Tag: Canadian High Commissioner

  • کینیڈا کا افغانستان سے انخلا  پر پاکستان کا شکریہ ادا

    کینیڈا کا افغانستان سے انخلا پر پاکستان کا شکریہ ادا

    اسلام آباد: کینیڈین ہائی کمشنرنے افغانستان سے انخلا پرپاکستان کا شکریہ ادا کیا ، جس پر شیخ رشید نے کینیڈا کی درخواست پر مزید افراد کے انخلا میں معاونت کا اعلان دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ شیخ رشید سے کینیڈا کی ہائی کمشنربرائے پاکستان کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، افغانستان، خطے کی مجموعی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    دوران ملاقات دونوں میں اتفاق کیا گیا کہ افغانستان میں پائیدارامن خطےکی خوشحالی کےلئےناگزیر ہے اور افغان شہریوں کی انسانی بنیادوں پر امداد اور غذائی قلت پیداہونے کے عوامل کے خاتمے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور کینیڈاکےتعلقات مزیدفعال بنانے کی ضرورت ہے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان افغان امن اور سیاسی استحکام کے لئے کردار کرتا رہے گا، افغانستان خود مختار ملک ہے اپنے فیصلے خود لینے کیلئے بااختیارہے، افغان حکومت کومشورہ دے سکتے ہیں لیکن خاص فیصلے پر مجبور نہیں کرسکتے۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ طالبان حکومت کوفنڈز،انسانی وسائل کی کمی کا سامنا ہے، مالی،انسانی وسائل کی کمی سے حکومت چلانا طالبان کے لئے بڑا چیلنج ہوگا، بین الاقوامی برادری طالبان کو وقت اوروسائل دے، امید ہے طالبان اپنے وعدوں پر مکمل عملدرآمدکریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے انخلامیں دنیاکی مدد اور معاونت جاری رکھیں گے، کینیڈا میں مقیم پاکستانی سماجی ، معاشی ترقی میں کردار ادا کررہے ہیں۔

    کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ کینیڈین ہائی کمیشن کی درخواست پرانخلاپرپاکستان کےمشکورہیں، پاکستان کاافغانستان سےانخلامیں کردارغیرمعمولی کارنامہ ہے، افغان شہریوں کے لئےانسانی بنیادوں پرامدادکی ہے، پاکستان کی 30لاکھ افغان مہاجرین کی دیکھ بھال قابل رشک ہے۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کینیڈا کی درخواست پرمزید افراد کے انخلا میں معاونت کریں گے۔

  • کینیڈین سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند

    کینیڈین سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند

    اسلام آباد : کینیڈین ہائی کمشنر نے وزیر خزانہ شوکت ترین سے ملاقات میں کہا کہ کینیڈین کاروباری طبقہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے، حکومت تعاون کرے کینیڈین سرمایہ کار کاروبار کو وسعت دیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں وزیر خزانہ نے کہا کہ کینیڈا اور پاکستان میں دیرپا اور کثیر الجہتی تعلقات ہیں، کینیڈا میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد رہتی ہے ، کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

    شوکت ترین کا کہنا تھا کہ کینیڈا پاکستان کا مرکزی ڈیولپمنٹ شراکت دار ہے ، کینیڈا سے معاشی تعلقات مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

    وزیر خزانہ نے کینیڈین ہائی کمشنر کو معاشی ترقی کیلئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا محصولات ،برآمدات سمیت ترسیلات زر میں اضافہ ترجیحات ہیں، توانائی کے شعبے میں بہتری بھی موجودہ حکومت کی ترجیحات ہیں جبکہ زرعی شعبے،مکانات،ایس ایم ایز ،کامیاب پاکستان پروگرام ترجیحات ہیں۔

    کینیڈین ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ کینیڈین کاروباری طبقہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے، حکومت تعاون کرے کینیڈین سرمایہ کار کاروبار کو وسعت دیں۔

  • کینڈین ہائی کمشنر کی جانب سے سندھ پولیس کیلئے بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹس کا تحفہ

    کینڈین ہائی کمشنر کی جانب سے سندھ پولیس کیلئے بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹس کا تحفہ

     

    کراچی : کینڈین ہائی کمشنر اور یو این ڈی او سی کے وفد نے سینٹرل پولیس آفس کراچی کا دورہ کیا،اس موقع پر190بلٹ پروف جیکٹساور ہیلمٹ سندھ پولیس کو دیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کینڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور اور اقوام متحدہ آفس برائے ڈرگس اینڈ کرائم (یو این ڈی او سی) کے عہدیدارن و نمائندگان پر مشتمل خصوصی وفد نے سینٹرل پولیس آفس کراچی کا دورہ کیا اور آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام سے ملاقات کی۔

    آئی جی سندھ نے سینٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب تقسیم بلٹ پروف جیکٹس و ہیلمٹ میں کینڈین ہائی کمشنر اور اقوام متحدہ آفس برائے ڈرگس اینڈ کرائم کے عہدیداران اوردیگر مہمانوں کی آمد پر ان کااستقبال کیا اور لاجسٹکس سپورٹ کی بابت سندھ پولیس کے ساتھ تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

