Tag: Canadian Prime Minister Justin Trudeau

  • کینیڈین وزیراعظم کا آمدِ رمضان پر مسلمانوں کیلئے اہم پیغام

    کینیڈین وزیراعظم کا آمدِ رمضان پر مسلمانوں کیلئے اہم پیغام

    اوٹاوا : کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عالمگیر وبا کورونا کے باعث امسال مسلم کمیونٹی ماہ رمضان کا اہتمام گھروں پر کریں۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

    جسٹن ٹروڈو نے کہا میں جانتا ہوں اس سال کا رمضان سب کے لیے پہلے سے مختلف ہو گا لیکن مسلم کمیونٹی نے کینیڈا کو ہمیشہ بہتر اور مضبوط بنایا ہے، اس لیے ہم اپنے رضاکاروں کے ذریعے پوری کوشش کریں گے کہ سب کی اشیاء ضروریہ کا خیال رکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ عالمگیر وبا کورونا کے باعث امسال مسلم کمیونٹی ماہ رمضان کا اہتمام گھروں پر کریں، ہم یہاں کی مسلم کمیونٹی اور کینیڈا کے لیے اُن کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں اور رمضان المبارک کی آمد پر بہت خوش ہیں۔

    اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےرمضان کے آغاز پرمسلمانوں کو مبارک باد پیش کی تھی ، وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کے لیے یہ ماہ مقدس ایک موقع ہے کہ وہ روزے رکھیں، عبادات کریں، قرآن کی تلاوت ، دوسروں کی مدد کریں اور اس طرح اپنا ایمان تازہ کریں۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یہ تمام کام امن، ہمدردی، محبت اور دوسروں کے احترام جیسے آفاقی اقدار سے ہم آہنگ ہیں، جن کی اسلام تبلیغ کرتا ہے۔

    صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران انہوں نے دیکھا ہے کہ مشکل وقت میں دعا کی طاقت کس قدر اہمیت رکھتی ہے۔ اور وہ دعا کرتے ہیں جو لوگ ان مقدس لمحات میں عبادت کریں، ان کی زندگی میں سکون آئے اور مذہب سے ان کا رشتہ مزید مضبوط ہو۔

  • یوکرائنی مسافر طیارے کی تباہی ، کینیڈین وزیراعظم کا ایران سے بڑا مطالبہ

    یوکرائنی مسافر طیارے کی تباہی ، کینیڈین وزیراعظم کا ایران سے بڑا مطالبہ

    ٹورنٹو : کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ ایرانی میزائل سے تباہ ہونے والے یوکرائنی مسافر طیارے کا بلیک باکس فرانس بھیجا جائے اور مرنے والوں کی باقیات بھی جلد کینیڈا پہنچنی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ایران کے پاس بلیک باکس کا جلد تجزیہ کرنے کیلئے تکنیکی مہارت اور ضروری سامان موجود نہیں، درست معلومات کے جلد حصول کیلئے ایران کو بلیک باکس فرانس بھیجنا چاہیئے۔

    ٹروڈو کا کہنا تھا کہ فرانس کا شمار ان چند ممالک میں ہوتا ہے ، جو طیارے کا ڈیٹا اور کاک پٹ کا ریکارڈ پڑھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، بلیک باکس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ بری طرح تباہ شدہ ہے۔

    کینیڈین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایرانی حکام کو بلیک باکس کو فرانس بھیجنے کیلئے قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ اس ضمن میں فرانس نے اپنی خدمات پیش کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے۔

    جسٹن ٹروڈو نے یہ عندیہ بھی دیا کہ طیارے کے ڈیٹا اور کاکپٹ ریکارڈروں کو فرانس بھیجنے پر اتفاق رائے قائم کرنے کا آغاز ہو چکا ہے تاکہ درست معلومات جلد حاصل کرسکیں۔

