Tag: Canada

  • پاکستان سے براہ راست کینیڈا جانے والی پروازوں سے متعلق اہم خبر

    پاکستان سے براہ راست کینیڈا جانے والی پروازوں سے متعلق اہم خبر

    کراچی: ملک کے مختلف ایئرپورٹس کی سیکیورٹی آڈٹ کے سلسلے میں ٹرانسپورٹ کینیڈا کا سیکیورٹی وفد 14 جولائی کو کراچی پہنچے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹرانسپورٹ کینیڈا کا ایک سیکیورٹی وفد چودہ جولائی کو کراچی آ رہا ہے، جو پاکستان سے براہ راست کینیڈا جانے والی پروازوں کی مکمل جانچ کرے گا۔

    کراچی، اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹ پر ایوی ایشن کے مختلف سیکیورٹی شعبوں کی جانچ پڑتال کی جائے گی، ٹیم سیکیورٹی امور میں مسافروں، سامان کی اسکریننگ، کارگو اور کیٹرنگ سیکیورٹی کا جائزہ لے گا۔

    ٹرانسپورٹ کینیڈا کی ٹیم سیکیورٹی ایکسس، رسائی کنٹرول، ہوائی جہاز کی سیکیورٹی جب کہ دیگر متعلقہ طریقہ کار کی بھی جانچ ہڑتال کرے گا۔

    سی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اور دیگر متعلقہ ادارے کینیڈین ٹیم کو مختلف شعبوں سے متعلق بریفنگ بھی دیں گے۔

  • کینیڈا میں تدفین کے اخراجات کی وجہ سے خاندان والے میتوں کے ساتھ کیا کرتے ہیں؟

    کینیڈا میں تدفین کے اخراجات کی وجہ سے خاندان والے میتوں کے ساتھ کیا کرتے ہیں؟

    ٹورنٹو: کینیڈا میں تدفین کے اخراجات میں اضافے کی وجہ سے خاندان والے میتیں لاوارث چھوڑنے لگے ہیں۔

    روئٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق کینیڈا کے کچھ صوبوں میں حالیہ برسوں میں لاوارث لاشوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ آخری رسومات کے بڑھتے ہوئے اخراجات بتائی جا رہی ہے۔

    کینیڈا میں انڈسٹری ٹریڈ گروپ کے تخمینے کے مطابق کینیڈا میں آخری رسومات کی مجموعی لاگت 8 ہزار 800 ڈالر ہو گئی ہے جو 1998 میں 6 ہزار ڈالر تھی، اونٹاریو کے حکام کے مطابق صوبے میں 2023 میں لاوارث لاشوں کی تعداد 1،183 ہو گئی ہے جو کہ 2013 میں صرف 242 تھی۔

    افسوس کی بات یہ ہے کہ زیادہ تر میتوں کے لواحقین کی شناخت بھی ہو گئی تاہم انھوں نے ان کی ذمہ داری قبول نہیں کی، اور زیادہ تر کا کہنا تھا کہ وہ آخری رسومات کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔

    محکمہ تدفین کے مطابق صوبہ اونٹاریو میں 24 گھنٹوں میں ایک لاش کو سرکاری طور پر لاوارث قرار دیا جاتا ہے، یہ تکلیف دہ بات ہے کہ ایک شخص جو مر چکا ہے اس کے خاندان، دوست یا دیگر میں سے کوئی بھی نہیں جو اس کی آخری رسومات کی ذمہ داری لے سکے۔

    رپورٹس کے مطابق مقامی میونسپلٹی اس طرح کی لاوارث میتوں کی آخری رسومات ادا کر دیتی ہے۔ لاوارث لاش کو سرد خانے میں رکھا جاتا ہے، میتیں بڑھنے کی وجہ سے جگہ کم پڑ جاتی ہے۔

  • کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل کے الزام میں چوتھا بھارتی شہری بھی گرفتار

    کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل کے الزام میں چوتھا بھارتی شہری بھی گرفتار

    اوٹاوا: کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل کے الزام میں چوتھا بھارتی شہری بھی گرفتار ہو گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے الزام میں ایک اور بھارتی شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے، کینیڈین پولیس کا کہنا ہے کہ چوتھے بھارتی شہری کی گرفتاری کل ہوئی ہے۔

    برامپٹن، سرے کا رہائشی 22 سالہ امندیپ سنگھ پہلے ہی اونٹاریو میں غیر متعلقہ آتشیں اسلحے کے الزام میں زیر حراست تھا اور اب اس پر ہردیپ سنگھ نجر کے ’فرسٹ ڈگری قتل‘ اور ’قتل کی سازش‘ جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

