اچانک استعفے کے بعد غیر یقینی دکھائی دے رہا ہے۔

    واضح رہے کہ ٹروڈو 2013 سے لبرل پارٹی آف کینیڈا کے رہنما ہیں اور وہ 2015 سے اب تک 9 سال تک کینیڈا کے وزیر اعظم رہے ہیں، پارٹی کے آئین کے تحت رہنما کسی بھی وقت اپنا استعفیٰ پیش کر سکتا ہے۔ تاہم، ٹروڈو نے اب تک اس بات کا کوئی اشارہ نہیں دیا ہے کہ وہ کسی وقت رضاکارانہ طور پر مستعفی ہو جائیں گے۔

  • کینیڈا کا شام کی صورتحال پر بڑا بیان

    کینیڈا کا شام کی صورتحال پر بڑا بیان

    کینیڈا کی جانب سے شام کی صورتحال پر رد عمل دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بشارالاسد حکومت کے خاتمے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

    غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کینیڈین وزیرِ خارجہ میلانیا جولی نے کہا ہے کہ بشارالاسد حکومت کو آئی سی جے کے سامنے جوابدہ ٹھہرانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ کینیڈا اور نیدرلینڈز نے 2023ء میں اسد حکومت کے خلاف آئی سی جے میں درخواست دی تھی۔

    علاوہ ازیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شام کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے آج ایک ہنگامی اجلاس بلالیا ہے۔ جس میں شام کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے اجلاس ایسے وقت میں بلایا گیا ہے جب شام کے مختلف شہروں پر باغی گروپوں نے قبضہ کرلیا ہے اور بشارالاسد کے ملک سے فرار ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    واضح رہے کہ شام میں 2011 میں خانہ جنگی کی شروعات کا آغاز ہوا تھا، طویل عرصے تک مرکزی شہر پر اپنی نظر بنائے رکھنے کے بعد باغیوں نے پہلے 24 گھنٹے میں 4 شہروں الدرعا، کونیترا، سویدا اور حمص پر قبضہ کرلیا۔ اس کے بعد دمشق میں داخل ہوکر اس پر بھی قابض ہوگئے۔

    دوسری جانب اسرائیل نے شام پر فضائی حملے تیز کردیئے ہیں، اسرائیلی فوج سن 1974ء کے معاہدے کے بعد پہلی بار بفرزون میں داخل ہوئی ہے۔

    اسرائیلی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے شام میں درعا، سوید اور دمشق کے قریب میزائل سے اسلحے کے ذخائر کو ٹارگٹ کیا ہے۔

    شام کی جیلوں سے ہزاروں خواتین اور سیاسی قیدی رہا، ویڈیو وائرل

    اسرائیلی فورسز نے اعلان کیا ہے کہ شام کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے، اسرائیل اور شام کے درمیان گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی کی فوج تعینات ہے۔

    ملک شام کی خبریں

  • کینیڈا میں غیرملکیوں کا قیام مشکل، حکومت کی وارننگ جاری

    کینیڈا میں غیرملکیوں کا قیام مشکل، حکومت کی وارننگ جاری

    ٹورنٹو : کینیڈین حکومت نے کینیڈا میں پناہ لینے والے تمام غیرملکیوں کو وارننگ دی ہے کہ وہ تمام قوانین اور شرائط کو پورا کریں بصورت دیگر ملک بدر کردیا جائے گا۔

    کینیڈا وہ ملک ہے جو ایک زمانے میں دنیا کے مہاجرین اور تارکین وطن کو خوش آمدید کہنے میں سرفہرست تھا لیکن اس کے برعکس اب وہاں دے لوگوں کو نکالنے کیلیے آن لائن اشتہاری مہم شروع کی جارہی ہے۔

    خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس اشتہاری مہم میں ملک میں پناہ حاصل کرنے والے خواہشمند تارکین وطن کو خبردار کیا جا رہا ہے کہ اب پناہ کی درخواست دینا ایک مشکل عمل ہے۔

     پناہ گزینوں

    جسٹن ٹروڈو حکومت نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا میں پناہ لینا آسان نہیں اور اس کے لیے سخت قوانین اور شرائط پر عمل کرنا ضروری ہے۔

    وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی حکومت نے پناہ گزینوں اور عارضی رہائشیوں کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں، حکومت چاہتی ہے کہ جن لوگوں کے ویزوں کی میعاد ختم ہوچکی ہے وہ رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑ دیں۔

    اس حوالے سے وزیر امیگریشن نے سخت وارننگ جاری کی ہے کہ اگر پناہ گزینوں نے ایسا نہیں کیا تو انہیں ملک بدر کردیا جائے گا۔

