Tag: Cannabis

  • بھنگ کے پتے کھانے کے بعد بھیڑیں ’بے قابو‘ ہوگئیں

    بھنگ کے پتے کھانے کے بعد بھیڑیں ’بے قابو‘ ہوگئیں

    یونان میں بھیڑوں کے ریوڑ نے گرین ہاؤس میں گُھس کر تباہی مچا دی، بھیڑوں نے 100 کلو سے زیادہ کی مقدار میں بھنگ کے پودے کھالیے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یونان کے علاقے میگنیسیا میں ایک کسان اس وقت سر پکڑ کر بیٹھ گیا جب اس کی فصل پر بھیڑوں کے ایک ریوڑ نے حملہ کردیا۔

    مقامی کسان نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی فصل شدید گرمی اور سیلابوں کے باعث پہلے ہی تباہ ہوگئی تھی اور جو بچے کچے بھنگ کے پودے تھے انہیں بھیڑوں نے کھا کر ختم کردیا۔

    کسان کا کہنا تھا کہ بھنگ کی یہ فصل طبی استعمال کے لیے اگائی گئی تھی، جس کا اب نام و نشان باقی نہیں رہا۔

    Sheeps

    دوسری جانب بھیڑوں کے مالک نے بتایا کہ گرین ہاؤس میں 100 کلو بھنگ کے پودے کھانے کے بعد اس کی بھیڑیں واپس آکر عجیب و غریب حرکتیں کرنے لگیں۔

    اس نے بتایا تمام بھیڑیں بے قابو ہوچکی تھیں اور بکریوں سے اونچی چھلانگ لگا رہی تھی جو عام طور پر کبھی نہیں ہوتا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال بھارت کے ایک پولیس اسٹیشن کے گودام سے تقریباً 200 کلو گرام بھنگ کی گھاس غائب ہوگئی تھی بعد ازاں معلوم ہوا کہ اسے چوہوں نے کھا لیا تھا۔

    ریاست اتر پردیش میں ایک مقدمے میں افسروں سے 195 کلوگرام منشیات کو بطور ثبوت عدالت میں پیش کرنے کو کہا گیا لیکن ان کے پاس دکھانے کے لیے کچھ بھی نہیں تھا۔ افسران نے عدالت کو بتایا کہ چوہوں نے بھنگ کے ذخیرے کو تباہ کردیا تھا۔

  • بنگلے میں جدید سائنسی طریقے سے غیر ملکی منشیات اگانے، تیار کرنے کی لیبارٹری پکڑی گئی

    بنگلے میں جدید سائنسی طریقے سے غیر ملکی منشیات اگانے، تیار کرنے کی لیبارٹری پکڑی گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس کے ایک بنگلے میں جدید سائنسی طریقے سے غیر ملکی منشیات میرجوانا اگانے اور تیار کرنے کی لیبارٹری پکڑی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک بنگلے میں میرجوانا کاشت کرنے کی ایک بائیو لیب پکڑی گئی ہے، جسے کینیڈا پلٹ ایک پاکستانی چلا رہا تھا، جہاں منشیات تیار اور اس کی فروخت کی جا رہی تھی۔

    ایکسائز ڈپارٹمنٹ نے بنگلے پر چھاپا مار کر کروڑروں روپے کی منشیات برآمد کر لی ہے، سیکریٹری ایکسائز عاطف الرحمٰن نے واقعے سے متعلق پریس کانفرنس میں خطرے کی گھنٹی بجا دی، انھوں نے کہا کہ چھاپے میں کروڑوں روپے کی منشیات کے ساتھ ڈیڑھ کروڑ کا سامان بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔

    انھوں نے انکشاف کیا کہ منشیات کا پودا بنانے کے لیے بیج، کھاد اور مٹی بھی باہر سے ہی آتی ہے، اور بنگلے میں جدید سائنٹیفک طریقے اس کی کاشت کی جا رہی تھی، انھوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ ممکن ہے کہ شہر میں اس طرح کے دیگر مقامات پر بھی کاشت ہو رہی ہو۔

    عاطف الرحمٰن کے مطابق 24 ستمبر کو سرفراز نامی شخص کی گاڑی سے غیر ملکی شراب کی بوتلیں اور میرجوانا برآمد ہوئی تھی، اس کی نشان دہی پر بنگلے پر چھاپا مارا گیا جس پر یہ لیب پکڑی گئی، اور ایک پاکستانی کینیڈین شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    ابتدائی تخمینے کے مطابق 14 کروڑ سے زائد کی منشیات پکڑی گئی ہے، سیکریٹری ایکسائز نے بتایا کہ ادارے کے پاس اس سلسلے میں جدید سامان کی شدید قلت ہے۔