    سپرنٹنڈنٹ مندیپ موکر کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاری ہماری جاری تحقیقات کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے، جو بھی لوگ اس قتل میں ملوث ہیں انھیں ڈھونڈ نکالیں گے۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ پہلے 3 مئی کو کینیڈا کی پولیس نے 3 بھارتی شہریوں کو ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا تھا، جن میں 22 سالہ کرن برار، 22 سالہ کمل پریت سنگھ، اور 28 سالہ کرن پریت سنگھ شامل ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/hardeep-singh-nijjar-accused-appear-in-court/

    45 سالہ ہردیپ سنگھ نجر کو ان کے پک اپ ٹرک کے اندر جون میں وینکوور کے مضافاتی علاقے سرے میں ایک گوردوارے کے باہر گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا، اس علاقے میں سکھوں کی بڑی آبادی واقع ہے، بھارت نے نجر کو 2020 میں دہشت گرد قرار دیا تھا۔ چند ماہ بعد کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بیان دیا کہ کہ نجر کے قتل میں بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔

    بھارت نے نجر کی موت میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے، وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ ہندوستان منتظر ہے کہ کینیڈین پولیس تینوں ملزمان کے بارے میں معلومات شیئر کرے۔

  • ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے الزام میں گرفتار بھارتی ملزمان کینیڈین عدالت میں پیش

    ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے الزام میں گرفتار بھارتی ملزمان کینیڈین عدالت میں پیش

    ٹورنٹو: ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے الزام میں گرفتار تین بھارتی ملزمان کو کینیڈین عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

    روئٹرز کے مطابق خالصتان تحریک کے مقتول رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے الزام میں گرفتار بھارتی ملزمان کو کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے شہر سرے کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

    28 سالہ کرن پریت سنگھ، 22 سالہ کمل پریت سنگھ اور 22 سالہ کرن برار، تینوں بھارتی شہری ہیں، جن کو فرسٹ ڈگری قتل اور قتل کی سازش کے الزامات کا سامنا ہے، تینوں جیل کی نارنجی وردی پہنے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے۔

    اس موقع پر عدالت کے باہر خالصتان تحریک کے جھنڈے اور بینر اٹھائے سکھوں نے بھارتی حکومت کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ مودی کی ایما پر بھارتی ایجنٹوں نے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو قتل کیا۔

    کینیڈین پولیس نے تینوں ہندوستانیوں کو گزشتہ ہفتے ایڈمنٹن، البرٹا میں گرفتار کیا تھا اور ان پر فرسٹ ڈگری قتل اور قتل کی سازش کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

    کینیڈا کے ماؤنٹڈ پولیس سپرنٹنڈنٹ مندیپ موکر نے جمعہ کو کہا تھا کہ گرفتار افراد کے بھارتی حکومت سے تعلقات تھے یا نہیں اس کی تحقیقات جاری ہے۔

    یاد رہے کہ 45 سالہ ہردیپ سنگھ نجر کو ان کے پک اپ ٹرک کے اندر جون میں وینکوور کے مضافاتی علاقے سرے میں ایک گوردوارے کے باہر گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا، اس علاقے میں سکھوں کی بڑی آبادی واقع ہے، بھارت نے نجر کو 2020 میں دہشت گرد قرار دیا تھا۔ چند ماہ بعد کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بیان دیا کہ کہ نجر کے قتل میں بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔

    بھارت نے نجر کی موت میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے، وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ ہندوستان منتظر ہے کہ کینیڈین پولیس تینوں ملزمان کے بارے میں معلومات شیئر کرے۔

  • کینیڈا میں بینک فراڈ پر پاکستانیوں سمیت 12 افراد گرفتار، نام سامنے آ گئے

    کینیڈا میں بینک فراڈ پر پاکستانیوں سمیت 12 افراد گرفتار، نام سامنے آ گئے

    ٹورنٹو: کینیڈا میں جعلی دستاویزات پر بینک اکاؤنٹس کھولنے کے الزام میں 12 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کو کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں پولیس نے جعلی دستاویزات کے ذریعے بینک اکاؤنٹس کھولنے کے الزام میں پاکستانیوں سمیت 12 افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔

    ملزمان پر بینکوں میں جعلی دستاویزات کے ذریعے سیکڑوں اکاؤنٹس کھولنے اور 40 لاکھ ڈالر مالیت کے پیشگی قرضوں کی رقوم ہتھیانے کا بھی الزام ہے۔