    مذکورہ مہم کینیڈین ڈالر 2.5 لاکھ(تقریباً 1.78 لاکھ امریکی ڈالر)کے بجٹ کے ساتھ مارچ تک چلائی جائے گی اور اس میں اردو، ہندی، تامل، ہسپانوی اور یوکرینی سمیت 11 زبانوں میں اشتہارات ہوں گے۔

    warning asylum

    دوسری جانب تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ مہم وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی غیر مقبول حکومت کی امیگریشن پر سخت موقف اپنانے کی کوششوں کا حصہ ہے تاکہ پناہ کی درخواستوں کی تعداد کو کم کیا جاسکے۔

    اس کے علاوہ مہاجرین پر رہائشی پلاٹوں اور مکانوں کی قیمتوں میں اضافے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے جبکہ کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک سطحی وضاحت ہے۔

    رائے عامہ کے جائزے ظاہر کرتے ہیں کہ بڑھتی ہوئی تعداد میں کینیڈین شہری سمجھتے ہیں کہ ملک ضرورت سے زیادہ نئے غیر ملکیوں کو قبول کر رہا ہے۔

  • کینیڈا جانے والے طلبا و طالبات کیلئے اہم خبر

    کینیڈا جانے والے طلبا و طالبات کیلئے اہم خبر

    کینیڈا نے اسٹوڈنٹ ڈائریکٹ اسٹریم (ایس ڈی ایس ) اور نائیجیریا اسٹوڈنٹ ایکسپریس (این ایس ای) پروگرامز کو فوری طور پر بند کردیا۔

    اس اقدام کا مقصد پروگرام کی سالمیت کو مضبوط بنانا، طلباء کی کمزوری کو دور کرنا اور تمام درخواست دہندگان کے لیے مساوی اور منصفانہ رسائی کو یقینی بنانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کی امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ (آئی آر سی سی) نے 8 نومبر 2024 کو اعلان کیا کہ اسٹوڈنٹ ڈائریکٹ اسٹریم (ایس ڈی ایس ) اور نائیجیریا اسٹوڈنٹ ایکسپریس (این ایس ای) پروگرامز کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے رپورٹ کے مطابق متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ان طلباء کے لیے موقع کو مساوی بنانے کے لیے کیا گیا ہے جو کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔

    ایس ڈی ایس پروگرام کیا تھا؟

    ایس ڈی ایس پروگرام 2018 میں متعارف کرایا گیا تھا تاکہ منتخب ممالک کے طلباء کو کینیڈا کے اسٹڈی پرمٹ کے عمل کو تیز رفتار طریقے سے مکمل کرنے کا موقع فراہم کیا جاسکے۔

    اس پروگرام میں جن ممالک کے نام ہیں ان میں اینٹیگوا اور باربوڈا، برازیل، چین، کولمبیا، کوسٹاریکا، بھارت، مراکش، پاکستان، پیرو، فلپائن، سینیگال، سینٹ ونسنٹ اور گریناڈائنز، ٹرینیڈاڈ اور ٹوبیگو، اور ویتنام شامل تھے۔ اسی طرح نائیجیریا کے طلباء کے لیے نائیجیریا اسٹوڈنٹ ایکسپریس (این ایس ای) پروگرام موجود تھا۔

    خیال رہے کہ ایس ڈی ایس پروگرام کے تحت طلبا کی درخواستوں پر 4 ہفتوں کے اندر کارروائی کی جاتی تھی اور منظوری کی شرح 95 فیصد تھی۔

    مزید پڑھیں : تعلیم کیلئے برطانیہ جانے والے پاکستانی طلبا کے لئے بڑی خبر

    امیگریشن کارپوریشن کے صدر نریش چاوڈا کے مطابق انہوں نے طلباء کو راغب کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ایک پروگرام بند کر دیا ہے جس سے بین الاقوامی طلباء کی تعداد کو محدود کرنے کا امکان ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ کینیڈا کیلیے طلباء کی دلچسپی کو متاثر کرسکتا ہے ۔

    اہم ہدایات

    وہ درخواستیں جو 8 نومبر 2024 کو 2:00 دوپہر تک موصول ہو چکی ہیں، انہیں ایس ڈی ایس اور این ایس ای کے قواعد کے تحت پروسیس کیا جائے گا۔

    دوپہر 2 بجے کے بعد جمع ہونے والی تمام درخواستیں اب ریگولر اسٹڈی پرمٹ اسٹریم کے تحت پروسیس ہوں گی۔