  • جرمنی: ڈرائیورز کے لیے بھنگ کے استعمال کی حد بڑھانے کا مطالبہ

    جرمنی: ڈرائیورز کے لیے بھنگ کے استعمال کی حد بڑھانے کا مطالبہ

    برلن: جرمنی میں ماہرین نے ڈرائیورز کے لیے بھنگ کے استعمال کی حد بڑھانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن ماہرین کا مطالبہ ہے کہ ڈرائیوروں کے لیے بھنگ کے استعمال کی حد میں اضافہ کیا جائے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت بھنگ کے کیمیائی مادے THC (ٹیٹرا ہائیڈرو کینابینول) کی جو حد مقرر ہے اس کے تحت ایسے ڈرائیوروں کو بھی جرمانہ کیا جا سکتا ہے جو پہلے ہی ڈرائیونگ کے لیے مکمل طور پر فٹ ہوتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق ٹی ایچ سی وہ مادہ ہے جو بھنگ یا کینابس کے استعمال کی صورت میں مذکورہ فرد کی ذہنی حالت پر اثر انداز ہوتا ہے۔

    ڈرائیوروں کے لیے بھنگ کے استعمال سے متعلق بدھ 17 اگست کو جرمنی کے شمالی شہر گوسلر میں منعقدہ ٹریفک کورٹ کانفرنس میں ماہرین غور وخوض کریں گے۔

    جرمن وکلا کا بھی کہنا ہے کہ عدالت نے ٹی ایچ سی کی جو مقدار مقرر کی ہے وہ درست نہیں، کیوں کہ یہ ڈرائیونگ کی صلاحیت کو مد نظر رکھ کر مقرر نہیں کی گئی۔

    شراب یا الکحل کے لیے خون میں ایک نینو گرام فی ملی لیٹر مقرر ہے، جس کا مطلب ہے کہ ڈرائیور شراب کے زیر اثر آ چکا ہے، تاہم جرمن انشورنس ایسوسی ایشن کے ایکسیڈنٹ ریسرچ کے سربراہ زیگفریڈ بروکمان نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹی ایچ سی کی خون میں زیادہ سے زیادہ مقدار تین نینوگرام فی ملی لٹر مقرر کی جائے، کیوں کہ ٹی ایچ سی، الکحل کے برعکس مختلف لوگوں میں مختلف طرح کے اثرات کی وجہ بنتی ہے۔

  • برطانیہ میں بھنگ سے ناقابل علاج مرگی کے مریضوں کے علاج کا کامیاب تجربہ

    برطانیہ میں بھنگ سے ناقابل علاج مرگی کے مریضوں کے علاج کا کامیاب تجربہ

    لندن: طبی محققین نے برطانیہ میں بھنگ سے مرگی کے ناقابل علاج مریضوں کے علاج کا کامیاب تجربہ کیا ہے، ادویاتی بھنگ کے مکمل پودے کے ساتھ علاج پر بچوں میں مرگی کے دوروں میں 86 فی صد کمی واقع ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق طبی جریدے بی ایم جی پیڈیاٹرکس اوپن میں شائع ہونے والی کیس سیریز سے پتا چلتا ہے کہ بھنگ کے پورے پودے سے نکالے گئے عرق سے علاج کے بعد 10 بچوں میں مرگی کے دوروں کی فریکوئنسی اوسطاً 86 فی صد تک گر گئی۔

    تحقیق سے معلوم ہوا کہ بھنگ کے پودے سے حاصل کیے گئے خالص تیل سے نہ صرف مرگی کے دوروں میں بڑی حد تک کمی آئی بلکہ مرگی کی دیگر ادویہ کی ضرورت بھی بہت کم رہ گئی۔

    ریسرچ پیپر کے مطابق جن دس بچوں کو اس مطالعے میں شامل کیا گیا، وہ ناقابل علاج مرگی (intractable epilepsies) میں مبتلا تھے، ان کی عمر 18 سال یا اس سے کم تھی؛ اور جنھیں ایک دن میں مرگی کی کئی دوائیں کھانا پڑ رہی تھیں۔

    مختلف کلینکس میں علاج کے دوران ان بچوں کو بھنگ کے پودے سے نکالے گئے خالص تیل (کینابس آئلز) کی معمولی مقدار بطور دوا استعمال کروائی گئیں، جن کا تعین ڈاکٹروں نے بہت احتیاط سے کیا تھا۔

    یہ بچے مرگی کے علاج کے لیے اوسطاً 7 دوائیں استعمال کر رہے تھے، لیکن طبی بھنگ کے علاج کے بعد انھیں کسی دوسری دوا کے استعمال کی ضرورت ہی نہیں رہی۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ دافع مرگی کی ادویات پر ماہانہ 874 پاؤنڈز کے اخراجات اٹھ رہے تھے، یعنی بھنگ کے استعمال سے اخراجات میں بھی کمی آ سکتی ہے۔

    تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ ابتدائی تحقیق تھی جس سے بھنگ کے پودے کی طبّی افادیت کا ایک نیا پہلو ضرور سامنے آیا ہے لیکن اس کی بنیاد پر بھنگ سے مرگی کا باقاعدہ علاج کرنے کے لیے طویل اور تفصیلی مطالعات کی ضرورت ہے۔

    ماہرین اب تک یہ بھی نہیں جان سکے ہیں کہ بھنگ کے پودے میں شامل 400 مرکبات میں سے کون کون سے مرکبات مرگی کے مریضوں کو فائدہ پہنچا رہے ہیں، تاہم ’کینابینوئیڈز‘ جماعت کے مرکبات سے متعلق یہ خیال کیا جاتا ہے کہ بھنگ کے طبّی فوائد ان ہی کی وجہ سے ہیں، جب کہ بھنگ میں 70 مختلف کینابینوئیڈز پائے جاتے ہیں۔

  • کراچی بھنگ کا زیادہ استعمال کرنے والا دنیا کا دوسرا شہربن گیا

    کراچی بھنگ کا زیادہ استعمال کرنے والا دنیا کا دوسرا شہربن گیا

    کراچی : شہر قائد کے باسیوں کو بھنگ کے نشے کا عادی بنایا جارہا ہے، کراچی بھنگ کا سب سے زیادہ استعمال کرنے والا دنیا کا دوسرا شہربن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں منشیات فروشی کے متعدد اڈے ہیں جہاں نشے کے عادی افراد کو منظم منصوبہ بندی اور پولیس کی مبینہ سرپرستی میں منشیات کھلے عام فروخت کی جاتی ہے، لیکن اب شہر کے بیشتر علاقوں میں بھنگ کو پیس کر اس کا شربت سر عام فروخت کیا جارہا ہے۔

    کراچی والوں کو بھنگ کون پلارہا ہے؟ اور کس کس طریقے سے پلائی جاتی ہے، ٹھیلوں پر شربت کے نام پر بیچی جانے والی بھنگ شہر کے مضافاتی علاقوں کی جھاڑیوں، ویران جگہوں پر دیکھی جارہی ہے۔

    کراچی نے اب دلی کیا ممبئی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، یہ شہربھنگ کا سب سے زیادہ استعمال کرنے والا دنیا کا دوسرا بڑا شہر بن گیا، کراچی میں سال بھر میں بیالیس ٹن بھنگ پی جاتی ہے،یہاں ایک گرام بھنگ کی قیمت چھ سو روپے تک ہے۔

    عالمی سروے کے مطابق بھنگ کے استعمال میں نیویارک کا پہلا نمبر ہے، بھنگ نے تیسرے نمبر پر بھارتی دارالحکومت دلی، جبکہ چھٹے نمبر پر ممبئی کو اپنی گرفت میں لیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

     

  • رائل نیوی کی بحرہندمیں کارروائی، بھارتی کشتی سے اربوں روپے کی ہیروئن ،منشیات برآمد

    رائل نیوی کی بحرہندمیں کارروائی، بھارتی کشتی سے اربوں روپے کی ہیروئن ،منشیات برآمد

    بھارت منشیات کے بین الاقوامی دھندے کا گڑھ بن گیا، رائل نیوی نے بحرہند میں کارروائی کرتے ہوئے بھارتی کشتی سے اربوں روپے کی ہیروئن برآمد کرلی۔

    برطانوی اخبار کے مطابق رائل نیوی نے بحرہند میں کارروائی کرتے ہوئے بھارتی کشتی کو تحویل میں لے کر 455 کلوگرام بھنگ اور266کلو گرام ہیروئن برآمد کرلیں۔

    بحر ہند میں رائل نیوی کی ٹیم نے بھارتی فشنگ بوٹ کی تقریباً60 گھنٹے تک تلاشی لی اور ٹرالرز کے فریزر میں 3 ٹن برف کے نیچے چھپائی گئی 8 ارب77کروڑ روپے مالیت سے زائد کی منشیات برآمد کرلی اور کشتی پر سوار بھارتی مچھیروں کو گرفتار کر کے تفتیش کیلئے متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    برآمد کی گئی منشیات کی قیمت عالمی منڈی میں ساڑھے6 کروڑ پاونڈ یعنی 8ارب 77کروڑ روپے مالیت سے زائد ہے۔

    سیلرز اور رائل میرینز نے برآمد ہونے ہیروئن کو تلف کردیا ہے۔

    جہاز کے کمانڈر آئن فیزی کا کہنا ہے کہ منشیات کی اتنی بڑی مقدارکا پکڑا جانا منشیات کے ڈیلروں ہی نہیں دہشت گرد تنظیموں کے لیے بھی بڑا دھچکا ہے کیونکہ منشیات کے کاروبار کے ذریعے ہی دہشت گرد تنظیموں کو فنڈزفراہم کیے جاتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ بورڈنگ ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت پر فخر ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