    ٹورنٹو کی پولیس کے مطابق ملزمان میں سے بیش تر کا تعلق پاکستانی کمیونٹی سے ہے، ملزمان سے سیکڑوں جعلی ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز سمیت 3 لاکھ کینیڈین ڈالر اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی ہے۔

    ملزمان کئی سالوں سے ان کارروائیوں میں ملوث تھے اور اس دوران انھوں نے 680 جعلی دستاویزات تیار کیں، ان افراد پر مجموعی طور پر 102 جرائم کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

    فنانشل کرائمز یونٹ کے ڈیوڈ کوفی کے مطابق پولیس نے اکتوبر 2022 میں اس وقت تحقیقات کا آغاز کیا تھا جب ایک مالیاتی ادارے نے افسران سے رابطہ کیا، جس میں کئی مصنوعی کھاتوں کا پتا چلا تھا، جن میں سے زیادہ تر اکاؤنٹس ایک ایسے شخص نے کھولے جس نے پہلے اسی مالیاتی کمپنی کے ساتھ کام کیا تھا۔

    فنانشل کرائمز یونٹ کے مطابق 2016 میں شروع ہونے والی اس اسکیم کے مرتکب افراد پر الزام ہے کہ انھوں نے 680 سے زیادہ منفرد مصنوعی شناختیں بنائیں، جن میں سے اکثر کا استعمال اونٹاریو کے مختلف بینکوں اور مالیاتی اداروں میں سیکڑوں بینک اکاؤنٹس اور کریڈٹ اکاؤنٹس کے لیے درخواست دینے اور کھولنے کے لیے کیا گیا۔ اور پھر دھوکا دہی سے حاصل کردہ کریڈٹ اکاؤنٹس کو اسٹور اور آن لائن خریداریوں، نقد رقم نکالنے، یا الیکٹرک فنڈ ٹرانسفرز کے لیے استعمال کیا گیا۔

    ملزمان کے نام

    رپورٹس کے مطابق حمزہ بیگ، حسنین اکرم، ظل علی چوہدری، راشد اقبال، رانا فیصل مسعود خان، انمول کھرانہ، فہد بن مفیض، عثمان سیف، علی ثنا، میاں محمد سعود، ثابت حسین سید اور معید تنویر کے خلاف دھوکا دہی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق اب تک تقریباً 4 ملین ڈالر کے نقصان کی تصدیق کی گئی ہے۔

  • کینیڈین کمپنیوں کو پاکستان میں توانائی، کان کنی اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت

    کینیڈین کمپنیوں کو پاکستان میں توانائی، کان کنی اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاک، کینیڈا دو طرفہ سیاسی مشاورت کا 5 واں دور 26 اپریل کو اوٹاوا میں ہوا، جس میں کینیڈین کمپنیوں کو پاکستان میں توانائی، کان کنی اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی ہے۔

    پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ اور امریکا میں سفیر مریم آفتاب، جب کہ کینیڈین وفد کی سربراہی اسسٹنٹ ڈپٹی منسٹر انڈو پیسیفک ویلڈن نے کی، دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ اور تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔

    دونوں وفود کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، پارلیمانی تبادلوں میں تعاون پر مشاوت کی گئی، انسداد دہشت گردی اور عوامی رابطوں میں تعاون کے فروغ پر بھی بات ہوئی، ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات سے آگاہ کیا۔

    فریقین نے دو طرفہ تعلقات میں مجموعی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، اور باہمی دل چسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا، اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    پاکستان اور کینیڈا نے باہمی تعاون اور بات چیت کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا، علاقائی اور عالمی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان نے کینیڈا کو افغانستان، پاک بھارت تعلقات، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

    ترجمان کے مطابق دو طرفہ سیاسی مشاورت کا چھٹا دور اسلام آباد میں باہمی مشاورت سے منعقد ہوگا۔

  • پی آئی اے ایئرہوسٹس کا کارنامہ، بغیر پاسپورٹ کینیڈا پہنچ گئیں

    پی آئی اے ایئرہوسٹس کا کارنامہ، بغیر پاسپورٹ کینیڈا پہنچ گئیں

    کراچی: پی آئی اے ایئرہوسٹس انوکھا کارنامہ انجام دیتے ہوئے بغیر پاسپورٹ کینیڈا پہنچ گئیں، جس پر قومی ایئرلائن نوٹس لے لیا ہے۔