    یہ تبدیلی اسٹڈی پرمٹ کی اہلیت پر اثر انداز نہیں ہوگی۔ تمام طلباء کو کینیڈا کے اسٹڈی پرمٹ کے بنیادی تقاضے پورے کرنے ہوں گے۔

  • کینیڈا میں اسکالر شپ کے خواہشمند طلبہ کیلیے خوشخبری

    کینیڈا میں اسکالر شپ کے خواہشمند طلبہ کیلیے خوشخبری

    کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کیلئے اسکالر شپ کے حوالے سے بڑی خبر آگئی، اس سال کلوورڈیل روڈیو یوتھ انیشیٹو فاؤنڈیشن نے اپنے اسکالر شپ ایوارڈز میں 5ہزار ڈالر کا اضافہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کلورڈیل روڈیو یوتھ انیشیٹو فاؤنڈیشن نے اس سال مقامی طلباء کو پوسٹ سیکنڈری اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے 15ہزار ڈالر کے اسکالر شپس دیے ہیں۔

    اس حوالے سے فاؤنڈیشن کی اسکالرشپ کمیٹی کے چیئرمین رک ہیوگ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اس سال ہم نے مالی امداد کی تقسیم میں ایک نئی مثال قائم کی ہے۔

    scholarship
    بائیں جانب تصویر میں جین ٹیمپل (دائیں طرف) اریانہ ہاشے کو گیری اور گیل گریلیش فاؤنڈیشن اسکالر شپ دیتے ہوئے جبکہ دائیں والی تصویر میں رک ہیوگ کلورڈیل روڈیو 50/50 ڈرا کا چیک نیو ویسٹ منسٹر کی جسٹین لارڈن کو پیش کر رہے ہیں۔

    ہیوگ نے کہا کہ وہ ہر سال درخواست دہندگان کے معیار سے متاثر ہوتے ہیں جو فاؤنڈیشن کے اسکالر شپ ایوارڈز جیتنا چاہتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے آغاز سے ہی درخواستوں کے اعلیٰ معیار سے حیران ہیں، ہیوگ نے کہا کہ ان نوجوانوں کی خصوصیات کو دیکھ کر میں اپنی کمیونٹی کے مستقبل کے بارے میں پرامید رہتا ہوں۔

    انہوں نے بتایا کہ فاؤنڈیشن نے گزشتہ ایک دہائی سے اسکالر شپ گرانٹس دینا شروع کیے ہیں، جس کا قیام 2014میں 68 ویں کلورڈیل روڈیو اور کنٹری فیئر میں ہوا تھا۔

    اس وقت سے لے کر اب تک فاؤنڈیشن نے تقریباً 80ہزار ڈالر کے اسکالر شپس اور نوجوانوں کی مدد کے پروگراموں کے لیے فنڈز فراہم کیے ہیں۔ جیسے جیسے عطیات اور فنڈ ریزنگ میں اضافہ ہوتا ہے ویسے ویسے اسکالر شپ کی رقم بھی بڑھتی رہتی ہے۔

    ہیوگ نے مزید کہا کہ سال 2024 میں ایک نیا اسکالر شپ "گیری اینڈ گیل گرِیلش فاؤنڈیشن اسکالرشپ” ہے، جو اس سال پہلی بار اریانہ ہاشے کو دی گئی۔ یہ ایوارڈ طلباء کے لیے بنایا گیا ہے جنہیں تعلیمی مشکلات کا سامنا رہا ہو۔

  • امریکا میں دہشت گردی : پاکستانی نوجوان کینیڈا سے گرفتار

    امریکا میں دہشت گردی : پاکستانی نوجوان کینیڈا سے گرفتار

    نیو یارک : کینیڈا میں ایک 20 سالہ پاکستانی نژاد نوجوان کو امریکا میں دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے الزام میں امریکا میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کا الزام، ایک پاکستانی نوجوان کو کینیڈا سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے امریکی محکمہ انصاف نے 20سالہ شاہ زیب جدون کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے، گرفتار ملزم شاہ زیب پر نیویارک کے یہودی مرکز میں فائرنگ کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستانی نوجوان کو نیویارک میں دائر کی گئی شکایت کے سبب کینیڈا میں گرفتار کیا گیا ہے، اس پر داعش کی مدد کی کوشش کا الزام ہے۔

    Washington

    امریکی اٹارنی جنرل میرک بی گارلینڈ نے بتایا ہے کہ ملزم نے7 اکتوبر کے قریب دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کی تھی، تاہم ایف بی آئی اور کینیڈین حکام کی بروقت کارروائی سے یہ سازش ناکام بنادی گئی، گرفتاری پر کینیڈین شراکت داروں کے مشکور ہیں۔

  • کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی حکومت مشکل میں

    کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی حکومت مشکل میں

    اوٹاوا : کینیڈین حکومت کی اتحادی جماعت نیو ڈیموکریٹک پارٹی نے عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔ 

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو پارلیمنٹ میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اتحادی جماعت نیو ڈیمو کریٹک پارٹی نے حکومت سے اپنی راہیں جدا کرلیں۔

    این ڈی پی کے حالیہ اقدام سے ملک کی سیاست میں بے یقینی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے کیونکہ پارٹی رہنما ممکنہ انتخابات کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

    اس حوالے سے کینیڈین میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیو ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما جگمیت سنگھ نے کہا ہے کہ ہم حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔

    Justin Trudeau

    رپورٹ کے مطابق این ڈی پی کے رہنما جگمیت سنگھ نے سوشل میڈیا پر ایک غیر متوقع اعلان کیا، جس میں انہوں نے ٹروڈو پر متعدد الزامات عائد کیے۔

    انہوں نے کہا کہ لبرلز نے عوام کو مایوس کیا ہے، وہ عوام سے ایک اور موقع حاصل کرنے کے مستحق نہیں ہیں۔ جگمیت سنگھ کا کہنا تھا کہ کینیڈین وزیراعظم اپوزیشن کا مقابلہ کرنے کے اہلیت نہیں رکھتے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ مہینوں میں لبرلز کی حمایت میں ڈرامائی طور واضح کمی آئی ہے جبکہ کنزرویٹو پارٹی عوامی رائے شماری میں سبقت لے گئی ہے اور انہیں آئندہ انتخابات میں واضح طور پر فاتح جماعت سمجھا جارہا ہے۔

    دوسری جانب کینیڈا کے وزیراعظم نے اتحادی جماعت کی جانب سے اس بیان پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہم اپنا کام جاری رکھیں گے تاہم این ڈی پی کا یہ فیصلہ فوری طور پر انتخابات کا سبب نہیں بنتا۔

  • سوشل میڈیا بدترین نشہ، نوجوان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا

    سوشل میڈیا بدترین نشہ، نوجوان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا

    مونٹریال: کینیڈا میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے خلاف ایک نوجوان نے مقدمہ درج کرایا ہے اور کہا ہے کہ یہ ایک بدترین نشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے 24 سالہ شہری نے ایک مقدمہ درج کرایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا بدترین نشہ ہے، اور دماغی صحت پر منفی اثرات مرتب کر رہا ہے۔ کینیڈا کے شہر مونٹریال کے نوجوان نے قانونی فرم لیمبرٹ ایووکیٹس کے ذریعے اپنی درخواست میں فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک، یوٹیوب اور ریڈیٹ کو فریق بنایا ہے۔

    نوجوان کا کہنا ہے کہ اُس نے 2015 میں سوشل میڈیا کا استعمال شروع کیا، جس کے بعد اسے تخلیقی کام میں دشواری کا سامنا ہے اور جسمانی ساخت خراب ہو گئی ہے۔

    قانونی فرم کے مطابق ان پلیٹ فارمز کے مالکان ذمہ دار ہیں کہ وہ صارفین کی صحت اور سلامتی اوّلین ترجیح کے طور پر یقینی بنائیں، خاص طور پر بچوں کا خیال رکھیں، فلپ براؤلٹ کے مطابق کینیڈا میں 7 سے 11 سال کے 52 فی صد بچے سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں۔

    قانونی فرم کے مطابق اس کیس کے پیچھے موجود نوجوان نے اپنے سوشل میڈیا کے استعمال کو دن میں صرف 2 گھنٹے تک محدود کر دیا، لیکن اس کا کہنا ہے کہ یہ ایپس اس کی نیند اور پیداواری صلاحیت کو پھر بھی متاثر کرتی رہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ جب میٹا پلیٹ فارمز کے فیس بک اور انسٹاگرام جیسے سوشل میڈیا چینلز کا بہت زیادہ استعمال کیا جاتا ہے، تو یہ ایک حد تک ذہنی صحت پر اثرات مرتب کرنے میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں، جیسا کہ بے چینی، ڈپریشن، کھانا کھانے کے مسائل، کم خود اعتمادی، خود کو نقصان پہنچانا، خودکشی وغیرہ۔