    یاد رہے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے الزام عائد کیا تھا کہ اگر امریکا خطے میں تناؤ پیدا نہ کرتا تو آج طیارے حادثے میں مرنے والے زندہ ہوتے، امریکا نے عراق میں جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کرنے کے حوالے سے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا تھا اور نہ ہی کارروائی کی پیشگی اطلاع دی۔

    مزید پڑھیں : طیارہ حادثہ: کینیڈین وزیراعظم نے امریکا کو ذمہ دار قرار دیدیا

    جسٹس ٹروڈو کا کہنا تھاکہ امریکی کارروائی کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھی جس کے جواب میں ایران نے میزائل فائر کیے جس کا نشانہ مسافر طیارہ بن گیا، جب تنازعات بڑھتے ہیں اور جنگ ہوتی ہے تو خمیازہ معصوم عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔

    خیال رہے دو روز قبل کینیڈا، یوکرین، سویڈن، افغانستان اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے برطانوی دارالحکومت لندن میں ملاقات کے بعد ایک مشترکہ نیوز کانفرنس کی تھی ، جس میں سوگوار خاندان کو معاوضہ دینے کا مطالبہ سامنے آیا تھا۔

    واضح رہے ایران کی فضائی حدود میں یوکرینی مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا ،جس میں سوار 176 مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے، اس جہاز میں کینیڈا سے تعلق رکھنے والے 62 مسافر سوار تھے۔

    امریکا، کینیڈا، برطانیہ سمیت دیگر ممالک نے گزشتہ روز الزام عائد کیا تھا کہ ایران نے طیارے کو میزائل سے نشانہ بنایا جس پر ایرانی حکام نے الزام کو بے بنیاد قرار دیا تھا، بعد ازاں  ایرانی ایرواسپیس کمانڈر علی حاجی زادے نے یوکرین طیارےکی تباہی کی ذمےداری قبول کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ’جہاز کو غلطی سے نشانہ بنایا گیا کیونکہ سیکیورٹی حکام اُسے کروز میزائل سمجھ بیٹھے تھے۔

    انہوں نے افسوسناک واقعہ پر پوری قوم سے معافی بھی مانگی جبکہ ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے بھی واقعے پر افسوس اور شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے معافی مانگی۔

  • ملالہ یوسف زئی کی کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات

    ملالہ یوسف زئی کی کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات

    اوٹاوا : نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات کی، ملاقات میں دنیا بھر میں زیادہ سے زیادہ لڑکیوں کے اسکول جانے کے لئے کوششوں پر اتفاق کیاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے ملاقات کو زبردست قرار دیا۔

    اپنے ٹوئٹر پیغام میں جسٹن ٹروڈو نے کہا ملالہ سے ملاقات میں جی 7 جینڈر ایکولیٹی ایڈوائزری کونسل سے متعلق تبادلہ خیال کیا اور دنیا بھر میں زیادہ سے زیادہ لڑکیوں کے اسکول جانے کیلئے کوششوں پر اتفاق ہوا۔

    ملالہ یوسف زئی نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا ملاقات کیلئے وقت دینے اور لڑکیوں اور ہر بچے کی تعلیم کے لئے عزم کا شکریہ ادا کیا۔

    واضح رہے 2012 میں مینگورہ میں ملالہ یوسف زئی پر اسکول سے گھر جاتے ہوئے طالبان نے حملہ کردیا تھا، جس میں وہ شدید زخمی ہوئی تھیں، ابتدائی طورپر ملالہ کو پاکستان میں ہی طبی امداد دی گئی تاہم بعد میں انہیں برطانیہ کے اسپتال میں منتقل کردیا گیا تھا۔

    امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے کے علاوہ متعدد ایوارڈ حاصل کرنے والی 20 سالہ ملالہ اس وقت برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیرتعلیم ہیں۔

    ملالہ یوسف زئی 3 سال تک دنیا کی بااثرترین شخصیات کی فہرست میں شامل رہیں جبکہ ان کو کینیڈا کی اعزازی شہریت بھی دی گئی۔