    ایئر لائن ذرائع کے مطابق ٹورنٹو پرواز پر پی آئی اے کی فضائی میزبان سمیرا پاسپورٹ کے بغیر ہی کینیڈا پہنچ گئیں، یہ واقعہ 15 مارچ کا ہے، ایئرہوسٹس کی ڈیوٹی اسلام آباد ٹورنٹو پرواز پی کے 781 پر تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے ایئرہوسٹس نے اسلام آباد سے ٹورنٹو کا سفر جنرل ڈکلیئریشن کی دستاویزات پر کیا، بغیر پاسپورٹ کینیڈا پہنچنے پر فضائی میزبان پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

    قومی ایئرلائن کے ترجمان عبداللہ خان نے کہا کہ ایئرہوسٹس کے کینیڈا میں رک جانے اور سیاسی پناہ طلب کرنے کی اطلاعات درست نہیں ہیں، بغیر پاسپورٹ کے فضائی میزبان کے فلائٹ میں ڈیوٹی دینے کا نوٹس لے لیا گیا ہے، ترجمان نے کہا کہ فضائی میزبان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، قوی امکان ہے کہ مذکورہ فضائی میزبان کو سزا کے طور پر انٹرنیشنل فلائٹ سے آف لوڈ کر دیا جائے گا۔

    ترجمان نے جرمانے کی بھی تردید کی، اور کہا کہ کینیڈا میں پی آئی اے پر جرمانہ نہیں ہوا ہے، وہاں کی سیکیورٹی بارڈر نے ایئرہوسٹس پر جرمانہ کیا اور اس سے ویزہ فیس لی ہے، ایئرہوسٹس کو 250 ڈالر کے عوض 72 گھنٹے کا ویزہ جاری کیا گیا، فضائی میزبان اب واپس اسلام آباد آ رہی ہیں اگلی ہی فلائٹ سے۔

    واضح رہے کہ پی آئی اے کے پے در پے کئی فضائی میزبانوں کے کینیڈا میں امیگریشن کے لیے غائب ہو جانے کی وجہ سے اس تازہ واقعے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 برسوں میں پی آئی اے کے 10 سے زائد فضائی میزبان کینیڈا میں لاپتا ہو چکے ہیں۔

  • کینیڈا کا اسٹڈی پرمٹ اپلیکیشن سے متعلق اہم فیصلہ

    کینیڈا کا اسٹڈی پرمٹ اپلیکیشن سے متعلق اہم فیصلہ

    کینیڈا نے اسٹڈی پرمٹ اپلیکیشن سے متعلق اہم وضاحت جاری کردی ہے، جنوری 2024 میں غیر ملکی طلباء کے اجازت نامے کی درخواستوں کے لیے دو سالہ انٹیک کیپ مقرر کردی گئی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس کیپ کے ساتھ، منظور شدہ مطالعاتی اجازت ناموں کی تعداد 2023 سے 2024 تک 35% کم ہو کر تقریباً 360,000 تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    انڈر گریجویٹ یا پوسٹ سیکنڈری سطح پر اسٹڈی پرمٹ کے لیے درخواست دینے والے بین الاقوامی طلباء کی اکثریت کو 22 جنوری 2024 کو صبح 8:30 بجے تک اپنے آبائی صوبے یا علاقے سے صوبائی تصدیقی خط (PAL) جمع کرانا ہوگا۔

    PAL کے بغیر، درخواستیں IRCC (کینیڈا کی امیگریشن، پناہ گزین، اور شہریت کی ایجنسی) کے ذریعے واپس کی جائیں گی، جب تک کہ کوئی استثنیٰ لاگو نہ ہو۔

    مل کر کام کرتے ہوئے، کیوبیک اور کیوبیک کی وفاقی اور صوبائی حکومتیں بطور PAL مطالعہ کے لیے کیوبیک سرٹیفکیٹ آف ایکسیپٹنس کے امکانات کو تلاش کر رہی ہیں۔ 31 مارچ 2024 صوبوں اور خطوں کے لیے PAL جاری کرنے کا منصوبہ رکھنے کی آخری تاریخ ہے۔

    سعودی عرب کا اسرائیل کے خلاف اہم بیان

    رپورٹ کے مطابق اس کیپ کو بین الاقوامی طلباء کے مزید اقدامات کی ضرورت نہیں ہوگی جن کی درخواستیں 22 جنوری 2024 کو صبح 8:30 بجے سے پہلے IRCC تک پہنچ گئی ہیں، یا ان لوگوں سے جنہوں نے پہلے اسٹڈی پرمٹ حاصل کیا ہے اور آئندہ پروگرام کے لیے کینیڈا جانا چاہتے ہیں۔