    افسوس کی بات یہ ہے کہ سوشل میڈیا کی لت کے نقصانات سے بچے اور نوعمر سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بہت سے نوجوان اور خاندان اس لت سے متعلق مقدمات دائر کر رہے ہیں، ان مقدمات کو جمع کرنے والے ایک لاسوئٹ انفارمیشن سینٹر کا کہنا ہے کہ جولائی میں سوشل میڈیا کی لت (MDL) میں 18 نئے کیسز شامل ہو گئے ہیں، جس سے زیر التوا مقدمات کی کل تعداد 517 ہو گئی ہے۔

  • نیوز چینل کا سینکڑوں ملازمین برطرف کرنے کا فیصلہ

    نیوز چینل کا سینکڑوں ملازمین برطرف کرنے کا فیصلہ

    اوٹاوا : دنیا بھر کی طرح کینیڈا میں بھی اخبارات اور ٹی وی چینلز پر پیدا ہونے والے بحرانوں کے سبب ملازمین کی چھانٹیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اشتہارات کی کمی اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث گلوبل نیوز کی مالک کینیڈین میڈیا کمپنی کوروس انٹرٹینمنٹ نے اخراجات میں کمی اور بڑے پیمانے پر ملازمین کی چھانٹی کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے شریک سی ای او جان گوسلنگ نے کمپنی کی پہلی تین ماہ کی کارکردگی کے بارے میں کہا کہ اگست کے آخر تک، کورس انٹرٹینمنٹ اپنی کُل وقتی افرادی قوت میں سے 25 فیصد یا تقریباً 800 ملازمتوں میں کمی کر سکتی ہے۔ مئی 2022 کے آخر تک کوروس نے تقریباً 500 ملازمین کو نکال دیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق کمپنی وینکوور اور ایڈمنٹن میں دو ریڈیو اسٹیشنوں پر بھی کام بند کردے گی، اور گوسلنگ نے کہا کہ یہ کٹوتیاں مستقبل قریب میں جاری رہ سکتی ہیں۔

    کورس نے مارچ سے مئی تک $331.8 ملین کی آمدنی کی اطلاع دی، جو پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں $65 ملین سے زیادہ کی کمی ہے۔

    یہ کمی اس وقت ہوئی جب سہ ماہی میں ٹیلی ویژن کی آمدنی ایک سال پہلے کے مقابلے میں 17 فیصد کم ہو کر 308.2 ملین ڈالر رہ گئی جبکہ ریڈیو کی آمدنی 10 فیصد کم ہو کر 23.6 ملین ڈالر رہ گئی۔

    دریں اثنا، نورڈ اسٹار، کمپنی جو ٹورنٹو اسٹار اور دیگر اخبارات کی مالک ہے، نے ستمبر 2023 میں اعلان کیا کہ وہ 600 ملازمتوں میں کمی کر رہی ہے اور اپنے میٹرو لینڈ ڈویژن کے لیے دیوالیہ پن سے تحفظ حاصل کر رہی ہے، جس میں 70 سے زیادہ مقامی اخبارات ہیں۔

    اس کے علاوہ سی بی سی/ ریڈیو کینیڈا پہلے ہی 141 ملازمین کو فارغ کر چکا ہے اور 205 اسامیاں ختم کرچکا ہے۔

     

  • کینیڈا اور ملائیشیا کا ورک ویزا دلوانے کے لیے 1 کروڑ 33 لاکھ سے زائد رقم بٹورنے والے گرفتار

    کینیڈا اور ملائیشیا کا ورک ویزا دلوانے کے لیے 1 کروڑ 33 لاکھ سے زائد رقم بٹورنے والے گرفتار

    کراچی: انسدادِ انسانی اسمگلنگ لاہور نے دو مختلف کارروائیوں میں کینیڈا اور ملائیشیا کا ورک ویزا دلوانے کے لیے 1 کروڑ 33 لاکھ سے زائد رقم بٹورنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات پر انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، انسدادِ انسانی اسمگلنگ لاہور نے ان کارروائیوں میں 2 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کیا ہے۔

    ایک ملزم کو لاہور اور دوسرے کو نارووال سے چھاپا مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا، ملزمان کی شناخت عمران علی اور رحمٰن علی کے نام سے ہوئی ہے، یہ ملزمان شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پائے گئے۔

    ملزمان نے شہریوں سے بیرون ملک ملازمت کا جھانسا دے کر کروڑوں روپے ہتھیائے، رحمان علی نے 2 مختلف کیسز میں شہریوں کو کینیڈا کا ورک ویزا دلوانے کے لیے 1 کروڑ 18 لاکھ روپے بٹورے، جب کہ عمران علی نے شہری کو ملائیشیا کا ورک ویزا فراہم کرنے کے لیے 15 لاکھ سے زائد کی رقم وصول کی۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور روپوش ہو گئے تھے، ملزمان مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