Tag: cant station karachi

  • کراچی سے اندرون ملک ٹرین آپریشن کب بحال ہوگا؟ اہم خبر آگئی

    کراچی سے اندرون ملک ٹرین آپریشن کب بحال ہوگا؟ اہم خبر آگئی

    کراچی : سندھ اور بلوچستان میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر ملک بھر کا ٹرین آپریشن آج بھی معطل ہے جس کے سبب کراچی کینٹ اسٹیشن بھی ویران ہوگیا۔

    پاکستان ریلوے حکام کے مطابق جب تک ٹریک سے پانی مکمل طور پر صاف نہیں ہوجاتا ٹرین سروس بحال نہیں ہوگی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کا اندرون ملک ٹرین رابطہ 26اگست سے منقطع ہے ٹنڈو آدم سے روہڑی تک متعدد مقامات پر ریلوے ٹریک پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔

    ذرائع کے مطابق کراچی سے اندرون ملک ٹرین آپریشن مزید 3 دن کے لیےمعطل رہے گا، کراچی سے روہڑی تک سنگل لائن کارگو ٹرین آپریشن شروع کیا گیا ہے۔

    روہڑی سے نوابشاہ تک ڈاؤن ٹریک ابھی تک ٹرین آپریشن کے لیے مرمت نہیں ہوا، پڈعیدن ریلوے اسٹیشن سے بھریاروڈ تک ریلوے ٹریک پر7انچ سے زیادہ پانی موجود ہے۔

    ذرائع کے مطابق دوڑ اور باندھی کے درمیان ریلوے ٹریک پر 5انچ تک پانی جمع ہے جبکہ بوچیری ریلوے یارڈ سے 4کلومیٹر تک ریلوے ٹریک زیرآب ہے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بوچیری سے نواب شاہ تک متعدد مقامات پر ریلوے ٹریک پر15انچ سے زائد پانی موجود ہے اس کے علاوہ ٹنڈو آدم سے روہڑی تک ٹریک اور اطراف کا علاقہ زیر آب ہے اور سگنل سسٹم بھی کام نہیں کررہا۔

    کراچی کینٹ اسٹیشن پر ویرانی کے باعث مسافروں اور ان کے سامان کا تعاقب کرتے قلی کام نہ ملنے کی وجہ سے پریشان ہیں۔

    پاکستان ریلوے حکام کے مطابق جب تک ٹریک سے پانی مکمل طور پر صاف نہیں ہوجاتا ٹرین سروس بحال نہیں ہوگی۔

  • تیزگام کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں، آپریشن معطل، ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر

    تیزگام کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں، آپریشن معطل، ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر

    کراچی : کینٹ اسٹیشن پر تیزگام کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں، ٹرین کی روانگی میں6گھنٹے اور گرین لائن کی روانگی میں دو گھنٹے تاخیر ہوئی، اسٹیشن پر موجود مسافر اذیت میں مبتلا رہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے کینٹ اسٹیشن پر تیزگام کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، بوگیاں پٹری سے اترنے سے ٹرین آپریشن معطل ہوگیا، ٹرین اچانک پٹری سے اتری تاہم واقعے میں عملے کے افراد یا مسافروں میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

    کینٹ اسٹیشن پر تیزگام کی روانگی میں6گھنٹے اور گرین لائن کی روانگی میں دو گھنٹے کی تاخیر ہوئی، ٹرین آپریشن معطل ہونے سے خیبرمیل کی روانگی میں دو گھنٹے تاخیر کے باعث اسٹیشن پر موجود مسافر پریشانی کا شکار رہے، کینٹ استیشن پر ریلوے کا کوئی افسر اسٹیشن پرموجود نہیں تھا۔

    ایکٹنگ ڈی سی او کومل جمالی فیڈرل ریلوے انسپکٹر کے استقبال کیلئے حیدرآباد روانہ ہوگئیں، واضح رہے کہ کینٹ واشنگ لائن میں ایک ہی دن میں دو گاڑیوں کے پٹری سے اترنے کے واقعات پیش آئے، اس سے قبل کراچی ایکسپریس دوپہر کے وقت اور تیز گام شام کو پٹری سےاتری تھی۔

    کراچی، پاکستان ایکسپریس کی دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

    خیال رہے کہ اس سے قبل17 اکتوبر کو ریل کار کی دو بوگیاں سوہاوا ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئی تھیں، جس کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت معطل بھی ہوگئی تھی۔

    31اکتوبر کو بھی کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں پنجاب کے علاقے لیاقت پور کے قریب گیس سلینڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے باعث 74 افراد جاں بحق اور متعدد مسافر زخمی ہوگئے تھے۔