  • کینیڈا میں اسلاموفوبیا کا ایک اور واقعہ

    کینیڈا میں اسلاموفوبیا کا ایک اور واقعہ

    اوٹاوا: کینیڈا میں اسلاموفوبیا کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا ہے، اسلامک سینٹر آف کیمبرج میں توڑ پھوڑ اور مسجد کی دیوار پر نفرت انگیز ڈرائنگ بنائی گئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واٹر لو ریجنل پولیس کا کہنا ہے کہ کسی نے اسلامک سینٹر آف کیمبرج کی دیوار پر نفرت انگیز نقوش بنائے تھے، جس کی اطلاع انھیں پیر کو شام 4 بجے کے قریب دی گئی اور انھیں اسلامک سینٹر بلایا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق گرافٹی میں نفرت انگیز علامتیں شامل تھیں، پولیس کا خیال ہے کہ یہ واقعہ اتوار کی رات 8 بجے کے بعد کسی وقت پیش آیا ہے۔ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے واقعے کی شدید مذمت کی، اور اس سلسلے میں انھوں نے ایکس پر ایک پوسٹ بھی کی۔

    پوسٹ میں جسٹن ٹروڈو نے لکھا کہ اسلامک سینٹر آف کیمبرج میں توڑ پھوڑ اور ملک بھر میں اسلاموفوبیا میں اضافہ تشویش ناک، گھناؤنا اور ناقابل قبول ہے۔ انھوں نے کہا میں ایسی نفرت کے خلاف مسلم کمیونٹی کے ساتھ کھڑا ہوں، ہمیں مل کر اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ گزشتہ رمضان میں کینیڈین وزیر اعظم نے اس مسجد کا دورہ بھی کیا تھا۔

  • دماغی مسائل کے شکار مسافر نے اچانک طیارے کا ایمرجنسی دروازہ کھول دیا

    دماغی مسائل کے شکار مسافر نے اچانک طیارے کا ایمرجنسی دروازہ کھول دیا

    بنکاک: نہ صرف طیارے کے اندر بلکہ پورے ایئرپورٹ پر اس وقت کھلبلی مچ گئی جب دماغی مسائل کے شکار ایک کینیڈین مسافر نے ٹیک آف سے عین قبل اچانک طیارے کا ایمرجنسی دروازہ کھول دیا۔

    روئٹرز کے مطابق چیانگ مائی ہوائی اڈے سے دارالحکومت بنکاک کے لیے روانہ ہونے کی تیاری کرنے والے تھائی ایئر ویز کے طیارے کا ایمرجنسی دروازہ اچانک کینیڈا کے ایک سیاح نے کھول دیا، جس کی وجہ سے طیارے کے اندر مسافروں میں افراتفری مچ گئی۔

    پرواز میں موجود فیس بک کی ایک صارف اننیا تیانگٹے نے اس واقعے سے متعلق پوسٹ میں لکھا کہ ایمرجنسی دروازہ کھلتے ہی پورا طیارہ افراتفری کا شکار ہو گیا، کچھ ہی دیر میں اہلکاروں نے آ کر مسافر کو پکڑا اور طیارے سے باہر لے گئے۔ اننیا کا کہنا تھا کہ اگر طیارہ اس وقت سطح سمندر سے 30,000 فٹ بلندی پر ہوتا تو کیا ہوتا؟

    چیانگ مائی ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر نے جمعرات کو دیر گئے بتایا کہ ایک مسافر نے ہنگامی دروازہ کھولا تھا، جس کی وجہ سے فلیٹبل سلائیڈ فعال ہو گئی اور طیارہ ٹیک آف کرنے سے قاصر رہا، جس کی وجہ سے طیارہ ٹرمینل پر واپس آ گیا اور مسافر اتر گئے، اور تکنیکی ماہرین نے حفاظتی معائنہ کیا۔

    حکام کے مطابق اس خلل سے ہوائی اڈے پر ایک درجن سے زیادہ دیگر پروازیں متاثر ہوئیں۔ تھائی ایئر ویز کا کہنا تھا کہ معائنے کے بعد طیارے کو تمام مسافروں اور عملے کے ساتھ روانہ ہونے کی اجازت دے دی گئی۔ جب کہ 40 سالہ مسافر کو مقامی پولیس اسٹیشن لے جایا گیا، جہاں اس نے دروازہ کھولنے کا اعتراف کیا اور وجہ بتائی کہ اسے لگا کہ کچھ لوگ اسے مارنے کے لیے اس کا پیچھا کر رہے ہیں۔

    مسافر کے وکیل کا کہنا تھا کہ مسافر کے بیان سے لگ رہا ہے کہ وہ فریب خیال (ہالوسنیشن) میں مبتلا ہے۔