    کینڈین ہائی کمشنر نے حکومت کینیڈا کے اشتراک سے 190 بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹس سی ٹی ڈی پولیس کے لئے دیتے ہوئے کہا کہ استحکام امن اور عوام کے جان و مال کے تحفظ جیسے اقدامات میں سندھ پولیس کے مجموعی امور واقدامات قابل ستائش اور تحسین ہیں۔

    کینیڈین حکومت سندھ پولیس کی استعدادی صلاحیتوں کے فروغ اور اسے تقویت دینے کے عمل کو جاری رکھے گی اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ تعاون اور اشتراک باہمی کے اس سلسلے کو مذید دیرپا اور پائیدار بنائے گی۔

    آئی جی سندھ نے کہا کہ قیام امن کی راہ میں سندھ پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، میں بذات خود اور محکمہ سندھ پولیس کینیڈین حکومت اور اقوام متحدہ آفس برائے ڈرگس اینڈ کرائم کا تہہ دل سے مشکور و ممنون ہوں کہ انہوں نے سندھ پولیس کو190 بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹس دیئے اور سندھ پولیس کی امن وامان کے قیام کی خاطر کی جانے والی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

    تقریب میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور اے أئی جی لاجسٹکس کے علاوہ رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس آفیسر برائے رابطہ،رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس پروگرام اسسٹنٹ اور سوشل سیکریٹری برائے ہائی کمشنر نے بھی شرکت کی۔

  • پاکستان اور کینیڈا میں مضبوط دو طرفہ تعلقات قائم ہیں، فواد چوہدری

    پاکستان اور کینیڈا میں مضبوط دو طرفہ تعلقات قائم ہیں، فواد چوہدری

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا میں مضبوط دو طرفہ تعلقات قائم ہیں، حکومت عمران خان کی قیادت میں آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ملاقات کیلئے آئے ہوئے کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی کرسچن سے ملاقات کے موقع پر کیا، ملاقات میں دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا میں مضبوط دو طرفہ تعلقات قائم ہیں، حکومت دونوں ممالک کے تعلقات کو وسعت دینے کی خواہاں ہے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں جمہوریت کے فروغ اور گڈ گورننس یقینی بنانے کے خیالات میں یکسانیت ہے، موجودہ حکومت عمران خان کی قیادت میں آزادی اظہار رائے پر مکمل یقین رکھتی ہے، اسٹیک ہولڈرز کو نفرت پر مبنی مواد کے تدارک کیلئے مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی۔

    اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی کرسچن کا کہنا تھا کہ کراچی سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کا اہم مرکز ہے، پاکستان میں تجارت، سرمایہ کاری کیلئے مزید ممکنات تلاش کر رہے ہیں۔

  • غیرملکی میڈیا کیلئے ویزہ عمل آسان کرنے پرغور کررہے ہیں، فواد چوہدری

    غیرملکی میڈیا کیلئے ویزہ عمل آسان کرنے پرغور کررہے ہیں، فواد چوہدری

    اسلام آباد : وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ذرائع ابلاغ، عدلیہ اور سول سوسائٹی متحرک ہے، کینیڈین فلم سازوں کو شمالی علاقوں میں عکس بندی کی دعوت دیتے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے کینیڈین ہائی کمشنر سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، فواد چوہدری نے کہا کہ غیر ملکی میڈیا کیلئے ویزہ عمل آسان کرنے پرغور کررہے ہیں۔

    کرتار پور راہداری پاکستان کی جانب سے امن کے لیے قدم ہے، کرتار پور کے راستے سے آنے والے کینیڈین اور امریکی سکھوں کو تمام سہولیات فراہم کریں گے، پاکستان ایک پرامن اورمحفوظ ملک ہے، کینیڈین فلم سازوں کو شمالی علاقوں کی عکس بندی کی دعوت دیتے ہیں۔

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ کینیڈا پاکستان کےحوالے سے ٹریول ایڈوائزری نرم کرے، پاکستان اور کینیڈا تاریخی طور پر مضبوط تعلقات میں بندھے ہوئے ہیں، کینیڈا میں موجود پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے تعلقات بہتر اور مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ ہیں۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے، پاکستان میں ذرائع ابلاغ، عدلیہ، سول سوسائٹی متحرک ہے تاہم سوشل میڈیا پر نفرت انگیزمواد روکنے عالمی ریگولیٹری طریقہ کار کی ضرورت ہے، نفرت انگیز مواد کےخلاف ایک آواز بننا ہوگا۔

    اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنر نے سکھ برادری کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئےتعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔

  • آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے کینیڈین ہائی کمشنر پیری کیلڈرووڈ کی ملاقات

    آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے کینیڈین ہائی کمشنر پیری کیلڈرووڈ کی ملاقات

    راولپنڈی : آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے کینیڈین ہائی کمشنر پیری کیلڈرووڈ نے ملاقات کی، ملاقات میں کینیڈین ہائی کمشنر نےپاکستان کی امن کیلئے کوششوں کو سراہا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے کینیڈین ہائی کمشنر پیری کیلڈرووڈ سے ملاقات کی ، ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال، باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کینیڈین ہائی کمشنر نے پاکستان کی امن کیلئے کوششوں اور خطے میں استحکام کیلئے پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔

    یاد رہے گذشتہ روز ملائیشین آرمی چیف نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا تھا اور خطے میں امن واستحکام کے لئے پاک فوج کے کردار کی تعریف کی اوردہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